تعلیمخیالاتسماجی علوم

اپنے بچوں کو پڑھانا

اپنے بچوں کو پڑھانا
پدمنی مینن

صبح ہم دونوں — میرا چھوٹا بیٹا اور میں — ایک ساتھ اسکول کی بس میں سوار ہوئے، لیکن ہمارا حال یہ تھا جیسے دو الگ الگ دنیاؤں میں جا رہے ہوں۔ میں محض ایک ٹیچر تھی اور جہاں جہاں ضرورت پڑتی بس کی نگران بنتی گئی، اور وہ ایک نو عمر طالب علم (ٹین ایجر)، اور ‘نگرانی میں رہنے والے بچے’ کے طور پر سفر کر رہا تھا ۔ یہ دونوں دنیائیں پورے دن ساتھ ساتھ چلتی رہیں اور صرف شام کو اسکول کے وقت کے بعد جب ہم فٹ پاتھ پر کھڑے ہوکر بس کو دور جاتے ہوئے دیکھتے، تب جاکر یہ دونوں دنیائیں آپس میں ملتی تھیں۔

اسکول کی زندگی کے زیادہ تر حصے میں میرے بیٹوں کو ایک عجیب سا تجربہ یہ رہا کہ ان کی ماں ان ہی کے اسکول اور کلاس میں بھی موجود تھی۔ پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کہ بچوں کی طالب علمی والی زندگی میں والدین کی موجودگی کا اثر اور اس کے تئیں ان کا رویہ ان کی عمر پر منحصر ہوتا ہے۔ جب میں چھوٹی کلاسوں (پرائمری) میں تھی، تو میری ماں اسی اسکول میں پڑھاتی تھیں اور مجھے اس پر بہت فخر ہوتا تھا۔ لیکن ،چونکی ،وہ بڑی کلاسوں میں پڑھاتی تھیں اس لیے میرے روزمرہ کے اسکول سے ان کا کوئی براہ راست واسطہ نہیں تھا۔ اس وجہ سے شاید کچھ فرق پڑا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر وہ میرے ہائی اسکول کے دنوں میں براہِ راست طور پہ شامل ہوتی تومیرے تجربات بالکل مختلف ہوتے۔

کئی سال بعد، جب حالات کی وجہ سے ہمیں رشی ویلی جانا پڑا، تب میرے بچے بہت چھوٹے تھے، لیکن مجھے اس بات کا کافی احساس تھا کے میرے اپنے بچوں کے اسکول میں میری موجودگی کا ان کے طالب علمانہ تجربے پر خاص اثر ہوگا۔ میں یہ چاہتی تھی کہ وہ اسکول کی ہر چیز سے کھل کر لطف اٹھائیں اور میری موجودگی ان کے لیے بے تکلفانہ ہو۔

شروع کے سالوں میں یہ آسان تھا کیونکہ وہ پرائمری میں تھے اور میں مڈل اور ہائی اسکول کے بچوں کو پڑھاتی تھی۔ لیکن پھر وہ دن بھی آ ہی گیا جب مجھے اپنے بڑے بیٹے کو اپنی کلاس میں پڑھانا پڑا۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اسے بھی اپنی کلاس میں مجھ جیسی ماں کو جھیلنا پڑا!

اس صورتحال میں عجیب سی شرمندگی یا جھجک پیدا ہونے کا پورا خطرہ تھا — اب میں اس امکان کو کیسے کم کرتی تاکہ سب کے لیے آرام دہ ماحول رہتا، چاہے وہ ٹیچر ہو یا طلبہ؟

میں نے کچھ بنیادی اصول بنائے جن پر میں نے رشی ویلی میں اور اس کے کچھ سال بعد بنگلورو کے ‘دی ویلی اسکول’ میں بھی (جہاں میں نے پڑھایا) کم و بیش عمل کیا۔

پہلا اور سب سے اہم اصول یہ تھا کہ کلاس میں قدم رکھتے ہی میں اپنا سوچنے کا انداز بدل لوں اور سب کو صرف اپنے عام طلبہ کی طرح دیکھوں۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ مجھے جان بوجھ کر اس بات کو اپنے دماغ سے نکالنا تھا کہ باہر ہماری ذاتی زندگی کیسی ہے۔ کلاس میں اپنے بچوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے ذاتی حوالے اپنے کلاس روم میں نہیں لاتی تھی،ٹھیک ویسے ہی جیسے یہ معاملہ دوسرے طلبہ کے ساتھ ہوتا ۔ فرق صرف اتنا تھا کہ دوسرے بچوں کے بارے میں مجھے ان کی ذاتی زندگی کا زیادہ پتہ نہیں ہوتا تھا، لیکن اپنے بچوں کے بارے میں مجھے سب معلوم تھا، جسے مجھے اپنے دل و دماغ سے بالکل نکالنا پڑتا تھا۔  

 

دوسرا اصول یہ تھا کہ انہیں اپنے دوستوں اور ہم عمر بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا موقع دیا جائے۔ شروع میں وہ کیمپس میں میرے ساتھ ہی رہتے تھے، لیکن مجھے یہ محسوس ہونے لگا کہ اس طرح میں ان کے اور ان کے دوستوں کے درمیان ایک دیوار بن رہی ہوں۔ یہ بات خاص طور پر رشی ویلی جیسے رہائشی اسکول میں بہت اہم تھی، جہاں بچے نہ صرف کلاس میں بلکہ باہر بھی ایک ساتھ رہتے ہیں۔ جو بچہ اس دوستی اور میل جول میں شامل نہ ہو، وہ بہت کچھ کھو دیتا ہے۔ اس لیے، اسکول کے ماحول میں رچنے بسنے کے کچھ عرصے بعد، میرے دونوں بچے اپنے اپنے ہاسٹل میں رہنے چلے گئے۔ اس وقت تک میں خود بھی ایک ہاسٹل کی نگران بن چکی تھی، اس لیے مجھے اپنے ذمہ والے بچوں کی دیکھ بھال کا الگ وقت مل گیا۔

تیسرا اصول اس وقت کام آیا جب میرے بچے بڑے ہوکر نو عمر (ٹین ایجر) بن گئے — کہ کلاس کے باہر انہیں بالکل نظر انداز کرو۔ ٹین ایجر بچے اپنے والدین کو اپنے ساتھ دیکھ کر اکثر بہت شرمندہ ہوتے ہیں۔ جب میں خود چھوٹی تھی تو میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا تھا، اس لیے میں ان کی اس مجبوری کو اچھی طرح سمجھتی تھی۔ کوئی بھی ٹین ایجر یہ پسند نہیں کرتا کہ اس کے ماں یا باپ اچانک کہیں بھی سامنے آ جائے۔ اس لیے ہم نے یہ طے کیا کہ جب بھی ہم پبلک میں ملیں گے تو بس ایک ہلکی سی مسکراہٹ یا سر ہلا کر آگے بڑھ جائیں گے۔ کوئی ذاتی بات نہیں کرنی، اور اگر بہت ہی ضروری ہو تو بس ایک آدھ جملے میں بات ختم کر دینی ہے۔ میرے بچوں نے بھی اس بات پر پورا عمل کیا۔

ایک بہت اہم بات یہ سوچنی تھی کہ اگر کسی بچے کو ڈانٹنا یا سزا دینی پڑ جائے تو میں کیا کروں گی؟ رشی ویلی اور دی ویلی اسکول کے قاعدے قانون عام اسکولوں کی طرح سخت نہیں ہیں، لیکن پھر بھی ایسے موقع آہی جاتے ہیں جب ٹیچر کو کسی طالب علم کو ٹوکنا پڑتا ہے۔ میں اس سے کیسے نمٹتی؟ اس سے منہ موڑنا تو کوئی حل نہیں تھا، لیکن اگر اسے اچھے سے نہ سنبھالا جاتا تو اس کا اثر میرے بچوں پر پڑ سکتا تھا۔ بچے کے دل میں میرے خلاف جو غصہ آتا، وہ کہیں نہ کہیں میرے بچوں پر نکل سکتا تھا۔

اس کا حل میں نے یہ نکالا کہ میں نے ایک اصول بنایا جسے میں ‘بنیادی خیرخواہی’ (Objective Benevolence) کہتی ہوں۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ بچوں کے ساتھ میرا ہر برتاؤ اندر سے محبت اور اپنائیت پر مبنی ہونا چاہیے، چاہے میں انہیں کسی بات پر ڈانٹ ہی کیوں نہ رہی ہوں۔ اس طرح، ضرورت پڑنے پر میں غصے کا صرف چہرہ بنا لیتی تھی لیکن اندر سے غصے میں نہیں ہوتی تھی۔ اگر میں ایسا کر پاتی تو ضرورت پڑنے پر بچے کو ڈانٹ بھی دیتی اور اندر کی محبت بھی برقرار رہتی۔ میرا یہ ماننا تھا (اور امید بھی) کہ بچے فوری ڈانٹ کے بجائے اس اندرونی پیار اور خلوص کو زیادہ محسوس کرتے ہیں۔

کبھی کبھار جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو یہ خیال آتا ہے کہ کیا اسکول میں اس حد تک شامل رہ کر میں نے اپنے بچوں کے اسکول کے دنوں کا مزہ خراب کر دیا؟ میرے لیے اس کے فائدے بالکل صاف ہیں۔ مجھے یہ اچھے سے پتہ رہتا تھا کہ وہ اسکول میں روز کیسا کر رہے ہیں۔ اگر کوئی بھی مسئلہ ہوتا تو میں فوراًاوپر ہی موجود تھی اور چیزیں خراب ہونے سے پہلے سنبھال سکتی تھی۔ ویسے ایسی کوئی بری نوبت کبھی آئی نہیں، لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں وہاں موجود تھی۔

طلبہ کو پڑھانے کا مطلب پیار اور ضابطے کے درمیان ایک بہت باریک لکیر پر چلنا ہے۔ ایسے میں اپنے بچوں کا بھی وہیں ہونا اس معاملے کو بہت پیچیدہ بنا دیتا ہے اور اس کے لیے بہت سوچ بچار کی ضرورت ہوتی ہے۔ میں یہ تو نہیں کہوں گی کہ میں نے اسے سو فیصد بالکل صحیح سے نبھایا، لیکن یہ دیکھ کر کہ میرے بیٹوں کی اسکول کے دنوں کی یادیں مجموعی طور پر اچھی ہیں، مجھے امید ہے کہ میں نے چیزیں بالکل بگاڑی نہیں ہیں۔

مصنفہ : پدمنی مینن

مترجم : علما خان

مصنفہ کے بارے میں

پدمنی مینن نے رشی ویلی اور بنگلورو کے دی ویلی اسکول میں پڑھایا۔ اسکول کی نوکری کے بعد، انہوں نے اپنے کیریئر کا رخ ہلکا سا تبدیل کیا اور’Alexander Technique’ کی تربیت حاصل کی، جسے وہ بنگلورو میں سکھاتی ہیں، جہاں وہ اب مقیم ہیں۔ مصنفہ سے  [email protected]. پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close