تدریس کے گُر – فن تعلیم و تربیت – باب۲۸
تدریس کے عام اصول بنا دینے کے بعد اب ذیل میں پڑھانے کے چند ایسے گُر بتائے جارہے ہیں جو ابتدائی درجات کے طلبہ کی تدریس میں تجربے سے بہت موثر اور مفید ثابت ہوتے ہیں۔ چنانچہ ان کو فن تدریس میں مسلم ضابطوں کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے ۔ یہ گُر نفسیات کی کسوٹی پر بھی پُورے اُترتے ہیں اور عقل بھی ان کی صداقت و افادیت کی گواہی دیتی ہے۔ اس لیے حتی الامکان ان پر عمل کرنا چاہیے۔ البتہ معلم کو چاہیئے کہ حسبِ ضرورت ان میں تصرف کر لیا کرے ، خصوصا جب وقت محدود ہو یا جب زیادہ عمر کے طلبہ یا بالغوں کو پڑھانا ہو۔
۱۔ معلوم سے نامعلوم کی طرف چلیں
یعنی بچے جو کچھ پہلے سے جانتے ہوں ۔ اسی کے سہارے انہیں نئی باتیں بتائی یا سمجھائی جائیں ۔ تدریس کا یہ فطری طریقہ ہے اسی طرح بات ٹھیک ٹھیک سمجھ میں آتی ہے۔کیونکہ اول تو بچوں کا ذہن انہیں چیزوں میں توجہ و دلچسپی کا اظہار کرتا ہے جن میں ندرت اور نئے پن کے ساتھ کسی حدتک انسیت بھی ہو ۔ بالکل نئی چیز جس کا سابقہ تجربات و مشاہدات سے کسی طرح کا کوئی تعلق نہ ہو۔ بچوں کے نزدیک بھی قابل اعتنا نہیں ہوتی دوسرے نئی چیز کی تشریح و توضیح بہر حال سابقہ معلومات ہی کی روشنی میں کی جاسکتی ہے۔
اس گُر کا تقاضہ ہے کہ تدریس میں مندرجہ ذیل امور کا لحاظ رکھا جائے ۔
- ہر نئے سبق سے متعلق سب سے پہلے بچّوں کی لیاقت سابقہ کا ٹھیک ٹھیک تعین کر لیا جائے تا کہ اسی کی بنیاد پرنئی باتیں بنائی یا سکھائی جاسکیں۔
- سبق کی تمہید میں ایسے سوالات کیے جائیں جن سے بچّوں کی اس ضمن کی سابقہ معلومات کا بخوبی اندازہ ہو سکے ، سوالات موضوع سے متعلق ہونے کے ساتھ اتنے آسان ہونے چاہئیں کہ بچّوں کو جواب میں دشواری نہ ہو اور ایسے انداز سے پُوچھے جانے چاہئیں کہ وہ اپنا مافی الضمیر اُگل دیں۔
- ایک مضمون کے مختلف اسباق اس انداز سے ترتیب دیتے جائیں کہ ہر اگلے سبق کا پچھلے اسباق سے تعلق قائم ہوتا جائے ۔
- ہر نیا سبق بچوں کی روزانہ زندگی یا ان کے تجربات و مشاہدات سے مربوط کر کے پڑھایا جائے۔
- جدید معلومات کا بچّوں کی سابقہ معلومات سے موازنہ در مقابلہ کر کے مشابہت یا فرق اچھی طرح ذہن نشین کرا دیا جائے ۔
- بچوں کے تجربات ناقص اور تصوّرات مبہم ہوتے ہیں۔ اس لیے ان کی سابقہ لیاقت سے سبق میں فائدہ اُٹھاتے وقت ان کے سابقہ تصوّرات کو واضح کرنے کی کوشش کی جائے۔
۲- آسان سے مشکل کی طرف چلیں
یعنی ہر سبق کی ابتدا آسان سے ہو اور بتدریج مشکلات پیدا کی جائیں ۔ تدریس کا یہ بہت ہی معقول گُر ہے ۔ اس طرح بچے غیر محسوس طور پر رفتہ رفتہ مشکلات پر قابو پاتے جاتے ہیں۔ ان کا دل بڑھتا ہے ۔ ان کی دلچسپی برقرار رہتی ہے اور وہ مشکلات کو نا قابل عبور نہیں سمجھتے بلکہ ڈٹ کر ان کا مقابلہ کرتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر شروع ہی میں انہیں کسی مشکل میں پھنسا دیا جائے تو وہ گھبرا کر ہمّت ہاربیٹھتے ہیں اور مایوس ہو کر کوشش ہی چھوڑ دیتے ہیں۔
اس کے ضمن میں مندرجہ ذیل امور کا لحاظ رکھا جائے۔
آسان اور مشکل اضافی الفاظ ہیں ۔ ایک ہی بات کسی کے لیے آسان ہوتی ہے کسی کے لیے مشکل ۔ اسی طرح سیکھنے سے پہلے جو بات مشکل نظر آتی ہےسیکھنے کے بعد وہی آسان ہو جاتی ہے اس لیے آسان اور مشکل کا فیصلہ متعلقہ بچّوں کے معیار سے کیا جائے نہ کہ اپنے یا کسی اور کے معیار سے ۔ اساتذہ سے اس ضمن میں اکثر چوک ہو جاتی ہے ، وہ ایک چیز کو آسان سمجھ کر طلبہ پر زبردستی ٹھونسنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حالانکہ وہ چیز بچّوں کے لیے بہت مشکل اور ناقابلِ فہم ہوتی ہے چنانچہ جب بچے سمجھ نہیں پاتے یا کچھ کی سمجھ میں آجاتا ہے اور کچھ کو دشواری ہوتی ہے تو استادان پر بگڑتے اور بسا اوقات سختی پر اتُر آتے ہیں حالانکہ بچّے بیچارے معذور اور بے قصور ہیں۔
میقات کی ابتدا ہی میں ہر مضمون کے اسباق کو آسان اور مشکل کے لحاظ سے ترتیب دے لیا جائے اور پڑھاتے وقت اس کا ُپورا لحاظ رکھا جائے کہ پہلے آسان اور پھر بتدریج مشکل اسباق آئیں۔
سبق کے بہت مشکل ہونے کی صورت میں جہاں مایوسی اور بد ولی پیدا ہوتی ہے وہیں بہت آسان ہونے کی صورت میں اکتاہٹ اور عدم توجہی کا اندیشہ ہوتا ہے اور اس پر وقت صرف کرنے سے کچھ حاصل بھی نہیں ہوتا۔ اس لیے سبق کے شروع میں آسانی کا اہتمام کیا جائے تو آخر تک بتد ریج مشکلات پیدا کی جائیں تاکہ بچّوں کو مسائل و مشکلات سے نمٹنے کا سلیقہ آئے۔
۳۔ سادہ سے پیچیدہ کی طرف چلیں
یعنی ہر سبق میں سادہ تصورات پہلے لیں پھر بتدریج پیچیدہ باتیں سمجھائیں ۔ اسی طرح بچوں کی عمر، ان کی فہم ، ان کے تجربات و مشاہدات کو سامنے رکھ کہ ہر مضمون کا نصاب اس انداز سے ترتیب دیا جائے کہ سادہ اور آسانی سے سمجھ میں آنے والا مواد پہلے ہو اور پھر بتدریج مخلوط اور پیچیدہ مواد لیا جائے مثلا ریاضی میں ایک قاعدہ سمجھانے کے بعد مشق کے لیے پہلے اس قاعدہ سے باآسانی نکلنے والے چند سادہ سوالات دیئے جائیں ۔ پھر بتدریج عبارت میں پیچیدگی لائی جاتے اور آخر میں ایسے سوالات دیتے جائیں جن کو حل کرنے میں اس قاعدے کے ساتھ پہلے سے پڑھے ہوتے بعض قاعدوں کو بھی استعمال کرنے کی ضرورت پڑے۔ قاعدہ سے ضابطے سکھاتے وقت بھی اس اصول کو ملحوظ رکھا جائے یعنی شروع میں سادہ قائد سے بناتے جائیں۔ رفتہ رفتہ پیچیدہ لیکن سادگی اور پیچیدگی کا فیصلہ ہمیشہ بچوں کے معیار سے ہونا چاہیئے۔ کیونکہ ایک چیز بڑوں کو بظاہر بہت ہی سادہ محسوس ہوتی ہے۔ لیکن ایک بچے کے لیے وہ اپنے اندر گوناگوں پیچیدگیاں رکھتی ہے اور بڑی مشکل سے سمجھ میں آتی ہے۔
۴۔ ٹھوس سے مجرد کی طرف چلیں
یعنی مجرد تصوّرات قائم کرانے کے لیے ٹھوس اشیاء کی مددلی جائے مثلاً بچّوں کو گنتی پہاڑے جوڑنا گھٹانا وغیرہ سکھانے کے لیے اُنگلیوں، بال فریم گولیوں اوراملی کے بچوں وغیرہ سے مدد لی جائے تو بڑی سہولت ہوتی ہے اور رفتہ رفتہ و بغیر کسی چیز کی مدد کے جوڑ نے گھٹا نے لگتے ہیں۔ اسی طرح ماڈل ، تصاویر نقشہ جات وغیرہ کی مدد سے مجرد تصوّرات آسانی سے قائم کرائے جا سکتے ہیں۔ بالکل نتی یا نامانوس چیز کا تعارت کرانا ہو تو اس کا ماڈل یا تصویر دکھانے سے تصوّرات واضح بنتے ہیں۔
اس گُر سے فائدہ اٹھانے کے لیے مندرجہ ذیل امور پیش نظر رہیں :۔
- اسباق کی ابتد ا ٹھوس چیزوں اور متعین و مقرون مثالوں سے ہو۔ لیکن اختتام حتی الامکان مجرد تصوّرات پر ہونا چاہیئے۔
- ٹھوس اشیاء یا متعین و مقرون مثالوں سے اسی وقت تک امداد لی جائے جب تک ضروری ہو۔ رفتہ رفتہ مجرد تصوّرات قائم کرانے کی فکر کی جائے ۔
- مجرد تصوّرات قائم ہو جانے کے بعد انہیں مجرد ہی نہ چھوڑ دیا جائے بلکہ پھر ٹھوس اشیا یا متعین مثالوں پر استعمال کر کے مزید تفصیلات معلوم کی جائیں ۔
۵۔ غیر معین اور غیر واضح تصورات کو معین اور واضح کریں۔
بچّوں کے تجربات محدود اور مشاہدات ناقص ہوتے ہیں۔ اس لیے مختلف چیزوں کے بارے میں ان کے تصورات غیر معین اور غیر واضح ہوتے ہیں۔ معلم کوچاہیے کہ وہ انہیں رفتہ رفتہ معین اور واضح کرے تاکہ بچوں کا علم پختہ اور قابلِ اعتماد ہو۔ یہ کام اسی طرح ہو سکتا ہے کہ بچّوں کو تجربات و مشاہدات کے کافی مواقع دیتے جائیں اور ان کی قوت مشاہدہ کی بخوبی تربیت ہوتا کہ وہ مشاہدے میں آنے والی چیزوں سے سرسری نہ گزر جایا کریں۔ بچّوں کے ناقص اور غلط تصورات کو ٹھیک اور واضح کرنے کے لیے تصاویر ، نقشہ جات توضیح و تشریح اور مثالوں سے مدد لی جائے ۔ ہمارے یہاں عام طور پر بچوں کو اصطلاحی الفاظ کی تعریف اور مشکل الفاظ کے معنی رٹوا دیتے جاتے ہیں اور اسی پر اطمینان کر لیا جاتا ہے ۔ حالانکہ اس طرح نہ تو تصوّرات واضح بنتے اور نہ مفہوم بخوبی سمجھ میں آتا ہے ۔ مندرجہ بالا طریقوں سے اس کا ازالہ ہونا چاہیے ۔
۶۔ خاص سے عام کی طرف چلیں
مینی خاص خاص واقعات پہلے بتائے جائیں اور عمومی بحثیں بعدمیں چھیڑی جائیں ۔ کوئی عام اصول اخذ کرنے یا کسی عمومی نتیجے پر پہنچنے کے لیے بچوں کو جانچنے پر کھنے اور تجربہ و مشاہدہ کرنے کے کافی مواقع دیئے جائیں ۔ اخلاقی اصول اور ضابطے سمجھانے کے لیے نظری بحثیں کرنے کے بجائے متعین واقعات بتائے جائیں ۔ تاریخی شخصیتوں کے چیدہ واقعات پہلے سناتے جائیں اور باقاعدہ تاریخ اور قوموں کے عروج و زوال کی داستان تسلسل کے ساتھ بعد میں بتائی جائے۔
آسانی کے لیے اساتذہ عموما پہلے قاعدہ سے ضابطے رٹوا دیتے یا اصول اور کلے یاد کرا دیتے ہیں اور طلبہ کو خود تجربات کر کے ان نتائج پر پہنچنے کا موقع نہیں دیتے ۔ یہ طریقہ صحیح نہیں ہے کیونکہ اس طرح ایک بات بچوں کو دُوسرے کے اعتمادپر یاد کرنی پڑتی ہے جسے وہ بخوبی سمجھ بھی نہیں پاتے اور جلد ہی بھول جاتے ہیں۔
البته تجربات و مشاہدات و غیرہ پر طلبہ کا صرف اتنا ہی وقت خرچ کرایا جائے جتنا ناگزیر ہو۔ جب کوئی عام اصول اخذ ہو جائے تو مزید جانچ پرکھ یا مشاہدات و تجربات اور مثالوں وغیرہ پر وقت صرف نہ کرایا جاتے بلکہ اس اصول اور کلیے کو مزید مسائل کے حل کرنے پر استعمال کرایا جائے۔
۷۔ مکمل سے اجزا کی طرف چلیں
یعنی پہلے کل پر بحیثیت مجموعی ایک سرسری نظر ڈال لی جائے۔ پھر ایک ایک جز کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں ۔ اس طرح ابتدا میں ایک اجمالی خا کہ ذہین میں آ جائے اور پُورا خاکہ ذہین میں محفوظ رہے گا اور رفتہ رفتہ دایک ایک جز کی تفصیلات سے بھی بخوبی واقف ہو جائیں گے۔
ابتدا میں بچّوں کی نظر اجزا اور ان کی تفصیلات پر نہیں جاتی بلکہ وہ پوری چیز پر مجموعی نظر ڈالتے اور ہر چیز کا ایک مجمل تصوّر ذہن میں رکھتے ہیں۔ معلم کو رفتہ رفتہ ایک ایک جز کی وضاحت کر کے پوری چیز کا زیادہ واضح اور متعین تصوّر قائم کرانا چاہیئے ۔
اجزا پر بحث کرنے کے بعد کل سے ان کا ربط بھی ملانا چاہیئے
۸۔ فطرت کی پیروی کریں
یعنی بچّے ذہنی و جسمانی حیثیت سے جس مرحلے سے گزر رہے ہوں اس مرحلے کی خصوصیات پیش نظر رہیں اور ان کی فطرت و طبیعت جن چیزوں کو قبول کر سکتی ہو وہی کچھ پڑھائیں اور سکھائیں ۔ فطری تقاضوں اور بنیادی خواہشات اور میلانات و دلچسپیوں کو ملحوظ رکھیں اور جائز حدود میں ان کو پُوری رعایت دیں۔
بچوں کی فطرت سے جنگ نہ کریں اور نہ خلاف فطرت ان پر کچھ ٹھونسیں ۔ اس سے فائدے کے بجائے الٹا نقصان ہوتا ہے۔ محنت تو رائیگاں جاتی ہی ہے۔ اکثر ردِعمل بہت شدید ہوتا ہے۔ بعض لوگ بچوں کو قبل از وقت ذہنی طور پر بالغ بنا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ صحیح نہیں ہے۔ بچے کو بچے کی حیثیت سے پروان چڑھنے دیا جائے اور تدریس میں خود اس کی عمر ذ ہنی و جسمانی حالت ، اس کی فطرت ، اس کے میلانات و رُجحانات ، اس کے جذبات و احساسات وغیرہ کا پورا لحاظ رکھا جائے ۔ اسی صورت میں اسباق کامیاب اور موثر ہو سکتے ہیں۔
۹۔ منطقی کے بجائے نفسیاتی ترتیب سے چلیں
یعنی مضامین کے مواد بچوں کے سامنے اس ترتیب سے پیش نہ کریں جس ترتیب سے عموما علمی کتابوں میں پیش کیے جاتے ہیں بلکہ ترتیب وہ ہو جسے بچوں کا ذہن قبول کر سکے ۔ مثال کے طور پر پڑھنا سکھانے میں منطقی ترتیب تو یہ ہے کہ پہلے حروف تہجی پر عبور کرایا جائے پھر اعراب بتائے جائیں ۔ پھر دو حرفی میں سہ حرفی چہار حرفی ایسے الفاظ پڑھائے جائیں جن میں حروف الگ الگ ہوں پھر حروف کے جوڑ پیوند اور مخلوط الفاظ پھر جملے اور آخر میں عبار تیں پڑھائی جائیں ۔ ظاہر ہے یہ ترتیب منطقی اعتبار سے تو درست ہے مگر تجربہ شاہد ہے کہ بچّوں کے لیے یہ ترتیب اتنی خشک اور بے معنی ثابت ہوتی ہے کہ وہ قطعا دل چسپی نہیں لیتے ۔ اس کے برعکس اگر بچّوں کو پہلے خوش رنگ مانوس اور بڑی تصاویر یا اصل اشیاء کی مدد سے چند مختصر جملے جن میں الفاظ کی زیادہ سے زیادہ تکرار ہو سالم پڑھا دیں پھر ان کا تجزیہ کر کے الفاظ اور الفاظ کا تجزیہ کر کے حروف اور ان کی آوازیں پہنچوا دیں تو بچوں کے لیے ان میں معنویت بھی ہوتی ہے اور دل چسپی بھی ۔ اسی طرح ریاضی میں منطقی ترتیب تو یہ ہے کہ پہلے نقطہ ، پھر خطوط اس کے بعد زاویوں پھر مسطح شکلوں اور آخر میں ٹھوس اشیا کی بحث آئے لیکن بچّوں کے لیے مناسب یہ ہے کہ پہلے ٹھوس اور مسطح شکلیں پہنچوائی جائیں اور خطوط زوایا اور نقطے کی بحث بعد میں آئے۔
لیکن واضح رہے مضامین کی منطقی ترتیب بھی بڑی اہمّیت وافادیت کی حامل ہے۔ منظم اور مربوط علم اور علوم و فنون پر عبور اسی ترتیب کو ملحوظ رکھ کر حاصل ہو سکتا ہے اور بالآخر بچوں کو رفتہ رفتہ لانا اسی پر ہے ۔ اس لیے تدریس کو موثر بنانے کے لیے ابتدائی درجات میں ترتیب اُلٹ دی جائے وہ بھی ناگزیر حد تک ، صرف سبق کو دلچسپ اور موازہ بنانے کے لیے ، جوں ہی منطقی ترتیب سے مواد پیش کرنے کی گنجائش نظر آئے اسی ترتیب کو ملحوظ رکھیں ۔
۱۰۔ مستثنیات سے پہلے عام قاعد ے سکھائے جائیں ۔
یعنی پہلے عام قاعدہ سے وضابطے متعد د مشقوں کے ذریعے بخوبی ذہن نشین کرا دیئے جائیں پھر استثنائی صورتیں بنائی جائیں ، ورنہ ذہن انتشار و پراگندگی کا شکار ہو جائے گا اور جو قاعدہ بتایا جائے گا ، اس میں بھی شک و تذبذب کی کیفیت پیدا ہو گی جس سے ذہن میں محفوظ رکھنے اور بر وقت یاد آنے میں دشواری ہو گی مثلاً بیٹی ، لڑکی ، کاپی ، کرسی ، بکری، مرغی وغیرہ مثالوں سے یہ قاعدہ اخذکراتے ہی کہ جن الفاظ کے آخر میں یؔ ہو وہ مونث ہی ہوتے ہیں، اسی سانس میں یہ بھی نہ بتا دیا جائے کہ ہاتھی، پانی ،گھی ، دہی وغیرہ اس قاعدے سے مستثنا ہیں بلکہ انہیں بعد کے لیے مؤخر کر دیا جائے ۔



