بہتر تدریس کا راز: مضمون فہمی اور تدریسی حکمت

کُسُم ریاضی کی ایک استاد ہیں۔ وہ جماعت ہفتم کی کلاس میں داخل ہونے سے پہلے خود کو سنبھالتی اور ذہنی طور پر تیار کرتی ہیں۔ اس اسکول میں وہ چار برس سے تدریس کا کام انجام دے رہی ہیں۔ اس سے پہلے وہ پانچویں جماعت تک کے بچوں کوپڑھایا کرتی تھی۔ کسم میڈم کےدل میں کچھ اندیشہ ہے، مگر مکمل منصوبہ بندی اور ضروری وسائل کی وجہ سے وہ کلاس کا آغاز دوستانہ اور غیر رسمی گفتگو سے کرتی ہیں۔ پھر بتدریج نہایت روانی کے ساتھ سوالات اٹھاتی ہیں اور طلبہ کو جواب دینے اور گفتگو میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔
شیلندر سائنس کے استاد ہیں۔ انہوں نے باقاعدہ اساتذہ کی تربیت مکمل کی ہے اور اپنے آبائی شہر کے ایک اسکول میں تقرر ی پائی ہے۔ یہ ان کا پہلا مہینہ ہے اور بطور استاد ان کا پہلا عملی تجربہ بھی۔ وہ تدریس اور سیکھنے کے مؤثر طریقوں کو سمجھنے کے لیے اپنے ساتھی اساتذہ سے رہنمائی لیتے ہیں اور ان کے استعمال کردہ طریقہ کار کو غور سے دیکھتے اور سیکھتے ہیں۔
تمِزھ سیلوی قریب ایک دہائی سے انگریزی پڑھا رہی ہیں۔ وہ جماعت نہم کی سطح پر زبان کی درست اور مناسب تدریس کے سلسلے میں نئے مقرر ہونے والے چند اساتذہ کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ وہ اپنے تدریسی وسائل، تجربات، اور طلبہ کے مزاج اور تعلیمی ضروریات کو سمجھنے کے اپنے انداز کو ان کے ساتھ تفصیل سے شیئر کرتی ہیں۔
اوپر دیے گئے تینوں اقتباسات کو پڑھتے وقت فطری طور پر آدمی کم از کم ایک یا شاید تینوں صورتوں سے خود کو جوڑ سکتا ہے۔ غالباً اس سے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ ہم سب بطور استاد تعلیمی پیشہ ور کے طور پر ارتقاء کے مختلف مراحل میں ہوتے ہیں۔ ایک استاد بننے کے لیے کن باتوں کی ضرورت ہوتی ہے؟ ماریا مونٹیسوری نے کہا تھا:
ایک استاد کی کامیابی کی بلند ترین علامت یہ ہے کہ وہ اطمینان سے کہہ سکے کہ بچے اس طرح سیکھنے میں مشغول ہیں جیسے میری موجودگی کی ضرورت ہی نہیں رہی۔
کلاس میں ایسی صورت پیدا کرنے کے لیے استاد کے پاس ان تصورات کا مضبوط علم ہونا ضروری ہے جو اس کو پڑھانے ہیں، اور ساتھ ہی انہیں پڑھانے کا مناسب طریقہ بھی آنا چاہیے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ان دونوں کے درمیان گہرا تعلق ہے، اور انہی کا باہم امتزاج کلاس میں مؤثر تدریس و تعلم کا سبب بنتا ہے۔
اساتذہ کی تربیت کے معروف محقق لی شولمین نے تدریس اور استاد کی پیشہ ورانہ تیاری کے تصور کو گہرائی اور وسعت دینے میں نمایاں کام کیا ہے۔ ان کے نزدیک صرف عمومی تدریسی مہارتیں حاصل کر لینا تدریس کے لیے کافی نہیں ہے، خاص طور پر اس وقت جب توجہ زیادہ تر صرف مضمون کے مواد کے علم پر مرکوز ہو۔ وہ کہتے ہیں کہ تدریسی علم کی اصل پہچان اس مقام سے ہوتی ہے جہاں مضمون کا علم اور طریقہ تدریس ایک دوسرے سے جڑ جاتے ہیں۔ شولمین نے تدریسی مضمونی علم (Pedagogical Content Knowledge) کا تصور پیش کیا، یعنی یہ کہ استاد مضمون کے علم کو طلبہ کے سیکھنے کے عمل کے مطابق کیسے سمجھتا، ڈھالتا اور منتقل کرتا ہے۔
تدریسی مضمونی علم کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ استاد یہ سمجھ رکھتا ہو کہ کونسے عوامل کسی موضوع کو آسان یا دشوار بناتے ہیں، اور مختلف عمر اور پس منظر کے طلبہ سیکھنے کے عمل میں کون سے پیشگی تصورات اور ذہنی خاکے اپنے ساتھ لے کر آتے ہیں۔ شولمین کے مطابق:
“یہ مضمون اور طریقہ تدریس کا ایسا گہرا امتزاج ہے جس کے ذریعے یہ بصیرت حاصل ہوتی ہے کہ مخصوص موضوعات، مسائل یا نکات کو کس انداز سے منظم کیا جائے، کس صورت میں پیش کیا جائے، سیکھنے والوں کی مختلف دلچسپیوں اور صلاحیتوں کے مطابق ڈھالا جائے، اور تعلیم کے لیے واضح اور قابل فہم شکل میں بیان کیا جائے۔”
