تعلیمخیالاتریاضی

الگورتھم کا تعارفی مطالعہ

الگورتھم کا تعارفی مطالعہ

یہ مضمون الگورتھم کے تصور، اس کی اہمیت اور اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتا ہے۔ اس میں روزمرہ زندگی میں الگورتھم کے استعمال کی مثالیں بھی بیان کی گئی ہیں اور ساتھ ہی ریاضی سے متعلق نمونے بھی دیے گئے ہیں جو ان کی عملی افادیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

الگورتھم کیا ہے؟

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ آپ کے پسندیدہ ویڈیو کھیل کس طرح چلتے ہیں؟ یہ آلات اور ایپیس ایک خاص پروگرام کی زبان میں لکھے گئے کوڈ کو سمجھ کر کام کرتے ہیں، جو کمپیوٹر کی سمجھ میں آتی ہے۔ یہی کوڈ کمپیوٹر کو بتاتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے، اور اسی کی بدولت آپ کوئی ایپ استعمال کر پاتے ہیں یا کھیل کھیل لیتے ہیں۔ کسی کام کو انجام دینے کے لئے دی گئی ہدایات کے اس مجموعے کو الگورتھم کہا جاتا ہے۔ لیکن ایک بات ضروری ہے: کسی ہدایت نامے کو الگورتھم کہنے کے لئے اس کا ایک واضح آغاز اور ایک واضح انجام کا ہونا ضروری ہے۔ اگر اس کا اختتام نہ ہو تو وہ عمل مسلسل چلتا رہے گا اور اسے مکمل الگورتھم نہیں کہا جائے گا۔ الگورتھم صرف کمپیوٹروں کے لئے نہیں ہوتے۔ ہم انسان بھی اپنی روزمرہ زندگی میں انہیں مسلسل استعمال کرتے ہیں۔ آئیے ایک سادہ مثال سے سمجھتے ہیں۔ تصور کریں کہ آپ ایک مزیدار ناشتہ بنانا چاہتے ہیں، یعنی روٹی جس پر گڑ اور گھی ہو۔

آپ اس کے لئے یہ مراحل طے کرتے ہیں:

ایک روٹی لیجئے۔
اس پر ایک چمچ گھی لگائیے۔
گڑ کو باریک پیس لیجئے۔
پسا ہوا گڑ روٹی پر چھڑک دیجئے۔
روٹی کو لپیٹ لیجئے۔

اور لیجئے، آپ کا مزیدار ناشتہ تیار ہے۔ لطف اٹھائیے۔

روٹی اور گھی

الگورتھم کیوں اہم ہیں

الگورتھم ہر جگہ موجود ہیں۔ یہ کمپیوٹر، روبوٹ اور انسانوں کو بھی مسائل کو بہتر انداز سے حل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ الگورتھم دراصل ہدایات کا ایسا واضح مجموعہ ہوتا ہے جو یہ یقینی بناتا ہے کہ جو بھی کام کیا جائے وہ ہر بار ایک ہی طرح اور درست انداز میں ہو۔ چونکہ ان ہدایات پر مشین نے بھی عمل کرنا ہوتا ہے، اس لئے ان میں کسی بھی طرح کا ابہام نہیں ہونا چاہئے۔ ان کے الفاظ ایسے ہوں کہ ان کا صرف ایک ہی مطلب نکلے۔

الگورتھم خاص طور پر ان کاموں کے لئے فائدہ مند ہوتے ہیں جو بار بار کرنے پڑتے ہیں، اور جن میں ایک جیسے نتیجے کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ اسے کھانے کی ترکیب کی طرح سمجھیں۔ اگر ترکیب صاف اور درست ہو تو پکوان ہر بار ایک ہی ذائقے کا ہوگا، خواہ کوئی بھی اسے پکائے۔ اسی طرح مشینیں بھی تب ہی مسلسل اور ٹھیک نتیجہ دیتی ہیں جب انہیں صاف اور ترتیب وار ہدایات دی جائیں۔ الگورتھم پر عمل کرنے سے یہ بھی ہوتا ہے کہ بوریت یا تھکن کی وجہ سے انسان کی غلطی شامل نہیں ہوتی، کیونکہ مشین ہر بار ہدایات کو ایک ہی انداز سے پورا کرتی ہے۔

