تعلیمخیالاتکھیل اور جسمانی تعلیم

کھیل یا رسمی تعلیم؟ سات سال سے پہلے کیا ضروری ہے؟

کیا کم عمری میں بچوں کو پڑھائی اور رسمی تعلیم کی طرف راغب کرنا ان کی فطری نشوونما پر اثر انداز ہو سکتا ہے؟ اس مضمون میں بچوں کی زندگی کے ابتدائی سات برسوں میں کھیل کی اہمیت اور ان کی جذباتی، سماجی اور اخلاقی تربیت پر اس کے اثرات کو واضح کیا گیا ہے۔ مضمون بتاتا ہے کہ کھیل محض وقت گزارنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ بچوں میں تخلیقی صلاحیت، تخیل، ہمدردی، خود اعتمادی اور دوسروں کے ساتھ مل کر رہنے جیسی اہم خوبیاں پیدا کرنے کا ایک فطری وسیلہ ہے۔ ساتھ ہی والدین کو یہ سوچنے کی دعوت دی گئی ہے کہ بچوں کو بہت کم عمری میں رسمی تعلیم کے دباؤ میں لانے کے بجائے ان کی فطری ضروریات اور نشوونما کو ترجیح دینا کیوں ضروری ہے۔

کیا ایسا ممکن ہے کہ ہم  پر شفیق والدین ، بہترین نیت کے باوجود، اپنے بچوں پر ابتدائی برسوں میں رسمی تعلیم مسلط کر کے انہیں نقصان پہنچا رہے ہوں؟

ہماری دینی تعلیمات واضح طور پر ہمیں یہ ہدایت دیتی ہیں کہ ہم اپنے بچوں کو پہلے سات سال تک کھیلنے دیں۔ اس کے باوجود، زیادہ تر مسلمان بچے چھ سال کی عمر تک سرکاری یا نجی اسکول کی پہلی جماعت میں پہنچ چکے ہوتے ہیں، اور اس سے پہلے وہ دو سال ایسے پری اسکول پروگراموں میں گزار چکے ہوتے ہیں جو انہیں پہلی جماعت کے لیے تیار کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ کیا  ایسا نہیں ہے کہ بچے کو اتنی کم عمری میں تعلیمی مضامین، یعنی زبان و ادب اور ریاضی، کی طرف دھکیلنا اس کی روحانی نشوونما کو روک دے اور اس ننھی جان کی جذباتی صحت کو نقصان پہنچائے؟

مغربی ماہرینِ نفسیاتِ اطفال طویل عرصے سے یہ بات سمجھتے آئے ہیں کہ بچوں سے بہت کم عمری میں تعلیمی کارکردگی کا تقاضا کرنا ان کی جذباتی نشوونما میں رکاوٹ بنتا ہے۔ اسلامی فکر میں دل کو جذبات کا مرکز مانا جاتا ہے، اور ہمیں نصیحت کی گئی ہے کہ اپنے دل کو سلیم (صحت مند) بنائیں، جس کا انعام جنت ہے۔ تو کیا ہم بچوں کو بہت جلد رسمی تعلیم میں جھونک کر ان کی اس صلاحیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں کہ وہ ایک مضبوط جذباتی بنیاد، اور اس طرح ایک صحت مند دل، پروان چڑھا سکیں؟ بچوں کو "ذہنی سبقت” دلانے کی اپنی نیک نیتی میں، کہیں ہم انہیں "دل کی ابتدا” دینے سے غافل تو نہیں ہو رہے؟

کھیل کے فوائد

یہ بات عام طور پر مانی جاتی ہے کہ بچے کھیلنا سب سے زیادہ پسند کرتے ہی۔ زندگی کے پہلے پانچ برسوں میں بچہ ایک ایسی دنیا میں رہتا اور کھیلتا ہے جہاں حقیقت اور تخیل ایک ہو جاتے ہیں۔ پانچ سے سات سال کی عمر کے درمیان یہ وحدت ٹوٹنے لگتی ہے، اور بچہ آہستہ آہستہ اس حقیقی و خیالی دنیا کو چھوڑ کر عقل و شعور کی عمر میں داخل ہونے لگتا ہے۔ تقریباً سات سال کی عمر میں یہ تقسیم مکمل ہو جاتی ہے اور بچہ حقیقت اور خیال میں فرق کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔

تمیز کی اس عمر میں داخل ہونے کے بعد بچہ صحیح اور غلط کو پہچان سکتا ہے اور اخلاقی ذمہ داری کا اہل ہو جاتا ہے۔ بچوں کی نفسیات کے بارے میں اسلامی تصور کے مطابق، سات سال کی عمر سے پہلے کسی غلطی پر بچے کو سزا دینے کا کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ اس میں صحیح اور غلط کو سمجھنے کی عقلی صلاحیت ہی نہیں ہوتی۔ سات سال کی عمر تک بچہ ہر سزا کو ناانصافی سمجھتا ہے، اور سزا چاہے ہلکی ہو یا سخت، وہ اسکےجذبات پر زخم کا ایک گہرا چھاپ چھوڑجاتا ہے۔

یہ ابتدائی سال اس مضبوط جذباتی بنیاد کو رکھنے کے لیے نہایت اہم ہیں جو زندگی بھر بچے کے کام آتی ہے۔ کھیل ان ذرائع میں سے ایک ہے جن کے ذریعے بچے یہ بنیاد تعمیر کرتے ہیں۔ دوسرے ذرائع میں، ظاہر ہے، محفوظ اور محبت بھرا گھریلو ماحول، اچھے بڑوں کا نمونہ، اور بچپن میں صدمات کا نہ ہونا شامل ہیں۔ کھیل میں گزارے گئے اسی وقت کے ذریعے بچوں میں وہ بہت سی صلاحیتیں پیدا ہوتی ہیں جو کامیاب زندگی کے لیے ناگزیر ہیں: تخلیقی صلاحیت اور تخیل، ہمدردی، دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور نباہ کرنے کی صلاحیت، گفت و شنید کا فن، نیز ضبطِ نفس اور خود نظمی۔

مثال کے طور پر وہ خیالی کھیل لے لیجیے جو بچے کھیلتے ہیں۔ وہ ایک چھڑی کو تیز رفتار گھوڑا، ایک ڈبے کو شاندار قلعہ، اور پھٹی پرانی گڑیا کو شہزادی بنا سکتے ہیں۔ اگر آپ بچے سے کہیں، "نہیں، یہ تو چھڑی ہے، گھوڑا نہیں!” تو وہ غصے میں آ سکتا ہے یا الجھن کا شکار ہو سکتا ہے۔ بچے کے لیے وہ چھڑی اتنا ہی گھوڑا ہے جتنا ایک بالغ کے لیے اصلی گھوڑا۔ ایسے ہی خیالی کھیلوں سے بچوں میں تخیل اور تخلیقی عمل پروان چڑھتا ہے۔ اس کے بغیر وہ بڑے ہو کر مجرد انداز میں اچھی طرح سوچ نہیں سکیں گے اور نہ زیادہ پیچیدہ تصورات اور خیالات کو ذہنی طور پر سمجھ سکیں گے۔ تمام اعلیٰ ذہنی عمل ایک مضبوط تخیل اور تخلیقی حس پر منحصر ہیں۔

