کیا بچے اسکرین کے حوالے ہو رہے ہیں؟
آج کے ہندوستان میں بچوں کی پرورش کا منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے۔ وہ پہلے کی طرح والدین اور اساتذہ کی نگرانی میں نہیں، بلکہ زیادہ تر اسکرینز کے زیرِ اثر پروان چڑھ رہے ہیں۔ آن لائن گرو، انسٹاگرام انفلوئنسرز، ہم عمر حلقے، اور غیر فلٹر شدہ مواد کا ایک نہ ختم ہونے والا سیلاب اُن کی سوچ، احساسات اور رویّوں کو تشکیل دے رہا ہے۔ جو چیز بظاہر بے ضرر اسکرولنگ معلوم ہوتی ہے، درحقیقت اُن بنیادی حقوق سے متصادم ہے جو آئین انہیں عطا کرتا ہے۔ آئین کی دفعہ 21 اور 21A بچوں کو باوقار زندگی اور بامقصد تعلیم کی ضمانت دیتی ہیں، مگر ڈیجیٹل دنیا اکثر انہیں اس کے برعکس سمت میں دھکیل رہی ہے۔ اس کے اثرات واضح ہیں ، بڑھتی ہوئی ذہنی بے چینی، ڈپریشن، اور کم عمر بچوں میں خودکشی کے افسوسناک واقعات۔
اس مسئلے کی بنیاد ایک نہایت سادہ مگر گہری حقیقت میں پوشیدہ ہے۔ دفعہ 21 ہر بچے کے باوقار زندگی گزارنے کے حق کی حفاظت کرتی ہے، جبکہ دفعہ 21A ایسی تعلیم کو یقینی بناتی ہے جو اُس کی ہمہ جہت اور صحت مند نشوونما کا ذریعہ ہو۔عدالتوں نے بھی یہ تسلیم کیا ہے کہ آن لائن نقصانات سے بچوں کا تحفظ انہی بنیادی حقوق کا حصہ ہے، خاص طور پر پوکسو قانون اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت۔ لیکن جہاں قانون اس خطرے کو پہچانتا ہے، وہاں انٹرنیٹ کی رفتار اس کے نفاذ سے کہیں زیادہ تیز ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بڑی حد تک بے قابو ہیں، اور بچے ایک ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جہاں اُن کی ذہنی اور جذباتی سلامتی ہر لمحہ خطرے سے دوچار ہے۔
ذرا “کڈ گرو” کے بڑھتے ہوئے رجحان پر غور کیجیے۔ بمشکل دس سال کے بچے سوشل میڈیا پر لاکھوں پیروکاروں کے ساتھ بڑوں کو روحانی مشورے دے رہے ہوتے ہیں۔ ابھینَو اروڑا جیسے اکاؤنٹس عموماً والدین کے زیرِ انتظام ہوتے ہیں اور رفتہ رفتہ ایک خاندانی منصوبے کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ اس سارے عمل میں جو چیز سب سے پہلے قربان ہوتی ہے وہ خود بچپن ہے۔ کھیل کا وقت مواد بنانے میں بدل جاتا ہے، نجی زندگی ختم ہو جاتی ہے، اور فطری نشوونما کی جگہ مسلسل عوامی نمائش لے لیتی ہے۔ ہمارے موجودہ قوانین، جو بچوں کی مشقت اور معاہدات سے متعلق ہیں، اس ڈیجیٹل حقیقت کے لیے بنائے ہی نہیں گئے تھے۔ چونکہ نابالغوں کے معاہدے قابلِ نفاذ نہیں ہوتے، اس لیے یہ واضح نہیں کہ بچے کے مفادات کا حقیقی محافظ کون ہے اور اُس کے نام پر ہونے والی کمائی کا انجام کیا ہوتا ہے۔
ایک اور تشویشناک تبدیلی یہ ہے کہ خود بچپن کی امنگیں بدل رہی ہیں۔ پہلے بچے استاد، ڈاکٹر، سائنس دان، فنکار یا کھلاڑی بننے کا خواب دیکھتے تھے، مگر آج ایک بڑی تعداد خود کو “انفلوئنسر” یا “یوٹیوبر” کے طور پر دیکھتی ہے۔ شہرت اب شناخت بننے سے پہلے ہی ایک پیشہ ورانہ مقصد بن چکی ہے۔ بچے اپنی قدر و قیمت کو مہارتوں، اقدار اور علم کے بجائے مشاہدات، پسندیدگی اور تبصروں میں ناپنے لگے ہیں۔ یہ مسلسل توثیق کی طلب ایک نہایت نازک خودی کو جنم دیتی ہے جو انٹرنیٹ پر اجنبی لوگوں کی رائے پر قائم ہوتی ہے، اور جیسے ہی قدر شناسی کم ہوتی ہے، ویسے ہی خود اعتمادی بھی گرنے لگتی ہے۔
