خیالات

تجرباتی تعلیم اور تربیتِ اساتذہ

آج کے تعلیمی ماحول میں تجرباتی تعلیم (Experiential Education) کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ یہ مختلف انداز سے سیکھنے والے طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے اور معلومات کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے۔ اس طریقۂ تعلیم میں عملی تجربات اور ان پر غور و فکر کو بنیادی حیثیت دی جاتی ہے، تاکہ طلبہ میں زندگی سے متعلق مہارتیں پروان چڑھیں اور وہ کسی مضمون کو گہرائی کے ساتھ سمجھ سکیں۔

جس طرح ایک بچے کی فکری اور عملی نشوونما میں تجربے کا اہم کردار ہوتا ہے، اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ زیرِ تربیت اساتذہ (Pre Service Teachers) کی تعلیم میں بھی تجرباتی انداز کو شامل کیا جائے، تاکہ وہ مستقبل میں اپنی جماعتوں میں اسے مؤثر طریقے سے بروئے کار لا سکیں۔ نو رچنا یونیورسٹی (Navrachana University) کا شعبۂ تربیتِ اساتذہ ہمیشہ سے اس تصور پر یقین رکھتا آیا ہے، اسی لیے تجرباتی تعلیم اس کے طلبہ اساتذہ کے پروگرام کا ایک مستقل اور اہم جزو ہے۔

 

تعمیریت پسند تدریس اور تجرباتی تعلیم

تعمیریت پسند تدریس (Constructivist Pedagogy)، جو تجرباتی تعلیم کو کلاس روم کا حصہ بنانے کی راہ ہموار کرتی ہے، اس تصور پر مبنی ہے کہ سیکھنے والا اپنی سیکھ خود تشکیل دیتا ہے۔ تاہم طلبہ کے لیے اس اندازِ تدریس کو سمجھنا اور اسے عملی طور پر اختیار کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ہم ایک ایسے نظامِ تعلیم میں پروان چڑھے ہیں جہاں علم ہمیں محض منتقل کر دیا جاتا ہے، نہ کہ ہم خود اسے سمجھنے، برتنے اور اپنے تجربات کی روشنی میں تشکیل دینے کے عمل سے گزرتے ہیں۔ اگر کلاس روم میں تجرباتی تعلیم کو مؤثر بنانا ہے تو “تعلیم دینے” کی سوچ سے نکل کر “تعلیم کو سمجھنے اور اپنے اندر جذب کرنے” کی فکر اپنانا ہوگی۔

ماہرِ تعلیم اور فلسفی پاؤلو فریرے (Paulo Freire) نے “بینکاری تصورِ تعلیم” (Banking Concept of Education) پر گفتگو کرتے ہوئے بجا طور پر اس امر پر زور دیا تھا کہ تعلیم کو محض معلومات جمع کر دینے کے عمل تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔

ہمارے پروگرام کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اگرچہ طلبہ اساتذہ تعمیریت پسند تدریس کے نظریے کو بخوبی سمجھ لیتے تھے، لیکن اس نوعیت کی تدریس کی منصوبہ بندی، اس پر عمل درآمد اور اس کی جانچ ان کے لیے خاصی دشوار ثابت ہوتی تھی۔ اسی لیے زیرِ تربیت اساتذہ کو تجرباتی اسباق کی منصوبہ بندی سکھانے سے پہلے ہم نے ان کے اندازِ فکر کو بدلنے پر توجہ دی۔ ہم نے واضح کیا کہ تجرباتی تعلیم محض سرگرمی پر مبنی تدریس (Activity Based Learning) کا دوسرا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا زاویۂ نظر ہے جو تدریس کو زندگی کے تجربات سے جوڑ کر بامعنی بناتا ہے۔

کلاس روم میں یہ تعلق حقیقی زندگی کی مثالوں، روزمرہ کے حالات، اساطیری حکایات، کردار نگاری (Role Play) اور دیگر عملی طریقوں کے ذریعے پیدا کیا جا سکتا ہے۔ اپنے مضمون سے متعلق تدریسی طریقوں کی کلاسوں میں، میں نے طلبہ سے ایسے سوالات پوچھنے شروع کیے جن کا مقصد ان کے سوچنے کے انداز کو نئے رخ دینا تھا۔

