
اس مضمون کے پچھلے حصے میں آپ نے پڑھا کہ قرآنِ کریم میں قصص کا وافر حصہ اس بات کا ثبوت ہے کہ واقعات اور حکایات دل و دماغ کو جھنجھوڑنے اور انسان کو ہدایت تک پہنچانے کی غیر معمولی قوت رکھتے ہیں۔ یہ صرف بچوں کے لیے نہیں، بلکہ اہلِ ایمان اور اہلِ فکر کے لیے بھی منبعِ رہنمائی ہیں۔ قرآن نے نہ صرف یہ طے کیا کہ کون سی کہانیاں بیان کی جائیں، بلکہ انہیں نہایت حسین انداز میں بھی پیش کیا۔ غیر ضروری تاریخی تفصیلات کو ایک طرف رکھ کر بنیادی پیغام یعنی عبرت، اخلاقی سبق اور فکری بیداری کو نمایاں کیا۔ پھر ان قصص کو مختلف مقامات پر دہرا کر ان کے اثرات کو دلوں میں گہرا کیا۔ قرآن کے اس اسلوبِ بیان کا اصل مقصد یہ ہے کہ قاری کو غور و تدبر کی طرف متوجہ کیا جائے، اس کے اندر معنوی تبدیلی پیدا کی جائے، اور منکرینِ وحی کے اعتراضات کو حکیمانہ انداز میں رد کر دیا جائے۔
اس مضمون کا پہلا اور دوسرا حصہ یہاں پڑھیں –
قرآنی قصہ گوئی کا منفرد انداز – حصہ اول
قرآنی قصہ گوئی کا منفرد انداز – حصہ دوم
اب اس مضمون کا آخری حصہ ملاحضہ فرمائیں۔۔۔
قرآن کی قصہ گوئی میں گہری حقیقت پسندی جھلکتی ہے۔ یہ تاریخ اور موجودہ دنیا کی تلخ و شیریں حقیقتوں کو کسی ملاوٹ کے بغیر پیش کرتی ہے، تاکہ قاری بے بنیاد توقعات سے نکل کر زندگی اور آخرت کی صاف اور متوازن سمجھ حاصل کر سکے۔ اس اندازِ بیان کے ذریعے قرآن نہ صرف نبوت کی صداقت واضح کرتا ہے بلکہ اخلاقی بصیرت اور معاشرتی شعور بھی عطا کرتا ہے۔
حقیقت پسندی
قرآن کا سچائی کے تئیں غیر متزلزل عزم اس کے قصوں میں ایک منفرد حقیقت پسندی کا رنگ بھرتا ہے۔ جو کہ تاریخی حقائق کی تفصیلات میں بھی اور اس دنیا کی خامیوں کی بے لچک (لیکن مایوسی سے پاک) تصویر کشی میں بھی نمایاں ہوتا ہے۔ ان قصوں میں نہ تو کوئی ایسی بات کہی گئی ہے جو مستقبل میں غلط ثابت ہو جائے، اور نہ ہی کوئی ایسی کہانی سنائی گئی ہے جو لوگوں کی موجودہ توقعات کو گمراہ کرے۔ ایسی کوئی بات اُس خدا کی شان کے خلاف ہے جو علم والا بھی ہے اور اپنی مخلوق پر مہربان بھی—وہ خدا جو انسان کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جانا چاہتا ہے۔
ماضی کی کھوئی ہوئی حقیقتوں کے بارے میں قرآن نے وہ درست اور بعینہٖ مطابق بیانات پیش کیے جو اس وقت صرف قدیم کتابوں کے گہرے علم رکھنے والے چند اہلِ علم ہی جانتے تھے—اور وہ بخوبی سمجھتے تھے کہ محمد ﷺ ان حقائق تک رسائی نہیں رکھ سکتے، جب تک کہ وہ واقعی اللہ کے بھیجے ہوئے رسول نہ ہوں۔ اسی طرح قرآن نے اُن تاریخی غلطیوں کو بھی جگہ نہیں دی جو بائبل میں موجود تھیں، مثلاً یہ دعویٰ کہ فرعون حضرت ابراہیم یا حضرت یوسف علیہم السلام کے دور میں موجود تھا، جو بعد میں تحقیق کے ذریعے غلط ثابت ہوا۔ ان حقائق نے نہ صرف آپ ﷺ کی نبوت کی سچائی کو روشن کیا، بلکہ ان واقعات نے عرب کے اُن ابتدائی مخاطبین کو، جو نہ اہلِ کتاب تھے اور نہ پڑھے لکھے، یہودی اور عیسائی اہلِ علم کی طرح الہامی بصیرت کا حامل بنا دیا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: “یہ غیب کی خبریں ہیں جو ہم آپ کو وحی کے ذریعہ سنا رہے ہیں؛ آپ اور آپ کی قوم اس سے پہلے واقف نہ تھے۔”
اور جہاں مستقبل کی سچی پیشین گوئیوں کا تعلق ہے، وہاں بھی قرآن نے ایسی نشانیاں پیش کیں جو وقت نے حرف بہ حرف سچ ثابت کر دیں، جیسے بازنطینی سلطنت کا فارسیوں کے ہاتھوں تقریباً مٹ جانے کے بعد چند ہی برسوں میں دوبارہ اقتدار پا لینا، اور فرعون کے جسم کا محفوظ رہ کر لوگوں کے سامنے آ جانا۔
قرآن کی یہ تاریخی سچائی صرف اس کے معجزۂ صداقت کی دلیل نہیں، بلکہ اس کے پیچھے ایک بڑا اخلاقی مقصد بھی ہے۔ قرآن جب حقیقی واقعات بیان کرتا ہے تو وہ ہمیں حقیقت کے اس مضبوط احساس سے جوڑتا ہے جسے ہم اپنی روزمرہ کی بے شمار فرضی کہانیوں کی وجہ سے کھو بیٹھتے ہیں۔ آج کی کتابیں، فلمیں، ویڈیو گیمز اور اشتہارات میں موجود خیالی باتیں ہمیں اندازے سے کہیں زیادہ متاثر کرتی ہیں۔ ان کا بار بار دیکھنا اور پڑھنا آہستہ آہستہ ہمارے جذبات، سوچ اور توقعات کو بدل دیتا ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ “سچائی انسان کو آزاد کرتی ہے۔” قرآن کی سچی اور صاف باتیں ہمیں غیر حقیقی خیالات اور فضول توقعات سے آزاد کرتی ہیں، اور ہمیں زندگی کو اس کی اصل شکل میں دیکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
قرآن میں بعض مثالی شخصیات کی واضح اور متوازن مثالیں بھی ہمیں حقیقت پسندی کی طرف لے جاتی ہیں۔ ابن عقیلہ ایک دلچسپ نکتہ بیان کرتے ہیں کہ قرآن میں کچھ بڑے واقعات—جیسے حضرت یوسف علیہ السلام کی کہانی، ذوالقرنین کا ذکر، اور غار والوں کا واقعہ—صرف ایک بار بیان ہوئے ہیں اور دوبارہ نہیں دہرائے گئے۔ ان کے مطابق اس کا مقصد یہ یاد دلانا ہے کہ دنیا میں ہر ایک کو اچھا انجام نہیں ملتا؛ یہ ایک خاص بات ہے، عام اصول نہیں۔ جو لوگ دنیا میں دشمنوں پر غالب آتے ہیں یا اپنی نیکی کی وجہ سے بہت مشہور ہو جاتے ہیں، ایسے کردار قرآن میں بھی کم ملتے ہیں، اور انسانی تاریخ میں بھی بہت نایاب ہیں۔
اس سے انسان کی سوچ واضح ہوتی ہے کہ یہ دنیا آزمائش کی جگہ ہے، اور اصل بدلہ آخرت میں ملے گا، جہاں ہر شخص کو اس کے اعمال کا پورا نتیجہ دیا جائے گا۔
