تعلیم

حافظہ – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۴

حافظہ ہمارے ذہن کی وہ قوت ہے جس کے ذریعے ہم پیش آمدہ باتوں واقعات تجربات اوراشکال وغیرہ کو ذہن میں جماتے دوبارہ ذہن میں لاتےاورسابقہ کی حیثیت سے انہیں شناخت کرتے ہیں۔

حافظے کی اہمیت وافادیت محتاج بیان نہیں ۔ اس کے بغیر ہم ایک قدم نہیں چل سکتے ۔ ذرا غور فرمائیے۔ اگر ہم اپنے سابقہ تجربات بھُولتے جائیں ہمیں اپنے وعدے قرض اور لین دین کے معاملات یاد ہی نہ رہیں، مختلف مقامات، ، وہاں تک آنے جانے کے راستے ، جانی پہچانی صورتیں ، لوگوں سے رشتے ناطے اور ان کی باتیں اور شکلیں اگر ہمارے ذہن سے محو ہو جائیں یا خدا رسول کی ہدایات اگر ہمیں یاد ہی نہ رہیں تو سوچئے زندگی دو بھر اور وبالِ جان ہو جائے ۔ حافظے کے بغیر ہم جن زحمتوں سے دو چار ہو سکتے ہیں ، ہر ایک اس کا بآسانی اندازہ کر سکتا ہے۔

حافظہ ایک فطری قوت ہے ۔ اس کا تعلق دماغ کی طبعی ساخت سے ہے اس لیے اس میں کسی طرح کی کمی بیشی کا تو سوال نہیں۔ جیسا کچھ باری تعالیٰ کی طرف سے عطا ہو جائے ویسا ہی برقرار رہے گا ۔ البتّہ اگر اس سے کام لینے کا سلیقہ آتا ہو تو معمولی حافظے کا آدمی بھی انشاء اللہ اپنا کام بخوبی چلا سکتا ہے اس لیے اس قوت سے مناسب کام لینے کا طریقہ بہر حال ہر ایک کو جان لینا چاہیئے۔

حافظے میں اگر مندرجہ ذیل خصوصیات پائی جائیں تو وہ اچھا حافظہ کہلاتا ہے۔

  • جلد یاد کرنا
  • دیر تک یاد رکھنا
  • بوقتِ ضرورت یاد آجانا
  • بیکار باتوں کو بُھول جانا ۔

اگر ہم اس قّوت کو سلیقے سے کام میں لانا سیکھ لیں تو حافظے میں یہ صفات پیدا ہوسکتی ہیں۔ اس ضمن کی تدابیر پرغور کرنے سے پہلے حافظے کےعمل سے متعلق کچھ اور ضروری باتیں جان لینی چاہیئں ۔

حافظے کے ارکان

حافظے کے ہرعمل میں مندرجہ ذیل ارکان پائے جاتے ہیں ۔

ا۔ تحفّظ

بینی کسی واقعہ بات یا چیز وغیرہ کا ذہن میں داخل ہو کر جگہ پکڑ لینا جو بات ذہن میں جتنی وضاحت سے داخل ہوتی اور جتنی توجہ سے جھائی جاتی ہے ذہن پر اتنےہی گہرے نقوش چھوڑتی اوردیرتک محفوظ رہتی ہے ۔ اگر اس ضمن میں لا پروائی برتی جائے یا اس پر سے سرسری گزر جایا جائے تو نقوش دھندلے ہوں گے اورجلد محوہوجائیں گے ۔ یاد کرانے سے پہلے اگر اس کا مفہوم ، اس کی ضرورت وافادیت بخوبی ذہن نشین کرادی جائے تووہ سوچ سمجھ کراورزیادہ توجہ سے یاد کی جائے گی اورزیادہ دنوں تک یاد رہے گی۔ ابتدا میں بیچے بہت سی باتیں بے سمجھے بُوجھے محض سُن سُنا کراورباربار دہراکرنقالی میں رٹ لیتے ہیں، اوراس طرح بھی ان کوبہت کچھ رٹایا جا سکتا ہے ۔ اس طرح کی رٹائی ہوئی باتیں بھی بڑی اہمیّت وافادیت کی حامل ہوتی ہیں ۔ مثلاً دعائیں، اذکار،اشعار، ضرب الامثال، پہاڑے وغیرہ ، لیکن اگریاد کرنے سے پہلے بچّوں کوان کا مفہوم سمجھا دیا جائےاوران کی اہمیّت وافادیت بھی اختصارسے ذہن نشین کرادی جائے یا کھیل کھیل میں یاد کرائی جائیں تویاد کرنے میں زیادہ آسانی ہوتی ہے اگر کوئی بات توجہ اوردلچسپی سے یاد کی جاتی ہے تووہ زیادہ دنوں تک یاد رہتی ہے ، یُوں بھی انسان کی فطرت ہے کہ عمومًاوہی باتیں وہ زیادہ یاد رکھتا ہے ، جن سے ِاسے دلچسپی اورلگاؤ پیدا ہوتا ہے۔

