تعلیمخیالات

تعلیم کے پردے میں چھپا عالمی منصوبہ – جان ٹیلر گیٹو

اسکول کی حقیقت ہماری سوچ سے بالکل مختلف ہے

سن 1909 میں ایک فیکٹری کے معائنہ کرنے والی خاتون نے بیس کارخانوں میں کام کرنے والے پانچ سو بچوں کے حالات کے بارے میں ایک غیر رسمی جائزہ لیا۔ اس جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ ان بچوں میں سے چار سو بارہ ایسے تھے جو کارخانوں کے نہایت سخت اور ناگوار حالات میں کام کرنا تو گوارا کرتے مگر دوبارہ اسکول لوٹنے کو تیار نہ تھے۔

ہیلن ٹوڈ
"بچے کیوں کام کرتے ہیں”
میکلیورز میگزین، اپریل 1913

دنیا کی باگ ڈور

سن 1919 کا زمانہ تھا۔ پہلی عالمی جنگ کی فتح کے جشن ابھی تازہ تھے، سڑکوں پر نکالی جانے والی پریڈوں کی گونج باقی تھی، اور امریکہ ایک عجیب سرور کی کیفیت میں ڈوبا ہوا تھا۔ فضا میں یہ احساس رچ بس گیا تھا کہ اب اس قوم کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں رہا، یہاں تک کہ انسانی فطرت کو بدل ڈالنا بھی اس کی دسترس سے باہر نہیں۔

ایسے ہی ماحول میں پروفیسر آرتھر کیل ہون کی کتاب خاندان کی سماجی تاریخ منظر عام پر آئی۔ اس کتاب نے علمی دنیا کو چونکا دیا اور اشارہ دیا کہ ملک کے اسکولوں میں پس پردہ ایک نہایت گہرا اور فیصلہ کن عمل جاری ہے۔ یہ محض نصاب یا تدریس کی تبدیلی نہ تھی، بلکہ خاندان کے تصور کو از سر نو ڈھالنے کی کوشش ہو رہی تھی۔ کیل ہون اور ان کے ہم خیال لوگوں کے نزدیک یہ ایک تکمیلی مرحلہ تھا، ایک ایسی کامیابی جسے خوشی سے منایا جانا چاہیے تھا۔ لیکن سب اس جشن میں شریک نہ تھے۔

کیل ہون لکھتا ہے کہ یوٹوپیائی مفکرین کی سب سے عزیز تمنا اب پوری ہونے کو ہے۔ بچے آہستہ آہستہ اپنے خونی خاندانوں کی تحویل سے نکل کر معاشرے کے ماہرین کی نگرانی اور سرپرستی میں جا رہے ہیں۔ وہ مزید کہتا ہے کہ وقت کے ساتھ ڈارون اور گیلٹن کا خواب بھی حقیقت کا روپ دھار لے گا۔ عوامی تعلیم اس کام کا ذریعہ بنے گی، ایسی تعلیم جسے اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ تاکہ ایسے افراد کی نسل کشی پر قدغن لگائی جا سکے جو اس کے اہل نہیں سمجھے جاتے۔ یعنی انسانی آبادی کو سائنسی اصولوں کے تحت قابو میں رکھنے کا خواب۔ لیکن کیل ہون کی طرح ہر شخص اس تعلیمی منصوبے سے متاثر نہ تھا جو خاموشی کے ساتھ، عوامی نگرانی سے بے نیاز ہو کر، درس گاہوں میں اپنی جگہ بناتا جا رہا تھا۔

سن 1922 میں نیویارک کے میئر جان ہائلن نے ایک عوامی خطاب میں اس صورت حال کی طرف نہایت معنی خیز انداز میں اشارہ کیا۔ اس کے یہ الفاظ آج بھی اس زمانے کی پراسرار فضا کی ایک جیتی جاگتی تصویر پیش کرتے ہیں۔ اس نے کہا کہ شہر کے اسکولوں پر ایک غیر مرئی حکومت کی گرفت اس طرح قائم ہو چکی ہے جیسے آکٹوپس اپنے شکار کو اپنی باہوں میں جکڑ لیتا ہے۔