والدین بھی اکثر خود کو اس بہاؤ میں گھرا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ بہت سے والدین اُن پلیٹ فارمز کو پوری طرح نہیں سمجھتے جنہیں اُن کے بچے استعمال کرتے ہیں، مگر وہ اس ڈر سے پابندی لگانے سے ہچکچاتے ہیں کہ کہیں وہ پرانے خیالات کے حامل یا حد سے زیادہ سخت نہ سمجھے جائیں۔ بعض تو ابتدائی عمر میں آن لائن موجودگی کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں، یہ سوچ کر کہ اس سے مواقع پیدا ہوں گے۔ مگر جو چیز نظر انداز ہو رہی ہے وہ یہ شعور ہے کہ ڈیجیٹل دنیا بچوں کی فلاح و بہبود کو سامنے رکھ کر نہیں بنائی گئی، بلکہ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کرنا اور منافع کمانا ہے۔
اب ضرورت اس بات کی ہے کہ گھروں میں، اسکولوں میں اور پالیسی سازی کے حلقوں میں یہ سوال سنجیدگی سے اٹھایا جائے کہ ایک صحت مند ڈیجیٹل بچپن کیسا ہونا چاہیے۔ آج بچوں کا تحفظ صرف جسمانی خطرات سے بچانے تک محدود نہیں رہا، بلکہ ان کے ذہن، جذبات اور شناخت کو بھی ایسی دنیا سے محفوظ رکھنا ضروری ہے جسے سمجھنے اور سنبھالنے کی صلاحیت ابھی ان میں پوری طرح پیدا نہیں ہوئی۔
ہندوستان نے بچوں کے حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کے کنونشن پر دستخط کر رکھے ہیں، جس کے مطابق بچوں کو استحصال سے محفوظ رکھا جانا چاہیے اور اُن معاملات میں اُن کی آواز کو اہمیت دی جانی چاہیے جو اُن کی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ مگر ایسے معاملات میں ہم شاذ ہی یہ پوچھتے ہیں کہ بچہ خود کیا چاہتا ہے یا مسلسل عوامی نظروں میں رہنے کے بارے میں وہ کیا محسوس کرتا ہے۔ حتیٰ کہ سدھا مورتی نے بھی اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ ایسے بچوں کو زندگی بھر ایک جذباتی بوجھ اور نجی زندگی کے فقدان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مذہبی فخر یا سماجی پذیرائی کبھی بھی بچے کے وقار کی قیمت پر حاصل نہیں ہونی چاہیے۔
پھر روزمرہ کی بنیاد پر اثر انداز ہونے والی اس انفلوئنسر ثقافت کو دیکھیے۔ بچے مکمل جسمانی ساخت، پرتعیش طرزِ زندگی اور فوری کامیابی کے خواب دیکھتے ہیں۔ الگورتھمز ایسے مواد کو آگے بڑھاتے ہیں جو انسان کو زیادہ دیر تک جکڑے رکھے۔ 2024 کی تحقیقات کے مطابق ہندوستان کے ایک تہائی سے زیادہ نوعمر افراد نے سوشل میڈیا کے استعمال سے جڑی بے چینی اور افسردگی کی علامات ظاہر کیں۔ بہت سے بچے روزانہ چار سے سات گھنٹے تک اسکرین پر وقت گزارتے ہیں۔ اس کا اثر اُن کی نیند، توجہ کی صلاحیت، خود اعتمادی اور حتیٰ کہ دماغی نشوونما پر بھی پڑتا ہے۔ اگرچہ ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ نابالغوں کے تحفظ کے لیے والدین کی اجازت کو بنیاد بناتا ہے، مگر بچے بآسانی غلط معلومات دے کر عمر کی جانچ کو نظر انداز کر لیتے ہیں، جس سے یہ حفاظتی اقدامات عملی سے زیادہ محض نظریاتی رہ جاتے ہیں۔

