تدریس کیا ہے – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۵

تدریس کے معنی درس دینا ، بچّوں کو لکھنا پڑھنا سکھانا یا مختلف علوم و فنون میں مہارت پیدا کرانا ۔ تدریس کے ذریعے معلّم ایک تدریج سے بچوں کو طرح طرح کی معلومات فراہم کرتا ہے۔ انہیں مختلف باتیں جا ننے سیکھنے یا کرنے کا موقع دیتا ہے اور مستقبل کی زندگی کے لیے انہیں تیار کرتا ہے۔
تدریس کا کام اس وقت انجام پاتا ہے جب
1۔کوئی سیکھنے والا ہو(بچہ)
۲۔ کوئی سکھانے والا ہو( معلم )
۳۔ کوئی چیز ہو جو سکھائی جائے(مضامین کا مواد )
تدریس کے ذریعے معلم، بچے اور مضامین کے مواد میں رابطہ قائم کراتا ہے۔
کار تدریس اور دوسرے پیشوں میں بڑا فرق ہے ۔ سنار بڑھئی ، لوہار وغیرہ کو اپنے پیشے کے سلسلے میں ایسی چیزوں سے واسطہ پڑتا ہے جو بے جان ہوتی ہیں ، جن کا اپنا کوئی ارادہ نہیں ہوتا ۔ یہ خام اشیا پورے طور پر ان کے تصرف میں ہوتی ہیں، وہ اپنی فنی مہارت کا جس طرح چاہیں مظاہرہ کریں یہ اشیاء کوئی مزاحمت نہیں کر سکتیں۔ چنانچہ دو کھٹ کھٹ کیے جائیں توکچھ نہ کچھ بن ہی جاتا ہے۔ لیکن معلم کوایک ایسی زندہ جاوید ہستی(بچے) سے سابقہ پیش آتا ہے جو صاحب ارادہ ہوتی ہے ، جس @کی اپنی خواہشات اور دلچسپیاں ہوتی ہیں۔ اگراس کی آمادگی اور دل چسپی یا اس کا ا اور ارادہ توجہ اور خواہش شامل حال نہ ہو یا اس کی عمرفہم اور سابقہ معلومات کا لحاظ نہ کیا جائے تو معلم کی لاکھ کوششوں کا نتیجہ لا حاصل ہو گا وہ گھنٹوں سر مارتا رہے کوئی کامیابی نہ ہو گی۔
بنا بریں ایک اچھے معلم کے لیے ضروری ہے کہ وہ بچے ، مضامین کے مواد اور طریقِ تدریس تینوں سے بخوبی واقف ہو اور ان صفات کا حامل ہو جو بچّوں سے بحسن و خوبی نمٹنے اور ان کو فیض پہنچانے کے لیے درکار ہیں ۔
- بچے کے بارے میں وہ جانتا ہو کہ اس کی فطرت کیا ہے۔ نشو و نما کے مختلف مراحل کیا ہیں ۔ ہر مرحلے کی نفسی خصوصیات کیا ہوتی ہیں۔ اس کی خواہشات میلانات اور دلچسپیاں کیا ہیں ۔ وہ کس طرح متوجہ ہوتا ، دلچسپی لیتا حفظ کرتا یا کسی چیز کا عادی بنتا ہے وہ کسی تدریج سے آگے بڑھتا اور اس طرح نئی باتیں سیکھتا ہے اس کے کام کرنے کا اندازہ کیا ہوتا ہے۔ کسی قسم کی حرکات میں اسے مزہ آتا ہے ۔ بڑوں سے کن باتوں میں وہ مختلف ہوتا ہے وغیرہ۔
- اسے اپنے مضمون سے لگاؤ اور موادِ مضمون سے بخوبی واقف ہونا چاہیئے۔ اپنی معلومات میں برابر اضافے کی کوشش کرنی چاہیئے۔
- اسے جاننا چاہئے کہ بچّوں کو کیا کچھ پڑھایا جائے کس ترتیب سے مواد پیش کیاجائے اور سکھانے پڑھانے کے لیے کیا طریقہ اختیار کیا جائے۔
- ان باتوں سے واقف ہوتے بغیر تدریس نتیجہ خیز نہیں ہو سکتی۔
کامیاب تدریس کی خصوصیات
وہی تدریس کامیاب کہلاتی ہے ۔
- جو طلبہ میں علم وفن کے اکتساب کی پیاس اور طلب پیدا کر یں ۔
- جس کے لیے پہلے ہی سے بخوبی تیاری کر لی جاتی ہوا اور درس مرتب اور پیشگی تیار خاکے کے مطابق دیا جاتا ہو۔
- جس کے دوران درجے میں شفقت اور ہمدردی کی فضا طاری رہتی ہو اور ڈانٹ پھٹکار یا مار پیٹ کی نوبت کم آتی ہو۔
- جو اساتذہ اور طلبہ میں تعاون کی اسپرٹ پیدا کر ے اور طلبہ کی دل چسپی اور توجہ کو مرکوز رکھ سکے۔
- جس میں نئی باتیں ، سابقہ معلومات اور روز مرہ کی زندگی سے مربوط کر کے یا اس سے موازنہ و مقابلہ کر کے بتائی جاتی ہوں ۔
- جس میں اجتماعی و انفرادی مشکلات کو رفع کرنے کی طرف پوری توجہ دی جاتی ہو۔
- جو طلبہ میں اپنی ، آزادی فکر د رائے خود اعتمادی اور اپنے علم پر یقین اوربھروسہ پیدا کر ہے ۔
- جو علم کو عمل میں لانے اور سیکھے ہوۓ کو برتنے کا سلیقہ سکھائے اور تجربے کے لیے اس کے مواقع فراہم کرے ۔



