تعلیمخیالات

انفرادی و جماعتی تعلیم – فن تعلیم و تربیت – باب 30

کیا ہر بچے کو ایک ہی طریقۂ تعلیم سے پڑھانا درست ہے؟ انفرادی اور جماعتی تعلیم دونوں کے اپنے فوائد اور خامیاں ہیں۔ اس مضمون میں مدارس و مکاتب میں رائج انفرادی طریقۂ تدریس اور جماعتی تعلیم کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جماعتی تعلیم کے دوران بچوں کی انفرادی صلاحیتوں، ذہنی استعداد اور سیکھنے کی رفتار کو کس طرح ملحوظ رکھا جا سکتا ہے، تاکہ ہر بچے کو بہتر انداز میں آگے بڑھنے کا موقع ملے۔

انفرادی و جماعتی تعلیم

ہمارے یہاں بعض مدارس و مکاتب اب بھی ایسے ہیں جن میں سرے سے جماعت بندی ہی نہیں ہوتی۔ ہر بچے کا سبق علیحدہ ہوتا ہے۔ معلم ایک بچے کو بلاتا ہے، اس کا پچھلا سبق سنتا ہے، اسے نیا سبق دے کر یاد کرنے کے لیے چھوڑ دیتا ہے۔ اس طرح باری باری تمام بچوں کو سبق دیتا ہے۔ کبھی کبھی سبق یاد کرانے یا نیا سبق دینے میں ان طلبہ سے بھی مدد لیتا ہے جو نسبتاً تیز ہوتے ہیں اور اپنا سبق جلد یاد کر لیتے ہیں یا صلاحیت و استعداد میں دوسرے بچوں سے آگے ہوتے ہیں۔

اس طریقے میں جہاں چند فائدے ہیں، مثلاً:

  • ہر بچے پر معلم انفرادی توجہ دیتا ہے۔
  • ہر بچے کو اپنی فطری رفتار سے آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔
  • بچے اپنے ساتھیوں کو سبق یاد کرانے میں مدد دیتے ہیں۔
  • دوسروں کو سبق پڑھانے سے بچوں کو اپنا سبق بخوبی یاد ہو جاتا ہے اور استعداد بڑھ جاتی ہے۔

وہیں متعدد نقصانات بھی ہوتے ہیں، مثلاً:

  • ایک وقت میں معلم ایک ہی بچے پر توجہ دے سکتا ہے۔ اس لیے باقی بچوں کا بہت سا وقت ضائع ہوتا ہے۔
  • دن بھر میں مشکل سے ایک دو مضامین ہو پاتے ہیں۔
  • خالی بیٹھنے کی وجہ سے بچے اکثر شرارت کرتے ہیں۔ انہیں قابو میں رکھنے کے لیے معلم کو بہت زیادہ سختی کرنی پڑتی ہے۔
  • بچوں کے ذریعے سبق دلانے سے تعلیم انتہائی ناقص ہوتی ہے۔
  • پڑھائی کے ضمن میں جن بچوں سے اساتذہ مدد لیتے ہیں، ان میں علمی پندار اور احساسِ برتری پیدا ہو جاتا ہے اور وہ اپنے ساتھیوں کو حقیر سمجھنے اور ان سے ناروا سلوک کرنے لگتے ہیں، وغیرہ۔

غرض فرداً فرداً سبق دینے میں تعلیم و تربیت دونوں بہت زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔

اس کے برعکس درجہ بندی کرکے پوری پوری جماعت کو ایک ساتھ تعلیم دینے کا عام رواج ہے۔ اس سے متعدد فائدے ہوتے ہیں۔