  • اگر آپ کسی تصور (Concept) کو پڑھانا چاہتے ہیں تو حقیقی زندگی میں آپ کو وہ کہاں نظر آ سکتا ہے؟
  • اس تصور کے بارے میں سنتے ہی سب سے پہلی بات آپ کے ذہن میں کیا آتی ہے؟
  • آپ خود چاہتے ہیں کہ یہ تصور آپ کو کس انداز میں پڑھایا جائے؟

یہ سوالات معلم کو اس بات پر غور کرنے میں مدد دیتے ہیں کہ وہ جس تصور کو پڑھانے جا رہی ہے، اس کا حقیقی زندگی سے کیا تعلق ہے، اسے کلاس روم میں کس طرح پیش کیا جا سکتا ہے، اور سبق کی منصوبہ بندی کا مؤثر ترین طریقہ کیا ہو سکتا ہے۔

اور بات صرف یہیں تک محدود نہیں۔ اپنی تنقیدی فکر (Critical Thinking) کی کلاسوں میں، میں نے “بلائنڈ آرٹسٹ” (Blind Artist) سرگرمی کے ذریعے یہ بھی دکھایا کہ تجرباتی تعلیم حقیقت میں کیسی دکھائی دیتی ہے اور اسے محسوس کیسے کیا جا سکتا ہے۔

 

بلائنڈ آرٹسٹ سرگرمی

اس سرگرمی میں ہر گروہ تین طلبہ پر مشتمل تھا۔ ایک طالب علم راوی (Narrator)، دوسرا خاکہ ساز (Sketcher) اور تیسرا مشاہدہ کرنے والا (Observer) تھا۔ ہر گروہ کو ایک تصویر دی گئی۔ راوی تصویر دیکھ سکتا تھا، مگر خاکہ ساز کے لیے تصویر دیکھنا ممکن نہیں تھا۔ راوی کا کام تصویر کی مکمل تفصیل بیان کرنا تھا، جبکہ خاکہ ساز کو صرف اسی زبانی وضاحت کی بنیاد پر تصویر بنانی تھی۔ مشاہدہ کرنے والے طالب علم کی ذمہ داری یہ تھی کہ وہ دونوں طلبہ کے اندازِ کار، ان کے باہمی ابلاغ اور تصویر کے خاکے کی درستی کا باریک بینی سے جائزہ لے۔

اس سرگرمی میں تصویر کی نہایت دقیق تفصیلات کو واضح انداز میں بیان کرنا ضروری تھا، جیسے سمتیں، زاویے، رنگ، نمونے، اشیا، حجم اور تناسب وغیرہ۔ دوسری جانب خاکہ ساز کو پوری توجہ اور انہماک کے ساتھ سننا تھا، اور ضرورت پڑنے پر مزید وضاحت کے لیے سوالات بھی کرنے تھے۔ مشاہدہ کرنے والے طالب علم کو اس پورے عمل، گفتگو اور دونوں افراد کے درمیان ہونے والے ابلاغ کا گہرا مشاہدہ کرنا تھا۔

سرگرمی کے اختتام پر طلبہ سے کہا گیا کہ وہ اپنے تجربات پر غور کریں اور انہیں بیان کریں۔ بعد ازاں ان کے تیار کردہ خاکے پورے گروہ کے ساتھ شیئر کیے گئے، تاکہ سب یہ دیکھ سکیں کہ جب کسی منظر یا تصویر کو براہِ راست نہ دیکھا جائے اور صرف زبانی وضاحت کی بنیاد پر دوبارہ تخلیق کیا جائے تو نتائج اور زاویۂ نظر کس قدر مختلف ہو سکتے ہیں۔

ذیل میں دی گئی تصاویر میں اصل تصویر اور اس زبانی وضاحت کی بنیاد پر تیار کیے گئے خاکے کو دکھایا گیا ہے۔ ان میں سمت، حجم، تناسب، اشیا کے درمیان فاصلے اور دیگر جزئیات میں نمایاں فرق دیکھا جا سکتا ہے۔ اس سرگرمی نے یہ حقیقت بھی آشکار کی کہ ہمارے سابقہ تجربات ہماری گفتگو اور خاکہ سازی کو کس طرح متاثر کرتے ہیں، تعصبات کس طرح کسی عمل میں شامل ہو جاتے ہیں، فعال انداز میں سننا کس قدر اہم ہوتا ہے، اور یہ کہ کسی عمل کے دوران منطق کا استعمال کہاں ہوتا ہے اور کہاں کم پڑ جاتا ہے۔

اس کے بعد ہم طلبہ اساتذہ کو اس جانب متوجہ کرتے ہیں کہ وہ بامعنی اور مؤثر سیکھنے کے تجربات پیدا کرنے کے لیے اسباق کی منصوبہ بندی کس طرح کریں۔ اس مقصد کے تحت ہم ان سے کہتے ہیں کہ وہ:

  • اس بات پر غور کریں کہ متعلقہ تصور انہیں حقیقی زندگی میں کہاں اور کس شکل میں تجربہ ہوا۔
  • یہ سوچیں کہ کیا یہی تجربہ طلبہ کے لیے بھی آسانی سے فراہم کیا جا سکتا ہے۔
  • سادگی، پیچیدگی اور قابلِ مشاہدہ ہونے جیسے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے سرگرمی کی منصوبہ بندی کریں۔
  • جس تصور کو پڑھانا مقصود ہو، اسے سبق کی منصوبہ بندی کے ساتھ بامعنی انداز میں مربوط کریں۔
  • تصور کے تمام پہلوؤں اور اس کی گہرائی کو دریافت کرنے کی کوشش کریں۔

یہ عمل طلبہ اساتذہ کو محض نصابی کتاب کے دائرے تک محدود نہیں رہنے دیتا، بلکہ وہ تصورات کو زیادہ واضح، قابلِ فہم اور حقیقی زندگی سے مربوط بنانے کے لیے نئے زاویوں سے سوچنے لگتے ہیں۔ کمیونٹی انٹرن شپ کے مرحلے میں طلبہ اساتذہ کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ اپنی تیار کردہ تدریسی منصوبہ بندی حقیقی کلاس رومز میں پیش کریں۔ میرے طلبہ نے وڈودرا کے کمیونٹی یعنی سرکاری اسکولوں میں تجرباتی انداز سے نظامِ شمسی (Solar System) کی تدریس کا کامیاب مظاہرہ کیا۔

معاشیات میں پائیداری کے تصور کو سمجھانے کے لیے فوٹو اِسی (Photo Essay) کے استعمال کی ایک مؤثر مثال۔

تدریس کے انداز میں اس نوعیت کی چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں اور اقدامات معلم کو کسی تصور کی روایتی اور معمول کی تدریس سے آگے بڑھ کر سوچنے میں مدد دیتے ہیں، اور تعلیم کو حقیقی زندگی سے زیادہ قریب اور مربوط بنا دیتے ہیں۔

اختتامیہ

جب تعلیم میں مختلف طرزِ فکر اور تدریسی و تعلمی طریقوں، جیسے تجرباتی تعلیم، کو اختیار کیا جاتا ہے تو کلاس روم میں اشتراک، توجہ، انہماک اور فعال شرکت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ وقت کے ساتھ نظری مباحث کم تجریدی اور زیادہ قابلِ فہم اور عملی صورت اختیار کر لیتے ہیں، جس سے سیکھنے کا عمل زیادہ دلچسپ، مؤثر اور بامعنی بن جاتا ہے۔

مصنفہ : ویبھوی پانڈیا

مترجم : سلمان خان

مصنفہ کے بارے میں: 

ویبھوی پانڈیا (Vaibhavi Pandya) نو رچنا یونیورسٹی (Navrachana University) کے اسکول آف لبرل اسٹڈیز اینڈ ایجوکیشن میں بیچلر آف ایجوکیشن پروگرام کی پروگرام چیئر اور اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ ان سے اس ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: [email protected]۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے