اس تجربے میں ہم مرکز گریز قوت (Centrifugal force)کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ ایک پرانی قلم کے ٹیوب سے ایک دھاگا گزاریں پھر نیچے والے سرے سے ایک ٹارچ کی بیٹری لگا دیں اور اوپر والے سرے سے ایک ربر کا بال۔ بیٹری بال سے کم از کم دس گنا بھاری ہے۔ لیکن جیسے ہی آپ اس بال کوگھمانا شروع کریں گے آپ دیکھیں گے کہ بال بیٹری کو اوپر کی طرف کھینچ رہا ہے۔ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟
اس کی وجہ مرکز گریز قوت ہے جو بیٹری کو اوپر کی طرف کھینچتی ہے۔
اسی اصول پر آپ ایک شاندار پمپ بنا سکتے ہیں۔ اسے بنانے کے لیے آپ کو چاہیے ایک میٹر لمبی ٹیوب اور ایک پانی سے بھرا ہوا بوتل۔ ٹیوب کے ایک سرے کو پانی کے بوتل کے اندر ڈبو دیں اور دوسرے سرے سے پانی کو منھ سے چوس لیں۔ سائیفن کی وجہ سے پانی ٹیوب سے باہر نکلنے لگے گی۔ اب جو سرا آزاد ہے اسے چاروں طرف گھمانا شروع کریں۔ پانی اس مرکز گریز قوت سے چلنے والی پمپ سے باہر چاروں طرف گرے گی جیسا کے آپ اسپرنکلر میں دیکھتے ہیں۔ ظاہر ہے بوتل کا پانی دھیرے دھیرے کم ہوتا جائےگا اور ختم ہو جائےگا۔ آپ بچوں کو اس مصنوعی بارش میں نہاتا ہوا دیکھ سکتے ہیں اگر وہ اس تجربے کو آپ کے ساتھ کر رہے ہوں۔ گرمی کے دنوں میں یہ ایک اچھی باہری سرگرمی ہو سکتی ہے۔