فرنچ نزاد اردو ادیب جولین کولمیو (Julien Columeau) کی نگارش ‘میرے پیارے استاد’ کے انگریزی ترجمہ ‘My Dear Teacher’ کے لیے ثنا آر چودھری کو سال 2022 کے جواد میموریل ایوارڈ برائے اردو-انگریزی ترجمہ سے نوازا گیا ہے۔
آنلائن نیوز پورٹل دی وائر کی خبر کے مطابق جیوری کے ممبران میں پروفیسر فاطمہ رضوی، شعبہ انگریزی، لکھنئو یونیورسٹی اور جناب سیف محمود، ایڈوکیٹ، عدالت عظمی، نئی دلی شامل تھے۔
دی وائر کے مطابق سال رواں کے جواد میموریل ایوارڈ کے لیے اردو کی مختصر کہانیوں کے غیر مطبوعہ انگریزی ترجمے مدعو کیے گئے تھے۔ جیوری کے مطابق ایوارڈ یافتہ ترجمہ ‘My Dear Teacher’ نہایت ہی دلکش اور بے قرار کر دینے والی اردو کہانی ‘میرے پیارے استاد’ کا انتہائی معیاری ترجمہ ہے۔ جیوری ممبران کے بیان کے مطابق جہاں ایک طرف اس ترجمہ نے اردو کے ادبی امتیاز اور اسکی اصل روح کو برقرار رکھا ہے، اسے پڑھ کر اردو متن سے ناواقف افراد کے لیے ایک بالکل نئے ادبی تخلیق کا احساس ہوگا۔
جواد میموریل ایوارڈ برائے ترجمہ کی اساس 2017 میں رکھی گئی تھی۔ معروف ادیب اور مترجم محترمہ رخشندہ جلیل کو گلزار صاحب کی مختصر کہانی ‘دھواں’ کے انگریزی ترجمہ ‘Smoke’ کے لیے پہلا جواد میومریل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
علی جواد زیدی (1916 – 2004) اردو شاعر اور کثیر صوتی اسکالر گزرے ہیں۔ انکے ادبی اور علمی کارناموں کے اعتراف میں انہیں پدماشری، غالب ایوارڈ، اور میر انیس ایوارڈ جیسے متعدد اعزاز سے نوازا گیا۔ اپنے انتقال کے وقت وہ اپنے ایک اہم ادبی تخلیق ‘اردو میں رام کتھا’ کو مکمل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سال 2022 کے جواد میموریل ایوارڈ برائے ترجمہ کی نواز یافتہ ثنا آر چودھری پڑوسی ملک پاکستان سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ ایک مصنفہ، مترجم اور تحقیق کار ہیں۔