جماعتی تعلیم کے فوائد

  • طلبہ اور اساتذہ دونوں کا وقت دیگر مفید کاموں کے لیے بچ جاتا ہے۔
  • ایک ہی معلم متعدد بچوں کو تعلیم دے سکتا ہے۔ اس لیے کم مصارف میں زیادہ کام ہو جاتا ہے۔
  • معلم پورے درجے پر ایک ساتھ نگاہ رکھ سکتا ہے اور تمام بچوں کو مصروف رکھ سکتا ہے۔ اس لیے نظم و ضبط ٹھیک رہتا ہے اور طلبہ پر سختی کرنے کی ضرورت کم ہی پیش آتی ہے۔
  • متعدد طلبہ کی ایک جیسی مشکلات ایک ساتھ حل ہو جاتی ہیں۔ ہر ایک کو علیحدہ سے وقت دینے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
  • کسی بات کو پوری جماعت کے ذہن نشین کرانے کے لیے مختلف طریقوں سے وضاحت کرنی پڑتی ہے۔ اس سے طلبہ ایک ہی بات کو طرح طرح سے پیش کرنے کا سلیقہ سیکھتے ہیں۔
  • طلبہ کو تقلید کے لیے متعدد اچھے نمونے ملتے ہیں۔
  • ہم جولیوں کی صحبت میں بچوں کو غیر معمولی مسرت حاصل ہوتی ہے۔
  • تعاون، ہمدردی اور دیگر اجتماعی اوصاف پروان چڑھتے ہیں۔
  • کتب اور تعلیمی سامان کی کمی محسوس نہیں ہونے پاتی، دوسرے بچوں سے اس ضمن میں مدد مل جاتی ہے۔
  • طلبہ ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی تدریسی کاموں میں دلچسپی لیتے ہیں اور دوسروں کو علم سے متاثر ہوتا دیکھ کر تاثر قبول کرتے ہیں۔ پوری جماعت کا مجموعی تاثر معلم کو مزید دلچسپی سے کام کرنے کا محرک بنتا ہے۔ چنانچہ اساتذہ اور طلبہ دونوں کو اجتماعی تدریس میں زیادہ لطف آتا ہے۔
  • مسابقت کے متعدد مواقع ملتے ہیں جو طلبہ کو غیر معمولی محنت اور توجہ و دلچسپی سے کام کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔

نقائص

جماعتی تعلیم سے جہاں متعدد فائدے ہیں، وہیں اس میں بعض بنیادی نقائص بھی ہیں، مثلاً:

  • جماعتی تعلیم اس مفروضے پر دی جاتی ہے کہ درجے کے تمام بچے یکساں صلاحیت رکھتے ہیں۔ (حالانکہ جسم و ذہن، مزاج اور طبیعت کے لحاظ سے افراد کے مابین فرق و امتیاز فطری ہے۔) چنانچہ ان کے انفرادی فرق کو نظر انداز کرکے سب کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکا جاتا ہے۔
  • جماعتی تعلیم سے ذہین اور کند ذہن دونوں طرح کے بچوں کا نقصان ہوتا ہے۔ تیز بچوں کو سست رفتاری پر مجبور کیا جاتا ہے اور غبی لڑکوں کو تیز رفتاری پر، چنانچہ دونوں طرح کے بچے اپنی فطری رفتار سے آگے بڑھنے کا موقع نہیں پاتے۔
  • تدریس کا کام عام صلاحیت کے بچوں کا لحاظ کرکے کیا جاتا ہے۔ اس لیے رفتار عموماً بہت سست رہتی ہے اور اساتذہ و طلبہ دونوں رفتارِ کار کی طرف سے مطمئن نہیں ہو پاتے۔
  • غیر حاضری یا علالت کے باعث جو بچے پیچھے رہ جاتے ہیں، ان پر انفرادی توجہ نہیں ہو پاتی۔ چنانچہ کمی پوری نہ ہونے کی وجہ سے وہ اور زیادہ پچھڑ جاتے ہیں۔ بسا اوقات یہی کمی اچھے خاصے ذہین بچوں میں بددلی اور تعلیم سے نفرت کا موجب بن جاتی ہے۔
  • استاد کو طلبہ سے نجی ربط قائم کرنے کا بہت کم موقع ملتا ہے۔ چنانچہ ان کی تعلیم و تربیت اور رفتارِ ترقی کا نہ تو بخوبی اندازہ ہو پاتا ہے اور نہ ان کی طرف کماحقہ توجہ ہو پاتی ہے۔
  • برے ساتھیوں کے خراب اثرات قبول کرنے کے بھی اندیشے ہوتے ہیں۔
  • طلبہ کو اسباق میں عملی دلچسپی لینے اور خود کرکے سیکھنے کے بہت کم مواقع ملتے ہیں۔
  • سب سے بڑا نقص یہ ہے کہ بچے کے بجائے تعلیم مرکز بن جاتی ہے اور ساری توجہ زیادہ سے زیادہ پڑھا دینے پر مرکوز ہو جاتی ہے۔ افراد کتنا استفادہ کر رہے ہیں، اس پر کم ہی دھیان دیا جاتا ہے۔

نقصانات سے بچنے کی تدابیر

جماعتی تعلیم میں بلاشبہ متعدد نقائص ہیں، لیکن مختلف وجوہ سے یہی طریقہ ناگزیر اور ساری دنیا میں مقبول ہے۔ تعلیم تو بہرحال جماعتی انداز ہی سے دینی ہوگی، البتہ کوشش یہ ہونی چاہیے کہ ان نقصانات سے بچے محفوظ رہیں جن کی اوپر نشاندہی کی گئی ہے۔ اس ضمن میں کچھ تدابیر نیچے لکھی جاتی ہیں۔

  • داخلے اور جماعت بندی میں اس بات کی سختی سے پابندی کی جائے کہ ایک درجے میں حتی الامکان ایک ہی عمر اور یکساں ذہنی، جسمانی اور علمی صلاحیت نیز ایک ہی معیار کے بچے لیے جائیں۔
  • بچوں کے انفرادی فرق اور خصوصیات کو پوری طرح ملحوظ رکھا جائے اور ان پر انفرادی توجہ دینے کے لیے لازماً کچھ وقت نکالا جائے۔
  • طلبہ سے نجی رابطہ قائم کرنے کے لیے ان سے انفرادی ملاقاتیں کی جائیں اور قابلِ توجہ امور کی طرف توجہ دلائی جائے۔
  • درجے اور درس گاہ کی فضا نیز قریبی ماحول کو پاکیزہ رکھنے کی پوری کوشش کی جائے اور طلبہ کے سامنے اچھے نمونے پیش کیے جائیں تاکہ بچے اچھے اثرات قبول کریں اور بری صحبت اور خراب اثرات سے محفوظ رہیں۔
  • صلاحیت کے اعتبار سے درجے کے بچوں کو مختلف ٹولیوں اور گروپوں میں تقسیم کر دیا جائے۔ ہر ٹولی کا ایک نگران ہو، بچوں کو ٹولیوں میں مل جل کر کام کرنے کے زیادہ مواقع دیے جائیں اور حسبِ ضرورت ہر ٹولی کی امداد کی جائے۔
  • زیادہ سے زیادہ سوالات، مشقیں اور تحریری و عملی کام دے کر انفرادی جدوجہد اور صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
  • انفرادی صلاحیتیں اور رجحانات دیکھ کر ہوم ورک دیا جائے۔
  • کمزور یا پچھڑے ہوئے بچے انفرادی توجہ کے زیادہ مستحق ہیں۔ انہیں ساتھ لے کر چلنے کی پوری کوشش کی جائے۔ دوسرے بچوں کو تحریری یا عملی کام دے کر کمزور بچوں پر خصوصی توجہ دینے کے لیے وقت نکالا جائے۔ ہر ایک کو بہرحال اس کی فطری رفتار سے آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے۔

مصنف:- افضل حسین خان

افضل حسین خان (1918ء–1990ء) ممتاز ماہرِ تعلیم، بچوں کے مصنف اور جماعتِ اسلامی ہند کے رہنما تھے۔ آپ نے تعلیم و تربیت کے میدان میں طویل خدمات انجام دیں اور 1972ء سے 1989ء تک جماعتِ اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل رہے۔ آپ نے بچوں اور نوجوانوں کی اخلاقی و تعلیمی تربیت کے لیے متعدد کتابیں تصنیف کیں، جن میں فنِ تعلیم و تربیت، ہماری دنیا، آئینۂ تاریخ اور موتیوں کا ہار خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔

ماخذ: فن تعلیم تربیت

ایڈیشن نمبر: تیسرا ایڈیشن

ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی

سنِ اشاعت: ۱۹۶۹ء

اس سلسلے کی دیگر حصوں کے لیے یہاں کلک کریں۔

Related Articles