۲۔ تذکّر

یعنی محفوظ کی ہوئی بات کوحسبِ ضرورت دوبارہ ذہن میں لانا، یہ بھی محافظہ کا نہایت ضروری رکن ہے۔ ہمارے ذہن میں متعدد باتوں کا ذخیرہ ہولیکن وقت پراگریاد ہی نہ آئے تو کس کام کا ۔ اس کے برعکس جتنا کچھ بھی یاد ہواگربوقت ضرورت یاد آجایا کرے تب تو ہمارے لیے افادیت رکھتا ہے۔

جتنے سلیقے سے کوئی بات ذہن میں محفوظ کی جاتی ہے اتنی ہی آسا نی سےحسبِ ضرورت یاد آجاتی ہے حفظ کرتے وقت مندرجہ ذیل امورکا اگرلحاظ رکھا جائے توتذکّرمیں بڑی آسانی ہوتی ہے ۔

ایک بات دوسری بات کے سہارے باآسانی یاد آجاتی ہے ۔ اس کےبرعکس اگر ہر بات الگ الگ ذہن میں جمائی جائے تو بوقتِ ضرورت اس کے یاد آنے میں دشواری ہوتی ہے۔ اس لیے جو نئی بات بھی یاد کرائی جائے سابقہ معلومات سےاس کا ربط ضرورملا دیا جائے مثلاًعلامہ شبلی کی پیدائش(۱۸۵۷ء)پرفدرہُوااور وفات(۱۹۱۴) پر جنگ عظیم چھڑی ۔ مولانا آزاد کے سنِ پیدائش (۱۸۸۸ء) میں آٹھ کے تین بند سے ہیں۔ موصوف پنڈت نہرو (۱۸۸۹ء) سے ایک سال بڑے تھے۔

مختلف چیزوں میں یہ ربط وتلازم تین طریقوں سے قائم ہوسکتا ہے ۔

(۱)بذریعہ اتصال : دو یا زائد چیزوں میں با ہم جتنا قرب، مقارنت

یااتصال ہوگا اتنا ہی وہ ایک دوسرے سے مربوط ہوں گی اور ایک دوسرے کو یاد دلانے کا ذریعہ نہیں گی ۔ مثلا دو دوستوں کو اگر کئی بار ایک ساتھ دیکھا جائے تو ایک کر دیکھتے ہی دوسرا یاد آجائے گا۔ اذان کی آواز سنتے ہی نماز یاد آجانا ناگزیر ہے کیونکہ دونوں لازم و ملزوم ہیں ۔ اس طرح اگر در چیزوں میں رابط قائم کر دیا جائے تو تحفّظ اور تذکّر دونوں میں آسانی ہوتی ہے ۔

(۲) بذریعہ مماثلت یا موراز نہ : انئی چیز کا اگر کسی جانی پہچانی چیز سے موازنہ کر کے دونوں کے، مابین مماثلت ومشا بہت بخو بی ذہن نشین کرا دی جائے تو ایک کے یاد آتے ہی دوسری خود بخود دریاد آجائے گی۔ مثلًا زیبرے کا گدھے سے اور زران کا اونٹ سے موازنہ ، لیکن واضح رہے مشابہت اگر بہت زیادہ ہوتی ہے تو شناخت میں کبھی کبھی دھود کا بھی ہو جاتا ہے۔ دو ہم شکل بھائیوں کے ضمن میں لوگوں کو اکثر دھو کا ہوتا ہے ۔ اس لیے مشابہت و مماثلت بنانے کے ساتھ موازنہ کرتے وقت جزئ فرق بھی واضح کر دیا جائے تاکہ اس طرح کا دھوکا نہ ہو۔ زیبرے اور گدھے نیززاف اوراونٹ میں نمایاں فرق یہ ہوتا ہے کہ زیبرے کے جسم پر کالی سفید دھاریاں ہوتی ہیں اور زراف کے پورے جسم پر چتیاں ہوتی ہیں وغیرہ ۔ قرآن مجید کی اُن آیات کے ضمن میں حفاظ کو اکثر دھوکا ہو جاتا ہے ، جن کے الفاظ یا مضامین ملتے جلتے یا بالکل یکساں ہوتے ہیں۔ سیاق وسباق سے اس طرح کی آیات کا بخوبی ربط ملا کر جزئی فرق بخوبی ذہن نشین کرا دینا چاہیٔے تا کہ اس کا اندیشہ نہ رہے۔

(۳) مقابلہ کر کے : کسی جانی پہچانی چیز سے نئی کا مقابلہ کر کے اگر دونوں کےما بین تضاد نمایاں کر دیا جائے تو بھی ایک کی مدد سے دوسرے کو یاد کرنے اور ایک کی وجہ سے دوسری یاد آجانے میں آسانی ہوتی ہے ۔ چیزیں اپنی ضد سے بآسانی پہچان لی جاتی ہیں۔ ایثار کے کسی واقعہ کے ساتھ خود غرضی کا کوئی واقعہ ، مذہبی پالیسی کے معاملے میں اور رنگ زیب اور اکبر کا مقابلہ۔

غرض مختلف طریقوں سے سابقہ معلومات سے نئی معلومات کا ربط ملا دینے سے خواہ وہ مقارنت کے ذریعے ہو یا مقابلے و موازنے کے ذریعے ، بات بھی بخوبی سمجھ میں آجاتی ہے اور اس کے تحفظ و تذکّر میں بڑی مدد ملتی ہے۔ اس لیے بچّوں کو سبق پڑھاتے وقت اس کا پورا لحاظ رکھا جائے ۔ ہر بات کا سابقہ سے ربط ملایا جائے اور موازنہ و مقابلہ وغیرہ کر کے بخوبی ذہن نشین کرایا جائے۔

کوئی تقریر یا کسی سبق کا مضمون یاد رکھنا ہو تو مناسب صورت یہ ہوگی کہ پہلے اس کا ایک عنوان مقرر کر لیا جائے اور ذیلی عنوانات اور سرخیوں کے تحت نوٹ کی شکل میں اس کا ایک مختصر خاکہ تیار کر لیا جائے۔ عنوان کی وجہ سے وہ تقریر یا مضمون یاد آجائے گا اور ذیلی سُرخیوں کی مدد سے تسلسل کے ساتھ پُورے مضمون یا تقریر کا مواد یاد آتا جائے گا۔

یاد کرتے وقت پورے وثوق اور اعتماد کے ساتھ یاد کیا جائے شک و شبہ کی گنجائش نہ چھوڑی جائے تو یاد آنے میں چُرک کم ہوتی ہے۔ ور نہ بھُولنے کا قوی اندیشہ رہتا ہے۔

کسی جگہ ، چیز یا وقت وغیرہ کے ساتھ مربوط ہو جانے پر بھی باتیں باآسانی یاد آجاتی ہیں۔