اب ریاضی کی استاد کسم کو سامنے رکھیے۔ تدریسی مضمونی علم درحقیقت ان کے ریاضی کے گہرے فہم اور تدریسی طریق کار کے علم کے باہمی اشتراک کا نام ہے۔ مضبوط تدریسی مضمونی علم انہیں یہ صلاحیت دیتا ہے کہ وہ موزوں تدریسی تدابیر منتخب کریں، مثلاً کھیل اور عملی وسائل کا استعمال، اور انہیں باہمی تعاون پر مبنی سیکھنے، جستجو پر مبنی سرگرمیوں یا مسئلہ حل کرنے کے منظم طریق میں شامل کر کے ریاضی کو مؤثر انداز میں پڑھا سکیں۔
مگر اہم سوال یہ ہے کہ کیا محض یہ کافی ہے کہ ایک تجربہ کار استاد کو ریاضی کا گہرا علم ہو؟ کیا اس کے پاس لازماً موزوں تدریسی مضمونی علم بھی ہوگا؟ یہی سوال شیلندر اور تمزھ سیلوی کے بارے میں بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔
تدریسی مضمونی علم (Pedagogical Content Knowledge) کے بنیادی اجزا یہ ہیں:
مضمونی علم (Content Knowledge)
اس سے مراد اس مضمون کے علمی مواد پر پختہ دسترس اور اسے مؤثر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت ہے جسے طلبہ نے سیکھنا ہوتا ہے۔ اس میں بنیادی تصورات، نظریات، افکار، تنظیمی ڈھانچہ، شواہد اور دلائل کی سمجھ شامل ہے، ساتھ ہی وہ عملی طریقے اور زاویے بھی شامل ہیں جو اس علم کی درست تشکیل تک رہنمائی کرتے ہیں۔
تدریسی علم (Pedagogical Knowledge)
یہ تدریس اور سیکھنے کے عمل، اس کے طریق کار اور عملی صورتوں کی جامع اور گہری سمجھ کا نام ہے۔ اس میں طلبہ کی فطرت اور انفرادی فرق کو جاننا، سیکھنے کی جانچ کی مؤثر تدابیر، اور ادراکی، سماجی اور نشوونمائی نظریات سے واقفیت شامل ہے، نیز یہ بصیرت بھی کہ ان نظریات کو جماعتی تدریس میں کس طرح مؤثر طور پر استعمال کیا جائے۔
شولمین نے سن انیس سو ستاسی میں تدریس کے لیے درکار بنیادی علمی ڈھانچے کو مکمل کرتے ہوئے چند مزید اہم عناصر بھی شامل کیے:
نصاب کا علم (Curriculum Knowledge)
تعلیمی ماحول اور سیاق کا علم (Knowledge of Educational Contexts)
تعلیم کے مقاصد کا علم (Knowledge of the Purposes of Education)
انیس سو نوے کی دہائی میں متعدد ماہرین تعلیم نے جماعت میں موجود متنوع طلبہ کی لسانی اور ثقافتی خصوصیات کی اہمیت پر گہری اور بصیرت افروز روشنی ڈالی۔ اگرچہ پیش خدمت اور دوران خدمت تربیتی پروگراموں کے ذریعے تدریسی مضمونی علم (Pedagogical Content Knowledge) کو فروغ دینے کی کوششیں ہوتی رہیں، لیکن اس موضوع پر تحقیق کسی قطعی نتیجے پر متفق نہیں ہو سکی۔ اس کے باوجود اس نظریے کے حامیوں کے مطابق اس نے تدریس و تعلم میں مضمون کے مرکزی کردار کی طرف توجہ دوبارہ مبذول کرائی اور استاد کی تربیت کے اس عمومی رجحان سے آگے بڑھنے میں مدد دی جو انیس سو ستر کی دہائی سے نمایاں تھا۔
بطور استاد ہمیں خاص طور پر اپنے اپنے مضامین کے تناظر میں اس کی افادیت کو اپنی جماعتوں میں جانچنے کی ضرورت ہے۔ اسے سمجھنے اور یہ دیکھنے کی سنجیدہ کوشش کہ یہ طلبہ کی سیکھنے کی سطح پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے، یقیناً مفید ہوگی۔
آخر میں قارئین کے لیے ایک سوال: آپ کے خیال میں تینوں اساتذہ میں سے کس نے اپنی جماعت میں تدریسی مضمونی علم (Pedagogical Content Knowledge) کا مظاہرہ کیا؟ اور کس کو مضمون اور طریقہ تدریس کے درمیان ربط مضبوط کرنے کے لیے مزید مدد درکار ہوگی؟
مصنف کے بارے میں
مصنفہ عزیز پریم جی یونیورسٹی، بنگلورو کے اسکول آف کنٹینیونگ ایجوکیشن، یونیورسٹی ریسورس سینٹر میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ وہ سائنس تعلیم، اساتذہ کی تیاری، اور نصابی مواد کی تیاری کے میدان میں کام کرتی ہیں۔ ان سے اس ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: [email protected]۔
ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں
ترجمہ: سلمان وحید



