جیمز ویب خلائی دوربین کی چار سالہ حیرت انگیز کامیابیاں

بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ! انسان نے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عقل و علم کی بدولت کائنات کے ایسے ایسے راز دریافت کئے ہیں جن کا چند دہائیوں پہلے تصور بھی ممکن نہیں تھا۔ جیمز ویب خلائی دوربین (James Webb Space Telescope – JWST) گزشتہ چار برسوں میں فلکیات کی تاریخ کا سب سے کامیاب سائنسی منصوبہ ثابت ہوئی ہے۔یوں تو اس دوربین کوڈسمبر2021 کو خلا میں چھوڑا گیا تھا اس کو پوری طرح کھلنے اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے کام کرنے میں چھ ماہ سےزیادہ کا وقت لگا ۔جولائی 2022 کو اس نے کائنات کے راز افشاں کرنے شروع کئے۔اب چار سال بعد یہ کہا جاسکتا ہے کہ کائنات کی وسعتوں میں اس کا وجود غیر معمولی انکشافات کے لئے مختص ہے۔ اب تک فراہم کردہ معلومات کی مدد سے دو ہزار سے زائد تحقیقی مقالات شائع ہو چکے ہیں۔ اس طلسماتی خلائی دوربین جن سے کائنات سے متعلق انسانی علم میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ذیل میں اس کا اختصار سے تذکرہ کیا جارہا ہے:
1)کائنات کی اولین کہکشاؤں کا مشاہدہ
خلائی دوربین نے ایسی کہکشاؤں کا پتہ لگایا ہے جو بگ بینگ کے تقریباً 30 سے 40 کروڑ سال بعد وجود میں آچکی تھیں۔ ان مشاہدات سے معلوم ہوا کہ کائنات کے آغاز میں کہکشائیں ہماری سابقہ معلومات سے کہیں زیادہ تیزی سے تشکیل پا رہی تھیں۔
2)سیارۂ شمسی سے باہر موجود سیاروں (Exoplanets) کی فضا کا تجزیہ
اس دوربین نے درجنوں سیاروں کی فضاؤں کا تفصیلی مطالعہ کیا اور ان میں پانی کے بخارات، کاربن ڈائی آکسائیڈ، میتھین اور سلفر ڈائی آکسائیڈ جیسے مرکبات کی موجودگی کا پتہ لگایا ہے۔ اس سے ممکن ہے کہ مستقبل میں ان سیاروں کی دریافت میں مزید تیزی آئے گی جن میں زندگی کے امکانات پائے جاتے ہیں۔
3)ستاروں کی پیدائش اور موت کے مناظر
اس خلائی دوربین نے ہمیں ستاروں کی پیدائش اور زندگی کے اختتام دونوں کے ایسے مناظر دکھائے ہیں جو پہلے کبھی اس وضاحت کے ساتھ دیکھے نہیں گئے تھے۔عام دوربینوں کے لئے خلا میں موجود گرد و غبار کے گھنے بادلوں کے اندر جھانکنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہ بادل روشنی کو پوری طرح چھپا دیتے ہیں۔ لیکن جیمز ویب ایسی انفراریڈ (infrared) شعاعوں کو دیکھ سکتی ہے جو ان بادلوں کے اندر تک پہنچ جاتی ہیں۔چنانچہ سائنس دان پہلی مرتبہ یہ دیکھ سکے کہ گرد و غبار اور گیس کے بڑے اور گہنے بادلوں کے اندر نئے ستارے کس طرح آہستہ آہستہ وجود میں آتے ہیں۔ایک ننھا سا ستارہ کس طرح گیس اور گرد و غبار کو اپنی طرف کھینچتے ہوئے بتدریج بڑا ہوتا جاتا ہے۔ یعنی اب ستاروں کی پیدائش صرف ایک نظریہ نہیں رہی بلکہ اس کے مختلف مراحل کو مزید وضاحت کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔
4) نظام شمسی کے سربستہ راز
اس دوربین نے مریخ،مشتری، زحل، یورینس، نیپچون اور دمدار ستاروں اور سیارچوں کا بھی بڑی باریک بینی سے مطالعہ کیا ہے۔ ان مشاہدات سے ان سیاروں کے موسم، قطبی شفق اور فضا کی کیمیائی ساخت سے متعلق نئی معلومات حاصل ہوئیں ہیں۔
5)کائنات کا عظیم ترین نقشہ
جیمس خلائی خوردبین نے تقریباً ایک لاکھ چونسٹھ ہزار دور دراز کہکشاؤں کا مشاہدہ کرکے کائنات کے اب تک کے سب سے بڑا اور تفصیلی نقشہ تیار کرنے میں مدد دی ہے۔ اب اس نقشہ سے یہ معلوم کرنا بہت ہی آسان ہوا ہے کہ کہکشائیں کائنات کے وسیع و عریض قطعے میں کس طرح ترتیب پاتی ہیں اور کس نہج پر ان کا ارتقاء ہوتا ہے۔
6)غیر معمولی وسیع سیاہ شگاف کا مطالعہ
اس دوربین نے ابتدائی کائنات میں موجود ایسے غیر معمولی وسیع سیاہ شگاف (super massive black hole)دریافت کئے جو توقع سے کہیں پہلے وجود میں آ چکے تھے۔ چنانچہ اب اس دریافت کی بنا کہکشاؤں اور سیاہ شگاف کی تشکیل کے بارے میں موجود کئی نظریات پر نئے سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔جیسے اگر غیر معمولی وسیع سیاہ شگاف توقع سے پہلے وجود میں آ گئے تھے تو اس سے کائنات کی ابتدائی تاریخ کے بارے میں کیا اشارے ملتے ہیں؟ سیاہ شگاف کے ابتدائی بیج (black hole seeds) کیسے وجود میں آئے؟کیا یہ عام ستاروں کے خاتمے سے بنے یا کسی بالکل مختلف عمل مثلاً راست تصادم(direct collapse) کا نتیجہ ہیں؟اورکیا ہماری موجودہ طبیعیات (physics) ان مشاہدات کی مکمل وضاحت کرتی ہے؟یا پھر ہمیں کشش ثقل، مادے یا ابتدائی کائنات سے متعلق نئے نظریات کی ضرورت ہے؟
7)تکنیکی اعتبار سے غیر معمولی کامیابی
چار سال گزرنے کے باوجود جیمز ویب دوربین کی کاکردگی توقع کے عین مطابق ہے۔ اس کے آئینے اپنی درست پوزیشن پر موجود ہیں۔ ان کی سیدھ (alignment) میں معمولی سی بھی کمی نہیں آئی۔یہی وجہ ہے کہ دوربین آج بھی اربوں نوری سال دور موجود کہکشاؤں کی نہایت واضح تصاویر حاصل کر رہی ہے۔
خلا میں دوربین کو وقتاً فوقتاً اپنی سمت درست کرنے اور مدار برقرار رکھنے کے لئے تھوڑا سا ایندھن استعمال کرنا پڑتا ہے۔سائنس دانوں نے اندازہ لگایا تھا کہ ایندھن ایک خاص مدت تک ہی کفایت کرے گا۔ لیکن حقیقت میں لانچ بڑا کامیاب رہا۔دوربین کو اپنی منزل تک پہنچنے میں بہت کم ایندھن استعمال ہوا۔اس کے بعد بھی اس کی سمت درست رکھنے کے لئے توقع سے کم ایندھن خرچ ہو رہا ہے۔چنانچہ سائنس دانوں نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ یہ دوربین بیس سال یا اس سے بھی زیادہ عرصہ تک برسرکار رہ سکتی ہے۔
حاصل کلام
جیمز ویب خلائی دوربین نے صرف نئی تصاویر ہی فراہم نہیں کیں بلکہ اس نے سائنس دانوں کو کائنات کے بارے میں اپنے کئی پرانے نظریات پر نظرثانی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ آج فلکیات کا بنیادی سوال یہ نہیں رہا کہ کیا ہم ابتدائی کائنات کو دیکھ سکتے ہیں؟لیکن اب جیمز ویب نے وہ ابتدائی کائنات دکھا دی ہے اس لئے آج سوال بدل گیا ہےیعنی جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں اس کی صحیح تشریح کیا ہوسکتی ہے؟ یہ تمام چیزیں اس طرح کیوں موجود ہیں؟ اور ان کی وضاحت کون سے سائنسی نظریات کر سکتے ہیں؟
جیمز ویب خلائی دوربین کی یہ حیرت انگیز کامیابیاں قرآنی تدبر کی ایک عملی مثال ہیں کہ انسان کائنات میں غور و فکر کرے، اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کو پہچانے ، اپنے علم میں مسلسل اضافہ کرتا رہےاور اس سے قریب ہوتا رہے۔یہی اس دور دراز کائنات کے راز افشاں کرنے کا منطقی نتیجہ ہے ۔
قُلِ انْظُرُوْا مَاذَا فِى السَّمَاوَاتِ وَالْاَرْضِ ۚ وَمَا تُغْنِى الْاٰيَاتُ وَالنُّذُرُ عَنْ قَوْمٍ لَّا يُؤْمِنُـوْنَ
ان سےکہو! آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہےاسےغور کرکے دیکھیں۔اور جو لوگ یقین ہی نہیں کرنا چاہتے ان کے لئے نشانیاں اور تنبیہیں کیا فائدہ دے سکتی ہیں؟ (سورۃ یونس: 101)۔
مصنف : عبد اللہ جاوید