بچّوں کا دائیرہ شعوری بہت تنگ ہوتا ہے ۔ وہ بیک وقت صرفت دوتین باتیں محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اس لیے ان کی کتابوں میں جملے مختصر اور الفاظ چھوٹے ہونے چاہئیں۔ عبارتی سوالات میں بھی کم سے کم پیچیدگی ہونی چاہیئے۔ ایک ساتھ کئی باتوں کا حکم نہیں دینا چاہئیے۔ ورنہ بعض باتیں بھول جائیں گی۔ بازار سے سودا منگانا ہو تو ایک ساتھ آٹھ دس چیزوں کی فرمائش نہ کی جائے ۔ اگر ایسا کرنا ناگزیر ہو تو لکھ کر دیا جائے ورنہ یاد نہ رہے گا۔

۳۔ شناخت اورتشخّص

یعنی سامنے آتے یا ذہن میں لاتے ہی سابقہ باتوں یا چیزوں کا یاد آجانا اور انہیں سابقہ کی حیثیّت سے بخوبی پہچان لینا۔ یہ بھی حفظہ کا نہایت اہم رکن ہے۔ اگرہم یاد کی ہوئی چیزوں کو سابقہ کی حیثیت سے شناخت ہی نہ کرسکیں تو بڑی دُشواری پیش آئے ، ہم ان کے ساتھ وہ رویہ اختیار ہی نہ کرسکیں گے جو ہونا چاہیئے ۔ ایسے مواقع پر انتہائی شرمندگی ہوتی ہے، جب ایک پُرانے ملاقاتی سے بہت دنوں کے بعد ملاقات ہونے پر ہم کو اتنا تو یاد رہتا ہےکہ انہیں کہیں دیکھا ہے لیکن نام اور مقام ہم بھُول جاتےہیں اور بخوبی شناخت نہیں کر پاتے ۔ وہ تو ہمارے ساتھ سابقہ بے تکلفی برتنا چاہتےہیں اور بعض چیزوں کا حوالہ دیتے ہیں اور ہم اندھیرے میں رہتے ہیں اور شایانِ شان غیر مقدم نہیں کر پاتے ۔ اس لیے افراد اور اشیاء کی شکلوں کے ساتھ نام اور حیثیت اور باتوں یا واقعات کے ساتھ ان کا پس منظر بھی یاد ہو نا چاہیئے تا کہ شناخت میں آسانی ہو۔

بچوں کا سبق رٹ کوسُنا دینا لیکن حروف یا الفاظ کو پہچان نہ سکتا جتنا مضر ہوتا ہے، ہم سب جانتے ہیں۔ تحفظ اور تذکر کے ساتھ شناخت کی بھی بخوبی مشق کرانی چاہیئے۔

درجے کے طلبہ کا نام یاد رکھنا اورنام لے کر جنہیں خطاب کرنا ان سے غیر معمولی لگاؤ اور یگانگت کا ثبوت ہے۔ اس سے طلبہ کو اپنی اہمیت اور تشخص کا احساس ہوتا ہے ۔ مدرس کو چاہیئے کہ وہ درجے کے ہر بچّے کی صرف شکل پہچاننے پر اکتفانہ کرے بلکہ ان کا نام بھی یاد رکھے، نام لے کر حکم دینے یا کسی بات سے روکنے کا آنکھوں سے صرف اشارہ کر کے کچھ کہنے کے مقابلے میں زیادہ اثر ہوتا ہے۔ اس طرح کنٹرول میں بھی آسانی ہوتی ہے ۔

یاد کرانے کے طریقے اور تدبیریں

یاد کرانے کے مندرجہ ذیل طریقے اور تدبیریں تجربے سے بہت مفید ثابت اور ہوتی ہیں۔ ان کو اپنانے سے جلد یاد ہو جاتا ہے، دیر تک یاد رہتا ہے اور بوقت ضرورت یاد آجاتا ہے۔

ا۔ ہشاش بشاش اورتازہ دم ہونے پریاد کرانا چاہیئے

تکان، بیزاری ، علامت یا صدمے کی حالت میں کچھ حفظ کرانا صّحت کے لیے مضر بھی ہوتا ہے اور کافی وقت اور محنت صَرف کرنے کے باوجود خاطر خواہ کامیابی نہیں ہوتی ، اس لیے ہمیشہ ایسے وقت یاد کرایا جائے جب دماغ تروتازہ ہو۔

