تعلیمخیالات

اسباق اور ان کے پڑھانے کے طریقے- فن تعلیم و تربیت-باب ۳۳

کامیاب تدریس کے لیے صرف مضمون پر عبور حاصل کرنا کافی نہیں، بلکہ سبق کی مناسب تیاری اور اسے مؤثر انداز میں پیش کرنا بھی ضروری ہے۔ اس مضمون میں اسباق کی تیاری کی اہمیت، سبق کے اشارات اور تدریس کے مختلف طریقوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں معلوماتی، عملی و مہارتی، تنقیدی اور اعادی اسباق کی اقسام اور انہیں پڑھانے کے مختلف مراحل بیان کیے گئے ہیں، تاکہ اساتذہ طلبہ کی دلچسپی، صلاحیت اور ذہنی سطح کو ملحوظ رکھتے ہوئے تدریسی عمل کو زیادہ مفید اور مؤثر بنا سکیں۔

اسباق اور ان کے پڑھانے کے طریقے

اسباق کی کامیابی کا انحصار تین باتوں پر ہے:

  1. معلم کا محنت سے سبق تیار کرنا۔
  2. جماعت کے سامنے سلیقے سے سبق پیش کرنا۔
  3. طلبہ کا سبق کی طرف پوری توجہ دینا۔

اسباق کی تیاری

پڑھانے سے پہلے سبق کو اچھی طرح تیار کر لینا چاہیے۔ تیاری کے بغیر سبق پڑھانا معلم کی شان کے منافی اور علم کی توہین ہے۔ جو لوگ ایسی غلطی کر بیٹھتے ہیں، وہ سبق کا حق بھی ادا نہیں کر پاتے اور بسا اوقات ان کی بڑی سبکی ہوتی ہے۔

تیاری کی اہمیت

تیاری کے بغیر سبق کبھی کامیاب اور مؤثر نہیں ہو سکتا۔ سبق خواہ آسان ہو یا مشکل اور جماعت خواہ اونچی ہو یا نیچی، تیاری بہرحال ضروری ہے، کیونکہ:

  • سبق تیار کر لینے سے استاد کے اندر خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔
  • وہ طلبہ کے سامنے اپنی بات پورے وثوق، اعتماد اور سلیقے سے رکھتا ہے۔
  • تدریس کا موزوں ترین طریقہ اختیار کرتا ہے، چنانچہ طلبہ کو بھرپور فائدہ پہنچتا ہے۔
  • وہ طلبہ کو مطمئن اور ان کی مشکلات کو دور کر سکتا ہے۔

بعض پرانے اور تجربہ کار اساتذہ اس زعم میں بغیر تیاری کے سبق پڑھانا شروع کر دیتے ہیں کہ یہ سبق تو پہلے بھی پڑھا چکے ہیں، اس کی تیاری کی اب کیا ضرورت ہے؟ لیکن یہ ان کی زبردست بھول ہے۔ تجربہ بلاشبہ کامیاب تدریس میں بڑا معاون ہوتا ہے، لیکن تیاری سے بالکل بے نیاز نہیں کر سکتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر سال جماعت میں آنے والے طلبہ کی لیاقت گزشتہ برسوں کے طلبہ سے مختلف ہوتی ہے۔ چنانچہ بسا اوقات سبق کا پورا ڈھانچا بدل دینا پڑتا ہے۔ سابقہ طریقۂ تعلیم بھی کارآمد نہیں رہتا اور تمہید اور موزوں سوالات بالکل نئے سرے سے سوچنے پڑتے ہیں۔

علاوہ ازیں، یہ توقع بھی نہیں کی جا سکتی کہ معلم کو ہر وقت تمام ضروری مواد مستحضر رہے گا۔ ہو سکتا ہے کہ سبق کا کوئی حصہ ذہن سے محو ہو گیا ہو، ایسی صورت میں جماعت کے سامنے بڑی سبکی ہو سکتی ہے۔ اس لیے تیاری بہرحال کامیاب تدریس کے لیے ناگزیر ہے۔

تیاری میں قابلِ لحاظ امور

  • سب سے پہلے یہ دیکھا جائے کہ کس جماعت اور کس گھنٹے میں کون سا سبق پڑھانا ہے اور کتنے وقت میں اسے مکمل کرنا ہے۔ جن بچوں کو پڑھانا ہے، ان کی عمر، صلاحیت اور دلچسپیاں کیا ہیں؟ اس سبق کے ضمن میں وہ پہلے سے کیا جانتے ہیں؟ جو کچھ پڑھانا ہے، اس کے مواد پر خود استاد کو کہاں تک عبور حاصل ہے؟ اگر کوئی کمی ہو تو اسے پورا کر لیا جائے۔
  • ضروری مواد یکجا کر لینے کے بعد اسے دو تین مناسب اجزا میں تقسیم کیا جائے۔ کل سبق کا ایک عنوان اور ہر جز کے ذیلی عنوانات قائم کیے جائیں اور پھر ہر جز کی پیش کش کے طریقے سوچ لیے جائیں۔
  • سبق کے لیے طلبہ کے ذہن کو آمادہ کرنے کے لیے مناسب تمہید سوچ لی جائے اور ان کی سابقہ لیاقت جانچنے کے لیے چند سوالات تیار کر لیے جائیں۔
  • ہر جز کے بعد یا سبق کے آخر میں پوچھے جانے والے سوالات بھی تیار کر لیے جائیں۔
  • طلبہ کی مشکلات اور الجھنوں کا پیشگی اندازہ لگا لیا جائے اور ان کے ازالے کی تدابیر سوچ لی جائیں۔
  • سبق کو بخوبی ذہن نشین کرانے کے لیے ضروری تعلیمی و توضیحی سامان، نقشے، چارٹس وغیرہ تیار یا فراہم کر لیے جائیں۔
  • طلبہ کو نوٹ کرانے یا تختۂ سیاہ پر درج کرنے کے لیے سبق کا خلاصہ مرتب کر لیا جائے۔
  • سبق سے متعلق ہوم ورک یا کوئی دوسری تفویض پہلے سے سوچ رکھی جائے۔
  • طلبہ سے جو سوالات حل کرانے ہوں، وہ پہلے ہی خود حل کر لیے جائیں۔ ان کے سامنے سائنس کا کوئی تجربہ یا کسی مضمون سے متعلق کوئی عملی مظاہرہ کرنا ہو تو اس کی مشق کر لی جائے، تاکہ غلطی کا امکان نہ رہے۔
  • نئے اساتذہ کو چاہیے کہ اختصار کے ساتھ سبق کے تحریری اشارات تیار کر لیا کریں۔ تجربہ کار اساتذہ کو بھی مختصر نوٹ ضرور بنا لینا چاہیے۔

سبق کے اشارات

سبق کے اشارات حتی الامکان تحریری ہونے چاہییں اور ان میں درج ذیل عنوانات کے تحت معلومات درج ہونی چاہییں:

  1. مؤرخہ
  2. جماعت
  3. اوسط عمر
  4. گھنٹہ اور وقت
  5. مضمون
  6. عنوان اور ذیلی عنوانات
  7. مقصدِ عام
  8. ربط
  9. ضروری سامان کی فہرست
  10. سابقہ لیاقت
  11. تمہید
  12. مواد کی پیش کش مع طریقۂ تعلیم
  13. مشقی یا اعادی سوالات
  14. تختۂ سیاہ کا خلاصہ
  15. تفویض
  • ہر سبق کے دو مقاصد ہوتے ہیں: (۱) مقصدِ عام، (۲) مقصدِ خاص۔ اشارات میں دونوں درج ہونے چاہییں۔
  • بچوں کی سابقہ لیاقت ہی پر نئے سبق کا دارومدار ہوتا ہے۔ اس لیے اختصار کے ساتھ اس کا بھی تذکرہ ہونا چاہیے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ نئے سبق کو کس حد تک سابقہ معلومات سے مربوط کرکے پڑھایا گیا ہے۔
  • تمہید مختصر لیکن پُراثر ہونی چاہیے۔ اس میں سابقہ معلومات جانچنے اور طلبہ کو سبق کے لیے آمادہ کرنے کے لیے چند سوالات درج ہوں۔
  • جو مواد پیش کرنا ہے، اسے اختصار اور ترتیب سے درج کیا جائے اور اس کے پڑھانے کا طریقہ بھی لکھا جائے۔
  • ہر جز کے اختتام پر وہ سوالات بھی درج کر دیے جائیں جو طلبہ سے پوچھے جانے ہیں۔
  • آخر میں دو تین مشقی یا اعادی سوالات درج کیے جائیں جو پورے سبق پر مشتمل ہوں۔
  • دورانِ سبق تختۂ سیاہ پر جو کچھ لکھنا یا بنانا ہے، وہ بھی درج کر دیا جائے۔
  • آخر میں گھر پر کرنے یا جماعت ہی میں مکمل کرنے کے لیے جو تفویض پیشِ نظر ہو، اسے بھی نوٹ کر لیا جائے۔

سبق کی تیاری کے لیے ناگزیر شرائط

مندرجہ بالا کام اس وقت بخوبی انجام پا سکتا ہے جب استاد کو پڑھائے جانے والے سبق کے مواد پر عبور حاصل ہو اور جس فن کی تعلیم دے رہا ہو، اس میں ضروری مہارت رکھتا ہو۔

  • طلبہ سے اس کا گہرا ربط ہو، تاکہ وہ ان کی سابقہ لیاقت، فطری صلاحیتوں، نفسیاتی کیفیات اور انفرادی خصوصیات سے بخوبی واقف ہو۔
  • مختلف تدریسی طریقوں کا علم رکھتا ہو۔
  • تعلیم کے بنیادی مقصد اور ہر مضمون کی قدر و قیمت سے بخوبی واقف ہو۔
  • موزوں سوالات بنانے کا سلیقہ رکھتا ہو۔
  • توضیحی و تعلیمی سامان بنانے کی صلاحیت یا اسے فراہم کرنے کے وسائل رکھتا ہو۔
  • اسباق تیار کرنے کی ضرورت و افادیت کا احساس ہو اور اس کے لیے وقت نکالنے کی فکر ہو۔

اسباق کی قسمیں

اسباق عموماً تین طرح کے ہوتے ہیں:

۱۔ معلوماتی اسباق: جن کا مقصود بچوں کی معلومات میں اضافہ کرنا ہوتا ہے، مثلاً فقہ، سیرت، تاریخ، جغرافیہ اور سائنس وغیرہ کے اسباق۔

۲۔ عملی یا مہارتی اسباق: جن کا مقصود کسی فن میں مہارت پیدا کرنا ہوتا ہے، مثلاً آرٹ، کرافٹ، سلائی، بنائی اور خوش نویسی وغیرہ کے اسباق۔

۳۔ تنقیدی یا تقریظی اسباق: جن کا مقصود حسن و قبح اور بھلائی برائی کی پرکھ پیدا کرنا یا ذوقِ سلیم اور جذباتِ لطیف کو پروان چڑھانا ہوتا ہے، مثلاً اسلامیات، ادب، فراست اور نظم خوانی وغیرہ کے اسباق۔

ان اسباق کی مزید دو نوعیتیں ہوتی ہیں:

  • جدید
  • مشقی یا اعادی

جدید سبق: وہ سبق ہے جس کے ذریعے کوئی نیا اصول، قاعدہ یا ضابطہ ذہن نشین کرایا جائے، مثلاً ریاضی یا قواعد کے اصول و ضوابط، یا تاریخ، جغرافیہ اور سائنس وغیرہ سے متعلق نئی معلومات فراہم کی جائیں۔

مشقی یا اعادی سبق: وہ سبق ہے جس کا مقصود پہلے سے بتائے ہوئے کسی قاعدے یا ضابطے کی مشق کرانا یا سابقہ معلومات کا اعادہ کرانا ہوتا ہے۔

۱۔ معلوماتی اسباق پڑھانے کا طریقہ

معلوماتی اسباق کو بخوبی ذہن نشین کرانے کے لیے ہر سبق میں درج ذیل پانچ اقدامات ضروری ہیں:

  1. تمہید
  2. سبق کی پیش کش
  3. توضیح و تقابل
  4. تعمیم یا عام اصول اخذ کرنا
  5. استعمال یا مشق

۱۔ تمہید

ہر سبق کے لیے ایک مناسب تمہید ضروری ہے۔ اس کا مقصد دراصل بچوں کے ذہن کو نئے سبق کے لیے آمادہ کرنا ہوتا ہے۔ تمہید بہت مختصر لیکن جاندار ہونی چاہیے، تاکہ وقت بھی زیادہ نہ لگے، بچے نئی معلومات حاصل کرنے کے لیے متجسس ہوں اور ان کا ذہن پوری طرح آمادہ ہو جائے۔ موضوع سے متعلق مختصر بات چیت، کوئی چھوٹی سی کہانی، جاذبِ نظر تصویر یا ماڈل، سابقہ معلومات جانچنے اور پچھلے اسباق سے ربط قائم کرنے کے لیے چند موزوں سوالات اچھی تمہید بن سکتے ہیں۔

تمہید کے سوالات اتنے آسان ہوں کہ ہر بچہ بآسانی جواب دے سکے۔ انہیں خوش گوار فضا میں پوچھا جائے، تاکہ ہر بچہ بے تکلفی سے اپنے خیالات کا اظہار کر سکے۔ سوالات ایک دوسرے سے مربوط ہوں، تاکہ خیالات میں تسلسل رہے۔ آخری سوال ایسا ہو کہ سبق کا مقصد بچوں پر واضح ہو جائے اور ان کا ذہن نئی معلومات کی ضرورت محسوس کرنے لگے۔

۲۔ سبق کی پیش کش

طلبہ کو نئے سبق کے لیے پوری طرح تیار کر لینے کے بعد اصل سبق پیش کیا جائے۔ پورا سبق ایک ہی ساتھ پیش نہ کیا جائے، بلکہ اسے دو تین مناسب اجزا میں تقسیم کرکے ترتیب سے ایک ایک جز پڑھایا جائے۔ بچوں سے دورانِ سبق اور ہر جز کے اختتام پر چند سوالات کیے جائیں۔ ہر جز کا آخری سوال ایسا ہو کہ اس کے مواد سے اگلے جز کی طرف ذہن منتقل ہو جائے۔ سبق کا خلاصہ تختۂ سیاہ پر نوٹ کرتے جائیں۔ آخر میں پورے سبق پر چند سوالات کرکے تمام اجزا کو باہم مربوط کر دیا جائے۔ اجزا کی ترتیب ایسی ہو کہ پہلے آسان اور سادہ، پھر بتدریج مشکل اور پیچیدہ معلومات سامنے آئیں۔ اس طرح پورا سبق بآسانی سمجھ میں آ جائے گا۔

۳۔ توضیح و تقابل

سبق کا جو جز پیش کیا جائے، اسے بخوبی واضح کرنے کے لیے بچوں کی سابقہ لیاقت سے اس کا ربط ملایا جائے۔ نئی معلومات سے ملتی جلتی یا اس کی ضد باتوں کا، جو پہلے سے بچوں کے علم، مشاہدے یا تجربے میں آ چکی ہوں، موازنہ اور تقابل کرایا جائے اور مثالیں دی جائیں۔ مزید وضاحت کے لیے تصاویر، نقشے اور چارٹ وغیرہ استعمال کیے جائیں یا تجربہ کرکے دکھایا جائے۔ اس طرح نئی معلومات بخوبی ذہن نشین ہو سکیں گی۔

۴۔ نتیجہ یا تخریج و تعمیم

پورا سبق سلیقے سے پیش کرنے اور سمجھا دینے کے بعد موزوں سوالات کے ذریعے وہ قاعدہ، ضابطہ، اصول یا نتیجہ اخذ کرانا چاہیے جس کے لیے سبق پڑھایا گیا ہے۔ مثلاً ریاضی کا کوئی قاعدہ یا سائنس کا کوئی اصول۔ نتیجہ اخذ کرنے میں حسبِ ضرورت بچوں کی مدد کی جائے۔ اگر وہ بالکل ناکام رہیں تو سبق دوبارہ سمجھایا جائے۔ نتیجہ تختۂ سیاہ پر نوٹ کرکے طلبہ کو بھی لکھوا دیا جائے۔

۵۔ استعمال یا مشق

بچوں نے جو کچھ سیکھا ہے، اس کا جائزہ لینے، اسے استعمال میں لانے اور اس کی مشق کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ اس کے لیے آخر میں زبانی چند سوالات کیے جائیں یا کوئی تحریری اور عملی کام دیا جائے۔ اس سے اندازہ ہو سکے گا کہ بچوں نے کیا کچھ سیکھا اور استاد سبق پڑھانے میں کہاں تک کامیاب رہا۔ استعمال میں لانے سے بچے سیکھی ہوئی بات کو اچھی طرح یاد رکھ سکیں گے۔ مثلاً ریاضی کا کوئی قاعدہ سکھانے یا سائنس کا کوئی اصول سمجھانے کے بعد اس پر دو تین سوالات دیے جائیں، جو اس اصول یا قاعدے کی مدد سے حل کیے جا سکیں۔ اگر بچے انہیں حل کر لیتے ہیں تو سبق کامیاب ہے۔ استعمال یا مشق سے بچوں کو وہ قاعدہ اچھی طرح یاد ہو جائے گا۔

یہ ہیں وہ پانچ اقدامات جنہیں ملحوظ رکھ کر سبق پڑھانا مفید اور مؤثر ہوتا ہے۔ ان کا خلاصہ ایک بار پھر دیکھ لیجیے:

  1. مناسب تمہید کے ذریعے طلبہ کو نئے سبق کے لیے آمادہ کرنا۔
  2. دلچسپ پیرائے میں نیا مواد پیش کرنا۔
  3. توضیح و تشریح کے ذریعے سبق کو واضح کرنا، نیز طلبہ کی سابقہ معلومات، تجربات اور مشاہدات سے نئے مواد کا موازنہ و تقابل کرکے اور روزمرہ زندگی سے اس کا ربط قائم کرکے سبق کو ان کے لیے قابلِ فہم بنانا۔
  4. پورے سبق کا نچوڑ بطورِ خلاصہ، عام اصول، کلیہ، قاعدہ یا ضابطہ ان کے سامنے لانا۔
  5. طلبہ کو اس قاعدے کا اطلاق کرنے یا اسے استعمال میں لانے کا موقع دے کر مطمئن ہونا۔

بلاشبہ نفسیات، عقل اور تجربے کی روشنی میں یہ پانچ اقدامات بہت مفید اور مؤثر ثابت ہوتے ہیں، لیکن ان پر سب سے بڑا اعتراض یہ ہے کہ اس طریقے میں طلبہ کو خود کرکے سیکھنے کا بہت کم موقع ملتا ہے۔ عام طور پر ان کی حیثیت خاموش سامع کی سی ہوتی ہے۔ اس لیے وہ سبق میں عملی دلچسپی کم لیتے ہیں۔ اگر بعض معلوماتی اسباق، خصوصاً ریاضی، عام سائنس اور جغرافیہ وغیرہ میں ان کے بجائے درج ذیل پانچ اقدامات اختیار کیے جائیں تو زیادہ مفید اور مؤثر ثابت ہوں گے:

  1. جدید سبق سے متعلق طلبہ کے سامنے کوئی حل طلب مسئلہ رکھ دینا، تاکہ وہ تشویش اور الجھن میں پڑ جائیں اور اسے حل کرنے میں اپنی پوری کوشش کریں۔
  2. اس کے حل کے لیے طلبہ سے تجاویز طلب کرنا۔
  3. مختلف تجاویز کو جانچنا، پرکھنا اور بعض کو استعمال کرکے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرنا۔
  4. مناسب رہنمائی کرکے صحیح حل تک پہنچانا۔
  5. اس حل کی تصدیق کے لیے مزید تجربہ اور مشاہدہ کرانا۔

اس طرح بچے پوری عملی دلچسپی لیں گے اور ان کی معلومات زیادہ مستحکم ہوں گی۔ نیز ان میں غور و فکر، استدلال اور قوتِ فیصلہ کی نشوونما کا موقع ملے گا۔ ریاضی کا تو ہر سوال ہی ایک حل طلب مسئلہ ہوتا ہے۔ اسی طرح سائنس اور جغرافیہ میں بھی اس طریقے سے زیادہ سے زیادہ کام لیا جا سکتا ہے۔

۲۔ عملی یا مہارتی اسباق پڑھانے کا طریقہ

آرٹ، کرافٹ، خوش نویسی یا دوسرے مہارتی اسباق میں درج ذیل امور ملحوظ رہنے چاہییں:

  • طلبہ کو اس فن کے سیکھنے کی حقیقی ضرورت محسوس کرا دی جائے، تاکہ سیکھنے کا بھرپور جذبہ پیدا ہو۔
  • انہیں جو کچھ سکھانا ہو، وہ نہ تو اتنا مشکل ہو کہ بچوں میں مایوسی اور بددلی پیدا ہو اور نہ اتنا طویل ہو کہ وہ اکتا جائیں۔
  • بچوں کے کام میں صحت و صفائی کے اسی معیار کی توقع کی جائے جو وہ معمولی جدوجہد سے حاصل کر سکتے ہوں۔ واضح رہے کہ فنون میں مہارت کئی دنوں کی مسلسل محنت اور مشق کے بعد ہی پیدا ہوتی ہے۔ بچوں سے ابتدا ہی میں باریک کام کی توقع رکھنا مناسب نہیں۔

