مضامین کا باہمی ارتباط- فن تعلیم و تربیت – باب ۳۱
کیا بچوں پر مختلف مضامین کا بڑھتا ہوا بوجھ ان کی تعلیمی دلچسپی اور ذہنی نشوونما کو متاثر کر رہا ہے؟ اس مضمون میں تدریس کے ایک اہم پہلو، یعنی مضامین کے باہمی ارتباط، پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ مختلف مضامین اور ان کے اسباق کو ایک دوسرے سے مربوط کرکے پڑھانے سے نہ صرف بچوں کے لیے سیکھنے کا عمل آسان اور دلچسپ بنایا جا سکتا ہے بلکہ ان پر پڑھائی کا غیر ضروری بوجھ بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ مضمون میں باہمی ارتباط اور ہم مرکزیت کی اقسام کے ساتھ ان کے عملی طریقوں کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔

مضامین کا باہمی ارتباط
مدارس میں مضامین کا بوجھ دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔ ہر مضمون چونکہ زندگی کے کسی نہ کسی شعبے سے متعلق ہوتا ہے، اس لیے کسی مضمون کو نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا۔ عام مدارس کے مقابلے میں دینی مدارس میں مضامین کی تعداد اور بھی زیادہ ہو جاتی ہے، کیونکہ وہاں دیگر مضامین کے ساتھ اسلامیات اور اردو کی تعلیم بھی لازمی ہوتی ہے۔ چنانچہ پرائمری درجات کے بچوں کو مندرجہ ذیل مضامین پڑھنے پڑتے ہیں:
۱۔ اسلامیات
۲۔ اردو
۳۔ ریاضی
۴۔ سماجی علوم (جغرافیہ، تاریخی کہانیاں، شہریت کی تربیت)
۵۔ عام سائنس
۶۔ آرٹ کرافٹ
کہیں کہیں انگریزی، عربی اور فارسی کی شد بد بھی پرائمری درجات ہی میں کرادی جاتی ہے۔ اب ذرا غور فرمائیے کہ ایک کم سن بچے پر اتنے سارے مضامین کا کتنا بوجھ ہوتا ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ:
- ہر مضمون الگ الگ پڑھایا جاتا ہے۔
- ان مضامین کی مزید ذیلی تقسیم کرکے ہر ایک کے لیے نظام الاوقات میں الگ گھنٹے رکھے جاتے ہیں۔ مثلاً اسلامیات میں ناظرہ، فقہ و عقائد، سیرت و سیر وغیرہ؛ اردو میں نثر و نظم، انشا و قواعد، املا و نقل، خوش خطی وغیرہ۔ اسی طرح دوسری زبانوں میں بھی ہوتا ہے۔ سماجی علوم میں جغرافیہ، تاریخ اور شہریت، جب کہ عام سائنس میں مطالعۂ قدرت اور حفظانِ صحت وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔
- ان ذیلی مضامین کو بھی الگ الگ پڑھایا جاتا ہے، چنانچہ مضامین کی تعداد اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
- ہر مضمون کے اسباق بھی عموماً علیحدہ علیحدہ پڑھائے جاتے ہیں۔ ایک ہی مضمون کے مختلف اسباق میں بھی کوئی ربط نہیں ہوتا۔
- کہیں کہیں ابتدائی درجات میں بھی ایک ہی جماعت کے مختلف مضامین مختلف اساتذہ کے سپرد ہوتے ہیں۔ اس لیے مضامین کے درمیان تفریق اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
غرض، کچھ تو مجبوری اور کچھ ہماری بے تدبیری کے باعث مضامین کا بوجھ بچوں کے لیے ناقابلِ برداشت ہو جاتا ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ:
- ابتدا ہی سے مضامین کے بوجھ تلے دب کر ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے۔
- جسمانی نشوونما رک جاتی ہے اور ذہن کی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔
- علم کو ایک اکائی کی حیثیت سے پیش کرنے کے بجائے مختلف شعبہ جات میں تقسیم کرکے پیش کرنے سے طلبہ ذہنی انتشار میں مبتلا ہوتے ہیں۔
- مختلف مضامین ایک دوسرے سے اور ایک مضمون کے مختلف اسباق باہم گہرا ربط رکھتے ہیں۔ اگر انہیں مربوط کرکے پڑھایا جائے تو بات بخوبی واضح ہوتی ہے، آسانی سے سمجھ میں آتی ہے اور طلبہ کی دلچسپی بھی برقرار رہتی ہے۔ لیکن انہیں الگ الگ پڑھانے سے بچے ان سہولتوں سے محروم رہ جاتے ہیں۔ مثلاً درسی کتاب میں جو کچھ پڑھایا جائے، انشا، قواعد اور دوسرا تحریری کام بھی اسی سے متعلق ہو تو بہت آسانی ہوگی، لیکن اگر ان سب کو ایک دوسرے سے الگ کرکے پڑھایا جائے تو بچوں پر بوجھ بڑھ جاتا ہے۔
اس لیے مضامین کا بوجھ کم کرنے اور تدریس کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ مضامین کو حتی الامکان ایک دوسرے سے مربوط کرکے پڑھایا جائے اور ایک مضمون کے مختلف اسباق میں ربط قائم کرکے تعلیم دی جائے۔ ابتدائی درجات میں کلاس ٹیچر سسٹم رائج کیا جائے اور ایک جماعت کے بیشتر مضامین ایک ہی استاد کے حوالے کیے جائیں، تاکہ وہ مضامین اور اسباق کے مابین بآسانی ارتباط قائم کر سکے۔
ارتباط کی قسمیں
ارتباط کی دو قسمیں ہیں:
۱۔ باہمی ارتباط
۲۔ ہم مرکزیت
- باہمی ارتباط: یعنی مختلف مضامین کو ایک دوسرے سے اور ایک ہی مضمون کے مختلف اسباق کو باہم مربوط کرکے پڑھایا جائے۔
- ہم مرکزیت: یعنی کسی مضمون یا ہنر کو مرکزی حیثیت دے دی جائے اور تمام مضامین کو اس سے مربوط کرکے پڑھایا جائے۔
ہم مرکزیت سے بلا شبہ تمام معلومات ایک ہی مرکز سے متعلق اور باہم مربوط شکل میں ذہن نشین ہوتی ہیں۔ چنانچہ ذہن انتشارِ فکر سے محفوظ رہتا ہے اور بوقتِ ضرورت اپنی تمام متعلقہ معلومات کو استعمال کر سکتا ہے۔ لیکن اول تو یہ بڑا مشکل کام ہے کہ تمام مضامین کے اسباق کسی ایک مضمون یا ہنر سے مربوط کر دیے جائیں۔ دوسرے، مرکزی مضمون کو تو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو جاتی ہے اور دوسرے مضامین میں معلومات سطحی اور ناقص رہ جاتی ہیں۔ دینی مدارس کے اساتذہ اسلامیات کو مرکزی حیثیت دے کر اگر تمام یا بیشتر مضامین کو اس سے مربوط کرکے پڑھائیں تو تعلیم کا مقصد بدرجۂ اتم پورا ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے جتنی صلاحیت، تیاری اور جس طرح کی درسی کتب درکار ہیں، ان کی عدم موجودگی میں اس کا مشورہ قبل از وقت معلوم ہوتا ہے۔
جہاں تک باہمی ارتباط کا تعلق ہے، وہ آسان بھی ہے اور قابلِ عمل بھی۔ اس طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے، تاکہ بچوں کا بوجھ کچھ ہلکا ہو۔
باہمی ارتباط کی صورتیں
- ہر مضمون کے اسباق کی ترتیب ایسی قائم کی جائے کہ وہ ایک دوسرے سے مربوط ہوں۔ ہر اگلا سبق پڑھاتے وقت پچھلے اسباق سے اس کا ربط بخوبی قائم کیا جائے۔
- مضامین کی ذیلی تقسیم ہرگز نہ کی جائے، بلکہ ہر مضمون کے مختلف شعبوں کو باہم مربوط کرکے پڑھایا جائے۔ قواعد، انشا، خطوط نویسی، مضمون نگاری، املا، نقل، خوش خطی وغیرہ سے متعلق مشقیں زبان کے اسی سبق سے متعلق ہوں جو بچے درسی کتاب میں پڑھ رہے ہوں۔ اسی طرح عام سائنس، معاشرتی علوم، آرٹ کرافٹ اور ریاضی وغیرہ کو بھی مزید ذیلی مضامین میں تقسیم نہ کریں، بلکہ حتی الامکان ان کے ہر گروپ کو ایک ہی مضمون شمار کرکے پڑھائیں۔
- ہر سبق کا بچوں کی زندگی، ان کے فطری و سماجی ماحول اور ان کے سابقہ تجربات و مشاہدات سے رابطہ ضرور قائم کیا جائے۔
- دو مختلف مضامین کے جو اسباق بھی باہم مربوط ہو سکتے ہوں، انہیں مربوط کرکے پڑھائیں۔ مثلاً کرافٹ میں جو کچھ بنوایا جا رہا ہو، آرٹ میں اسے آراستہ کرائیں۔ اسلامیات میں کوئی سبق پڑھا رہے ہوں تو جغرافیہ میں عرب کا حال بتائیں اور اردو میں کوئی نعت پڑھوائیں۔




One Comment