اسی لئے ہمارا گڑ اور گھی والی روٹی بنانے کا طریقہ مکمل الگورتھم نہیں کہلائے گا، کیونکہ مختلف لوگ ان ہدایات کو مختلف انداز میں سمجھ سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر پہلی ہدایت، “ایک روٹی لیجئے”، بہت مبہم ہے۔ اسے بہتر بنانے کے لئے یہ بھی بتایا جا سکتا ہے کہ روٹی کس سائز، موٹائی اور آٹے کی ہو۔ مثلاً یوں کہا جائے: “پکے ہوئے آٹے کی ایک روٹی لیجئے جس کا قطر تقریباً پانچ سینٹی میٹر اور موٹائی دو ملی میٹر ہو۔” اسی طرح دوسری ہدایت زیادہ واضح یوں ہو سکتی ہے: “ایک چمچ امول کا گھی لیجئے اور اسے روٹی کے ایک رخ پر برابر پھیلائیے۔” باقی مراحل کو بھی اسی طرح صاف اور ٹھوس بنانا چاہئے۔

آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اگر دنیا میں الگورتھم نہ ہوں تو بہت بے ترتیبی اور مشکل پیدا ہو جائے۔ الگورتھم کو سمجھنے سے آپ یہ جان پاتے ہیں کہ مسائل کو بہتر طریقے سے کیسے حل کرنا ہے، چاہے وہ ریاضی ہوں، سائنس ہو یا روزمرہ زندگی کے کام۔

الگورتھم کے ساتھ پہلا قدم

سوال: کیا ایک مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایک سے زیادہ الگوردم ہو سکتے ہیں؟
جی ہاں، ایک ہی مسئلے کو حل کرنے کے لئے کئی الگورتھم ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، آپ اپنے گھر سے اسکول جانا چاہتے ہیں۔ آپ اسکول کی بس پکڑ سکتے ہیں یا سائیکل پر جا سکتے ہیں۔ دونوں طریقے آپ کو اسکول تک پہنچا دیں گے، لیکن دونوں کے مراحل الگ الگ ہوں گے۔ یعنی دونوں مختلف الگوردم ہیں۔

سوال: کیا ہم کسی مسئلے کو الگورتھم کے بغیر حل کر سکتے ہیں؟
ہمیں کبھی کبھی یوں لگتا ہے کہ ہم بغیر الگوردم کے بھی مسائل حل کر لیتے ہیں، مگر اصل میں ایسا اس لئے ہوتا ہے کہ ہم اپنے ذہن میں کیے گئے مراحل کو صاف طور پر لکھ نہیں رہے ہوتے۔ جب ہمارے پاس واضح ہدایات نہ ہوں تو ہم مسئلہ حل کرتے کرتے کبھی آگے بڑھتے ہیں اور کبھی پیچھے پلٹتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم یہ بھی بھول سکتے ہیں کہ کون سا طریقہ سب سے اچھا اور تیز تھا، اور اسی طرح کا مسئلہ دوبارہ آئے تو ہمیں سارا سوچنے کا عمل پھر سے دہرانا پڑے گا۔

مسائل کو حل کرتے وقت بہتر ہے کہ ہم منظم طریقے سے کام کریں۔ پہلے مسئلے کو پڑھیں، پھر اس میں دی گئی باتوں کو سمجھیں، پھر حل کا منصوبہ بنائیں۔ اس کے بعد اس منصوبے پر عمل کریں اور جواب حاصل کریں۔

اب آئیے کچھ دلچسپ سرگرمیوں کی طرف جو ہمیں الگورتھم کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد دیں گی۔ ہم کہانیوں، کھیلوں اور مشقوں کے ذریعے سیکھیں گے اور یہ جانیں گے کہ الگورتھم کا مطالعہ آپ کے پسندیدہ کھیل کی طرح دلچسپ ہو سکتا ہے۔

سرگرمی نمبر ایک: کہانی کا وقت — پیاسا کوّا

مقصد: کہانی کے ذریعے یہ سمجھانا کہ کردار کس طرح مرحلہ وار ہدایات استعمال کر کے مسئلہ حل کرتے ہیں۔

کہانی:
گرمیوں کی دوپہر تھی اور کالیا نام کا کوّا سخت پیاسا تھا۔ اسے ایک مٹی کا گھڑا نظر آیا جس میں آدھا پانی موجود تھا۔ وہ گھڑے کے کنارے بیٹھ گیا۔ اس نے اپنی لمبی چونچ گھڑے میں ڈال کر پانی پینے کی کوشش کی، مگر فائدہ نہ ہوا، کیونکہ پانی بہت نیچے تھا اور اس کی چونچ وہاں تک پہنچ ہی نہیں پا رہی تھی۔

پیاسا کوا

کالیا نے ادھر ادھر دیکھا۔ اس کی چمکتی ہوئی چھوٹی آنکھیں زمین پر دوڑتی رہیں۔ اسے پاس ہی کنکریوں کا ایک ڈھیر دکھائی دیا۔ وہ گھڑے کے کنارے سے اتر کر زمین پر آیا، اپنی چونچ سے ایک کنکری اٹھائی، دوبارہ گھڑے کے کنارے پر جا بیٹھا اور کنکری کو گھڑے میں ڈال دیا۔ پٹ کی سی آواز آئی۔ اس نے ایک کے بعد ایک کنکری ڈالنی شروع کر دی۔ کچھ دیر بعد پانی اوپر آ گیا اور اس کی چونچ وہاں تک پہنچنے لگی۔ کالیا نے خوب جی بھر کر پانی پیا اور تروتازہ ہو کر اڑ گیا۔

اب آئیے کالیا کے مسئلے کو حل کرنے کے طریقے کو ایک الگورتھم کی شکل میں ترتیب دیتے ہیں۔

کالیا کا الگورتھم

ایک کنکری تلاش کرو۔
اسے گھڑے میں ڈال دو۔
اپنی چونچ گھڑے میں ڈال کر پانی کی سطح دیکھو۔
اگر پانی ابھی تک اوپر نہ آیا ہو تو پہلے تین مراحل دوبارہ دہراؤ۔
اور اگر پانی اتنا اوپر آ چکا ہو کہ چونچ پہنچ جائے، تو خوب پیٹ بھر کر پانی پی لو۔

گفتگو:
یہ مراحل کالیا کا الگورتھم ہیں جن کی مدد سے اس نے اپنی پیاس بجھائی۔ ہر قدم پر ٹھیک طرح عمل کرنے سے وہ پیاس کی تکلیف سے بچ گیا۔

سوالات

اگر کالیا ان مراحل میں سے کوئی قدم بھول جاتا، مثلاً کنکری ڈالنے کے بعد پانی کی سطح دیکھنا چھوڑ دیتا، تو کیا ہوتا؟ آپ کے خیال میں ہر قدم کو درست ترتیب سے پورا کرنا کیوں ضروری ہے؟

کیا آپ کوئی دوسرا طریقہ سوچ سکتے ہیں جس سے کالیا یہ مسئلہ حل کر سکتا تھا؟ اگر وہاں کنکریاں ہی نہ ہوتیں تو وہ کیا کرتا؟ مثال کے طور پر، کیا وہ مٹی کے گھڑے کو ہلکی چونچ مار کر اس میں ایک چھوٹا سا سوراخ بنا سکتا تھا تاکہ پانی باہر آ جائے؟

سرگرمی نمبر دو: رقص کاالگورتھم

مقصد:
مراحل کی ترتیب اور ان کے صحیح سلسلے کو سمجھنا۔

رقص کے مراحل

کھیل:
ہم ایک سادہ سے رقص کے چند مراحل لکھتے ہیں اور پھر سب مل کر ان پر عمل کرتے ہیں۔ ہم چاہیں تو کسی مشہور نظم یا بچوں کے گانے کے ساتھ بھی یہ سرگرمی کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر لو بی لو نامی گانے کے مطابق رقص کو اس طرح بیان کیا جا سکتا ہے:

رقص کے مراحل

سیدھے کھڑے ہو کر دونوں ہاتھ پہلو کے برابر پھیلائیے۔
اپنا دایاں ہاتھ اوپر اٹھائیے۔
اسے اوپر نیچے ہلائیے۔
ایک بار گھوم جائیے۔
پھر اپنا بایاں ہاتھ اوپر اٹھائیے۔
اسے اوپر نیچے ہلائیے۔
ایک بار پھر گھوم جائیے۔

ہدایات

ان مراحل کو تختے یا کاغذ پر لکھ لیجئے۔
کسی گانے یا دھیان کے ساتھ ہر قدم کو آہستہ آہستہ دہرائیے۔
پھر سب مراحل کو ملا کر پورا رقص کیجئے۔

گفتگو:
رقص کے اس الگورتھم پر عمل کرنے سے آپ کو ہر قدم یاد رہتا ہے اور آپ رقص کو صحیح ترتیب کے ساتھ کر لیتے ہیں۔ اگر کسی قدم میں گڑبڑ ہو جائے تو رقص اتنا خوب صورت نہیں لگے گا۔ یہ بات سمجھاتی ہے کہ الگورتھم میں مراحل کی ترتیب بہت اہم ہوتی ہے۔

کسی مناسبت والے گانے کے ساتھ یہ رقص ضرور کیجئے۔ بہتر ہے کہ ایسا گانا ہو جس میں جسمانی حرکت یا رقص کے اشارے موجود ہوں، تاکہ مراحل اور حرکت میں ہم آہنگی پیدا ہو جائے۔

سرگرمی نمبر تین: بیج لگانے کا الگورتھم

مقصد:
بیج لگانے کے لئے ایک واضح الگورتھم بنانا اور پودے کی بڑھوتری کا مشاہدہ کرنا۔

١۔ پندرہ سے بیس بیج جمع کرو۔
٢۔ تیس سینٹی میٹر چوڑائی اور بیس سینٹی میٹر گہرائی والا گملا لو اور اس کو ستر فیصد تک مٹی سے بھر دو۔
٣۔ اس میں بیس فیصد کھاد شامل کرو۔
٤۔ اپنی شہادت کی انگلی سے پانچ یا چھ چھوٹے گڑھے بنا دو۔
٥۔ ہر گڑھے میں تین یا چار بیج رکھ دو۔
٦۔ گڑھوں کو مٹی سے ڈھانپ دو۔
٧۔ بیج کو پانی دینے والی جھلی سے پانی دو۔
٨۔ گملا ایسی جگہ رکھو جہاں نرم دھوپ آتی ہو اور باقاعدگی سے پانی دیتے رہو۔
٩۔ پودے کے اگنے اور بڑھنے کا مشاہدہ کرو۔

بیج لگانے کاالگورتھم

ایک گملہ یا مناسب برتن لیجئے۔
اس میں نرم مٹی بھریئے۔
مٹی میں ایک چھوٹا سا گڑھا بنائیے۔
بیج کو اس گڑھے میں رکھئے۔
بیج پر ہلکی سی مٹی ڈال کر اسے ڈھانپ دیجئے۔
گملے میں تھوڑا سا پانی ڈالیے۔
گملے کو دھوپ میں مناسب جگہ رکھئے۔
روزانہ ہلکی مقدار میں پانی دیتے رہیے اور پودے کا مشاہدہ کیجئے۔

گفتگو:
اس الگورتھم میں ہر قدم اپنی جگہ بہت ضروری ہے، اور انہیں صحیح ترتیب میں کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔ ذیل کے سوالات غور کرنے کے لئے ہیں:

اگر مرحلہ نمبر تین چھوڑ دیا جائے تو کیا ہوگا؟
بیج رکھنے کے لئے جگہ ہی نہیں بنے گی، اور وہ صحیح طرح جم نہیں سکے گا۔

اگر مرحلہ نمبر آٹھ چھوڑ دیا جائے تو کیا ہوگا؟
پودا پانی نہ ملنے کی وجہ سے چند دن میں سوکھ سکتا ہے۔

