ریاضی صرف حساب نہیں
“جو طالبہ امتحان میں حاضر نہیں ہوئی، اسے صفر دینا مناسب نہیں، کیونکہ اس کا منفی اثر نہ صرف اس طالبہ پر بلکہ اس کے پورے گروہ پر بھی پڑتا ہے،”یہ بات میری ریاضی کی جماعت میں ایک نو سالہ بچے نے کہا۔ یہ بات اس وقت سامنے آئی جب میری چوتھی جماعت کی طالبات اور طلبہ ایک بھرپور ذہنی غور و فکر کی سرگرمی میں مصروف تھے۔
میں آندھرا پردیش کے شہر وجئے واڑہ کے ایک نجی اسکول میں بطور ریاضی سہولت کار خدمات انجام دے رہی ہوں۔ میرا کام آٹھ سے تیرہ سال کی عمر کے بچوں کو سیکھنے کے عمل میں فعال طور پر شامل کرنا اور سوال و جستجو کے ذریعے ان کی رہنمائی کرنا ہے۔ تحقیق پر مبنی تدریس میں طالب علم کو مرکزیت حاصل ہوتی ہے، جہاں وہ دیے گئے مسئلے کی کھوج کرتا ہے، قیاس قائم کرتا ہے اور آہستہ آہستہ حل تک پہنچتا ہے۔ اس طریقہ تدریس کی بنیاد ایسے فکر انگیز سوالات پر ہوتی ہے جو سیکھنے والے کے اندر تجسس اور فہم کی چنگاری روشن کر دیتے ہیں۔
تحقیقی طرز کی ایک جماعت کی منصوبہ بندی
میری چوتھی جماعت کی طالبات اور طلبہ نے حال ہی میں تماثل کا سبق پڑھا تھا اور ہم اگلے یونٹ کی طرف منتقل ہو رہے تھے۔ اگلا یونٹ شماریات سے متعلق تھا، جس میں اوسط، درمیانی قدر اور زیادہ تکرار جیسی اصطلاحات شامل تھیں۔ اوسط کا تصور عملی اطلاق کے اعتبار سے نہایت زرخیز ہے، جیسے کسی گروہ کا اوسط قد، وزن، عمر یا کسی ادارے کے ملازمین کی اوسط تنخواہ۔ اس تصور پر مبنی سرگرمیوں کی کمی نہیں، بلکہ اس کے لیے بے شمار بامعنی سرگرمیاں ترتیب دی جا سکتی ہیں۔
چونکہ میرا اسکول تدریس و تعلم میں تحقیق کو ایک بنیادی طریقہ مانتا ہے، اس لیے میں نے اس نشست کی منصوبہ بندی اس انداز سے کی کہ اس میں گروہی گفتگو اور ذہنی غور و فکر کو نمایاں طور پر شامل کیا جائے، تاکہ اوسط کے تصور کے گرد ایک بامقصد اور فطری مکالمے کا آغاز ہو سکے۔

تناظر یعنی ہندسہ کے ایک تصور سے اوسط یعنی شماریات کے ایک تصور کی طرف متوازن منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے، تناظر پر مبنی ایک اختتامی جانچ لی گئی۔ ہر سیکھنے والے کو بیس میں سے نمبر دیے گئے، اس کے بعد انہیں چار واضح اور الگ الگ گروہوں میں تقسیم کر دیا گیا۔
جس دن ہم نے اوسط کا سبق شروع کرنے کا منصوبہ بنایا، میں نے طلبہ کے ساتھ اس جانچ کے نتائج شیئر کیے۔ کسی بھی ابہام سے بچنے کے لیے طلبہ کو واضح ہدایات دی گئیں۔ ہر سیکھنے والے کو اپنے ٹیسٹ پیپر پر درج گروپ نمبر کے مطابق چھوٹے دائروں میں بیٹھنا تھا۔ اس کے بعد ہر گروپ نے باہمی گفتگو، مشاورت یا رائے شماری کے ذریعے اپنے گروپ لیڈر کا انتخاب کیا۔
گروپ لیڈر سے توقع کی گئی کہ وہ تناظر پر مبنی جانچ میں اپنے پورے گروپ کی کارکردگی کا تجزیہ کرے۔ بعد ازاں اسی لیڈر کو سہولت کار کے سامنے پورے گروپ کی نمائندگی کرنا تھی۔
تحقیقی طرز کی نشست کی تنظیم
تمام گروپ لیڈرز کے لیے پہلا ابتدائی سوال یہ تھا: “ٹیسٹ میں آپ کی اپنی کارکردگی کیسی رہی؟” لیڈرز نے اپنی کارکردگی بیان کرنے کے لیے مختلف صفاتی الفاظ اور جملے استعمال کیے، جو “بہترین” سے لے کر “میں نے اچھا کیا” تک تھے۔ اس کے بعد دوسرا ابتدائی سوال پوچھا گیا: “آپ کے گروپ کی کارکردگی کیسی رہی؟” اس سوال کے جواب میں لیڈرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ صرف الفاظ استعمال کریں، اعداد نہیں۔ ایک بار پھر مختلف جملے سننے میں آئے، جیسے “انہوں نے اچھا کیا”، “وہ بہتر کر سکتے تھے” اور “انہوں نے اچھا کیا مگر مزید بہتر ہو سکتا تھا”۔
اس سوال کو آگے بڑھاتے ہوئے لیڈرز سے کہا گیا کہ وہ اپنے گروپ کی کارکردگی اعداد کے ذریعے بیان کریں۔ جونہی یہ سوال پوچھا گیا، ایک گروپ لیڈر نے اپنے گروپ کے مختلف طلبہ کے نمبر بتانا شروع کر دیے۔ فوراً ہی اسے ابتدا میں دی گئی ہدایت یاد دلائی گئی کہ اپنے گروپ کے افراد کے نمبر دوسرے گروپوں کے سامنے ظاہر نہیں کرنے ہیں۔ اس پر اس نے اپنی بات درست کی اور کہا: “میرے گروپ کے افراد نے اچھا کیا، مگر وہ اور بہتر کر سکتے تھے۔” اگلے گروپ لیڈر نے بھی اسی نوعیت کا جواب دیا۔ دراصل وہ اس بات سے واقف نہیں تھے کہ انفرادی نمبرز ظاہر کیے بغیر اعداد کے ذریعے کارکردگی کو کیسے بیان کیا جائے۔
بحث نے ایک دلچسپ رخ اس وقت اختیار کیا جب تیسرے گروپ لیڈر نے کہا: “میرے گروپ نے اچھا مظاہرہ کیا، کسی کے نمبر دس سے کم نہیں تھے اور نہ ہی اٹھارہ سے زیادہ۔” چوتھے گروپ لیڈر نے فوراً اس نئے انداز کو سمجھ لیا اور اپنے گروپ کے نمبرز کی تصدیق کے لیے واپس گئی۔ وہ زیادہ اعتماد کے ساتھ لوٹی اور اپنے گروپ کی کارکردگی کا زیادہ موزوں تجزیہ پیش کیا۔
اس مرحلے کے اختتام پر میں نے تمام گروپ کے ارکان سے کہا کہ وہ یہ جملہ استعمال کرتے ہوئے اپنے گروپ کی کارکردگی بیان کریں: “میرے گروپ میں کسی کے نمبر ___ سے کم نہیں تھے اور ___ سے زیادہ نہیں تھے۔” اس کے بعد میں نے طلبہ کو بتایا کہ انہوں نے ابھی ایک نیا تصور استعمال کیا ہے، جسے شماریات میں دائرہ یا رینج کہا جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر طلبہ کی فطری جستجو نہ ہوتی تو اس مرحلے پر یہ تصور متعارف ہی نہ کروایا جاتا۔
تحقیقی طرز کی نشست کو آگے بڑھانا
بحث کے تیسرے دور میں گروپ لیڈرز سے کہا گیا کہ وہ اپنے گروپ کی کارکردگی کو صرف ایک عدد کے ذریعے بیان کریں۔ تمام گروپوں کو پانچ منٹ دیے گئے تاکہ وہ آپس میں گفتگو کر کے یہ طے کر سکیں کہ وہ عدد کیا ہونا چاہیے۔ اس عدد پر گروپ کے تمام ارکان کا متفق ہونا ضروری تھا، اور ہر رکن کو یہ حق حاصل تھا کہ وہ منتخب کیے گئے عدد پر سوال اٹھا سکے۔
پانچ منٹ کی بامعنی گفتگو کے بعد تمام لیڈرز ایک ایک عدد کے ساتھ واپس آئے جو ان کے گروپ کی نمائندگی کر رہا تھا۔ اس مرتبہ جو جوابات سامنے آئے وہ خاصے متنوع تھے۔ ایک گروپ لیڈر چاہتی تھی کہ گروپ کا سب سے زیادہ اسکور ہی پورے گروپ کی نمائندگی کرے، جبکہ ایک دوسری گروپ لیڈر اس بات پر تذبذب کا شکار تھی کہ وہ عدد آخر کیا ہونا چاہیے۔
دو گروپ ایسے تھے جنہوں نے ایک ہی حکمت عملی اختیار کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گروپ کے تمام ارکان کے نمبرز کو آپس میں “ملانا” چاہتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ملانے سے ان کی مراد کیا ہے، تو انہوں نے کاغذ پر لکھا ہوا ایک عدد دکھایا۔ وہ عدد دراصل ان کے گروپ کے تمام نمبرز کا مجموعہ تھا۔
اس مرحلے پر میں نے تمام گروپوں سے سوال کیا: “کیا یہ منصفانہ ہوگا کہ گروپ کے سب سے زیادہ نمبر کو پورے گروپ کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا جائے؟” تمام گروپوں نے متفقہ طور پر اس خیال کو رد کر دیا، کیونکہ یہ انہیں غیر منصفانہ محسوس ہوا۔ اسی بنیاد پر انہوں نے گروپ کے سب سے کم نمبر کو نمائندہ عدد بنانے کے خیال کو بھی مسترد کر دیا۔ یوں وہ نمبروں کو “ملانے” کی حکمت عملی کی طرف زیادہ مائل نظر آئے۔
چنانچہ میں نے تمام گروپوں سے کہا کہ وہ اپنے گروپ کے کل نمبر معلوم کریں۔ گروپ نمبر ایک نے پینسٹھ نمبر حاصل کیے، گروپ نمبر دو نے تہتر، گروپ نمبر تین نے ترانوے اور گروپ نمبر چار نے اٹھہتر نمبر حاصل کیے۔
اب میں نے تمام گروپوں سے ایک مشترکہ سوال کیا: “کلاس میں کون سا گروپ سب سے بہتر رہا؟” زیادہ تر گروپ فوراً گروپ نمبر تین کا نام لینے لگے، لیکن چوتھے گروپ کی لیڈر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا: “گروپ نمبر تین میں چھ ارکان ہیں جبکہ میرے گروپ میں صرف پانچ ہیں۔ انہوں نے ایک سو بیس میں سے ترانوے نمبر حاصل کیے ہیں، جبکہ ہم نے ایک سو میں سے اٹھہتر نمبر حاصل کیے ہیں۔”
یہ وہ لمحہ تھا جس کا ہر سہولت کار شدت سے منتظر رہتا ہے۔ میں اپنی مسکراہٹ پر قابو نہ رکھ سکی۔ اس کے بعد میں نے سب سے کہا کہ وہ اپنی حکمت عملی پر دوبارہ غور کریں اور گروپ کی کارکردگی کو ظاہر کرنے کا کوئی زیادہ منصفانہ طریقہ سوچیں۔
فوراً ایک گروپ لیڈر نے کہا: “ہم کل نمبر اور حاصل شدہ نمبر دونوں میں سے بیس کم کر سکتے ہیں” جو کسروں سے متعلق ایک عام غلط فہمی تھی۔ میں نے اس سے پوچھا کہ کیا پانچ بٹا دس اور چار بٹا نو ایک جیسے ہوتے ہیں؟ وہ فوراً مسئلے کو سمجھ گئی۔
اسی دوران، جب میں اسے اپنی حکمت عملی پر دوبارہ سوچنے پر آمادہ کر رہی تھی، ایک اور طالب علم نے کہا: “اوسط”۔ ایک مختلف طالب علم نے کہا: “فیصد”۔ اس سے پہلے کہ میں ان میں سے کسی بھی جواب کو آگے بڑھا پاتی، اگلی کلاس کا وقت ہو چکا تھا۔ یوں میں نے انہیں انہی سوالات کے ساتھ چھوڑ دیا تاکہ وہ خود ان پر غور کرتے رہیں۔
مسئلہ + حل = ایک اور مسئلہ
اگلے دن ہم نے نشست کا آغاز پچھلی گفتگو کو یاد کرتے ہوئے کیا۔ طلبہ نے مجھے بتایا کہ اوسط اور فیصد وہ ممکنہ طریقے تھے جن پر بات ہوئی تھی۔ اس گروہ کے ساتھ فیصد کا ذکر پہلے اعشاریہ اور کسروں کے تناظر میں مختصراً آ چکا تھا، مگر وہ ابھی فیصد نکالنے کا طریقہ نہیں جانتے تھے۔ اسی طرح اوسط کا تصور بھی انہوں نے اس سے پہلے کبھی استعمال نہیں کیا تھا۔ اس لیے یہ بات میرے لیے بھی حیران کن تھی، لیکن اسی نے اوسط یعنی میانہ کے گرد گفتگو شروع کرنے کے لیے ایک نہایت اچھا نقطہ فراہم کر دیا۔
میں نے ان سے کہا کہ وہ اپنے گروپ کے کل نمبروں کو گروپ کے تمام ارکان میں برابر تقسیم کریں اور ایک عدد تک پہنچیں۔ انہوں نے اسی ہدایت پر عمل کیا۔
نشست کے اختتام تک ہم ہر گروپ کا اوسط اسکور معلوم کر کے مسئلے کو حل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ مگر یہاں ایک اور مسئلہ سامنے آ گیا۔ گروپ نمبر دو میں چھ ارکان تھے، لیکن ان میں سے ایک رکن نے ٹیسٹ نہیں دیا تھا۔ گروپ لیڈر نے کہا: “وہ ابھی ابھی اسکول میں شامل ہوئی ہے، اس لیے اس تصور پر اس کی جانچ کرنا ناانصافی ہوگی جسے اس نے ابھی سیکھا ہی نہیں۔” تمام گروپ اس بات پر متفق ہو گئے۔
اس کے بعد اگلا سوال سامنے آیا: “کیا ہمیں اسے صفر دینا چاہیے؟” گروپ تذبذب کا شکار ہو گئے۔ وہ نہ تو اس کا امتحان لینا چاہتے تھے اور نہ ہی اسے صفر دینا چاہتے تھے۔ ایک رکن نے پختگی سے کہا: “اگر ہم اسے صفر دیں گے تو اس کا منفی اثر اس پر بھی پڑے گا اور گروپ کے اسکور پر بھی۔”
جب گروپ اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے ذہنی غور و فکر میں مصروف تھے، عین اسی وقت گھنٹی بج گئی۔ یوں وہ اگلی کلاس سے پہلے سوچنے کے لیے ایک اور مسئلے کے ساتھ چھوڑ دیے گئے۔
مصفہ کے بارے میں
مصنفہ اے آئی ایم ای انٹرنیشنل اسکول، وجئے واڑہ میں بطور ریاضی سہولت کار خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہیں کم عمر سیکھنے والوں کے لیے سیکھنے کے عمل کو زیادہ فعال اور بامعنی بنانے کے مختلف طریقوں کو تلاش کرنے میں خاص دلچسپی ہے۔ ان سے رابطہ اس ای میل پتے کے ذریعے کیا جا سکتا ہے: [email protected]
ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں
ترجمہ: سلمان وحید