یہ دراصل اس خوف انگیز اعلان کی بازگشت تھی جو اس سے کئی برس پہلے برطانیہ کے وزیر اعظم بنجمن ڈزرائیلی نے کیا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ دنیا کے بڑے بڑے واقعات ایک ایسی پوشیدہ حکومت کے زیر اثر وقوع پذیر ہوتے ہیں جس کے وجود سے عوام بے خبر رہتے ہیں اور جس آکٹوپس کی طرف ہائلن کا اشارہ تھا، وہ دراصل راک فیلر فاؤنڈیشن تھی۔

بیسویں صدی کی تیسری دہائی میں لازمی تعلیم تیزی سے پھیل رہی تھی، اور انہی برسوں میں اسٹاک مارکیٹ بھی غیر معمولی عروج پر تھی۔ 1928 تک فضا اس قدر بدل چکی تھی کہ A Sociological Philosophy of Education نامی کتاب میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اساتذہ کا کام محض اسکول چلانا نہیں بلکہ دنیا کی باگ ڈور سنبھالنا ہے۔ اگلے ہی سال کولمبیا ٹیچرز کالج کے ماہر تعلیم ایڈورڈ تھارنڈائک، جو راک فیلر کی سرپرستی میں کام کر رہے تھے اور “تعلیمی نفسیات” کے نام سے ایک نئی علمی شاخ کے بانیوں میں شمار ہوتے تھے، نے ایک چونکا دینے والا اعلان کیا کہ روایتی تعلیمی مضامین کی اہمیت بہت کم ہے۔ اسی ادارے کے ایک اور استاد ولیم کلپیٹرک نے اپنی کتاب Education and the Social Crisis میں لکھا کہ بچوں کی پرورش کا پورا معاملہ اب آہستہ آہستہ ماہرین کے ہاتھ میں منتقل ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر کلپیٹرک کے نزدیک یہ بات بالکل فطری تھی، کیونکہ اس کی نظر میں خاندان ایک فرسودہ ادارہ تھا۔ پھر آخر یہ کیسے مان لیا جائے کہ ماں باپ کو اپنے بچے کی پرورش کے بارے میں ان ماہرین سے زیادہ سمجھ ہو سکتی ہے؟

انسانی رویّے کا نظم و ضبط

11 اپریل 1933 کو راک فیلر فاؤنڈیشن کے صدر میکس میسن نے اعلان کیا کہ فاؤنڈیشن کی سرپرستی میں ایک وسیع قومی منصوبہ جاری ہے جس کا مقصد انسانی رویّے کو منظم اور قابو میں لانا ہے۔ اس منصوبے کے خاکے میں اسکول کو ایک بنیادی اور مرکزی حیثیت حاصل تھی۔

مشرقی یورپ کے ایک ماہرِ جینیات میکس مولر نے راک فیلر کو انسانی ارتقا کے سائنسی کنٹرول کے خیال میں بڑے پیمانے پر سرمایہ لگانے کی ترغیب دی تھی۔ مولر، ایکس ریز (X-rays)کی مدد سے جینیاتی قوانین میں مداخلت کے تجربات کر رہا تھا اور اس نے پھلوں کی مکھی (ڈروسوفیلا) میں مصنوعی تغیرات بھی پیدا کر لیے تھے۔ ان تجربات سے یہ خیال قوت پکڑنے لگا کہ جینیاتی تغیر کے ذریعے زندگی کی تشکیل اور ارتقا کو سائنسی انداز میں قابو میں لانا ممکن ہو سکتا ہے۔

مولر کے ذہن میں، بالکل اسی طرح جیسے اس سے پہلے گیلٹن اور ڈارون کے ہاں تھا، یہ تصور راسخ تھا کہ انسانوں کی منصوبہ بند افزائش ہی ایک مثالی اور کامل معاشرے تک پہنچنے کی کنجی ہے۔ اس خیال کو بڑے بڑے سائنس دانوں کی تائید حاصل تھی اور طاقت ور معاشی حلقے بھی اس کے پُرجوش حامی تھے۔

مولر کو بعد میں نوبل انعام ملا، اور اس نے اپنے نظریے کو تقریباً پندرہ سو الفاظ پر مشتمل ایک مختصر دستاویز کی صورت دی جسے “جین یٹسٹس مینی فیسٹو” ( Geneticists manifesto) کہا گیا۔ اس منشور پر امریکہ اور برطانیہ کے بائیس ممتاز ماہرینِ حیاتیات کے دستخط ثبت تھے۔ اس میں یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ” ریاست کو چاہیے کہ وہ مداخلت کر کے ایسے افراد کو، جنہیں نسل آگے بڑھانے کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے، عام آبادی سے الگ کرے تاکہ ارتقائی لحاظ سے کمزور سمجھے جانے والے عناصر آگے نہ بڑھ سکیں۔”یہ منشور آج بھی انٹرنیٹ پر دستیاب ہے۔

جو باتیں کبھی 1870 کی دہائی میں بند کمروں میں کی جاتی تھیں، یعنی اس وقت جب لازمی تعلیم ابھی شروع نہیں ہوئی تھی، وہ اب کھل کر لوگوں کے سامنے آنے لگیں۔ کم از کم پالیسی بنانے والوں اور ف۔ اسکاٹ فٹزجیرالڈ جیسے سنجیدہ ادیبوں کی تحریروں میں یہ باتیں ظاہر ہونے لگیں۔ اس طرح آہستہ آہستہ ایک ایسا رجحان پیدا ہو رہا تھا جو جمہوری مساوات کے خیال سے دور جا رہا تھا، اور اسی طرف فٹزجیرالڈ نے اپنے ناول The Great Gatsby میں بھی اشارہ کیا ہے۔

سادہ طور پر یوں سمجھیے کہ تعلیمی نظام کے بنیادی درجے ہی پر یہ طے کر لیا گیا تھا کہ ذہین بچوں کو کم ذہین بچوں سے الگ رکھا جائے۔ ہوریس مان کا وہ تصور، جس کے مطابق معاشرے کے مختلف طبقات ایک ہی جماعت میں جمع ہو کر باہمی ہم آہنگی پیدا کریں گے، اب عملاً ختم ہو چکا تھا اور محض تقریروں تک محدود رہ گیا تھا۔

منشور کے عام ہونے سے چند ماہ پہلے، نیشنل ایجوکیشن ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے صاف الفاظ میں کہا کہ این ای اے تعلیم کے ذریعے وہی کام کرنا چاہتی ہے جو یورپ کے آمر جبر اور طاقت سے کرتے ہیں۔ اس سے زیادہ واضح بات اور کیا ہو سکتی ہے؟

دوسری جنگ عظیم نے یوجینکس (Eugenics) کے منصوبے کو وقتی طور پر پس منظر میں دھکیل دیا، مگر اس کی پیش رفت میں کوئی خاص کمی نہیں آئی۔ جنگ کے بعد اسکولز ایک کھلا میدان بن گئے جہاں کشمکش جاری تھی۔ ایک طرف روایتی تعلیم (Traditional schooling) کے سادہ مقاصد تھے جو پڑھنے، لکھنے اور حساب تک محدود تھے، اور دوسری طرف جدید تعلیمی نظریات (advanced Academic thinking) کے حامی تھے، جن کا تعلق کارنیگی (Carnegie) اور راک فیلر (Rockefeller) جیسی بڑی غیر منافع بخش کارپوریٹ بنیادوں (Corporate non profit foundations) کے تحقیقی مراکز سے تھا۔ یہی لوگ سنجیدگی سے تعلیمی نظام کو اس سمت لے جا رہے تھے جہاں معاشرتی معاملات (Social Affairs) کو سائنسی اصولوں (Scientific Rationalization) کے تحت منظم کیا جا سکے۔

امریکی کانگریس کی دو تحقیقات، ایک 1915 میں اور دوسری 1959 میں، اسی نتیجے پر پہنچیں کہ نئے تعلیمی نظام میں پالیسی سازی دانستہ طور پر عوام کی نگاہوں سے دور رکھی جا رہی تھی۔ یہ پالیسیاں کارپوریٹ دفاتر میں تیار کی جاتیں اور نہایت باریک اور پیچیدہ انداز سے اثر و رسوخ کی ایسی مہم کے ذریعے تعلیمی ڈھانچے میں داخل کر دی جاتیں جن کا عام لوگوں کو احساس تک نہ ہوتا۔

ان دونوں رپورٹوں کو کوئی خاص توجہ حاصل نہ ہو سکی۔ حالانکہ وہ آج بھی موجود ہیں، لیکن شاید ہی کوئی جانتا ہو کہ ان کا وجود بھی ہے۔ امریکہ کے بڑے بڑے تربیتِ اساتذہ کے اداروں نے انہیں گویا اجتماعی حافظے کے اندھیرے میں دفن کر دیا، اور یہ آج تک معلوم نہ ہو سکا کہ یہ سب کس کے حکم پر ہوا۔

دوسری جنگ عظیم کے تقریباً بیس سال بعد، 1967 سے 1974 کے دوران اساتذہ کی تربیت کے نظام کو یکسر بدل دیا گیا۔ یہ تبدیلی چند اہم نجی بنیادوں، منتخب جامعات، فکری اداروں اور سرکاری محکموں کی باہم مربوط کوششوں کا نتیجہ تھی۔ بڑی عالمی کارپوریشنز نے اس عمل کی پشت پناہی کی، اور اسے امریکی محکمہ تعلیم (US Office of Education) اور چند اہم ریاستی تعلیمی محکموں کے ذریعے ہم آہنگ رکھا گیا، خصوصاً کیلیفورنیا، ٹیکساس، نیویارک، مشیگن، انڈیانا، فلوریڈا اور پنسلوانیا میں۔

اس پوری تبدیلی کے تین اہم سنگ میل تھے۔ پہلی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی ایک وسیع مستقبل نگاہی مشق تھی جسے Designing Education for the Future کہا گیا۔ دوسری Behavioral Science Teacher Education Projectتھی۔ اور تیسری بینجمن بلوم کی مرتب کردہ درجہ بندی Bloom’s Taxonomy of Educational Objectives تھی، جو کئی جلدوں پر مشتمل ایک نہایت ضخیم کام تھا اور شکاگو یونیورسٹی میں ان کے دفتر سے تیار ہوا۔

بعد میں یہی کام پورے امریکہ کے تعلیمی نظام پر چھا گیا اور تقریباً ہر اسکول اس کے اثر میں آ گیا۔ بلوم کی یہ کاوش ایک ایسی علمی انتہا پسندی کا نمونہ محسوس ہوتی ہے جس میں درجہ بندی کا غیر معمولی شوق نمایاں ہے۔ خود اس کے اپنے الفاظ میں یہ ایک ایسا آلہ تھا جس کے ذریعے یہ طے کیا جا سکے کہ کسی تعلیمی مرحلے کے نتیجے میں افراد کیسے عمل کریں، کیسے سوچیں اور کیا محسوس کریں۔

اصل بھید اسی “سوچنے اور محسوس کرنے” میں پوشیدہ ہے۔ سادہ فسطائیت تو عمل تک محدود رہتی، مگر جیسا کہ اورویل نے اپنے ناول Nineteen Eighty-Four میں خبردار کیا تھا، یہاں معاملہ اس سے کہیں زیادہ گہرا تھا۔

رویاتی نفسیات کی نئی تکنیکوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بچوں کو اس سانچے میں ڈھالا جانے لگا کہ وہ “درست” طریقے سے سوچیں، محسوس کریں اور عمل کریں، جبکہ وہ “نامناسب” رویے جو وہ اپنے گھروں سے لاتے تھے، انہیں بدل دیا جائے۔ ان معصوم نظر آنے والے چھوٹے سرخ اسکولوں (little red schoolhouses) سے باہر، پس منظر میں ایک ایسا کیمیائی عمل جاری تھا جو ڈاکٹر فرینکنسٹائن کی تخلیق جیسا محسوس ہوتا تھا۔

تعلیم کے ہر درجے پر بچوں پر تجربات کی اجازت دے دی گئی، اور عوام کو اس کی کوئی خبر نہ ہونے دی گئی۔ اسے یوں سمجھیے جیسے Tuskegee Syphilis Experiment اب ایک بڑے پیمانے پر دہرایا جا رہا ہو۔ اس پورے عمل میں جانچ کو مرکزی حیثیت حاصل تھی، تاکہ ہر بچے کی ذہنی اثر پذیری کو ایک سرکاری پیمانے پر ناپ کر اس کی درجہ بندی کی جا سکے۔

بلوم کی یہ حد سے بڑھی ہوئی درجہ بندی کسی حد تک اٹھارویں صدی کے آخر میں ایک جرمن ڈاکٹر کی طرف سے پروشیا کے لیے پیش کیے گئے منصوبے The Complete System of Medical Policing کی یاد دلاتی ہے۔ اس منصوبے کے مطابق ہر شہری پر یہ ذمہ داری تھی کہ وہ دوسروں پر مسلسل نظر رکھے، بیماری کی کسی بھی علامت کو فوراً پہچانے، چاہے وہ معمولی زکام ہی کیوں نہ ہو، اور اسے حکام تک پہنچائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اسی سوچ کے تحت بلوم کے نظریے سے کئی ذیلی نظام پیدا ہوئے، جن میں Mastery learning، outcomes based education، school to work، اور کلاس روم اور کاروباری اداروں کے درمیان شراکت جیسے تصورات شامل ہیں۔

بلوم کے اثرات ہر اس تعلیمی اقدام میں نمایاں طور پر محسوس کیے جا سکتے ہیں جس کا مقصد طلبہ کو اس انداز سے درجہ بند کرنا ہو کہ سماجی منتظمین اور کاروباری اداروں کے لیے ان کا استعمال سہل ہو جائے۔ اس کے زیر اثر تشکیل پانے والے تعلیمی پروگرام اس طرح ترتیب دیے جاتے ہیں کہ وہ نوجوانوں کے ذہنوں اور ان کی حرکات و سکنات کے نظم و ضبط کے لیے کارآمد معلومات فراہم کریں، اور آنے والی بالغ نسل کو مختلف سماجی انجینئرنگ کے اداروں کے لیے پہلے سے منظم اور نقشہ بند کر دیں۔

تبدیلی کے عمل کا دوسرا ستون، "مستقبل کے لیے تعلیم کی تشکیل”، اپنے سادہ سے عنوان کے باوجود خاصا معنی خیز ہے اور اپنی کمزور نثر کے باوجود توجہ سے پڑھنے کے قابل ہے۔ یہ دستاویز United States Office of Education کی جانب سے تیار کی گئی، جس میں تعلیم کو جرمن طرزِ تعلیم (Prussian model) کے تحت اس طرح پیش کیا گیا ہے کہ وہ دراصل قومی سطح کے اہم معاشی اور سماجی مقاصد حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہے، جبکہ فرد کے ذاتی مقاصد کا کوئی ذکر نہیں ملتا۔

اس کے بعد ریاستی تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مقامی سطح پر مرکزی حکومت (Federal government) کے نمائندے بن کر کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکول مرکزی ہدایات کے مطابق چلیں۔ ہر ریاستی محکمہ تعلیم کو تبدیلی کا محرک بنایا گیا اور انہیں کہا گیا کہ وہ اپنی خودمختاری اور الگ شناخت کو ترک کر کے مرکزی حکومت (Federal government) کے ساتھ ایک ماتحت شراکت قبول کریں، ورنہ انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

آخر میں، تیسرے نہایت بڑے منصوبے پر غور کریں، جو Bloom’s Taxonomy سے بھی دو گنا وسیع تھا: Behavioral Science Teacher Education Project (BSTEP) (معاہدہ نمبر: OEC O 9 320424 4042)۔ یہ منصوبہ لازمی تعلیم سے متعلق حکومتی پالیسی کے واضح عزائم کو سامنے لاتا ہے اور 1967 کے بعد امریکہ میں نافذ کی جانے والی اصلاحات کا خاکہ پیش کرتا ہے۔

