تعلیمخیالات

سیکھنا – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۲

(علم و فن کا اکتساب )

تعلیم و تربیت کا پورا نظام ہی دراصل سیکھنے اور سکھانے کے لیے قائم کیا جاتا ہے۔ مدر سے نادان اور نا واقف بچوں کو ایک تدریج سے وہ باتیں سکھانے ہی کے لیے کھولے جاتے ہیں جو وہ نہیں جانتے یا جو انہیں بہر حال جاننا چاہیئے مثلًا لکھنا پڑھنا، مختلف علوم و فنون میں مہارت، پسندیدہ عادت و اطوار مختلف مواقع کے آداب اور لوگوں کے ساتھ مناسب برتاؤ وغیرہ۔ سیکھنے کا یہ کام پیدائش سے لے کر موت تک برابر جاری رہتا ہے۔

سیکھنے کا کام عمومًا مندرجہ ذیل طریقوں سے انجام پاتاہے۔

۱۔ خود کر کے سیکھنا۔

بچے طبعًا بہت چلبلے ہوتے ہیں۔ ان ک پیر برابر چلتے رہتے ہیں۔ جب دیکھو کچھ نہ کچھ کرتے، کچھ بناتے اور کچھ بگاڑتے نظرآتے ہیں۔ اپنی ان حرکات و سکنات کے دوران وہ متعد د تجربات سے دوچار ہوتے ہیں۔ جن میں بعض تلخ اور بعض خوشگوار ہوتے ہیں۔ کبھی نشانہ ٹھیک بیٹھتا ہے۔ کبھی چوک جاتا ہے۔ اس طرح وہ تجربات کے ذریعے متعدد باتیں سیکھتے ہیں ۔

۲۔ تربیت سے سیکھنا۔

والدین، اساتذہ اور دوسرے متعلقین بچوں کی تربیت کو اپنا اہم فریضہ سمجھتے ہیں۔ وہ انہیں پیار محبّت یا سختی نرمی سے کچھ نہ کچھ سکھاتے رہتے ہیں ، کوئی غلط کام کرتے دیکھتے ہیں تو روک ٹوک کر کے اصلاح کر دیتے اور صحیح طریقہ بنا دیتے ہیں چنانچہ متعد د باتیں بچے تربیت کے طفیل سیکھتے ہیں۔

۳۔ مشاہدہ اور تقلید سے سیکھنا ۔

ہر فرد کی معلومات کا سب سے اہم ذریعہ اس کی آنکھیں ہیں ۔ وہ جو کچھ جانتا ہے اس کا۵ /۴ حصّہ عمومًا آنکھوں ہی کے ذریعے حاصل کیا ہُواہو تا ہے ۔ اس کی آنکھیں ہر وقت اسے متعدد باتوں کا مشاہدہ کراتی اور ان کے متعلق معلومات فراہم کرتی رہتی ہیں۔ بہت سی باتیں بچے دوسروں کی دیکھا دیکھی اور ان کی نقل میں

سینے لگتے ہیں۔ غرض مشاہدہ اور تقلید بھی سیکھنے کےنہایت اہم ذرائع ہیں۔

۴۔ سوجھ بوجھ سے سیکھنا۔

ہربچے کو مختلف قم کےحالات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ کبھی گیند لڑھک کر نالی میں چلی جاتی ہے۔ اسے نکالنے کا مسئلہ در پیش ہوتا ہے ۔ پتنگ کی ڈوری کسی چیز میں پھنس جاتی ہے، اسے چُھڑانے کا سوال ہوتا ہے۔ کبھی کھانے پینے کی چیز دسترس سے باہر ہوتی ہے اسے حاصل کر نے کی فکر ہوتی ہے ۔ کبھی اُستادکی خفگی سے بچنے اور کبھی والدین کی خوشنودی حاصل کرنے کا سوال در پیش ہوتا ہے وغیرہ غرض طرح طرح کے مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ ان سے نمٹنے اور عہدہ برآ ہونے کے لیے بچوں کو سوجھ بوجھ اور غور وفکر نیز غیر معمولی جد و جہد سے کام لینا پڑتا ہے ۔ مختلف حل سامنے آتے ہیں وہ انہیں آزماتے ہیں اور اپنی کوششوں میں اکثروہ کامیاب ہو جاتے ہیں ۔ اس طرح متعد د باتیں وہ سوجھ بوجھ سے سیکھ لیتے ہیں۔

۵ ۔ مشروط اضطرار سے سیکھنا

اپنے جبلّی تقاضوں اور فطری داعیات کی تکمیل کے دوران میں بچّوں کو متعد د تجربات ہوتے ہیں ۔ یہی تجربات بچوں کو کسی کے بارے میں اپنا رویّہ متعین کرنے میں امداد بہم پہنچاتے ہیں۔ مثلاً والدین اور بہن بھائیوں سے محبت،اساتذہ کا احترام ‘ مضامین سے لگاؤ،مشاغل میں دل چسپی،اندھیرے اور موذی جانوروں کا خوف وغیرہ

یہ میں مختلف طریقے اور ذریعے جو سیکھنے کے عمل میں معاون ہوتے ہیں۔

سیکھنے کے قوانین

سیکھنے کے تین بنیادی قوانین ہیں :۔

ا۔ قانون آمادگی۔ ۲- قانون تاثیر۔ ۳- قانون مشق

ان قوانین پابندی سے ہی بچوں کو کچھ سکھایا جا سکتا ہے۔

ا۔ قانون آمادگی

سیکھنے کا کام اسی وقت انجام پا سکتا ہے جب سیکھنے والا اس کے لیے آمادہ ہو۔ آمادگی کے بغیر کچھ نہیں سیکھا جا سکتاکیونکہ ایسی صورت میں وہ اس کے لیے کوئی کوشش ہی نہیں کرے گا اس لیے سبق پڑھانے یا کچھ سکھانے سے پہلے بچوں کو اس کے لیے پوری طرح تیاراورآمادہ کر لینے پر بہت زیادہ زوردیاجاتا ہے ۔ سزاکےخوف یا خارجی دباؤاورجبرو تشدد کے تحت جو کام لیاجاتا ہے اس میں بچے کی پُوری آمادگی شامل نہیں ہوتی اسی لیے بہت کم نتیجہ خیز ہوتا ہے ۔ اس کے برعکس اگر بچے کی فطری خواہشات اوراس کی دل چسپیوں کا لحاظ کر کے ۔ نیز کام کی ضرورت دانا دیت بخوبی ذہن نشین کرا کے کام لیا جاتا ہے تو وہ پوری آمادگی سے کام کرتا ہے ۔ اور اس کے انجام دینے میں اپنی پوری طاقت جھونک دیتا ہے۔ چنانچہ ایسا کا م نتیجہ خیز ہوتا ہے۔

۲۔ قانون تاثیر

کوئی کام اس وقت دل چسپی اور انہماک سے کیا جاتا ہے جب اس سےخوشگوارنتائج برآمد ہوں اگر کسی کام کے کرنے سے راحت کے بجائے تکلیف پہنچے گی یا تلخ تجربات سے دو چار ہونا پڑے گا تو کوئی فرد اس کے پاس بھی نہیں پھٹکے گا۔ چہ جائیکہ اس کو خوشی سے انجام دینا ۔ بچے ابتدا میں نادانی سے بعض ایسے کام کر بیٹھتے ہیں جن کےنتائج تکلیف دہ ہوتے ہیں۔ لیکن یہی تلخ تجربات اسے آئندہ ان کاموں سے بازآ تے ہیں ۔ اس کے برعکس وہ ایسے کاموں کو بار بار کرتے ہیں جن سے انہیں سکون مسرت اور راحت نصیب ہو ۔ اسی اصول کی بنا پر نا پسندیدہ حرکات کے تلخ تجربات اور پسندیدہ عادات و اطوار کے ساتھ خوش گوار تجربات وابستہ کرنے کے لیے غلطیوں اور کوتاہیوں پر سزادی جاتی ہے اور اچھے کاموں پر شاباشی اور انعام۔

۳۔ قانون مشق

کسی کام کو بار بار کرنے سے اس میں مہارت پیدا ہو جاتی ہے اور وہ بآسانی انجام پانے لگتا ہے ۔ اگر کچھ عرصہ چھوڑ دیا جائے تو مہارت گھٹ جاتی ہے۔ کچھ سکھانے اور کام میں مہارت پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مشق کے کافی مواقع ملیں ۔ اسی اصول کی بنا پر کوئی قاعدہ سکھانے اور بخوبی ذہن نشین کرانے ، کوئی طریقہ سلیقہ بنانے یا پسندیدہ عادات واطوار مستحکم کرانے کے لیے بار بار مشق کرائی جاتی ہے اور بُرے عادات واطوار ترک کرانے کے لیے ان کے بروئے کار آنے کے مواقع سے محروم کر دیا جاتا ہے اور پوری نگرانی کی جاتی ہے کہ اس کے عمل میں آنے کی نوبت ہی نہ آنے پائے ۔ سگریٹ نوشی یا چوری وغیرہ چھڑانے کے لیے عمومًا ترک استعمال ہی پر عمل کیا جاتا ہے ۔

سیکھنے میں رفتار ترقی

  • کچھ سیکھنے کے دوران میں ترقی کی رفتار یکساں نہیں رہتی ۔ اگرپوری آمادگی کے لیےکیا گیا ہے۔ محنت و انہماک سے کام کیا جا رہا ہے ، فضا سازگار ہے، مزاحمت و مخالفت کے امکانات نہیں ہیں ۔ اس کام کی ضرورت وافادیت بھی بخوبی سمجھ میں آگئی ہے ۔ تھکان اور بیزاری کے بھی اندیشے نہیں ہیں ، مشق کے کافی مواقع مل رہے ہیں ، نتائج بھی خوش گوار بر آمد ہو رہے ہیں تو سیکھنے کی رفتار تیز ہوتی ہے ورنہ

سست ۔ اس لیے ان شرائط کو پُورا کرنے کی پوری کوشش ہونی چاہیئے۔

  • ہ اگر مندرجہ بالاتمام شرائط پوری ہو جاتی ہیں تو ابتدا میں رفتار بہت تیز ہوتی ہے لیکن کچھ عرصہ بعد ترقی بالکل رک جاتی ہے ۔ یہ فطری ہے۔ ایسی نوبت آئے تو بد دل یا مایوس نہ ہونا چاہیئے۔ سیکھی ہوئی بات کو جمنے یا جگہ پکڑنے کے لیے مہلت درکار ہوتی ہے۔ البتہ اگر رفتار کی سستی کا کوئی اور سبب ہو تو اسے دُور کرنا چاہیئے۔
  • ہ پورے طور پر ماہر ہونے سے پہلے رفتار ترقی میں اس طرح کے متعدد اُتار چڑھاؤ آتے ہیں۔ کبھی رفتار یکبارگی تیز ہو جاتی ہے۔ کبھی مدھم پڑجاتی یا بالکل ُرک جاتی ہے۔
  • ہ مہارت کی انتہا ہوتی ہے۔ وہاں تک پہنچنے پر ترقی ہمیشہ کے لیے بالکل رک جاتی ہے اب خواہ کتنی بھی کوشش کی جائے مزید ترقی ممکن نہیں اس لیے جب اندازہ ہوجائے کہ کسی کام میں مہارت اپنے درجہ کمال کو پہنچ چکی ہے تو مزید کوش میں وقت ضائع نہ کیا جائے ۔ البتہ مشق واعادہ برابر جاری رکھا جائے تاکہ کیے دھرے پر پانی نہ پھر نے پاۓ۔

سیکھنے میں مہارت

سیکھنے ہیں مہارت کا انحصار مقصد دامور پر ہے۔

ا۔ سیکھنے کا مصمّم ارادہ

مہارت حاصل کرنے کے لیے سب سے اہم شرط سیکھنے والے کا اپنا عزم راسخ ہے۔ جب تک سیکھنے والا کسی کام کے سیکھنے کا خود مصمّم ارادہ نہ کرے وہ قطعًا کچھ نہیں

سیکھ سکتا۔ سکھانے والا خواہ کتنا ماہرہو اور سکھانے کے لیے لاکھ سرمارے گر سیکھنے والے کی آمادگی اورارادے کے بغیر وہ ہرگزکامیاب نہیں ہوسکتا۔ مصمّم ارادے کے لیے زوردار تحریک ہونی چاہیئے ۔ کام کی افادیت واہمّیت بخوبی ذہن نشین ہونی چاہیۓ۔ نیز اس بات کا یقین ہونا چاہیٔے کہ وہ اس کام کو سیکھ سکتا ہے۔