بچپن کے کھیل بچوں میں دوسروں کے ساتھ ہمدردی کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرتے ہیں۔ کسی دوسرے شخص کے احساسات کو سمجھنے یا اس کے لیے دل میں رحم محسوس کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم پہلے اس کی جگہ خود کو رکھنا سیکھیں۔ ایک چھوٹی بچی بالکل یہی کرتی ہے جب وہ ماں، ڈاکٹر، یا ملکہ بننے کا کھیل کھیلتی ہے۔ ایک چھوٹا بچہ بھی یہی کرتا ہے جب وہ باپ، سپاہی، یا فائر مین بنتا ہے۔ وہ کسی دوسرے انسان کی شناخت اختیار کرتے ہیں اور تصور کرتے ہیں کہ اس کی طرح سوچنا، محسوس کرنا اور ہونا کیسا ہے۔ ان کھیلوں کو بار بار کھیلنے سے بچے میں دوسرے کے تجربے کو محسوس کرنے اور اس سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت بڑھتی ہے، اور آخرکار وہ ایک ہمدرد بالغ بن جاتا ہے۔

ہمدردی، یعنی دوسرے کے دکھ کو محسوس کرنے کی صلاحیت، ایک ایسی خوبی ہے جو فرشتوں کی صفت سے مشابہ ہے۔ انسان میں جتنی زیادہ ہمدردی ہو، اتنا ہی وہ رحمت، شفقت اور تمام انسانیت سے غیر مشروط محبت کے نبوی نمونے کو اپنانے کے قابل ہوتا ہے۔ ہمدردی کا فقدان انسان کو دوسرے انسان کے خلاف انتہائی گھناؤنے کام کرنے کے قابل بنا دیتا ہے، ایسے جرائم جنہیں شیطانی کہا جائے گا۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سیریل کلرز پر کی گئی تحقیقات بتاتی ہیں کہ ان کے بچپن کے تجربے میں اکثر کھیل سرے سے موجود ہی نہیں تھا۔

مختلف عمروں کے بچوں کے ساتھ کھیلنا سیکھنا مضبوط سماجی صلاحیتوں کی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔ چار سال کی عمر تک بچے مشترکہ مقصد والے کھیل ایجاد کرنے لگتے ہیں، مثلاً قزاق بن کر قزاقوں کا خزانہ ڈھونڈنا۔ وہ خود طے کرتے ہیں کہ کون سا کھیل کھیلا جائے گا، اسے کیسے کھیلا جائے گا، اور ہر کھلاڑی کا کردار کیا ہو گا۔ سات سال کی عمر سے پہلے بچے عموماً ان قواعد کو یاد نہیں رکھ پاتے جو انہوں نے خود بنائے اور مانے تھے، اس لیے ہر بچہ کھیل کی اپنی تعبیر کے مطابق کھیلتا ہے۔ ان کی اصل فکر کھیل نہیں ہوتی؛ وہ چاہتے ہیں کہ سب مل کر کھیلنے سے لطف اندوز ہوں۔ کتنی خوبصورت بات ہے! ایک صحت مند کھیل کے ماحول میں بچے اچھی سماجی صلاحیتیں پیدا کر لیتے ہیں، کیونکہ مل کر کھیلنے کے لیے انہیں سمجھوتہ کرنا، اپنے کردار اور قواعد پر گفت و شنید کرنا، اور قیادت کرنا اور دوسرے کی قیادت میں تعاون کرنا سیکھنا پڑتا ہے۔ اور جب کھیل بالکل ان کی توقع کے مطابق نہیں چل رہا ہوتا تو وہ صبر کی خوبی بھی سیکھتے ہیں۔ بچوں کی نشوونما پر کتابوں کے مصنف جوزف چلٹن پیئرس کہتے ہیں کہ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ بڑا ہو کر کیسا انسان بنے گا تو دیکھیے کہ وہ دوسرے بچوں کے ساتھ کیسے کھیلتا ہے۔

بچوں کے لیے ان کے کھیلوں میں ایک زبردست علاجی قدر بھی ہے۔ یہ بچپن کے تنازعات اور صدمات کو حل کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ جب ہم بڑوں کو جذباتی کشمکش یا صدمے کا سامنا ہوتا ہے تو ہم کسی بھروسے مند دوست، خاندان کے فرد، یا ماہرِ نفسیات کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ بچوں میں احساسات اور تجربات کو سمجھنے کی عقلی صلاحیت نہیں ہوتی، اس لیے وہ انہیں کھیل کے ذریعے سلجھاتے ہیں۔ اگر بچہ کوئی پرتشدد منظر دیکھ لے تو وہ اکثر اس کے کھیلوں میں ظاہر ہوتا ہے۔ وہ بار بار اس تشدد کو دہرا سکتے ہیں یہاں تک کہ وہ کشمکش کو حل کر لیں، یا کم از کم جذباتی سطح پر اسے ٹھنڈا کر لیں۔ اگر ماں باپ کی لڑائی سے بچہ پریشان ہو جائے تو ہو سکتا ہے کہ وہ تخیلاتی کھیل میں اس منظر کو دوبارہ ادا کرے۔ متضاد جذبات اور احساسات کھیل کے عمل کے ذریعے حل ہو جاتے ہیں، سوائے اس کے کہ وہ اتنے شدید صدمے کا باعث ہوں کہ بچہ بالکل بند ہو جائے۔ پس صحت یابی کی علامت کھیل کا دوبارہ لوٹ آنا ہے۔

جذباتی نشوونما اور اخلاقی کردار

بہت سے والدین یہ محسوس کرتے ہیں کہ انہیں اپنے بچے کے ابتدائی کھیل کے سالوں کی جگہ پری اسکول یا کنڈرگارٹن پروگرام میں زیادہ منظم کھیل اور کام کو دینی چاہیے، جس کی ایک وجہ یہ یقین ہے کہ اگر بچے پڑھنا اور ریاضی سیکھنا جلدی شروع نہیں کریں گے تو تعلیمی طور پر پیچھے رہ جائیں گے۔

یہ ایک خام خیالی ہے۔ پیئرس ہی کہتے ہیں کہ سات سال کی عمر میں، تقریباً سالگرہ کے دن کے آس پاس، بچے کی سیکھنے کی عقلی صلاحیت ڈرامائی طور پر بڑھ جاتی ہے، اور وہی وقت ہے جب وہ ذہنی تربیت کے لیے تیار ہوتا ہے۔ ایک پانچ سالہ بچے کو تین حرفی الفاظ پڑھنا سیکھنے میں ایک سال لگ جاتا ہے، اور تب بھی اسے بہت کم، اگر کچھ ہو بھی، سمجھ آتی ہے۔ جب کہ وہ بچہ جو اس عمر کو پہنچ چکا ہو جسے چارلس وین ڈورین "پڑھنے کی آمادگی” کہتے ہیں، چند دنوں یا ہفتوں میں پڑھنا سیکھ سکتا ہے، اور جو کچھ پڑھتا ہے اسے سمجھتا اور اس سے لطف اندوز ہوتا ہے۔

بچوں کو بہت جلد رسمی تعلیم میں دھکیل کر ہم ان کی جذباتی نشوونما میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، اور یہ نشوونما مضبوط اخلاقی کردار کی تشکیل کی پیشگی شرط ہے۔ ورجینیا یونیورسٹی کے پروفیسرِ نفسیات جوناتھن ہائیڈٹ، جنہوں نے اخلاقی بنیادوں کا نظریہ پیش کیا، لکھتے ہیں: "جذبات درحقیقت اخلاقیات کے معبد کے نگران ہیں۔” اور مصنف و ماہرِ نفسیات ڈینیئل گولمین اپنی کتاب میں دکھاتے ہیں کہ اعلیٰ جذباتی ذہانت اعلیٰ اخلاقی احساس کے مطابق ہوتی ہے، اور یہ کامیاب زندگی گزارنے کی صلاحیت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

جب ہم اپنے روحانی سفر پر غور کرتے ہیں، اور اس پر کہ اللہ ہم سے کیا چاہتا ہے اور ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں کس طرزِ عمل کی پیروی کی تلقین کرتے ہیں، تو ہمیں نظر آتا ہے کہ ہماری روزمرہ زندگی اخلاقی انتخابوں سے بھری ہوئی ہے، جن کا آغاز نیند سے اٹھ کر فجر کی نماز ادا کرنے سے ہوتا ہے۔ پورے دن ہمیں یہ انتخاب کرنا ہوتا ہے کہ ہم جو کچھ کر رہے ہوں اسے چھوڑ کر پانچوں نمازیں وقت پر ادا کریں۔ ہم اخلاقی انتخاب اس وقت بھی کرتے ہیں جب ہم ان لوگوں کو معاف کرتے ہیں جنہوں نے ہم پر ظلم کیا ہو؛ جب ہم اپنے وعدوں اور اپنی بات کا پاس رکھتے ہیں چاہے ایسا کرنا ناگوار ہو؛ اور جب ہم کسی مصروف دن میں بیمار کی عیادت یا پڑوسی کی مدد کے لیے وقت نکالتے ہیں۔ ایک مضبوط اخلاقی فطرت، جو ہمیں درست انتخاب کرنے کے قابل بناتی ہے، بچپن میں ایک مضبوط جذباتی بنیاد سے شروع ہوتی ہے۔ ضروری ہے کہ ہم بچوں کی کم عمری میں صحت مند جذباتی نشوونما پر زور دینے میں کوتاہی نہ کریں؛ اگر ہم نے ایسا کیا تو خطرہ ہے کہ وہ ہمدرد، باوقار اور راست باز بالغ بن کر نہ ابھریں۔

بچے اس دنیا میں پاکیزگی کی حالت میں، یعنی اللہ کے ساتھ وحدت کی کیفیت میں، آتے ہیں۔ وہ ایک کورے تختے کی مانند ہوتے ہیں جس پر پہلے سات برسوں میں کردار اور شخصیت کی خصوصیات لکھی جانے لگتی ہیں۔ لیکن ہر بچہ ایک خدا داد فطرت کے ساتھ پیدا ہوتا ہے جس میں دل کی روحانی ناپاکیوں کا امکان بھی موجود ہوتا ہے۔ ہم میں سے اکثر دل کی بیماریوں، جیسے تکبر، حسد، غصہ، سستی، لالچ، پیٹو پن یا شہوت، سے بچ نہیں سکتے، کیونکہ یہ انسان ہونے کا حصہ ہیں۔ لیکن ہم ان میں کس حد تک مبتلا ہوتے ہیں، اور ان "مہلک گناہوں” کے مقابلے کی ہماری صلاحیت کتنی ہے، یہ بظاہر ہمارے پہلے سات برسوں کی جذباتی نشوونما کی مضبوطی سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔

تو بجائے اس کے کہ ہم اپنے بچوں کو جذباتی طور پر تیار ہونے سے پہلے پری اسکول اور کنڈرگارٹن میں ڈال دیں، بجائے اس کے کہ ہم انہیں ان کی ذہنی تیاری سے بہت پہلے پڑھنا اور ریاضی سکھانے کی کوشش کریں، کیا یہ بہتر نہ ہو گا کہ ہم اپنے بچوں کی، اور اپنے رب کی، اس طرح خدمت کریں کہ انہیں اپنے ساتھ گھر پر رکھیں، انہیں ماضی کی خوبصورت انداز میں لکھی ہوئی کہانیاں پڑھ کر سنائیں، اور انہیں اس طرح کھیلنے دیں جس کی ان کے ننھے دل کو شدید ضرورت اور خواہش ہے؟

https://thelittlemuslims.com/when-play-is-work/

مترجم – مجاہد الالسلام، عظیم پریمجی یونیورسٹی، بنگلور

مصنف – نبیلہ ہینسن کنزہ اکیڈمی کی بانی اور ڈائریکٹر ہیں۔ یہ ایک تعلیمی ادارہ ہے جو روایتی تعلیم کے احیا کے لیے کوشاں ہے، خاص طور پر ہوم اسکولنگ اور کمیونٹی پر مبنی اسکولوں کے ذریعے۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close