اس میں بتایا گیا ہے کہ باقاعدہ تعلیمی نظام کو ایک ایسے امریکہ کے مستقبل کو "غیر شخصی طریقے سے منظم اور قابو میں رکھنے” کی ذمہ داری دی جائے گی، جہاں "ہر فرد کو پیدائش کے وقت ایک ہمہ مقصدی شناختی نمبر دیا جائے گا”۔ اس کے ذریعے ملازمت دینے والے اور دیگر نگران ادارے عوامی ہجوم پر مسلسل نظر رکھ سکیں گے اور ضرورت پڑنے پر انہیں "براہ راست یا تحت الشعور اثر انداز” کیا جا سکے گا۔

BSTEP کی اس دستاویز میں کہا گیا ہے، جو اس وقت سامنے آئی جب محکمہ انصاف کے ایک سابق اہلکار نے اس کا راز افشا کیا، کہ ایک ایسا وقت آئے گا جب امریکہ میں بہت کم لوگ اپنے خیالات پر خود قابو رکھ سکیں گے۔ BSTEP کے مطابق 1967 کے بعد کم عمر بچوں پر کیمیائی تجربات عام ہو جائیں گے۔ یہ بات آج کے حالات سے ملتی ہے، جہاں Ritalin اور Adderall جیسی دوائیں اور دوسری کیمیائی مداخلتیں بچوں کے ساتھ اسکول تک جاتی ہیں۔

‫اس دستاویز میں مستقبل کی تصویر ایک ایسی دنیا کے طور پر کھینچی گئی ہے جہاں ایک محدود بااثر طبقہ تمام اہم معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے لے گا۔ ایسی دنیا جس میں جمہوریت میں عوامی شرکت بتدریج ختم ہو کر صرف ووٹ دینے کے ایک بے معنی حق تک سمٹ جائے گی۔ انتخابات بھی ایسے ہوں گے جن میں سنجیدہ امیدوار پہلے ہی چن لیے جائیں گے تاکہ کسی اختلافی یا "مسئلہ کھڑا کرنے والے” شخص کے لیے جگہ باقی نہ رہے۔‬

‫سیاست دان بظاہر بڑی تبدیلیوں کے دعوے تو کرتے رہیں گے، مگر انتخاب کے بعد ان کا عملی اظہار محض رسمی اور علامتی اقدامات تک محدود رہ جائے گا۔‬

پوسٹ ماڈرن تعلیم، جیسا کہ BSTEP کے تسلسل میں بیان ہوتی ہے، اب ایسے رویّوں اور مہارتوں کی تشکیل پر مرکوز ہے جو ایک غیر عملی یا غیر محنتی دنیا کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں، مثلاً “لذت کی پرورش”۔ یہ بات آسانی سے سمجھی جا سکتی ہے کہ پہلی عالمی جنگ کے بعد وجود میں آنے والا “سماجی نوعیت” کا کلاس روم، جو ذہنی اور اخلاقی تربیت سے ایک واضح انحراف تھا، 1967 تک پہنچتے پہنچتے ایک مکمل نفسیاتی تجربہ گاہ کی صورت اختیار کر چکا تھا۔

یہ سوال نہایت اہم ہے کہ کتنے اساتذہ کو اس امر کا ادراک تھا کہ وہ درحقیقت کس نظام کا حصہ ہیں؟ غالباً اس کی تعداد صفر کے قریب ہی ہوگی۔ تدریس کے شعبے میں، جیسے کسی معمولی مزدوری کے کام میں، بنیادی محرک تنخواہ ہی ہوتی ہے۔ یہ کوئی تحقیر نہیں بلکہ عملی حقیقت ہے، کیونکہ آخرکار ہر انسان کو اپنی زندگی گزارنے کے لیے روزی کمانا ہی پڑتی ہے۔

مصنف : جان ٹیلر گیٹو
مترجم : سلمان وحید

نوٹ: یہ پہلے باب کا ابتدائی حصہ ہے، اور اس باب کو تقریباً چار حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے