خوردبینی دنیا سے فکری افق تک – رفیق شیخ کی کہانی
ایک صبح جب میں گھر میں چھت کے پنکھے کی صفائی کر رہا تھا تو میں نے محسوس کیا کہ پنکھے کے بلیڈ پر جمی ہوئی گرد میں صرف سیاہ میل ہی نہیں بلکہ ننھے ننھے رنگین ریشے بھی موجود ہیں۔ جب میں نے اس گرد کے ایک نمونے کو خوردبین کے نیچے دیکھا تو اس میں ایسے باریک ذرات نظر آئے جو مائیکرو پلاسٹک معلوم ہوتے تھے۔ اسی مشاہدے نے مجھے مائیکرو پلاسٹک کے ذرات کو جمع کرنے، شناخت کرنے اور ان کی گنتی کے طریقے وضع کرنے پر آمادہ کیا، جنہیں بعد میں میں نے اسکولی طلبہ کے ساتھ ماحولیاتی مسائل کو سمجھنے کے لیے استعمال کیا۔
میری پرورش مہاراشٹر کے ضلع بیڈ کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں ہوئی، جہاں میرے اردگرد کھیت، درخت، کیڑے مکوڑے اور جانور تھے۔ اگرچہ میں ہمیشہ یہ سوال کرتا رہتا تھا کہ چیزیں کیسے کام کرتی ہیں، مگر مجھے یہ علم نہیں تھا کہ سیکھنے کے عمل کا مطالعہ بھی ایک باقاعدہ پیشہ بن سکتا ہے۔ میں نے مائیکرو بایولوجی میں اپنی تعلیم مکمل کی، لیکن میری زندگی کا رخ اس وقت بدل گیا جب مجھے ہومی بھابھا سینٹر فار سائنس ایجوکیشن، ممبئی میں سائنس ایجوکیشن کے شعبے میں پی ایچ ڈی کے پروگرام سے واقفیت حاصل ہوئی۔
اس کورس کے دوران مجھے یہ ادراک ہوا کہ میں یہ تحقیق کر سکتا ہوں کہ لوگ سائنس کیسے سیکھتے ہیں، تعلیمی تجربات کس طرح ڈیزائن کیے جاتے ہیں، اور تحقیق کو ایک مستقل اور باقاعدہ پیشے کے طور پر کیسے اپنایا جا سکتا ہے۔
ایک لرننگ سائنس دان کے طور پر میں اس امر کا مطالعہ کرتا ہوں کہ انسان سائنسی تصورات کو کس طرح سمجھتا ہے اور سیکھنے کی سرگرمیوں کو کس طرح مؤثر اور بامقصد بنایا جا سکتا ہے۔ تعلیمِ سائنس کے ایک محقق کی حیثیت سے میں اس بات کا جائزہ لیتا ہوں کہ اساتذہ علم کی ترسیل کیسے کرتے ہیں، طلبہ کن مراحل پر مفاہیم کو سمجھ لیتے ہیں اور کن مقامات پر انہیں دشواری پیش آتی ہے، اور ہم نصاب اور تعلیمی وسائل کو کس طرح مزید بہتر اور مؤثر بنا سکتے ہیں۔ اگرچہ بھارت میں یہ شعبے ابھی نوخیز ہیں، تاہم یہ تعلیمی منظرنامے پر ایک گہرا، بامعنی اور دیرپا نقش چھوڑ رہے ہیں۔
ماحولیات پر ارتکاز
میری علمی کاوشوں کا ایک اہم محور ماحولیاتی تعلیم ہے۔ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز کے سینٹر آف ایکسیلنس اِن ٹیچر ایجوکیشن میں میں ایسی تعلیمی سرگرمیاں ترتیب دیتا ہوں جو طلبہ کو ایک جانب آنکھوں سے نظر آنے والے ماحولیاتی نظاموں سے جوڑتی ہیں اور دوسری جانب نہایت باریک خردبینی دنیا تک لے جاتی ہیں۔ میرے کام کی ایک نمایاں جہت اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر مانو پرکاش کے ساتھ اشتراک ہے۔ انہوں نے فولڈ اسکوپ ایجاد کیا جو کاغذ سے تیار کی گئی ایک کم خرچ خوردبین ہے اور اس کے ذریعے خردجانداروں اور نہایت ننھی ساختوں کو حیرت انگیز وضاحت کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کی اصل انفرادیت یہ ہے کہ طلبہ زندہ خرد حیاتیاتی دنیا کو ان کے قدرتی ماحول میں ہی دریافت کرتے ہیں، بغیر اس کے کہ انہیں وہاں سے نکالا جائے یا انہیں کسی قسم کا نقصان پہنچے۔

میرا پیشہ مجھ سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ میں اپنا وقت تدریس اور تحقیق کے درمیان تقسیم کروں۔ روزانہ میں چند گھنٹے تدریسی خدمات میں صرف کرتا ہوں، جہاں میں مستقبل کے اساتذہ اور ماسٹرز کے طلبہ کو حیاتیات کی تعلیم، سائنس کی نوعیت، تعلیمِ سائنس، اور ادراک و تعلم جیسے مضامین پڑھاتا ہوں۔ باقی وقت میں تحقیقی منصوبہ بندی کرتا ہوں، اسکولوں کے دورے کرتا ہوں، اعداد و شمار کا تجزیہ کرتا ہوں، تحقیقی مضامین تحریر کرتا ہوں، طلبہ کی رہنمائی کرتا ہوں اور دیگر علمی سرگرمیوں میں مشغول رہتا ہوں۔ بعض دنوں میں ورکشاپس بھی منعقد کرتا ہوں، جن کے ذریعے طلبہ فولڈ اسکوپ اور عملی، مقامی تناظر پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے خردبینی اور ماحولیاتی دنیا کا براہ راست مشاہدہ اور تجربہ حاصل کرتے ہیں۔
اسکولی طلبہ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے نہایت مسرت بخش تجربہ ہے۔ منصوبوں اور تحقیقی سرگرمیوں کے دوران ان کے تجسس اور تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار ہوتے دیکھنا مجھے بار بار یہ یاد دلاتا ہے کہ میں یہ کام کیوں کرتا ہوں۔ مختلف علمی پس منظر رکھنے والے رفقا کے ساتھ اشتراک، تعلیمی و تحقیقی مقاصد کے لیے سفر، اور تحقیقی مقالات اور تعلیمی وسائل کی تیاری بھی میرے لیے یکساں طور پر اہم ہیں۔ ان میں سے بعض کاوشوں کو باوقار اعزازات کے ذریعے سراہا بھی گیا ہے، جن میں حکومتِ ہند کے دفترِ پرنسپل سائنٹیفک ایڈوائزر کی جانب سے عطا کی جانے والی سوچھتا ساراتھی فیلوشپ بھی شامل ہے۔
اس کے باوجود متعدد چیلنجز بدستور قائم ہیں۔ چونکہ لرننگ سائنسز اور تعلیمِ سائنس کی تحقیق بھارت میں ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے تحقیق کے لیے مالی معاونت کا حصول اکثر ایک دشوار مرحلہ بن جاتا ہے۔ اسی طرح بین الاقوامی تحقیقی حلقوں سے مؤثر رابطہ بھی پیچیدہ ہے، کیونکہ وہاں کے سماجی تناظر، تعلیمی ترجیحات اور وسائل ہمارے حالات سے مختلف ہوتے ہیں۔ میں ان مشکلات کا سامنا اس طرح کرتا ہوں کہ بھارت کے اندر لرننگ سائنس دانوں اور محققین کے درمیان مضبوط روابط قائم کرتا ہوں، اور اپنی تحقیق کو ایسے ماحولیاتی موضوعات سے وابستہ رکھتا ہوں جو مقامی سطح پر زیادہ بامعنی اور فوری اہمیت رکھتے ہیں، جیسے مائیکرو پلاسٹک کی آلودگی اور حیاتیاتی تنوع۔
مستقبل کی سمت
آگے دیکھتے ہوئے میری خواہش ہے کہ اس کام کو مزید وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ، اساتذہ اور محققین تک اس کی رسائی ہو، اور ساتھ ہی لرننگ سائنسز کے میدان میں بھارت سے متعلق تحقیق کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اس راستے پر چلنے کے خواہش مند نوجوانوں کو میرا مشورہ ہے کہ وہ اُن اداروں میں انٹرن شپ یا مختصر تحقیقی منصوبوں کا تجربہ حاصل کریں جو سیکھنے، ادراک یا تعلیمِ سائنس پر توجہ دیتے ہیں۔ ایسے تجربات انہیں ان سوالات کی عملی جھلک فراہم کرتے ہیں جن پر محققین غور کرتے ہیں، تحقیق کی نوعیت کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں، اور یہ فیصلہ کرنے میں رہنمائی کرتے ہیں کہ آیا یہ راستہ ان کے لیے موزوں ہے یا نہیں۔
مشاہدہ کریں، سوال اٹھائیں، تجزیہ کریں اور سیکھنے والوں کے ساتھ بامعنی ربط قائم کریں۔ جو افراد ماحول سے گہری دل چسپی رکھتے ہیں، وہ اس میدان کے ذریعے سائنس، تعلیم اور ماحولیاتی ذمہ داری کو یکجا کر کے ایک ایسا پیشہ اختیار کر سکتے ہیں جو حقیقی اور دیرپا اثر رکھتا ہو۔
اصل مضمون "دی ھندو” نیوز پیپر میں شائع ہوا تھا وہیں سے اردو ترجمہ یہاں شائع کیا جارہا ہے۔
مترجم : سلمان وحید



