تعلیمخیالاتماحولیاتی سائنسریاضی
ریاضی کو حقیقی زندگی سے جوڑنا!

سِنی مول
حال ہی میں میری اپنی ایک ساتھی، سپریا (نام تبدیل کر دیا گیا ہے)، سے گفتگو ہوئی۔ وہ پرائمری جماعتوں میں ریاضی پڑھاتی ہیں۔ وہ اپنی ریاضی کی جماعت کو لے کر خاصی پریشان اور فکرمند تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے سبق پر توجہ نہیں دیتے اور ان میں سے بیشتر تشخیصی امتحانات میں بھی کم نمبر حاصل کرتے ہیں۔ میری جماعت کے بچوں کے بارے میں انھوں نے کہا، ’’آپ کی جماعت کے بچے تو بڑے خوش نصیب ہیں، بہت نظم و ضبط کے پابند ہیں۔ آپ واقعی خوش قسمت ہیں!‘‘ ان کی شکایات میں یہ بات بھی شامل تھی کہ انھیں تیار شدہ پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز، تدریسی وسائل اور دیگر ضروری تعلیمی سامان دستیاب نہیں ہوتا۔
جب میں نے ان کی جماعت میں تدریسی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا تو محسوس ہوا کہ ان کا طریقۂ تدریس زیادہ تر درسی کتاب تک محدود ہے۔ سبق کے آغاز میں وہ عموماً تختۂ سیاہ کی مدد سے بچوں کو پڑھاتیں اور اس کے بعد بچے درسی کتاب میں دی گئی مشقیں حل کرنے لگتے۔ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی تھیں کہ بچے کتاب کے سوالات حل کر سکیں، اس لیے انھیں خود سوچنے اور غور کرنے کا موقع نہیں دیتی تھیں۔ سبق کی منصوبہ بندی بھی تیار کرکے محض ریکارڈ کے لیے فائل میں رکھ دی جاتی تھی، لیکن جماعت میں ان منصوبوں پر کبھی عمل نہیں کیا جاتا تھا۔
’’ریاضی ایک اکتا دینے والا مضمون ہے۔‘‘ پرائمری جماعتوں میں ریاضی پسند نہ کرنے والے بچوں کی یہ ایک عام شکایت ہے۔ ہم بچوں کو خوشی اور شوق سے مطالعہ کرنے کی ترغیب تو دیتے ہیں، لیکن ریاضی بھی شوق اور دلچسپی سے کرنے کی ترغیب کم ہی دیتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بچے ریاضی اس وقت سب سے بہتر سیکھتے ہیں جب وہ خود سیکھنے کے عمل میں سرگرمی سے شریک ہوں۔ یہی بات اساتذہ پر بھی صادق آتی ہے۔ ریاضی کی جماعت میں باہمی گفتگو اور تبادلۂ خیال دراصل اس جماعت کی جان ہے۔ ریاضی کی تدریس اور سیکھنے کا عمل ایک پیچیدہ سرگرمی ہے اور اس کی کامیابی کا انحصار بہت سے عوامل پر ہوتا ہے۔
آپ کیا پڑھاتے ہیں، اس سے زیادہ اہم یہ ہے کہ آپ کیسے پڑھاتے ہیں
سپریا بھی اسی انداز میں پڑھانے کی عادی تھیں جس انداز میں انھوں نے خود تعلیم حاصل کی تھی۔ چنانچہ ریاضی کے بارے میں بچوں میں منفی رجحانات پیدا کرنے والے بہت سے طریقے ان کی جماعت میں بھی جاری تھے۔ اگر ہم ہمیشہ وہی کرتے رہیں گے جو اب تک کرتے آئے ہیں تو ہمیں ہمیشہ وہی نتائج ملیں گے جو پہلے ملتے رہے ہیں، یعنی ایسے بچے جو ریاضی سے نفرت کرنے لگتے ہیں۔ اساتذہ کے لیے صرف مختلف تدریسی طریقوں اور اندازِ تدریس سے واقف ہونا کافی نہیں، بلکہ انھیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ ان طریقوں کو اپنی جماعت میں مؤثر انداز سے کیسے اختیار کیا جائے۔ ایک ماہر استاد تدریس کے مختلف عمومی طریقوں سے بخوبی واقف ہوتا ہے، مثلاً سبق کو لیکچر کے انداز میں پیش کرنا، چھوٹے گروہوں میں باہمی تعاون سے سیکھنے کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنا اور بچوں کو ان سرگرمیوں میں مؤثر طور پر شریک کرنا۔
ایک ماہر استاد اپنے بچوں کو ’’پڑھ‘‘ سکتا ہے، یعنی ان کی صلاحیتوں، ضروریات اور سیکھنے کے انداز کو سمجھ سکتا ہے۔ سبق کی منصوبہ بندی کرتے وقت وہ پہلے ہی اندازہ لگا لیتا ہے کہ کن تصورات یا سرگرمیوں میں بعض بچوں کو دشواری پیش آ سکتی ہے۔ اس طرح وہ جماعت کی نبض پر ہاتھ رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ کب اپنی منصوبہ بندی میں تبدیلی کی ضرورت ہے، کب کسی بچے پر انفرادی توجہ دینی ہے اور کب اضافی مثالوں، وضاحتوں یا سرگرمیوں کے ذریعے تدریس کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ اساتذہ بچوں کی باتیں غور سے سن کر اور ان کی تحریروں کا مطالعہ کرکے بھی بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ تاہم بچوں کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھنا اور اس سے حاصل ہونے والی معلومات کو اپنی تدریس بہتر بنانے کے لیے استعمال کرنا آسان کام نہیں۔ اس صلاحیت کو پیدا کرنے اور نکھارنے کے لیے مسلسل محنت اور کوشش درکار ہوتی ہے۔
دوسروں کی راہ روشن کرنے کے لیے خود بھی روشن ہونا ضروری ہے
سپریا کے اپنے مضمون سے متعلق علم میں گہرائی کی کمی اور ریاضی کی تدریس میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے پہل نہ کرنا چند اہم مسائل تھے۔ اساتذہ کو ایسے مواقع اور سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں جن کے ذریعے وہ تدریس کے مختلف مؤثر طریقوں کے بارے میں اپنے علم اور مہارت کو بڑھا سکیں۔ اسکول کے اندر بھی اساتذہ کے درمیان تدریس کے اچھے تجربات کا تبادلہ ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے اسکول میں ریاضی کے اساتذہ کے باہمی مطالعاتی حلقے قائم کیے جا سکتے ہیں اور ایک استاد دوسرے استاد کی رہنمائی اور تربیت بھی کر سکتا ہے۔ اسی طرح اسکول کی سطح پر پیشہ ورانہ ترقی کے پروگراموں، خصوصی مطالعات، تربیتی ورکشاپس اور سیمیناروں کے ذریعے بھی اساتذہ کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
اساتذہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے پڑھائے جانے والے سبق پر گہری نظر اور مکمل دسترس رکھتے ہوں۔ انھیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ ان کے مضمون کا علم کس طرح تشکیل پاتا ہے، مختلف تصورات آپس میں کس طرح مربوط ہوتے ہیں اور انھیں جماعتی صورتِ حال میں کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک ماہر استاد اس بات سے بخوبی واقف ہوتا ہے کہ بچے کسی نئے سبق میں داخل ہونے سے پہلے اس موضوع کے بارے میں کیا جانتے ہیں اور ان کے ذہن میں پہلے سے کون سے تصورات موجود ہیں۔ وہ یہ بھی جانتا ہے کہ بچوں کی مدد کے لیے کون سے تدریسی طریقے اور تعلیمی وسائل مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ اسے پہلے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ سبق کے کن حصوں میں بچوں کو دشواری پیش آ سکتی ہے اور وہ اسی کے مطابق اپنے طریقۂ تدریس میں ضروری تبدیلی کر لیتا ہے۔
ریاضی کا علم بنیادی طور پر تصورات کی تفہیم پر مبنی ہے
مؤثر تدریس کا تقاضا ہے کہ بچوں کی عام غلطیوں اور غلط فہمیوں کو نظر انداز نہ کیا جائے، بلکہ جماعت میں ان پر باقاعدہ توجہ دی جائے اور ان کی وجوہات کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ اس لیے ضروری ہے کہ کسی تصور کو اچھی طرح واضح کرنے کے لیے مختلف تجربات، مثالوں اور ٹھوس اشیا پر مبنی سرگرمیوں کا انتخاب کیا جائے۔ ہر نیا تصور بچوں کے لیے ریاضی کو زندہ اور بامعنی بنا دیتا ہے۔ اس طرح کی تدریس میں بچے محض خاموش سامع نہیں رہتے، بلکہ سیکھنے کے عمل میں سرگرمی سے شریک ہوتے ہیں۔ جب بچے اشیا کو چھوتے اور انھیں حرکت دیتے ہیں تو ان کے کئی حواس بیک وقت متحرک ہوتے ہیں، جس سے سیکھنے کا عمل زیادہ پائیدار ہو جاتا ہے۔ یوں سیکھنا محض معلومات یاد کرنے کا عمل نہیں رہتا، بلکہ بچے خود علم کی تعمیر کرتے اور چیزوں کے معنی سمجھنے لگتے ہیں۔
جو بات ایک سے زیادہ طریقوں سے سمجھ میں نہ آئے، اسے پوری طرح سمجھا ہوا نہیں کہا جا سکتا

بچے غلطیاں کرتے ہیں، یہاں تک کہ ان اسباق میں بھی جن کی منصوبہ بندی نہایت احتیاط سے کی گئی ہو اور جن میں تدریسی وسائل بھی اچھی طرح تیار کیے گئے ہوں۔ وہ کبھی غلط جواب دیتے ہیں، کبھی ان کے جوابات نامکمل ہوتے ہیں اور کبھی وہ بالکل جواب نہیں دے پاتے۔ ریاضی کے استاد کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ بچوں کو یہ سکھائے کہ مسئلہ حل کرتے ہوئے جب دشواری پیش آئے تو وہ ہمت نہ ہاریں بلکہ کوشش جاری رکھیں۔ بچوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کہ وہ کسی مسئلے تک پہنچنے یا اسے حل کرنے کے ایک سے زیادہ طریقے تلاش کریں۔ اگر آپ اپنے طریقۂ کار میں صبر، تحمل اور مستقل مزاجی اختیار کریں اور بچوں کی غلطیوں کی اصلاح کرتے وقت نرمی اور ہمدردی سے کام لیں تو آپ ان کی سوچ کی گہری سطحوں پر اپنی توقع سے کہیں زیادہ اثر ڈال سکتے ہیں۔ بچوں کو اپنا کام مکمل کرنے کے لیے مناسب وقت دینا چاہیے اور انھیں مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے کے لیے مختلف طریقے آزمانے کی ترغیب دینی چاہیے۔ جو بچے جماعتی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیتے، ان سے یہ ضرور پوچھیں کہ وہ حصہ کیوں نہیں لے رہے۔ ممکن ہے کہ ان سے گفتگو کے بعد آپ کے اپنے اندازے غلط ثابت ہوں۔
اہم بات یہ نہیں کہ ہر بچے کو پڑھایا جائے، بلکہ یہ ہے کہ ہر بچے کے اندر سیکھنے کی خواہش پیدا کی جائے
بلاشبہ تدریس ایک مشکل کام ہے اور بعض اوقات اساتذہ بھی مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ ریاضی کو محض رٹ کر سیکھنے سے بچوں میں اس مضمون کے بارے میں خوف اور بے چینی پیدا ہو سکتی ہے۔ بچے ابتدائی اور سادہ ریاضی رٹ کر سیکھنے میں اکثر کامیاب ہو جاتے ہیں، لیکن جیسے جیسے ریاضی کے تصورات پیچیدہ ہوتے جاتے ہیں، صرف قواعد یاد کر لینا ہر صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں رہتا۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے بچے ابتدا میں ریاضی کو شوق سے پڑھتے ہیں، لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس مضمون سے ان کی دلچسپی کم ہونے لگتی ہے۔
ریاضی کی جماعت میں بچوں کی عدم دلچسپی اور سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کی ایک بڑی وجہ سبق کو اچھی طرح نہ سمجھ پانا اور غلطی کرنے کا خوف ہے۔ اگر کوئی بچہ کسی بات کو نہیں سمجھ پاتا یا غلطی کر دیتا ہے تو اس پر ناراض نہ ہوں، کیونکہ اس سے اس کے اندر ناکامی کا خوف پیدا ہو سکتا ہے۔ بچے کو یہ دکھائیں کہ اپنی غلطی سے کیسے نکلنا ہے اور دوبارہ کوشش کیسے کرنی ہے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ بچے سے کسی سیکھی ہوئی مہارت یا معلومات کو دوبارہ استعمال کرنے کا تقاضا کرنے سے پہلے اسے اس کے کام کے بارے میں مناسب رائے اور اصلاحی رہنمائی فراہم کی جائے۔ جماعتی کام کی جانچ کرتے وقت بچوں کی غلطیوں پر ان سے گفتگو کے لیے بھی کچھ وقت نکالیں۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہو سکتی ہے کہ بچے بعض غلطیاں کن وجوہات کی بنا پر کرتے ہیں۔ اس گفتگو سے حاصل ہونے والی معلومات بچوں کی بہتر رہنمائی میں آپ کے لیے بہت مفید ثابت ہوں گی۔
یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ ریاضی کو دلچسپ اور خوش گوار بنانا استاد کی ذمہ داری ہے، اور اس کام میں مناسب تدریسی وسائل بھی اس کی مدد کرتے ہیں۔ ایک اچھا استاد جانتا ہے کہ ہر بچہ سیکھنے کے کس مرحلے پر ہے، تاکہ وہ ہر بچے کو اس کی ضرورت کے مطابق مناسب چیلنج اور ضروری تعاون فراہم کر سکے۔
یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ ریاضی کو دلچسپ اور خوش گوار بنانا استاد کی ذمہ داری ہے، اور اس کام میں مناسب تدریسی وسائل بھی اس کی مدد کرتے ہیں۔ ایک اچھا استاد جانتا ہے کہ ہر بچہ سیکھنے کے کس مرحلے پر ہے، تاکہ وہ ہر بچے کو اس کی ضرورت کے مطابق مناسب چیلنج اور ضروری تعاون فراہم کر سکے۔