اگر مرحلہ نمبر چھ کو مرحلہ نمبر پانچ سے پہلے کر لیا جائے تو کیا ہوگا؟
اگر بیج کو ڈھانپنے سے پہلے پانی ڈال دیا جائے تو بیج بہہ سکتا ہے یا اپنی جگہ سے ہٹ سکتا ہے، اور پودا صحیح طرح نہیں اگ پائے گا۔

سرگرمی نمبر چار: روزمرہ کے الگوردم

مقصد:
روزانہ کے کاموں میں الگوردم کی پہچان کرنا۔

مشقی سرگرمی:
آئیے کچھ عام کاموں کو الگ الگ مراحل میں تقسیم کر کے سمجھتے ہیں کہ ہم روزمرہ زندگی میں کس طرح الگوردم استعمال کرتے ہیں۔

مثال نمبر ایک: دانت صاف کرنا

برش لیجئے۔
اس پر ٹوتھ پیسٹ لگائیے۔
نلکے کے نیچے برش کو گیلا کیجئے۔
دانت دو منٹ تک صاف کیجئے۔
(چاہیں تو اس مرحلے کے اندر بھی الگوردم بنا سکتے ہیں)
منہ پانی سے اچھی طرح دھوئیے۔
برش صاف کر کے اپنی جگہ رکھ دیجئے۔

مثال نمبر دو: اسکول کا بستہ تیار کرنا

اپنی کتابیں اکٹھی کیجئے۔
ٹائم ٹیبل دیکھئے۔
جن کتابوں کی آج ضرورت ہے وہ بستے میں رکھئے۔
پینسل باکس شامل کیجئے۔
دیکھئے کہ پینسلیں تراشی ہوئی ہیں اور ربڑ موجود ہے۔
چیک کیجئے کہ لنچ باکس/توشدان اور پانی کی بوتل بھی ساتھ ہے۔
آخر میں بستے کی زپ بند کر دیجئے۔

گفتگو:
جب ہم کسی کام کو چھوٹے چھوٹے مرحلوں میں تقسیم کر دیتے ہیں تو ہم اسے زیادہ آسانی، تیزی اور درستگی کے ساتھ انجام دے سکتے ہیں۔ اس طرح کچھ بھی بھولنے کا امکان کم ہو جاتا ہے اور کام بہتر طریقے سے مکمل ہوتا ہے۔

ریاضی کے کھیل الگورتھم کے ساتھ

کھیل نمبر ایک: پہلے سو عدد کے مجموعے کا طریقہ

مقصد:
پہلے سو قدرتی اعداد کا مجموعہ آسان طریقے سے معلوم کرنا

الگورتھم

بورڈ پر یہ سلسلہ لکھیں:

١ + ٢ + ٣ + … + ١٠٠

٢۔ مشاہدہ اور گفتگو

طلبہ سے دریافت کریں کہ کیا وہ اس سلسلے میں کوئی ترتیب یا نمونہ پہچان سکتے ہیں۔

٣۔ دوسرا سلسلہ لکھنا

اسی مسئلے کے نیچے یوں لکھیں:
١٠٠ + ٩٩ + ٩٨ + … + ١

٤۔ دوبارہ مشاہدے کی دعوت

طلبہ سے پوچھیں کہ اب کیا وہ دونوں سلسلوں کے درمیان کوئی واضح نمونہ محسوس کر رہے ہیں۔

٥۔ جوڑوں کی وضاحت

طلبہ کو بتائیں کہ ہم اوپر اور نیچے کے اعداد کو کس طرح جوڑ سکتے ہیں، مثلاً:
١ + ١٠٠
٢ + ٩٩
٣ + ٩٨
٥٠ + ٥١

٦۔ نتیجہ: ہر جوڑا ١٠١ بنتا ہے

طلبہ کو سمجھائیں کہ ہر جوڑے کا مجموعہ ایک جیسا ہے یعنی ١٠١۔

٧۔ جوڑوں کی تعداد کا تعین

طلبہ سے غور کروائیں کہ مجموعی طور پر کتنے جوڑے بنتے ہیں۔
(جواب: ٥٠ جوڑے)

٨۔ حاصل ضرب نکالنا

جوڑوں کی تعداد کو ١٠١ سے ضرب دیں تاکہ مجموعی حاصل معلوم ہو جائے:
١٠١ × ٥٠

٩۔ نتیجے کا اصل مسئلے سے تعلق

طلبہ کی رہنمائی کریں کہ یہ حاصل ضرب اصل سلسلے کے مجموعے کے برابر کیوں ہے اور یہ طریقہ کس طرح کام کرتا ہے۔

١٠۔ مزید اطلاق

طلبہ کو ترغیب دیں کہ اسی طریقے کو دوسرے عددی سلسلوں پر آزما کر خود کوئی عمومی کلیہ یا فارمولا اخذ کریں۔

معلم کے لئے نوٹ

طلبہ کو سمجھائیے کہ نمونوں کو پہچاننا کس طرح الگورتھم بنانے میں مدد دیتا ہے۔ جب بچے کسی سلسلے یا ترتیب میں کوئی نمونہ دیکھ لیتے ہیں تو وہ دراصل بڑے مسئلے کو چھوٹے اور بار بار دہرائے جانے والے حصوں میں تقسیم کر لیتے ہیں۔

مثال کے طور پر سلسلہ دیکھئے:
پانچ، دس، پندرہ، بیس
اگر بچے یہ پہچان لیں کہ ہر عدد پچھلے عدد سے پانچ بڑھ رہا ہے، تو یہ پہچان انہیں اسی سلسلے کے مزید مسائل حل کرنے میں آسانی دے گی۔

اسی طرح الگورتھم کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم ایک پیچیدہ مسئلے کو واضح اور ترتیب وار مراحل میں تقسیم کریں تاکہ انہی مراحل پر عمل کر کے مسئلہ آسانی سے حل ہو سکے۔ الگورتھم کے پس منظر میں نمونے پہچاننا بہت اہم ہے، کیونکہ اسی کے ذریعے بچے مشکل مسائل کو چھوٹے اور قابلِ فہم حصوں میں بانٹنا سیکھتے ہیں۔

اعداد اور معلومات میں نمونوں کو پہچاننا بچوں کو درجہ بندی کے تصور کو سمجھنے میں بھی مدد دیتا ہے، یعنی چیزوں کو ان کی خصوصیت کے مطابق گروہوں میں رکھنا۔

نتیجہ: الگورتھم کی طاقت

الگورتھم نام سننے میں مشکل لگتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ صرف سوچنے کا ایک طریقہ ہے جس میں کسی بھی مسئلے کو مرحلہ وار حل کیا جاتا ہے۔ چاہے آپ کوئی ناشتہ بنا رہے ہوں، کوئی مسئلہ حل کر رہے ہوں یا کوئی کھیل کھیل رہے ہوں، الگورتھم آپ کے کام کو زیادہ آسان اور مؤثر بنا دیتے ہیں۔

الگورتھم سیکھنے کا مقصد صرف یہ نہیں کہ ہم کمپیوٹر بہتر استعمال کریں یا ریاضی میں مہارت حاصل کریں۔ اصل فائدہ یہ ہے کہ ہم بہتر مسئلہ حل کرنے والے بن جاتے ہیں۔ اس لئے جب بھی آپ کو کوئی مشکل مسئلہ درپیش ہو تو الگورتھم کی طرح سوچئے۔ مسئلے کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کیجئے، ہر قدم کو غور سے پورا کیجئے، اور آخرکار آپ حل تک پہنچ جائیں گے۔

الگورتھم ایک ایسے نقشے کی مانند ہیں جو آپ کو درست راستہ دکھاتے ہیں۔ جتنا زیادہ آپ مشق کریں گے، اتنی ہی آسانی سے آپ منزل تک پہنچ جائیں گے۔

یہ تحریر انوشکا توناپی کی ہے اور ان سے رابطہ کرنے کے لیے درج ذیل ای میل استعمال کی جا سکتی ہے:
[email protected]

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close