مہارتی اسباق کے اقدامات

۱۔ تمہید یا تحریک: بچوں کے سامنے کوئی نمونہ پیش کرکے انہیں اس کی نقل کرنے پر آمادہ کیا جائے۔ انہیں ایسی صورتِ حال سے دوچار کیا جائے کہ وہ کسی خاص کام میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت محسوس کرنے لگیں۔ مثلاً عید کے موقع پر عزیز و اقارب کو بھیجنے کے لیے اپنے ہاتھ سے عید کارڈ اور لفافہ بنانے کی ضرورت، یا اپنی کتابوں کی جلد بنانے اور اسے آراستہ کرنے کی ضرورت وغیرہ۔

۲۔ پیش کش: پہلے سے تیار کسی نمونے کا اچھی طرح مشاہدہ کرایا جائے اور اس کے ایک ایک جز کی جسامت اور شکل وغیرہ ذہن نشین کرائی جائے۔ یا اس کی مفصل ڈرائنگ تختۂ سیاہ کی مدد سے سمجھائی جائے۔ ضرورت ہو تو پورا نمونہ بچوں کے سامنے تیار کرکے دکھایا جائے۔ نمونے کو پوری جماعت میں گھما دیا جائے، تاکہ ہر بچہ اسے اپنے ہاتھ میں لے کر قریب سے دیکھ سکے۔

۳۔ قاعدے اور اصول: اختصار کے ساتھ وہ قواعد اور اصول سمجھا دیے جائیں جن سے نمونہ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

۴۔ عمل: ضروری سامان فراہم کرکے طلبہ کو کام پر لگا دیا جائے۔ جب بچے عملی کام میں مصروف ہوں تو استاد کو چاہیے کہ وہ پوری جماعت میں گھوم پھر کر دیکھتا رہے کہ:

  • طلبہ کے بیٹھنے کا انداز درست ہے۔
  • آنکھوں اور کاپی وغیرہ کے درمیان فاصلہ مناسب ہے اور کمر سیدھی ہے۔
  • قلم، برش یا دوسرے آلات کو صحیح طریقے سے پکڑا جا رہا ہے۔
  • سامان مناسب طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔
  • کام صحت و صفائی کے ساتھ انجام دیا جا رہا ہے۔
  • کن طلبہ کو انفرادی مدد کی ضرورت ہے۔

جہاں جس طرح کی مدد کی ضرورت ہو، فوراً فراہم کی جائے۔ واضح رہے کہ نگرانی اور انفرادی مدد جتنی توجہ سے کی جائے گی، طلبہ کے لیے مہارت حاصل کرنا اتنا ہی آسان ہوگا، کام بھی صحت و صفائی سے ہوگا اور سامان ضائع ہونے سے بھی محفوظ رہے گا۔ نگرانی میں غفلت طرح طرح کے نقصانات کا موجب بنتی ہے۔

۵۔ تفویض: سیکھی ہوئی مہارت کو کام میں لانے کے لیے کوئی ایسا دلچسپ کام دیا جائے جس سے مزید مشق ہو۔ مثلاً ڈیزائن یا سیری بنانے کا طریقہ سکھانے کے بعد جماعت یا کمرے کو آراستہ کرنے کے لیے کچھ بنانے کو دیا جائے، یا خوش نویسی سکھانے کے بعد کوئی کتبہ لکھ کر لٹکانے کے لیے کہا جائے۔

۳۔ تنقیدی یا تقریظی اسباق

ان میں ادبی شہ پاروں، اخلاقی کہانیوں، مؤثر نظموں اور سبق آموز واقعات وغیرہ پر مشتمل وہ اسباق آتے ہیں جو بچوں کی جذباتی اور اخلاقی تربیت کرنے، ان کے اندر ذوقِ سلیم اور جذباتِ لطیف پیدا کرنے اور ان کے تخیلات، تصورات اور نصب العین کو بلند کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔

اس طرح کے اسباق کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ:

  • معلم خود ایک دردمند، حساس اور خیر پسند دل رکھتا ہو۔
  • برے بھلے میں امتیاز کرنا جانتا ہو۔
  • دوسروں کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
  • بچوں کی عمر، ذوق اور معیار کے مطابق مواد فراہم کر سکے۔

اس طرح کے اسباق پڑھانے میں درج ذیل پانچ اقدامات اختیار کرنے چاہییں:

۱۔ موزوں فضا: مناسب تمہید کے ذریعے سبق کے لیے موزوں فضا تیار کی جائے۔ فضا جتنی زیادہ پُرسکون ہوگی اور طلبہ ذہنی انتشار سے جس قدر محفوظ ہوں گے، اس طرح کے اسباق سے اتنا ہی زیادہ متاثر ہوں گے۔

۲۔ مواد کی پیش کش: اگر سبق بڑا ہو تو اسے دو تین اجزا میں تقسیم کرکے پوری دل چسپی اور انہماک کے ساتھ پیش کیا جائے، تاکہ طلبہ پر مطلوبہ کیفیت طاری ہو سکے۔

۳- موازنہ و تقابل اور توضیح و تشریح کے ذریعے اسے طلبہ کے لیے قابلِ فہم بنایا جائے۔

۴۔ سوالات: سوالات قائم کرکے طلبہ کو خود پڑھنے اور غور و فکر کرنے کا موقع دیا جائے۔

۵ ۔ اظہارِ خیال: مناسب سوالات کے ذریعے طلبہ کو اپنے خیالات اور جذبات کے اظہار کا موقع دیا جائے اور تنقید، تقریظ یا تبصرے کے ذریعے صحیح نتیجے تک پہنچنے میں ان کی مدد کی جائے۔

۴۔ اعادی یا مشقی اسباق پڑھانے کا طریقہ

اس طرح کے اسباق میں صرف تین اقدامات ہوتے ہیں:

۱۔ تمہید: سکھائے ہوئے قاعدے یا ضابطے سے متعلق دو تین ایسے سوالات کیے جائیں جن کے جوابات بچے زبانی دے سکیں۔

۲۔ مشق: اعادے یا مشق کے لیے دو تین ایسے سوالات دیے جائیں جو پڑھے ہوئے قواعد کی مدد سے حل ہو سکتے ہوں، لیکن جنہیں حل کرنے کے لیے غور و فکر اور محنت درکار ہو۔ جب بچے سوالات حل کرنے لگیں تو معلم کو چاہیے کہ وہ جماعت میں گھوم پھر کر نگرانی کرے اور حسبِ ضرورت مدد فراہم کرے۔ کمزور طلبہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ذہین طلبہ اگر جلد ہی سوالات حل کر لیں تو انہیں مزید کام دے دیا جائے، تاکہ وہ مصروف رہیں اور دوسرے بچوں کے کام میں مخل نہ ہوں۔ اگر کئی بچے سوالات حل کرنے میں ناکام ہوں تو تختۂ سیاہ پر خود حل کرکے یا ان طلبہ سے حل کروا کر جن کا جواب درست ہو، انہیں طریقہ اچھی طرح سمجھا دیا جائے۔

۳۔ تفویض: آخر میں پڑھے ہوئے قواعد اور ضابطوں سے متعلق کچھ ایسے کام دے دیے جائیں جنہیں بچے معمولی توجہ سے اپنے طور پر کر سکیں۔ یہ کام جماعت میں بھی کرایا جا سکتا ہے اور گھر سے کرکے لانے کے لیے بھی دیا جا سکتا ہے۔

مصنف:- افضل حسین خان

افضل حسین خان (1918ء–1990ء) ممتاز ماہرِ تعلیم، بچوں کے مصنف اور جماعتِ اسلامی ہند کے رہنما تھے۔ آپ نے تعلیم و تربیت کے میدان میں طویل خدمات انجام دیں اور 1972ء سے 1989ء تک جماعتِ اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل رہے۔ آپ نے بچوں اور نوجوانوں کی اخلاقی و تعلیمی تربیت کے لیے متعدد کتابیں تصنیف کیں، جن میں فنِ تعلیم و تربیت، ہماری دنیا، آئینۂ تاریخ اور موتیوں کا ہار خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔

ماخذ: فن تعلیم تربیت

ایڈیشن نمبر: تیسرا ایڈیشن

ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی

سنِ اشاعت: ۱۹۶۹ء

اس سلسلے کی دیگر حصوں کے لیے یہاں کلک کریں۔

Related Articles