کیا یہ مثال دراصل قرآن کی حقیقت پسندی کے ذریعے اس بڑے سوال کا جواب نہیں دیتی کہ “خدا دنیا میں درد اور تکلیف کیوں ہونے دیتا ہے؟”—جسے مذہبیاتی بحث میں تھیوڈیسی (Theodicy) کہا جاتا ہے؟ یہی وہ سوال ہے جسے بہت سے مغربی ملحد اپنے عدمِ ایمان کی بنیادی دلیل بناتے ہیں۔ اسی طرح یہ سوچ بھی ختم ہو جاتی ہے کہ خدا کی محبت کا مطلب اس دنیا میں لازمی دولت، آسانی اور کامیابیاں ملنا ہے—وہ تصور جسے ’’خوشحالی کی تھیالوجی‘‘ کہتے ہیں، جس میں خدا کو ایک بینکر اور نیکی کو فوراً نقد ہونے والا فائدہ سمجھ لیا جاتا ہے۔
یہ حقیقت پسندی ہمیں اُن خیالی اور غیر حقیقی تصورات سے بھی بچاتی ہے جو ڈزنی (Disney) اور اس جیسے ادارے پھیلاتے ہیں، یعنی وہ دیو مالائی(Utopia) جس میں زندگی ہمیشہ خوشی سے بھری دکھائی جاتی ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ یہ خیالی نظریہ آخرکار مایوسی پیدا کرتا ہے، کیونکہ دنیا مسلسل خوشی کا وعدہ نہیں کرتی۔
اصل خوشی دولت یا مادی چیزوں سے نہیں ملتی، بلکہ معنی اور مقصد سے پیدا ہوتی ہے۔ اسلام انسان کو یہی معنی اور مقصد دیتا ہے۔ اس دنیا میں دل کا سکون اور آخرت میں ہمیشہ کی کامیابی کی صورت میں۔
اسی طرح قرآن کی بہت سی کہانیاں اُن افراد اور قوموں کا ذکر کرتی ہیں جو ہلاک ہو گئیں، کیونکہ انسان اکثر اپنی بربادی کو خود جنم دیتا ہے۔ زیادہ تر قوموں کے سردار اپنے اور اپنے پیروکاروں کے لیے تباہی کی راہ خود چنتے ہیں، اسی لیے ابلیس (شیطان)، قومِ نوحؑ اور قومِ لوطؑ جیسے لوگوں کے واقعات بار بار بیان کیے جاتے ہیں۔ اور یہ بھی واضح ہے کہ انبیاء میں حضرت موسیٰؑ وہ شخصیت ہیں جن کی زندگی نبی کریم ﷺ سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتی ہے، اور قوموں میں بنی اسرائیل وہ قوم ہے جو اپنی حالت اور آزمائشوں کے اعتبار سے امتِ محمدیہ ﷺ کے سب سے زیادہ قریب ہے۔ اسی نسبت سے بعض اہلِ علم نے کہا ہے کہ اگر قرآن کا موضوع وسیع نہ ہوتا تو اس کا بڑا حصہ حضرت موسیٰؑ کی داستان ہی پر مشتمل ہوتا۔
اختصار کے طور پر، قرآن اپنی کہانیوں کے ذریعے زندگی کے نمونوں کے لیے ایک مکمل اور متوازن رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
الٰہی حکمت کا تصور
چونکہ کسی حد تک دیکھنا ہی یقین کرنا ہوتا ہے اور ایک تصویر ہزار لفظوں کے برابر ہوتی ہے، اس لیے قرآن کی کہانیاں اس کی تعلیمات کو نہ صرف نمایاں کرتی ہیں بلکہ انہیں ایک روشن اور محسوس ہونے والی صورت میں سامنے لاتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ہم میں سے اکثر دل سے جانتے ہیں کہ اللہ مہربان ہے، مگر اگر اس حقیقت کو کسی قابلِ اعتماد ذریعہ کے ذریعے تفصیل سے “دیکھ” نہ سکیں تو یہ احساس دھندلانے لگتا ہے اور ہماری روح کو وہ قوت نہیں ملتی جو ملنی چاہیے۔ اسی لیے قرآن کہانیوں کے ذریعے ان حقائق کو تفصیل سے بیان کرتا ہے، تاکہ وہ باتیں جو اللہ چاہتا ہے ہم یاد رکھیں، ہمارے دل و ذہن پر زیادہ مضبوطی سے قائم رہیں۔ ہم دیکھتے ہیں کہ آج کے زمانے میں مارکیٹنگ، کاروبار، فنڈ ریزنگ اور تعلیم جیسے کئی شعبوں میں لوگ تصاویر اور مختصر کہانیوں کی انیمیشن کا استعمال کرتے ہیں، کیونکہ یہ دل اور ذہن پر بہت طاقتور اثر ڈالتی ہیں اور ان کی مطلوبہ چیز کے لیے طلب پیدا کرتی ہیں۔ قرآن بھی اپنی بے مثال کہانی سنانے کی صلاحیت کے ذریعے اسی اصول کو بروئے کار لاتا ہے۔ آگے آنے والی مثالیں یہ دکھاتی ہیں کہ قرآن کی کہانیوں میں جو تصویریں ملتی ہیں وہ اس کی بنیادی ہدایات اور عمومی اصولوں کو کس قدر طاقتور، واضح اور تفصیلی بصیرت کے ساتھ سامنے لاتی ہیں۔
اللہ کی قدرت کا تصور:
صرف یہ بتا دینے کے بجائے کہ اللہ سب پر غالب اور ناقابلِ شکست ہے، قرآن بار بار ایسی کہانیاں بیان کرتا ہے جن میں مومن اپنی کمزوریوں کے باوجود فتح پاتے ہیں۔ محض یہ وعدہ کرنے کے بجائے کہ مومنوں کا انجام مشکل حالات کے باوجود اچھا ہوگا، اللہ ہمیں یونسؑ کا وہ منظر دکھاتا ہے جب وہ مچھلی کے پیٹ میں تھے اور گہری تاریکیوں میں پکار رہے تھے: “تیرے سوا کوئی معبود نہیں، تو پاک ہے؛ بے شک میں ہی ظالموں میں سے تھا۔” اللہ فرماتا ہے کہ ہم نے ان کی دعا قبول کی اور انہیں غم سے نجات دی، اور اسی طرح ہم اہلِ ایمان کو نجات دیتے ہیں۔
اللہ کے عظیم منصوبے کا تصور:
ایک موقع پر نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہؓ ایک طویل اور تھکا دینے والے سفر کے بعد عمرہ کے لیے مکہ کے قریب پہنچے۔ جیسے ہی قافلہ آگے بڑھنے لگا، نبی ﷺ کی اونٹنی القصواء بیٹھ گئی اور کسی طرح اٹھنے پر آمادہ نہ ہوئی۔ کچھ لوگوں نے اونٹنی کے اس طرزِ عمل کو ضد قرار دیا۔ اس پر نبی ﷺ نے اصلاح فرمائی: “نہیں، القصواء ضد نہیں کر رہی، نہ ہی یہ اس کی عادت ہے۔ بلکہ اسے اُس ذات نے روک دیا ہے جس نے ہاتھیوں کی فوج کو روکا تھا۔”
ذرا اس پس منظر کی روشنی میں نبی کریم ﷺ کے قرآنی فہم کو محسوس کیجیے—کہ قرآن کی بصیرتیں ان کے ذہن میں کس قدر تازہ تھیں اور اس کی حکمتیں ان کے دل میں کس طرح زندہ تھیں۔ اسی لمحے آپ ﷺ نے مختصر سورۂ فیل کو اس صورتحال پر منطبق کیا اور ہمیں یہ سبق دیا کہ جب زندگی میں ایسی رکاوٹیں سامنے آئیں جو بالکل نہ ہٹتی ہوں (ہاتھی کی مثال کی طرح بھاری اور مضبوط)، تو ہمیں گھبرانا نہیں چاہیے۔ ایسی رکاوٹیں دراصل اللہ کے بڑے منصوبے کا حصہ ہوتی ہیں، جن کے پیچھے حکمت ہوتی ہے اور جن کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنا ہی ایمان کا راستہ ہے۔
انسانی تاریخ کا تصور:
جس طرح موجودہ تعلیمی نظام دنیا کی تاریخ کو کسی نہ کسی خاص زاویے سے پیش کرتا ہے، چاہے وہ سیاسی ہو یا معاشی یا سماجی، اسی طرح قرآن بھی تاریخ کو ایک خاص اور نہایت منظم زاویے سے بیان کرتا ہے جو نبوی نقطہ نظر ہے۔ قرآن کی حکمت یہ ہے کہ وہ قاری کو دعوت دیتا ہے کہ وہ انسانی تاریخ کو ایک بڑی حقیقت کے تناظر میں سمجھے۔ یعنی توحید کی مسلسل جاری رہنے والی کہانی اور یہ کہ اللہ کی وحدانیت کو قبول کرنا یا رد کر دینا انسان اور قوموں کی اصل حالت پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے۔
قرآن واضح کرتا ہے کہ ہر قوم کی کامیابی یا بربادی کا سب سے بنیادی اور آخری سبب یہی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
“یہ ہیں ان کے گھر، جو ان کے ظلم کی وجہ سے ویران ہو گئے۔ بے شک اس میں اہل علم کے لئے بڑی نشانی ہے۔”
یعنی ان کی تباہی کا اصل سبب کوئی قدرتی آفت، جنگ یا معاشی کمزوری نہیں تھا۔ بلکہ ان کی اخلاقی گمراہی اور نافرمانی تھی۔
دنیا کے منظرنامے کا تصور:
عرب میں ناخواندگی کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ بت پرستی نے ایسے غیر تخلیقی مادہ پرست پیدا کر دیے تھے جو تجریدی علم کو سمجھنے اور اس کی قدر کرنے میں مشکل محسوس کرتے تھے۔ ان کی سوچ زیادہ تر ان کے آس پاس کی فوری چیزوں تک محدود تھی، اسی لئے ان کی شاعری کا بڑا حصہ خیمے، تلوار، بالٹی اور بکری جیسے ٹھوس مظاہر کے گرد گھومتا تھا۔ لیکن چونکہ اس امت کے ابتدائی مسلمان جلد ہی دنیا کے مختلف علاقوں تک پہنچ کر دوسروں تک اسلام کی دعوت لے جانے والے تھے، اس لئے ضروری تھا کہ ان کی نظر وسیع ہو۔
قرآن کی کہانیوں نے بیرونی دنیا میں دلچسپی پیدا کرنے اور بڑی تہذیبوں کی قوت کا سامنا کرتے ہوئے عاجزی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس نے مسلمانوں کو اس دھوکے اور خود فریبی سے بھی بچایا جو عام طور پر ہر طاقتور قوم پر غالب آتی ہے، اور ان قوموں کے خوف کو بھی کم کیا جو اپنے بڑے نظاموں کے ذریعے دوسروں کو دبا کر رکھتی ہیں۔
آج بھی جدید دنیا کے اوپر کھڑے لوگوں کے لئے یہ سبق تازہ ہے کہ وہ اپنی سوچ کو بلند رکھیں، آسانی کی زندگی کے بجائے ایک بڑے مقصد کے لئے جئیں، اور خود کو محض ذاتی آسائش اور مسلسل کھپت کے دائرے کے اندر محدود نہ سمجھیں۔
انسانی فطرت کا تصور:
