کہانی

ایک معلمہ، ایک خیال، ایک نیا تجربہ

انفرادی اور معاشرتی علوم (Individuals and Societies – I&S) کی معلمہ ہونا نہایت دلچسپ تجربہ ہے، کیونکہ یہاں کوئی دو دن ایک جیسے نہیں ہوتے۔ طلبہ کو بااختیار بنانے کے نئے طریقوں پر غور کرتے ہوئے میں ہمیشہ متحرک رہتی ہوں۔ اکثر خیالات مجھے اچانک ایک لمحے میں سوجھ جاتے ہیں۔ خواہ میں کتنی ہی منصوبہ بندی کیوں نہ کر لوں، میری تدریس زیادہ تر حالات کے مطابق فوری اور فطری انداز میں آگے بڑھتی ہے۔ اگرچہ سبق یا یونٹ کا بنیادی خاکہ پہلے سے تیار ہوتا ہے، لیکن طلبہ کے لیے سرگرمیاں اکثر موقع کی مناسبت سے اور وجدان کی بنیاد پر ترتیب پاتی ہیں۔

ایسی ہی ایک سرگرمی نے مجھے اس وقت بے حد پرجوش کیا جب جماعت ششم کے طلبہ چٹانی چکر (Rock Cycle) اور چٹانوں کی اقسام کے بارے میں سیکھ رہے تھے۔ یہ یونٹ طبعی جغرافیہ (Physical Geography) سے متعلق تھا، جس میں ہم اس بات کا مطالعہ کر رہے تھے کہ طبعی جغرافیہ ہمیں زمین کی تشکیل کے بارے میں کس طرح آگاہ کرتا ہے۔ جب ہم چٹانوں کی اقسام، یعنی رسوبی (Sedimentary)، آتشیں (Igneous) اور تغیری (Metamorphic) چٹانوں کا جائزہ لے رہے تھے تو ہم مختلف چٹانوں کی تلاش میں باہر نکلے اور جتنی ممکن ہو سکیں، مختلف اقسام کی چٹانیں جمع کیں۔ پھر ہم انہیں کلاس روم میں لے آئے اور اپنی سینئر جغرافیہ کی معلمہ کو دعوت دی کہ وہ ہمیں ان چٹانوں کی اقسام پہچاننے کے طریقے بتائیں۔ طلبہ بے حد پرجوش تھے، لیکن میں نہیں چاہتی تھی کہ وہ اپنی سیکھ کو صرف ایک رپورٹ کی صورت میں مرتب کریں۔

میں سوچنے لگی کہ میرے طلبہ اس سبق سے حاصل ہونے والی اپنی سمجھ کو اور کس انداز میں پیش کر سکتے ہیں۔ اسی دوران ایک خیال ذہن میں آیا: ایک چٹان کی خود نوشت! اگر چٹان خود اپنی کہانی بیان کرے تو وہ کیا کہے گی؟میں نے اپنی ایک ساتھی معلمہ، جو انگریزی پڑھاتی تھیں، کو شامل کیا تاکہ وہ طلبہ کو خود نوشت لکھنے کے طریقے پر ایک کلاس دیں۔ اس سرگرمی کے نتائج حیرت انگیز تھے!

تصویر بہ شکریہ: پلوی شرما

خود نوشت کی اس سرگرمی کے بعد ایک ہم جماعتی تبادلۂ خیال (Peer Feedback Session) منعقد کیا گیا، جو ایک سادہ درجہ بندی کے معیار (Rubric) کی بنیاد پر تھا۔یہ سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ اس سرگرمی کا اثر کچھ ایسا تھا کہ طلبہ جہاں کہیں بھی جاتے، مختلف چٹانیں جمع کرتے اور دلچسپ شکلوں والی چٹانیں کلاس میں لے آتے۔ وہ اکثر خود ہی ان چٹانوں کے بارے میں تحقیق بھی کرتے تھے۔ یہاں تک کہ انہوں نے اساتذہ کو چٹانیں تحفے میں بھی دیں، جن پر یہ جملے درج تھے: “آپ ایک راک اسٹار ہیں” اور“میری زندگی کی مضبوط چٹان بننے کے لیے شکریہ”۔

یہ واقعی ایک عاجزانہ احساس تھا کہ ایک اچانک ذہن میں آنے والا خیال اس خوبصورتی کے ساتھ حقیقت کی شکل اختیار کر گیا۔ میں نے فیصلہ کیا کہ اس سرگرمی کو درجات (Grades) نہ دیے جائیں، بلکہ طلبہ ایک فہرستِ جانچ (Checklist) کی مدد سے خود اپنے سبق کی سمجھ کا جائزہ لیں۔ اس تجربے کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اساتذہ کو ترغیب دی جا سکے کہ وہ چھوٹے یا بڑے، ہر طرح کے نئے تجربات کرنے کا حوصلہ رکھیں اور بطور معلم سیکھنے اور پرانی باتوں کو نئے انداز سے سمجھنے کے اس عمل سے لطف اندوز ہوں۔ یہ تجربہ ضرور کرنا چاہیے!

مصنفہ : پلوی شرمہ

مترجم : سلمان وحید

مصنفہ کے بارے میں

مصنفہ بین الاقوامی بکلوریٹ (International Baccalaureate – IB) نصاب کی رابطہ کار، آئی بی ای این (IBEN) کی رکن، علومِ انسانی کی سہولت کار اور امتحان کار ہیں۔ انہیں شعبۂ تعلیم میں ایک دہائی سے زائد کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ معلمین کی تربیت، نصابی مشاورت اور تعلیمی بلاگ نویسی سے بھی وابستہ ہیں، اور گہرے، بامعنی اور مؤثر سیکھنے کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔ ان سے اس ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: [email protected]۔

ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے