
ب۔ کہانیاں سنانا
کہانیاں شروع سے ہی تعلیم و تربیت کا نہایت دلچسپ اور مؤثر ذریعہ رہی ہیں۔ کون ہے جسے کہانیوں میں دلچسپی نہیں آتی، لیکن بچے تو ان کے بہت ہی دل دادہ ہوتے ہیں۔ دادی اماں کے اور بہت سے احسانات ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بچے ان کی طرف کھنچتے ہیں، لیکن سب سے زیادہ کشش ان کی کہانیوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔ کہانیوں کے لیے ان کے فطری ذوق کا اندازہ اس اصرار سے ہو سکتا ہے جو وہ کہانیاں سننے کے لیے کرتے رہتے ہیں۔ وہ ہمہ تن متوجہ ہو کر سنتے ہیں، یہاں تک کہ ان کی نیند اڑ جاتی ہے اور دادی اماں کی جان اس وقت چھوٹتی ہے جب سنتے سنتے بالآخر وہ نیند کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔
اہمیت و افادیت:
1۔ کہانیوں سے بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور معاشرتی تربیت میں بڑی مدد ملتی ہے۔ وہ اپنے آپ کو ہیرو کا قائم مقام بنا کر اپنے اوپر اسی جیسی تمام کیفیات طاری کر لیتے ہیں۔ سنتے سنتے اچھل پڑتے ہیں اور ان کے چہرے کے تاثرات نیز جسم کی حرکات و سکنات سے صاف محسوس ہونے لگتا ہے کہ ان کے دل و دماغ پر بھی وہی کچھ گزر رہا ہے جو کہانی کے ہیرو پر گزرتا ہے۔
2۔ قوتِ متخیلہ کی نشوونما، نصب العین اور آدرش کی تشکیل، سیرت سازی اور اعلیٰ تخیلات کو پروان چڑھانے میں کہانیاں بہت زیادہ معاون ثابت ہوتی ہیں۔
3۔ مشکل اور خشک مضامین کہانیوں کے سہارے آسان، دلچسپ اور قابلِ قبول بن جاتے ہیں۔
4۔ مجرد تصورات اور اصولی باتیں کہانیوں کے ذریعے بآسانی سمجھ میں آ جاتی ہیں۔
5۔ زبان سکھانے، الفاظ کے ذخیرے میں اضافہ کرنے اور خیالات و جذبات کے اظہار پر قدرت حاصل کرنے میں بھی کہانیاں بڑی معاون ہوتی ہیں۔
6۔ اسلامیات، تاریخ، جغرافیہ، سیرت وغیرہ سے متعلق معلومات ان کے ذریعے بآسانی فراہم کی جا سکتی ہیں، جو کہانی کے سہارے اچھی طرح یاد بھی ہو جاتی ہیں۔
قابلِ لحاظ امور:
- ابتدا میں کہانیاں سادہ اور مختصر ہونی چاہییں۔ رفتہ رفتہ انہیں طویل اور پیچیدہ کیا جا سکتا ہے۔
- الفاظ آسان، جملے چھوٹے اور زبان شگفتہ ہونی چاہیے۔
- واقعات باہم مربوط اور بچوں ہی کی زندگی سے متعلق، نیز ان کے ذوق، فہم، مشاہدے اور تجربے سے قریب ہونے چاہییں۔
- قصے کا ہیرو حتی الامکان بچہ ہو اور اس کی حرکات و سکنات یا کارنامے واضح پس منظر میں بیان کیے جائیں۔
- قصے کا مواد بچوں کی عمر، لیاقت، نفسیاتی خصوصیات اور دلچسپیوں کو پیشِ نظر رکھ کر منتخب کرنا چاہیے۔
- کہانی کے افراد، مقامات اور اشیاء کو تعین کے ساتھ بتانا چاہیے۔
- کہانیاں حرکت اور جوش سے بھرپور ہونی چاہییں۔ ان میں دوڑ بھاگ، اچھل کود، مقابلہ و مسابقت، ہمت و شجاعت، سیر و سیاحت اور جہات و اکتشافات وغیرہ کے واقعات ہونے چاہییں۔
- مکالمات کی فراوانی ہونی چاہیے۔
- کہانی مسلسل پھیلتی جائے تاکہ توجہ مرکوز اور دلچسپی برقرار رہے۔
- اگر ایک شگفتہ جملہ یا فقرہ تھوڑے تھوڑے وقفے پر دہرایا جا سکے تو چھوٹے بچوں کو بہت لطف آتا ہے۔
- کہانی خواہ کسی مضمون سے متعلق ہو، اس میں قصہ پن غالب ہونا چاہیے، البتہ وہ مقصد ہمہ وقت پیشِ نظر رہنا چاہیے جس کے لیے وہ کہانی سنائی جا رہی ہے۔
- مشہور و معروف کہانیوں کو من و عن پیش کرنے کے بجائے حسبِ ضرورت بچوں کی لیاقت و صلاحیت کے مطابق ڈھال کر پیش کرنا چاہیے، لیکن تاریخی کہانیوں میں اس بات کا لحاظ رہے کہ تاریخی حقائق یا واقعات مجروح نہ ہونے پائیں۔
- بعض کہانیاں جگ بیتی کے بجائے آپ بیتی کے طور پر پیش کی جائیں تو زیادہ لطف دیتی ہیں۔ ایسی کہانیاں بچوں کو جلد یاد ہو جاتی ہیں اور وہ انہیں بآسانی بیان کر سکتے ہیں۔ اس لیے کبھی کبھی ہیرو ہی کی زبان سے کہانی کہلوانی چاہیے۔
- بچپن میں بھوت پریت اور جن و پری کے قصوں سے توہم پرستی پیدا ہوتی ہے اور عنفوانِ شباب میں جاسوسی یا عشقیہ کہانیوں سے بے حیائی اور جرائم پیشگی کا رجحان پیدا ہو سکتا ہے۔ اس لیے اس طرح کی کہانیوں سے محفوظ رہنا چاہیے۔
- کہانی معلم کو خوب یاد ہونی چاہیے تاکہ سناتے وقت روانی رہے۔ بیچ بیچ میں رک کر یا کتاب کھول کر دیکھنا نہ پڑے، ورنہ سارا مزہ کرکرا ہو جاتا ہے۔
- کہانیوں کے جو حصے مکالمے کی شکل میں پیش کیے جا سکتے ہوں، انہیں کبھی بچے یا مجمع کے سامنے بطورِ مکالمہ پیش کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ البتہ ایسی کہانیاں مکالمے کے لیے منتخب نہیں کرنی چاہییں جن سے کسی بچے کو کوئی گھناؤنا کردار ادا کرنا پڑے، ورنہ اس بچے پر وہی کیفیات طاری ہونے کا اندیشہ رہے گا اور خدشہ ہوگا کہ وہ کہیں جڑ نہ پکڑ جائیں۔
کہانیاں سنانے کا طریقہ:
کہانیاں ہمیشہ زبانی سنانی چاہییں۔ پڑھ کر سنانے میں نہ تو وہ لطف آتا ہے اور نہ وہ کیفیت طاری ہوتی ہے جس کے لیے کہانی سنائی جاتی ہے۔ اگر کبھی پڑھ کر سنانا ہی پڑے تو اندازِ بیان زبانی سنانے کا سا ہونا چاہیے۔
انداز خوشگوار اور لب و لہجہ فطری ہونا چاہیے۔ حسبِ ضرورت آواز میں اتار چڑھاؤ اور حرکات و سکنات سے جوش و جذبے کا اظہار بھی ضروری ہے۔
معلم جب خود مزے لے کر کہانی سناتے اور واقعات سے تاثر کا اظہار کرتے ہیں تو بچے بھی لطف لیتے ہیں اور متاثر ہوتے ہیں۔ اس لیے زبان، بیان اور انداز، ہر چیز سے مطلوبہ کیفیت اور فضا پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
کہانی مسلسل سنانے کی بجائے دو تین موزوں اجزا میں تقسیم کر کے سنانی چاہیے۔ ایک جز سنانے کے بعد موزوں سوالات کے ذریعے اہم واقعات کا اعادہ کروا کر اگلا جز پیش کرنا چاہیے۔ آخر میں سوالات کر کے پوری کہانی کا خلاصہ سن لینا چاہیے۔
الفاظ میں واضح نقشہ کھینچنے اور ہر واقعے کا پس منظر بیان کرنے کے بعد بھی حتی الامکان توضیحی تصاویر دکھانی چاہییں اور تختۂ سیاہ کی مدد سے مزید وضاحت کرنی چاہیے۔
معلوماتی کہانیوں میں سے مناسب سوالات کے ذریعے وہ باتیں اخذ کر لینی چاہییں جن کے لیے کہانی کی مدد لی گئی تھی۔
کہانی سنانے کے دوران وہ مقصد ہمہ وقت ذہن میں رہنا چاہیے جس کے لیے وہ کہانی سنائی جا رہی ہے۔
کہانی کے وہ حصے جنہیں بعد میں بچوں سے مکالمے کے طور پر پیش کروانا ہو، سناتے وقت معلم انہیں مکالمے ہی کی شکل میں پیش کرے۔
کبھی کبھی بچوں کو بھی کہانیاں سنانے کا موقع دینا چاہیے اور اس ضمن میں انتخاب، پیش کش وغیرہ کے سلسلے میں مناسب رہنمائی ہونی چاہیے۔