ہم چونکہ اجتماعی زندگی بسر کرنے والی مخلوق ہیں، اس لئے فطری طور پر چاہتے ہیں کہ دوسروں کو پسند کریں اور خود بھی دوسروں کی پسندیدگی کا مرکز بنیں۔ اسی طرح ہم اپنی کمزوریوں اور ضرورتوں کی وجہ سے ایک دوسرے کے محتاج بھی رہتے ہیں۔ انہی عوامل کے سبب ہم اکثر لوگوں کو حقیقت سے بڑھ کر اہمیت دے بیٹھتے ہیں۔ پھر جب وقت آنے پر یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ انسان بہرحال انسان ہی ہوتا ہے، اپنے فائدے، اپنی خواہشوں اور اپنے بدلتے ہوئے مزاج کے مطابق برتاؤ کرتا ہے، تو دل میں مایوسی اور دکھ پیدا ہوتا ہے۔
یہ کیفیت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی پیش آئی، لیکن قرآن کی کہانیوں میں موجود مثالیں آپ کے دل کو فوراً سنبھال دیتی تھیں۔ اس کی ایک روشن مثال جنگ حنین کے بعد سامنے آئی، جب ایک منافق نے مال غنیمت کی تقسیم میں آپ پر ناانصافی کا الزام لگایا۔ اس موقع پر آپ نے اپنے آپ کو یوں تسلی دی:
“اللہ میرے بھائی موسیٰ پر رحم فرمائے۔ ان کے ساتھ اس سے کہیں زیادہ سختی کی گئی، پھر بھی وہ صبر کرتے رہے۔”
اسی سلسلے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
“اور ہم آپ سے جو خبریں پیغمبروں کے بارے میں بیان کرتے ہیں، وہ اس لئے ہیں کہ آپ کا دل مضبوط ہو جائے۔”
خلاصہ کلام
قرآن کی گوناگوں کہانیاں، جنہیں وہ اپنے مخصوص انداز سے بیان کرتا ہے، ہمیں ایسی یاد دہانیاں اور ایسے لازوال اسباق عطا کرتی ہیں جو انسانی زندگی کے ہر پہلو سے وابستہ ہیں۔ انہی کے ذریعے اللہ کے خوبصورت ناموں اور بلند صفات پر دل میں سچا ایمان پیدا ہوتا ہے، نہ کہ صرف زبان سے تعریف۔ انہی کہانیوں کے سبب بیمار صبر کے ساتھ اپنے شفا یاب ہونے کا انتظار کرتے ہیں، مظلوم دل میں امید کو تھامے رہتے ہیں جب تک کہ مدد نہ پہنچ جائے، اور انسان اپنے اندر حوصلے اور اطمینان کے کئی چراغ روشن ہوتے دیکھتا ہے۔
جو لوگ قرآن کو محض سرسری نظر سے دیکھتے ہیں، وہ اس کی کہانیوں کی ترتیب، ان کی جگہ اور ان کے بیان میں چھپی ہوئی حکمت کو سمجھ نہیں پاتے۔ لیکن جو اہل ایمان اس کتاب کے ساتھ جڑ کر اسے غور و فکر سے پڑھتے ہیں اور اس کی کہانیوں کو یاد رکھنے میں محنت کرتے ہیں، وہ اس میں روشنی بھی پاتے ہیں، شفا بھی، اور ایسی رہنمائی بھی جو ہر مطالعے کے ساتھ اور زیادہ گہری ہو جاتی ہے۔
اس مختصر مضمون میں صرف چند پہلوؤں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ان کہانیوں کی سچائیاں، قرآن میں ان کی مخصوص ترتیب، ان کا اندازِ بیان اور ان کی مناسبت سب مل کر ایسے اسباق عطا کرتے ہیں جو انسان کو دنیا میں بھلائی اور آخرت میں کامیابی کی راہ دکھاتے ہیں۔