۲۔ سیکھنے کے لیے اقدام

محض ارادے سے کچھ نہیں بنتا، سیکھنا ہے تو اس کے لیے عملی جدوجہد کرنی ہوگی ہاتھ پیرمارے بغیر سیکھا نہیں جا سکتا۔ خود کرنے ہی سے فن آتا ہے ۔ مثلاً تیرا کی کا فن ہے ۔ سکھانے والا خواہ زبردست تیراک ہواور پوری دلچسپی اور مہارت فن کے ساتھ نظری طور پر تیرنے کے طریقے بتاتا یا عملًا کر کے دکھاتا رہے ۔ نیز خود سیکھنے والا پوری دلچسپی سے اس کی باتیں سنتا اورغورسےاس کی تیراکی کا مشاہدہ کرتا رہے پھر بھی جب تک خود دریا میں اُتر کر ہاتھ پیر نہ مارے گا۔ تیزنا ہرگز نہیں سیکھ سکتا۔ اسی لیے مدارس میں علم کو عمل میں لانے اورخود کرکے سیکھنے پربہت زیادہ زوردیاجاتا ہے۔ کیونکہ مجہول سامع بن کر کسی فن میں مہارت ہرگزنہیں حاصل ہوسکتی ۔

۳۔ کام کے لیے موزوں حالات

سکیھنے کے لیے حالات جتنے موافق اور سازگار ہوں گے سیکھنے میں اتنی ہی سہولت اور آسانی ہوگی ۔ اگر گرد و پیش حالات پُرسکون ہوں، فضاسازگاراور موسم موافق ہو۔ توجہ مرکوز کرنے اوریکسوئی کے ساتھ کام پر لگنے میں کوئی خاص امرمانع نہ ہوتوسیکھنے میں بڑی آسانی ہوتی ہے لیکن اگر توجہ کو بھٹکانے، بیزاری پیدا کرنےاور کام میں رکاوٹ ڈالنے والے عوامل موجود ہوں تو سیکھنے میں بڑی زحمت پیش آئے گی۔ بمشکل کچھ سیکھا جا سکے گا۔ اس لیے پُرسکون ماحول اور سازگار فضامیں تعلیم دینے پر زور دیا جاتا ہے اور توجہ کو بھٹکانے والی اشیاء کو بچّوں سے دُور رکھا جاتا ہے ۔

۴۔ سخت جّدوجہد

مہارت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پوری توجہ انہماک اورجانفشانی سے کام کیا جائے، پوری کوشش،سخت محنت اورغیرمعمولی جّدوجہد کے بغیر مہارت حاصل نہیں ہوتی، مہارت اور چابک دستی کے ساتھ کام میں تیزرفتاری اور سرعت کی طرف بھی توجہ دینی چاہیۓ۔ اطمینان کے ساتھ کام کرنا تو بہرحال ضروری ہے لیکن اس کا یہ مقصد ہرگزنہیں کہ کاہلی اورسست رفتاری سے کام کیا جائے ۔ ماہرفن عمومًا سست رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ ابتداہی سے اس طرف توجہ دی جائےتومہارت کے ساتھ تیزرفتاری بھی باآسانی پیداہوسکتی ہے۔

۵۔ مّدت کارکردگی

کار کردگی کی مدّت نہ تو بہت طویل ہونی چاہیۓ کہ بچہ تھک کرچُورچُورہواورنہ اتنی مختصرکہ کوئی خاص نتیجہ ہی برآمد نہ ہوسکے ۔ بلکہ عمراورصحت کا لحاظ کرکےلی جائے ۔ اگر تھکان غالب آنے لگےتوکام روک کرآرام کا موقع ملناچاہیٔے۔ غیر معمولی تھکان اورخستگی کی حالت میں کام کرنا صحت کے لیے انتہائی مضربھی ہوتا ہے اور بے سُود بھی نظام الاوقات میں تکان اوربیزاری کا اس لیے غیرمعمولی لحاظ رکھا جاتا ہے۔

بچّوں کےسیکھنے کےعمل پراثراندازعوامل

تجربہ سے پتہ چلتا ہے کہ بچّوں کے سیکھنے کےعمل پر مندرجہ ذیل عوامل بہت زیادہ اثراندازہوتے ہیں ۔

ا۔ ذہانت

جو بچّہ جتنا زیادہ ذہین ہوتا ہے وہ اتنی ہی آسانی سے سیکھتا ہے اور سیکھلی ہوئی باتوں کو نئے حالات پر منطبق یانئی صورت حال سے نمٹنے میں استعمال کرسکتا ہے۔

۲۔ عمر

پندرہ سولہ سال تک عام عمر کے ساتھ بچے کی ذہنی عمر میں بھی برابراضافہ ہوتا رہتا ہے۔ اس لیے سیکھنے کا عمل بھی سرعت اورسہولت کے ساتھ برابرجاری رہتا چلاجاتاہے۔ بچوں کو بہت کچھ سکھایا جا سکتا ہے ۔ اس کے بعد ذہنی عمر میں کم ہی اضافہ ہوتا ہے اورسیکھنے کی رفتار بہت سُست ہوجاتی ہےاورصرف کسی خاص فن یا چند ہی علوم میں مہارت حاصل

کرسکتا ہے ۔ اس لیے ذوق پیدا کرانے اور

مختلف علوم و فنون سے لگاؤ پیدا کرانے کا سب سےاچھا دُور پندرہ سولہ سال کی عمر ہی تک ہوتا ہے۔ اسی دوران میں مختلف علوم و فنون کی شُد بُد کرا دینی چاہیئے تاکہ وہ خود یا اس کے بڑے بعد کے مرحلے کے لیے مناسب مضامین و مشاغل کا انتخاب کرسکیں۔

۳۔ تجربہ

سیکھے ہوئے کام کو عمل میں لا کر تجربات حاصل کرنے کے لیے جتنے زیادہ مواقع ملیں گے اتنی ہی زیادہ مہارت بھی ہوگی اور اس ضمن میں یا اس طرح کی نئی باتیں سیکھنے میں آسانی بھی ہوگی ۔ اس لیے تجربات کے زیادہ سے زیادہ مواقع دیئے جائیں۔

۴۔ تحریک

سیکھنے کے لیے جتنی زوردارتحریک اوربچے کی طرف سے جتنی زیادہ آمادگی ہوگی اتنی ہی زیادہ وہ قّوت لگائے گا اور اتنی ہی سخت محنت اورغیرمعمولی جدوجہد کرے گا۔ نتیجے میں اتنا ہی زیادہ کامیاب ہوگا ۔ اس لیے کچھ سکھانے سے پہلے بچوں کواس کے لیے پُورے طورپرآمادہ کر لینا چاہیٔے۔

ه۔ خوشگوار نتیجه

سیکھنے کے دوران اگر جّدوجہد کا اطمینان بخش نتیجہ بھی آنکھوں کے سامنے آتا رہےتوجّدوجہد میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے ۔ کامیابی بذاتِ خود بہت زبردست تحرک ہے۔ اس لیے بچّوں کو اپنی کوششوں کے نتائج کا مشاہدہ کرنے کے برابرموقع ملنے چاہئیں۔

۶۔ مزید تقویت

سیکھنے کے دوران میں انعام یا شاباشی کے ذریعہ برابر مزید تقویّت بہم پہنچاتے رہنا چاہیئے ۔ اس سے سیکھنے کےعمل میں آسانی اور رفتارِ ترقی میں تیزی پیداہوجاتی ہے ۔ بچے اپنی کوششوں میں جس درجہ بھی کامیابی کا مظاہرہ کریں اس پر انہیں شا باشی ملنی چاہیئےاوران کی کوششوں کو استحسان کی نظر سے دیکھنا چاہیئے اورمختلف طریقوں سے ان کی ہمّت افزائی کرنی چاہیئے ، اس سے چُستی اوردل جمعی پیدا ہوتی اور قّوتِ کارکردگی بڑھتی ہے ۔ انعامات ، پوزیشن ، نمبر سندات وغیرہ اس سلسلے کے مفید حربے ہیں۔

۷۔ اعادہ

اعادہ اورتکرارکا جتنا زیادہ موقع ملے گا سیکھنے کاعمل اتنا ہی زیادہ آسانی اورسرعت سے انجام پائے گا اور اس سے متعلق نئی نئی باتیں سیکھنے کی بھی تحریک ہو گی۔

۸۔ تعلق خاطر

بچّوں میں نئی باتیں جاننے یانئی چیزیں سیکھنے کی جتنی زیادہ تڑپ بے چینی اورلگن ہوگی اتنی ہی زیادہ توجہ انہماک اور کوشش سے وہ اسے سیکھیں گے ۔ لگن اور پیاس پیدا کرنے یا تحبس ابھاردینے سے سکھانے میں آسانی پیداہوجاتی ہے۔ بغیر تعلق خاطرکے کچھ سیکھنا سکھانا مشکل ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close