۲۔ اجزاکے بجائے کل کو یاد کرانا چاہیئے ۔

ینی پوری چیز کو اجزا میں تقسیم کر کے یاد کرانے کے بجائے پوری ایک ساتھ یاد کرانے کی کوشش کی جائے۔ اگر کوئی چھوٹی سورت چھوٹا رکوع ، مختصر دعا، چند اشعار کی نظم یا مختصر عبارت یاد کرنی ہو تو بہتر یہ ہوگا کہ مکمل ایک ساتھ یاد کرائی جائے ۔ پوری سورت، رکوع یا نظم کو بار بار پڑھایا جائے ۔ جو حصّے یاد ہوتے جائیں ان کو بغیر دیکھے ہوئے باقی دیکھ دیکھ کر دہرایا جائے تھوڑی دیر میں مکمّل یاد ہو جائے گی ۔ ایک ایک فقرہ یا مصرحہ الگ الگ یاد کرا کے جوڑنے میں روانی بھی نہیں آتی اور وقت بھی زیادہ لگتاہے۔

۳۔ کل کومناسب اجزامیں تقسیم کرکے یادکرانا چاہیئے۔

اگر سورت نظم تقریر یا عبارت لمبی ہو تو ایک دو بار پوری پڑھوا کر مفہوم بخوبی سمجھنے دیا جائے پھر اسے مناسب اجزا میں تقسیم کر کے اوپر کے طریقے سے یاد کرایا جائے۔ اجزاء ایسے ہوں کہ ہر جز میں ایک پوری بات آجاتی ہو۔ مثلاً پانچ بند کی کوئی نظم یاد کرانی ہو تو ہر بند کو ایک جز مانا جائے ۔ البتّہ ہر جز کے آخری لفظہ کا، اس کے بعد کے جز کے پہلے لفظ سے ربط قائم کر دیا جائے تا کہ تسلسل اور روانی برقرار رہے ۔

۴۔ وقفوں سے یاد کرانا چاہیئے ۔

ایک ہی نشست میں کل یاد کرانے کے بجائے اگر وقفہ دے کر کئی نشستوں میں یاد کرایا جائے تو بہت مستحکم یاد ہوتا ہے اور مدتوں نہیں بھولتا۔ اس میں وقت بھی کم لگتا ہے کیونکہ ہرنشست میں دماغ ترو تازہ ہوتا ہے اور چُستی دمستعدی سے حفظ کرتا ہے۔ نیز وقفہ دینے سے یاد کی ہوئی باتوں کو ذہن میں جڑ پکڑنے کا موقعہ ملتا ہے اور کچھ وقت گزرنے کے بعد اعادہ کرنے سے تذکُّر میں بھی آسانی ہوتی ہے۔

ہ حفظ کے بعد کچھ دیر خالی رکھنا چاہیئے۔

ذہن کو مسلسل کام پر لگائے رکھنے سے کیے دھرے پر پانی پھر جاتا ہے۔ اس لیے کچھ یاد کرا لینے کے بعد ذہن کو یاد کی ہوئی چیز کو جمانے کا کچھ مواقع دینا چاہیئے۔

۶۔ مختلف چیزوں کو باہم مربوط کر کے یاد کرانا چاہیئے۔

پہلے سے جو چیزیں یاد ہوں ان کے ساتھ جدید کا ربط ملاکر یاد کرانے سے جلد یاد بھی ہو جاتا ہے اور ان کے سہارے حسبِ ضرورت باآسانی یاد آجاتا ہے۔ غیر مرتب اور بے ربط ہاتھوں کو یاد کرنا اور یاد رکھنا بہت مشکل ہوتا ہے جب کہ مرتب اور مربوط حصّے بآسانی یاد ہو جاتے اور بخوبی یاد رہتے ہیں ۔ الفاظ کے حروف ، اشعار اور جملوں کے الفاظ اور عبارتوں کے جملوں ، تاریخ کے واقعات اور سنین وغیرہ میں با ہم خاص ربطہ اور ایک ترتیب ہوتی ہے ۔ اس کا لحاظ رکھا جائے تو یاد کرنے میں سہولت ہوتی ہے۔

۔۷۔ یاد کیے ہوئےمواد کااعادہ ہوتےرہنا چاہیئے۔

یاد ہونے کے بعد کچھ تو ایک ہی دن میں اور بہت سا تین چار دن میں بُھول جاتا ہے ۔ اس لیے حفظ کرا لینے کے بعد مطمئن نہیں ہو جانا چاہیئے بلکہ تین چار دن تک مسلسل اعادہ کراتے رہنا چاہئیے تا کہ اچھی طرح یاد ہو جائے اور بھُولنے کا اندیشہ نہ رہے۔

۸۔ یاد کرانے سے پہلے ذہن کو اس کیلئے بخوبی اآمادہ کر لینا چاہیئے۔

جو کچھ یاد کرانا ہو۔ اس کی افادیت و اہمّیت ذہن نشین کرانے اور دلچپسی پیدا کر دینے کے بعد یاد کرانا چاہیئے۔ طبیعت جتنی زیادہ آمادہ ہو گی یاد کرنے میں اتنی ہی زیادہ آسانی ہوگی۔

حافظہ کی قِسمیں

حافظے کی متعدد قسمیں ہوتی ہیں

فوری حافظہ: یعنی وه یاد داشت جو وقتی طور پر کام دیتی ہے اور کام ختم ہونے کے بعد یاد کی ہوئی باتوں کو ذہن سے محو کر دیا جاتا ہے۔ مثلاً مکالمہ میں اپنا پارٹ ۔ کوئی تقریر جو کسی خاص موقع کے لیے تیار کی گئی ہو۔

دیر پا حافظہ : وه یاد داشت جو مستقل طور پر کام دیتی ہے۔ مثلاً الفاظ کےمعنی، پہاڑے، گُر ، فارمولے ، تاریخی واقعات وسنین وغیرہ۔

رٹوحافظہ: جس میں لفظ بہ لفظ رٹ کر حسبِ ضرورت بعینہ دہرا دیا جاتا ہے۔ اس طرح کی یادداشت میں مفہوم پر توجہ دینا ضروری نہیں ہوتا ۔ بچے اکثر بغیر سمجھے بُوجھے رٹ لیا کرتے ہیں ۔

منطقی حافظہ: جس میں الفاظ کے بجائے مفہوم ذہن نشین کیا جاتا ہے اور حسبِ ضرورت اپنے الفاظ میں پوری بات دہرا دی جاتی ہے۔

تیزحافظہ : یعنی کم وقت میں یاد کر لینے کی صلاحّیت۔

سُست حافظہ : کافی وقت صرف کرنے کے بعد یاد کرنے پر قادر ہونا ۔

مخصوص حافظے : بعض رگ بصری شبیہات کو باآسانی یاد کر پاتے ہیں بعض سمعی کو۔ جو لوگ بصری حافظے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ جب تک عبارت کو خود

پڑھ نہ لیں زبانی سُن کر یاد نہیں کر سکتے ۔ ایسے لوگ استحضار کے وقت کتاب کے صفحات اور سطروں کو یا تختہ سیاہ کی پوری تصویر اور اس پر لکھے ہوئے لفظ یا جملے کی شبیہ ذہن میں لاتے ہیں۔ بعض حافظ ، قرآن سُناتے وقت ایسا محسوس کرتے ہیں کہ وہ قرآن دیکھ کر پڑھ رہے ہیں یہاں تک کہ ورق اُلٹنا نظر آتا ہے۔ ایسا حافظہ رکھنے والوں کو شکلیں یاد رکھنے میں بڑی آسانی ہوتی ہے ۔ چنانچہ جس سے ایک بار مل لیتے ہیں انہیں مدتوں بعد بھی بآسانی پہچان لیتے ہیں۔

اس کے برعکس سمعی حافظہ رکھنے والے سُن کر باآسانی یاد کر لیتے ہیں۔ اور بعینہ د ہرا دیتے ہیں۔ ایسے لوگ قرآت ، اشعار ، راگ ، گیت کی نقل باآسانی اُتار سکتے ہیں۔

بے ربط حافظہ : چھوٹے بچّوں کے حافظے میں کوئی ربط نہیں ہوتا وہ متعدد بے ربطہ الفاظ اور جملے وغیرہ یاد کر لیتے ہیں۔ ابتدا میں وہ کئی سال تک اسی بے ربط

حافظے سے کام چلاتے ہیں۔ اس کے بعد تجربے اور غورو فکر میں اضافے کے ساتھ اُن بے ربط باتوں میں ربط و تعلق ملانا سیکھتے ہیں۔

قابل لحاظ امور

بچوں کو اسی وقت حفظ پر لگایا جائے جب وہ ہشاش بشاش اور تازہ دم ہوں ۔

جو کچھ یاد کرانا ہو اس میں دلچسپی پیدا کرائی جاتے ۔ اس کا مطلب و مفہوم اور اس کی اہمیت و افادیت بخوبی سمجھا کر حفظ کے لیے زوردار تحریک کی جائے ۔ اس کے متعلق کسی شک و تذبذب کا شکار ہونے سے بچایا جائے۔

بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرائی جاتے اور اس بات کا یقین پیدا کرایا جائے کہ وہ باسانی یاد کر سکتے ہیں ۔

یاد کرنے کے لیے مواد کو بار بار پڑھنے کا موقع دیا جائے جتنی بار اعادہ ہو گا اتنا ہی زیادہ پختہ یاد ہو گا ۔

مناسب ہو اگر کچھ دیر یاد کرنے کے بعد بغیر دیکھے بچے ایک دوسرے کو سُنانے کی کوشش کیا کریں اور اس طرح آپس میں سُن سُنا کر پُورا یا د کریں۔

یاد کیے ہوئے مواد کا وقتًا فوقتًا دَور کرایا جاتا رہے تاکہ ذہن سے محو نہ ہونے پائے ۔

ایک ہی نشست میں پختہ یاد کرا دینے کے بجائے وقفے دے کر ئی نشستوں میں یاد کرایا جائے اس طرح یاد کیا ہُوا زیادہ مستحکم ہوتا ہے۔

جدید مواد مربوط اور مرتب شکل میں پیش کیا جائے اور سابقہ معلومات سے اس کا گہرا ربط واضح کیا جائے۔

زیادہ سے زیادہ حور اس سے کام لینے کا موقع دیا جائے یعنی جو کچھ یاد کرانا ہو اُسے اچھے انداز سے زبانی سُنا دیا جائے۔ تختہ سیاہ پر لکھ کر یا کاپی کتاب کے صفحات سے دیکھا دیا جاتے اور اگر ممکن ہو تو طلبہ سے کاپیوں پر نقل بھی کرا دیا جائے ۔ جتنے زیادہ حواس سے کام لینے کا موقع ملے گا اتنا ہی پختہ یاد ہو گا۔

تھوڑی تھوڑی دیر یاد کرنے کے بعد بغیر دیکھے زبانی ادا کر کے اس بات کا اندازہ لگالیا کریں کہ کتنا حصّہ یاد ہوگیا اور کتنی کسر ہے ، جتنا ٹھیک یاد نہ ہو اس پر مزید توجہ صرف کریں۔

بچپن میں قوت حافظہ سے خوب کام لیا جائے اور بہت سی ضروری چیزیں ( کلام پاک ، دعائیں ، اذکار ، اشعار ، ضرب الامثال ، اقوال و غیره ) بخوبی یاد کرادی جائیں ۔ اگر سات آٹھ سال کے بچے کو شفقت ، محبت اور سلیقے سے حفظ کرایا جائے اور ساتھ ہی روزانہ تھوڑا سا وقت دے کر مادری زبان لکھنے پڑھنے اور معمولی حساب کرنے کی مشق بہم پہنچائی جاتے تو وہ دس گیارہ برس کی عمر میں حافظ قرآن بھی ہو سکتا ہے اور ان بچوں کے ساتھ آئندہ باآسانی چل سکتا ہے جو شروع سے تمام مضامین لے کر چل رہے تھے اور حفظ کی سعادت سے محروم رہ گئے ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close