ہم عمر دباؤ اس پوری صورتحال کو اور زیادہ سنگین بنا دیتا ہے۔ واٹس ایپ گروپس اور اسنیپ چیٹ کی گفتگو اکثر خاموشی سے ہراسانی کے مراکز بن جاتی ہے، جہاں ایک جعلی تصویر، کوئی افواہ یا تضحیک آمیز پیغام چند لمحوں میں ہر طرف پھیل جاتا ہے۔ متاثرہ بچے خود کو بے بس اور گھرا ہوا محسوس کرتے ہیں، کیونکہ یہ ہراسانی صرف اسکرین تک محدود نہیں رہتی بلکہ ان کے گھر تک ان کا پیچھا کرتی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ کے ایسے مقدمات، جو بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون 2012 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کے تحت سامنے آئے، یہ واضح کرتے ہیں کہ آن لائن ہراسانی کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، لیکن اس کے باوجود بہت سے مجرم گمنامی کے طور پر بچ نکلتے ہیں۔ نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے اعداد و شمار، جن میں حالیہ برسوں میں طلبہ کی خودکشیوں میں تشویشناک اضافہ دکھایا گیا ہے، اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل دباؤ اور تعلیمی بوجھ مل کر ایک نہایت خطرناک صورت اختیار کر چکے ہیں۔
اسی کے ساتھ ایک اور پہلو بھی نہایت تشویشناک ہے۔ بچے غیر ارادی طور پر ایسے مواد تک پہنچ جاتے ہیں جو کسی بھی طور ان کے لیے مناسب نہیں ہوتا، جیسے فحش مواد، پرتشدد نظریات اور گمراہ کن معلومات۔ سپریم کورٹ اس بات کو واضح کر چکی ہے کہ بچوں سے متعلق جنسی مواد کو دیکھنا بھی جرم ہے، مگر اس کے باوجود اس تک رسائی بدستور آسان ہے۔ ملک کے بعض حصوں میں ہونے والی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ کم عمر بچے محفوظ حد سے کہیں زیادہ اسکرین استعمال کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما متاثر ہو رہی ہے، اور یہ بات والدین اور ماہرین دونوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ دوسری طرف نوعمر بچے آن لائن ایسے محدود حلقوں میں پھنس جاتے ہیں جہاں ایک ہی طرح کی سوچ بار بار دہرائی جاتی ہے، اور یوں آہستہ آہستہ ان کی سوچ کو ایک خاص رخ پر موڑ دیا جاتا ہے یا انہیں خاموشی سے اپنے اثر میں لے لیا جاتا ہے، جبکہ اردگرد کسی کو اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔
اس کے اثرات آہستہ آہستہ مگر گہرائی کے ساتھ گھروں اور درس گاہوں میں ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ بچے بے چینی کا شکار ہو جاتے ہیں، خود میں سمٹنے لگتے ہیں، توجہ برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے اور اپنے وجود کے بارے میں ایک انجانا سا تذبذب پیدا ہونے لگتا ہے۔ کچھ بچے اس وقت شناخت کے بحران سے دوچار ہوتے ہیں جب ابتدائی شہرت ماند پڑ جاتی ہے، جبکہ کچھ ہراسانی یا نقصان دہ خیالات کے بوجھ کو خاموشی سے برداشت کرتے رہتے ہیں۔ یوں خاندان ایسے جذباتی زخموں کا سامنا کرتے ہیں جن کے اصل اسباب تک پہنچنا نہایت دشوار ہوتا ہے۔
دوسری طرف ہمارے قوانین اس تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے ساتھ قدم ملانے کی کوشش تو کر رہے ہیں، مگر ابھی بھی پیچھے دکھائی دیتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے حالیہ فیصلے میں تیرہ سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے سے گریز کرتے ہوئے والدین کی اجازت کو کافی قرار دیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بچے ایسی پابندیوں کو آسانی سے نظر انداز کر لیتے ہیں۔ بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ کا قانون 2012 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 اگرچہ غیر قانونی مواد پھیلانے والوں کو سزا دیتے ہیں، مگر بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں، آن لائن مشقت اور ہم عمر دباؤ سے پیدا ہونے والے نقصانات کے حوالے سے واضح اور جامع اصول اب بھی موجود نہیں۔ عدالتیں بارہا اس امر کی یاد دہانی کرا چکی ہیں کہ نہ عقیدہ، نہ شہرت اور نہ ہی منافع کسی صورت بچے کے وقار پر فوقیت حاصل کر سکتے ہیں۔
تو پھر آگے کا راستہ کیا ہے؟ ہمیں بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کو باقاعدہ ڈیجیٹل مشقت کے طور پر تسلیم کرنا ہوگا، جس کے لیے نگرانی اور ضابطہ ضروری ہے۔ ان کی کمائی کو امانت کے طور پر محفوظ کیا جانا چاہیے، اور اُن کی ذہنی و جذباتی صحت پر نظر رکھی جانی چاہیے۔ امریکہ اور فرانس جیسے ممالک پہلے ہی بچوں کے فنکاروں اور آن لائن سرگرمیوں سے وابستہ بچوں کے لیے قوانین بنا چکے ہیں، جن سے ہندوستان سیکھ سکتا ہے۔ اسکولوں کو چاہیے کہ وہ ڈیجیٹل فہم کو عملی انداز میں سکھائیں۔ والدین کو ایسے وسائل اور رہنمائی دی جانی چاہیے جن کے ذریعے وہ بچوں کے اسکرین کے استعمال اور آن لائن ماحول کو بہتر طور پر سنبھال سکیں۔ اور اُن عناصر کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے جو بچوں کو مواد سازی کے جال، ہراسانی کے نیٹ ورکس یا گمراہ کن پیغامات کے ذریعے استحصال کا نشانہ بناتے ہیں۔
اگر ہم نے بروقت اقدام نہ کیا تو اندیشہ ہے کہ ایک ایسی نسل پروان چڑھے گی جو دیکھ بھال، تعلیم اور انسانی ربط کے بجائے الگورتھمز کے اثر میں ڈھل رہی ہوگی۔ ڈیجیٹل دور میں بچوں کا تحفظ محض اچھی پرورش کا تقاضا نہیں، بلکہ ایک آئینی ذمہ داری ہے۔
مصنفہ : نیرجا سنگھ
مترجم : سلمان وحید
مصنفہ کے بارے میں :
نیرجا سنگھ نسلی تنوع پر گفتگو کرنے والی ایک ممتاز مقرر، چھ کتابوں کی مصنفہ اور نسلی تربیت کی ماہر ہیں۔ وہ ٹیڈ ایکس مقرر اور مستند آن لائن پیش کار بھی ہیں، اور کثیر القومی کمپنیوں، تعلیمی اداروں اور مسلح افواج کے ساتھ کام کرتے ہوئے مختلف نسلوں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں معاونت فراہم کرتی ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس سے بطور ریسورس پرسن وابستہ ہیں اور اس وقت آئی آئی ایم تریچی میں سینئر مینجمنٹ ایگزیکٹو پروگرام کر رہی ہیں۔ ان سے رابطہ کیا جا سکتا ہے: https://www.linkedin.com/in/neerja-singh/
ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں



