سائنس

کوانٹم سائنس:تہذیب کے اگلے دور کی بنیاد – کائنات کی تفہیم کا نیا افق

بسم اللہ الرحمن الرحیم

محمد عبد اللہ جاوید

انسانی تاریخ کے ہر دور میں کائنات کی حقیقت جاننے کی جستجو جاری رہی ہے۔ کبھی ستاروں اور سیاروں کی گردش نے انسانوں کو حیران کیا، کبھی روشنی اور مادے کی ماہیت نے سوالات کھڑے کئے۔ آج کی دنیا میں کوانٹم سائنس ہمیں تحقیق اور تفہیم کی نئی راہیں دکھاتی ہے،یہ نہ صرف مادّی کائنات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے بلکہ انسانی تہذیب کو ایک نئے فکری اور سائنسی دور کی طرف لے جاتی ہے۔ یہ علم ہمیں احساس کراتا ہے کہ کائنات کی حقیقت ،سطحی نظر سے کہیں زیادہ عمیق،وسیع،پیچیدہ اور حیرت انگیز ہے۔

دنیا میں اس وقت ’’کوانٹم سائنس‘‘ سب سے زیادہ زیربحث شعبہ ہے۔ سال 2025 کو ’’بین الاقوامی سال برائے کوانٹم سائنس و ٹیکنالوجی‘‘ قرار دیا گیا ہے تاکہ اساتذہ،طلبہ اور محققین کے علاوہ عام لوگوں کو اس علم کی اساس،اس کے عملی استعمالات اور مستقبل پر اس کے ہمہ گیر اثرات سے واقف کرایا جاسکے۔کوانٹم سائنس دراصل صرف ایک سائنسی شاخ نہیں بلکہ یہ مستقبل کی معیشت، طب، توانائی، کمپیوٹنگ اور مواصلاتی نظام کے سمت کا تعین اور اس کی صورت گری کرنے والی ہے۔یہ سائنس نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے لئے بنیاد فراہم کرتی ہے بلکہ انسان کے فلسفیانہ سوالات کو بھی نیا رخ فراہم کررہی ہے۔اس کے ذریعہ یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ فطرت کے اصول اتنے سیدھے سادے نہیں جتنے بظاہر دکھائی دیتے ہیں بلکہ بلکہ کائنات میں موجود ذرات اور لہروں کی دنیا انتہائی پیچیدہ اور حیرت انگیز قوانین کے تحت کارفرما ہے۔کوانٹم سائنس کی اس نئی جہت نے یہ حقیقت واضح کردی کہ علم کبھی جامد نہیں ہوتا، بلکہ ہر نئی دریافت اور ایجاد کے ساتھ اس میں وسعت رونما ہوتی جاتی ہے۔

کوانٹم سائنس کا مختصر تاریخی پس منظر

انیسویں صدی کے اختتام تک سائنس کی دنیا میں یہ نظریہ غالب تھا کہ مادہ (Matter) کو لامحدود چھوٹے ذرات میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔اورتوانائی (Energy) ایک مسلسل لہر (Continuous Wave) کی صورت میں موجود ہے، بالکل پانی کی لہروں یا آواز کی طرح۔لیکن 1900ء میں میکس پلانک (Max Planck) نے توانائی کے بارے میں ایک غیر معمولی انکشاف کیا،کہا کہ توانائی دراصل مسلسل نہیں ہے، بلکہ یہ چھوٹے چھوٹے "پیکٹ” کی صورت میں خارج یا جذب ہوتی ہے جس کو انہوں نے Quanta کا نام دیا۔ یہی دریافت کوانٹم تھیوری کی بنیاد بنی۔اس کے بعد:

  • آئن اسٹائن نے 1905ء میں روشنی کے ذرات یعنی فوٹون (Photon) کا تصور دیا اور فوٹو الیکٹرک ایفیکٹ (Photoelectric Effect) کو سمجھایا۔
  • نیلز بوہر (Niels Bohr) نے ایٹم کا ماڈل پیش کیا جس کے مطابق الیکٹران مخصوص توانائی کی سطحوں (Energy Levels) پر گردش کرتے ہیں۔
  • ورنر ہائزنبرگ (Werner Heisenberg) نے اصولِ عدم یقین (Uncertainty Principle) بیان کیا، جس کے مطابق کسی بھی ذرے کی پوزیشن اور رفتار کو ایک ساتھ بالکل درستگی سے ناپنا ممکن نہیں۔
  • ایرون شروڈینگر (Erwin Schrödinger) نے لہری مساوات (Wave Equation) کے ذریعے یہ دکھایا کہ مادہ اور روشنی کی فطرت دراصل موج (Wave) اور ذرہ (Particle) دونوں کی خصوصیات رکھتی ہے جس کو ہم لہر اور ذرہ کی دوہری فطرت( Wave-Particle Duality)کہتے ہیں۔

یہ تمام دریافتیں بیسویں صدی کے اوائل میں سائنس کے تصورِ کائنات کو یکسر بدل دیں۔ اس کے بعد جدید طبعیات کی بنیاد رکھی گئی۔

کوانٹم سائنس کیا ہے؟

کوانٹم (Quantum) کا مطلب توانائی یا مادّہ کی سب سے چھوٹی ممکنہ اکائی ہے۔کوانٹم سائنس دراصل ایٹم اور اس سے بھی چھوٹے ذرات (Subatomic Particles) کی دنیا کا مطالعہ ہے، یعنی وہ بنیادی اجزاء جو ساری کائنات کی تعمیر میں اینٹ کا مقام رکھتے ہیں۔اگر عام سائنسی قوانین کو ہم بڑی دنیا (Macro World) کی زبان کہیں، تو کوانٹم سائنس چھوٹی دنیا (Micro World) کی لغت ہے۔

کلاسیکی طبیعیات (Classical Physics) مثلاً نیوٹن کے قوانینِ حرکت، کششِ ثقل، تھرموڈائنامکس یا میکسویل کی برقی و مقناطیسی مساواتیں ہمارے روزمرّہ کے معاملات اور بڑی اشیاء کے رویوں کو بیان کرتی ہیں۔لیکن جب ہم ایٹم کے اندر یا اس سے بھی چھوٹے ذرات کو دیکھتے ہیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں کے قوانین بالکل مختلف ہیں۔یہ بالکل ایسا ہے جیسے کوئی شخص سمندر کی سطح پر کشتی چلائے تو اسے ایک نظام نظر آئے لیکن اگر وہ پانی کے ایک قطرے کے اندر جھانک کر دیکھے تو وہاں ایک بالکل مختلف دنیا نظر آجائے جس کے اصول و ضوابط باہر کی دنیا سے مختلف ہیں۔

کوانٹم سائنس کی دو بڑی شاخیں ہیں۔اول کوانٹم فزکس (Quantum Physics)اور دوم کوانٹم میکانکس (Quantum Mechanics)۔

  • کوانٹم فزکس:یہ مادّے اور توانائی کی سب سے بنیادی سطح (Fundamental Level) پر مطالعہ ہے۔ اس کے یہ سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ ہماری کائنات کن تعمیراتی بلاکس (Building Blocks) پر کھڑی ہے۔
  • کوانٹم میکانکس:یہ طبیعیات کا ایک ریاضیاتی و نظریاتی فریم ورک ہے جو ذرات جیسے الیکٹران (Electron)،پروٹون(Proton)‘ نیوٹرون (Neutron) اور فوٹون (Photon) کے رویوں کو بیان کرتا ہے۔اور یہ وضاحت کرتا ہے کہ ایٹم کے اندر ذرات کس طرح حرکت کرتے ہیں توانائی کو کس طرح جذب یا خارج کرتے ہیں اور کیسے ایک دوسرے کے ساتھ تعامل (Interaction) کرتے ہیں۔

کوانٹم سائنس کے بنیادی اصول وتصورات

(۱) کوانٹم سپر پوزیشن (Quantum Superposition)

سپرپوزیشن کا مطلب ہے کہ کوئی ذرہ بیک وقت ایک سے زیادہ حالتوں میں موجود ہو سکتا ہے، جب تک کہ ہم اس کو پیمائش (Observe/Measure) نہیں کرتے۔مثال کے طور پر اگر ہم ایک سکہ اچھالتے ہیں تو ہماری کلاسیکی عقل کہتی ہے کہ یا تو وہ ’’ہیڈ‘‘ ہوگا یا ’’ٹیل‘‘۔ لیکن جب تک وہ فضا میں گھوم رہا ہوتا ہے، وہ دونوں امکانات میں بیک وقت موجود سمجھا جا سکتا ہے۔کوانٹم دنیا میں بھی ذرہ اسی طرح بیک وقت دو یا زیادہ حالتوں میں موجود ہوتا ہے، لیکن جیسے ہی ہم اس کی پیمائش کرتے ہیں وہ صرف ایک حالت میں ظاہر ہوجاتا ہے۔

اسی اصول پر کوانٹم بٹ (Qubit) کام کرتا ہے۔کلاسیکی کمپیوٹر کا بٹ (Bit) صرف 0 یا 1 ہو سکتا ہے۔لیکن کوانٹم بٹ بیک وقت 0 اور 1 دونوں کی حالت میں رہ سکتا ہے۔یہی خاصیت کوانٹم کمپیوٹرز کو اتنی زبردست قوت فراہم کرتی ہے کہ وہ چند سیکنڈز میں ایسے مسائل حل کر سکتے ہیں جو آج کے سپر کمپیوٹرز کو ہزاروں سال لگ جائیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تصور بظاہر انسانی عقل کے خلاف معلوم ہوتا ہے، مگر تجرباتی طور پر بارہا اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

(۲) کوانٹم الجھاؤ (Quantum Entanglement)

کوانٹم انٹینگلمنٹ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب دو ذرات ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح جُڑ جاتے ہیں کہ ایک کی حالت کا اثر دوسرے پر فوری ظاہر ہوجاتا ہے چاہے ان کے درمیان کتنا ہی زیادہ فاصلہ کیوں نہ ہو۔مثال کے طور پر اگر دو الیکٹران آپس میں الجھ جائیں تو ایک کی پیمائش کرنے سے فوراً دوسرے کی حالت معلوم ہو جاتی ہے‘ خواہ وہ زمین پر ہو یا کہکشاؤں کے پار۔

اگر کائنات کے ایک سرے پرایک الیکٹران کو اوپر نیچے حرکت دیں‘تو کئی ملین نوری سال کے فاصلے پر موجود دوسرا الیکٹران فوری طور پر حرکت میں آجائے گا۔اس تصور سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ کائنات میں کوئی نہ کوئی ایساپوشیدہ ربط(Hidden Connection) ضرور ہے جو لاکھوں نوری سال کے فاصلے پر موجود ذرات کو بھی آپس میں جوڑے رکھتا ہے۔ آئن اسٹائن نے اسےدوردراز مقام پر رونما ہونےوالے خوفناک عمل (Spooky Action at a Distance)سے تعبیر کیااور اس سے اتفاق نہیں کیا ۔لیکن کئی دہائیوں کی نظریاتی بحث اور تجرباتی تصدیق کے بعد‘کوانٹم الجھاؤ کو واضح طور پر ثابت کیا گیا ہے۔

آج یہی تصور کوانٹم کمیونیکیشن (Quantum Communication) کی بنیاد ہے۔سائنس دان اس اصول کو استعمال کرتے ہوئے ایسی محفوظ ترین مواصلاتی ٹیکنالوجی بنا رہے ہیں جسے ہیک(Hack) کرنا یا بریک کرنا ممکن نہ ہوگا۔ اس اصول پر مبنی ’’کوانٹم انٹرنیٹ‘‘ کی تیاری پر کام جاری ہے جو مستقبل میں ڈیجیٹل انقلاب کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

(۳) لہر اور ذرہ کی دوہری فطرت (Wave-Particle Duality)

میکروسکوپک ذرات جیسےالیکٹران (مادہ کے ذرات) اور فوٹون (روشنی کے ذرات) عجیب خصوصیت ظاہر کرتے ہیں جسے لہر‘ذرہ کا دہری فطرت کہتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ مشاہدے کے لحاظ سےوہ ذرات اور لہروں‘ دونوں کی طرح برتاؤ کر سکتے ہیں۔ یہ تصور سب سے پہلے تھامس ینگ (Thomas Young) کے ڈبل سلٹ تجربہ (Double-Slit Experiment) سے روشنی کے بارے میں سامنے آیا، اور بعد میں الیکٹران سمیت مادّے کے ذرات پر بھی آزمایا گیا۔اگر الیکٹران یا فوٹون کو دو باریک درزوں (Slits) سے گزارا جائے اور پیچھے سکرین رکھی جائے، تو وہ مداخلتی نمونہ (Interference Pattern) بناتے ہیں، جو ایک لہر کی خصوصیت ہے۔لیکن جب ان ہی ذرات کو انفرادی طور پر پیمائش (Measurement) کے ذریعے مشاہدہ کیا جائے تو وہ ذرّہ (Particle) کی طرح ظاہر ہوتے ہیں اور ایک ایک نقطہ بنا دیتے ہیں۔یوں ایک ہی ذرہ، حالات کے لحاظ سے کبھی لہر تو کبھی ذرّہ بن جاتا ہے۔

اس تجربے سے یہ حیران کن نتیجہ اخذ کیا گیا کہ جب تک کسی ذرّے کا مشاہدہ نہیں کیا جاتا، وہ سپرپوزیشن کی حالت میں رہتا ہے‘ یعنی بیک وقت کئی راستوں اور کئی حالتوں میں موجود ہوتا ہے لیکن جیسے ہی مشاہدہ کیا جائے تو وہ فوراً ایک حالت کا انتخاب کر لیتا ہے۔گویا ذرات جانتے‘ہیں کہ کوئی ان کا مشاہدہ کرررہا ہے۔

Wave-Particle Duality محض ایک تصور نہیں بلکہ اس پر مبنی کئی ایجادات ہوئیں ہیں۔الیکٹران مائیکروسکوپ (Electron Microscope) اسی تصور پر مبنی ہے جو روشنی سے کئی گنا زیادہ باریک ڈھانچےکو دیکھ سکتا ہے۔کوانٹم کمپیوٹنگ میں بھی یہ اصول اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ ذرات کی سپرپوزیشن اور لہر‘ذرہ کی دوہری فطرت ہی کیوبٹس (Qubits)کو قوت عطا کرتی ہے۔

(۴) اصول عدم یقین (Uncertainty Principle)

یہ اصول ورنر ہائزنبرگ (Werner Heisenberg) نے پیش کیا اور ا س کوانٹم میکینکس کا بنیادی ستون سمجھا جاتا ہے۔اس اصول کے مطابق ہم کسی ذرّے (مثلاً الیکٹران) کی پوزیشن (Position) اور معیارِ حرکت یا رفتار (Momentum/Velocity) کو ایک ساتھ درست گی اور قطعیت (Perfect Accuracy) کے ساتھ نہیں جان سکتے۔اگر ہم اس کی پوزیشن کو زیادہ درستگی سے معلوم کرنے کی کوشش کریں گے تو اس کی رفتار غیر یقینی طور پر بڑھ جائے گی، اور اگر رفتار زیادہ درستگی سے معلوم کریں تواس کی پوزیشن غیر یقینی ہو جائے گی۔ریاضیاتی طور پر یہ تعلق اس طرح ظاہر کیا جاتا ہے:

Δx⋅Δp≥h4π

جہاں:

  • Δx پوزیشن میں غیر یقینی (Uncertainty in Position)
  • Δp معیارِ حرکت میں غیر یقینی (Uncertainty in Momentum)
  • h پلانک کا مستقل (Planck’s Constant)

تشریح اور مثالیں:کلاسیکی طبیعیات کے مطابق ہم کسی گیند کی پوزیشن اور رفتار کو جب چاہیں ناپ سکتے ہیں۔ لیکن کوانٹم سطح پر ایسا ممکن نہیں۔

مائیکروسکوپ کی مثال:اگر ہم کسی الیکٹران کو مائیکروسکوپ سے دیکھنے کی کوشش کریں تو اس پر روشنی ڈالنی ہوگی۔ یہ فوٹون‘ الیکٹران سے ٹکرا کر اس کی پوزیشن بتائیں گے‘ لیکن اسی ٹکراؤ کی وجہ سے الیکٹران کی رفتار فوراً بدل جائے گی۔ اس طرح ناپنے کے عمل سے ہی غیر یقینی پیدا ہو جاتی ہے۔

اصول عدم یقین محض فلسفہ نہیں بلکہ کئی جدید ٹیکنالوجیز کی بنیاد ہے جیسےکوانٹم کرپٹوگرافی (Quantum Cryptography)‘سیمی کنڈکٹر فزکس (Semiconductor Physics)‘لیزرز (Lasers) اورایٹمی گھڑیاں (Atomic Clocks)۔

(۵) کوانٹم ٹنلنگ (Quantum Tunneling)

کلاسیکی طبیعیات کے مطابق اگر کسی ذرّے کے پاس اتنی توانائی نہ ہو کہ وہ رکاوٹ (Barrier) کو عبور کر سکے تو وہ کبھی اس کو پار نہیں جا سکتا۔
مثال کے طور پر اگر ایک دیوار پر ماری جائے تو وہ اس وقت تک دیوار کی دوسری طرف نہیں جا سکتی جب تک اس کے پاس اتنی توانائی نہ ہو کہ وہ دیوار کو چیر کر دوسری طرف پہنچ سکے۔لیکن کوانٹم میکانکس اس سے بالکل مختلف تصویر پیش کرتا ہے۔

کوانٹم اصولوں کے مطابق ذرّات محض نقطہ نما ذرے نہیں بلکہ یہ اپنے اندر لہری فطرت (Wave Nature) بھی رکھتے ہیں۔ لہٰذا جب کوئی ذرہ کسی رکاوٹ سے ٹکراتا ہے تو اس کی لہر (Wave function) رکاوٹ کے پار بھی پھیل جاتی ہے۔ اس طرح ذرّے کے لئے اس بات کا ایک احتمال (Probability) موجود رہتا ہے کہ وہ رکاوٹ کے اُس پار نکل جائے گویا کہ وہ ایک سرنگ بنا کر پار ہو گیا، اس کو ہی کوانٹم ٹنلنگ کہا جاتا ہے۔

کوانٹم ٹنلنگ صرف نظریاتی تصور نہیں بلکہ ہماری روزمرہ ٹیکنالوجی اور قدرتی نظاموں میں اس کا کردار بہت اہم ہے،جیسے:

  • سورج کی توانائی:سورج میں ہائیڈروجن ایٹمز کے فیوژن (Fusion) کے لئےدرکار توانائی کلاسیکی نقطہ نظر سے ممکن ہی نہیں تھی۔ لیکن کوانٹم ٹنلنگ کی وجہ سے پروٹونز رکاوٹ پار کر کے آپس میں جڑتے ہیں اورنتیجتاً سورج، روشنی و حرارت خارج کرتا ہے۔
  • ٹرانزسٹر اور سیمی کنڈکٹرز:جدید کمپیوٹر چپس اور نانوسکیل الیکٹرانکس میں کوانٹم ٹنلنگ اہم کردار ادا کرتی ہے جہاں الیکٹرانز ‘انتہائی باریک رکاوٹیں پار کر کے برقی رو کا بہاؤ ممکن بناتے ہیں۔
  • Scanning Tunnelling Microscope (STM)یہ ایک جدید خوردبین ہے جو ایٹموں کو براہِ راست دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کی بنیاد بھی الیکٹرانز کے ٹنلنگ کے اصول پر ہے۔
  • Radioactive Decayکچھ ذرات ایٹم کے مرکز (Nucleus) سے اس لئے نکل پاتے ہیں کہ وہ قوی نیوکلیائی قوت کی رکاوٹ کو ٹنلنگ کے ذریعہ پار کر جاتے ہیں۔

کوانٹم سائنس اور مستقبل کی صورت گری

کوانٹم سائنس کے یہ اصول صرف نظریاتی سطح تک محدود نہیں بلکہ ہماری روز مرہ کی زندگی اور مستقبل کی ٹیکنالوجی پراثراندازہورہی ہے۔ مستقبل میں اس کے اصولوں کی بنیاد پر ایسے انکشافات اور ایجادات ممکن ہیں جو آج سائنس فکشن معلوم ہوتی ہیں۔

  • طب میں انقلاب:کوانٹم میکانکس کے اصول جدید میڈیکل ٹیکنالوجی میں گہرے اثرات ڈال رہے ہیں:

(الف)MRI (Magnetic Resonance Imaging) انسانی جسم کے اندرونی حصوں کی درست اور تفصیلی امیجنگ اسی اصول پر مبنی ہے۔

(ب)نینو روبوٹک سرجری: نینو میٹر (Nanometre)سطح کے روبوٹس ‘بیماری کے خلیات پر براہِ راست عمل کر سکیں گے۔

(ج)Drug Delivery Systems مخصوص دوائی کو صرف بیماری کے خلیات تک پہنچایا جاسکے گا تاکہ علاج مؤثر اورکم سے کم سائیڈ ایفکیٹس کے ساتھ ہو۔
اسی طرح کینسر‘ اعصابی امراض اور دیگر پیچیدہ بیماریوں کے علاج میں غیر معمولی آسانی اور کامیابی ممکن ہوگی۔

  • توانائی کا نیا دور:توانائی کے شعبے میں بھی کوانٹم اصول بڑی پیش رفت کا ذریعہ بن رہے ہیں:

(الف) سپر کنڈکٹرز (Superconductors) ایسی مادّی حالتیں جن میں بجلی صفر مزاحمت کے ساتھ بہتی ہے‘اس سے بجلی کے نظام میں توانائی کا نقصان ختم ہو جائے گا۔

(ب) نیوکلئیر انرجی: کوانٹم ماڈلز کی بنیاد پر زیادہ محفوظ اور کم خرچ نیوکلیئر ری ایکٹرز تیار کیے جا رہے ہیں۔

(ج)مستقبل میں توانائی کی ترسیل زیادہ طاقتور، سستی اور ماحول کے لئے سازگار ہو گی۔

  • کوانٹم کمپیوٹنگ: جیسا کہ اوپر واضح کیا گیا‘کلاسیکی کمپیوٹرز معلومات کو بٹس (0 یا 1) کی صورت میں محفوظ کرتے ہیں جبکہ کوانٹم کمپیوٹرز میں کیوبٹس (Qubits) استعمال ہوتے ہیں جو بیک وقت 0 اور 1 دونوں حالتوں میں رہ سکتے ہیں (سپرپوزیشن کی وجہ سے)۔اس خصوصیت کی وجہ سے کوانٹم کمپیوٹرز ایسے پیچیدہ مسائل چند سیکنڈوں میں حل کر سکیں گے جن کے لئے دنیا کے تیز ترین سپر کمپیوٹرز کو ہزاروں سال لگ سکتے ہیں۔مستقبل قریب میں ان کا استعمال کیمیائی ردعمل کی سیمولیشن‘ موسمیاتی ماڈلنگ‘ مصنوعی ذہانت (AI) اور کرپٹوگرافی میں انقلاب برپا کرے گا۔

کوانٹم کمیونیکیشن اور محفوظ ڈیجیٹل دنیا:کوانٹم الجھاؤ (Quantum Entanglement) اور کوانٹم کلید تقسیم (Quantum Key Distribution, QKD) پر مبنی نظام مستقبل میں ایک ایسا محفوظ ترین انٹرنیٹ (Unhackable Internet)فراہم کریں گے جسے ہیک کرنا ناممکن ہوگا۔فوجی راز‘ مالیاتی نظام اور ذاتی معلومات کی چوری یاانہیں بگاڑنے سے بچانے کے لئے کوانٹم کمیونیکیشن بنیادی کردار ادا کرے گی۔

ماضی کے مسلم سائنسدان اور کوانٹم سائنس کے بنیادی تصورات کا باہمی تعلق

موجودہ دور میں جسے ہم کوانٹم سائنس کہتے ہیں‘ اس کی باقاعدہ سائنسی بنیاد بیسویں صدی کی ابتداء میں رکھی گئی۔ تاہم اس سے کئی صدیاں قبل مسلم سائنسدان ایسے موضوعات پر غور و فکر کرتے رہے اور ایسے علمی تصورات پیش کرتے رہے جنہوں نے بعد میں جدید سائنس کے لئے نہ صرف فکری اور تحقیقی بنیادیں فراہم کیں بلکہ ترقی و ایجادات کی راہیں بھی ہموار کیں۔ اگرچہ کوانٹم سپرپوزیشن‘ انٹینگلمنٹ یا اصول عدم یقین جیسے مخصوص نظریات براہِ راست مسلم سائنسدانوں کے دور میں موجود نہ تھے‘ لیکن ان کے گراں قدر علمی کارناموں نے وہ تحقیقی ماحول اور سائنسی ذہن فراہم کیا جس کی بدولت بعد میں یورپ کے سائنسدان ان انقلابی نظریات تک پہنچ سکے۔ذیل میں چند نامور مسلم سائنسدانوں اور ان کے کارناموں کا اختصار سےذکر کیا جارہاہے جس سے بخوبی اندازہ ہوگا کہ ہمارے اسلاف نے جدید سائنس و ٹیکنالوجی کے لئے کس قدر غیر معمولی اور مستحکم بنیادیں فراہم کیں۔

  • ابن الہیثم (Alhazen, 965–1040)

انہیں جدید بصریات کا بانی کہا جاتا ہے۔انہوں نے روشنی کے ذروں (Particles) اور لہروں (Waves) پر تحقیق کی۔ان کی کتاب‘ کتاب المناظر (Book of Optics) میں یہ نظریہ موجود ہے کہ روشنی سیدھی لکیروں میں سفر کرتی ہے اور انسانی آنکھ میں آکر بصارت پیدا کرتی ہے۔اگرچہ انہوں نے روشنی کو جدید معنوں میں فوٹون نہیں کہا لیکن ان کا تصور روشنی کی ذراتی فطرت کی طرفواضح اشارہ کرتا ہے جو بعد میں کوانٹم فزکس کا اہم موضوع بنا۔

  • ابن سینا (Avicenna, 980–1037)

ابن سینا نے فلسفہ اور طب کے علاوہ طبیعیات میں بھی نمایاں تحقیق کام انجام دیا۔انہوں ہی نے یہ تصور دیا کہ روشنی پیکٹ یا جھٹکوں (Impulses) کی صورت میں سفر کرتی ہے۔یہ تصور بعد میں پلانک اور آئن اسٹائن کی کوانٹم تھیوری نمایاں نظر آتا ہے‘ اگرچہ ابن سینا نے اسے فلسفیانہ انداز میں بیان کیا۔

  • ابو البرکات البغدادی (1080–1165)

انہوں نےحرکت(Motion) اورمعاملات وقت (Time Relations) پر بڑے معیاری مباحث کئے۔ان کے بعض خیالات بعد میں اصول عدم یقین (Uncertainty Principle) کی فلسفیانہ جڑوں سے قریب سمجھے جا سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے کہا کہ کائنات کی حرکات میں مکمل قطعیت (Determinism) ممکن نہیں۔

  • ابن رشد (Averroes, 1126–1198)

انہوں نے ارسطو کے طبیعیاتی نظریات پر تنقید کی اور کہا کہ فطرت میں ہر چیز ایک مقررہ قانون کے تحت چلتی ہے‘ لیکن انسانی علم کی ایک حد ہے۔یہ فکر بعد میں سائنسی اصولوں جیسے عدم یقین (Uncertainty) کی طرف رہنمائی کرتی ہے کہ انسانی علم کبھی مکمل نہیں ہوسکتا۔

  • نصیر الدین طوسی (1201–1274)

آپ نے فلکیات اور ریاضیات میں بڑا نمایاں کام کیا۔انہوں نے طوسی کپل (Tusi Couple) نامی ریاضیاتی ماڈل پیش کیا‘ جس نے کائناتی حرکات کو سمجھنے کا نیا طریقہ بتایا۔ان کا کام ایٹمی سطح پر نہیں بلکہ کونیاتی سطح پر تھا لیکن ان کی ریاضیاتی باریک بینی نے بعد کے سائنسدانوں کو مائیکرو اور نینو سطح پر سوچنے کی بنیادیں فراہم کیں۔

  • ابن خلدون (1332–1406)

اگرچہ آپ مورخ و مفکر تھے لیکن انہوں نے کائنات کے ’’ذرے‘‘ اور ’’کلیات‘‘ کے تعلق پر فلسفیانہ بحث کی۔ان کا یہ تصور کہ ہر شے چھوٹے چھوٹے اجزاء سے مل کر بنی ہے‘ سائنس کے ایٹمی و ذراتی نقطۂ نظر کی تائید کرتا ہے۔

یہ بات صحیح ہے کہ ماضی کے مسلم سائنسدانوں نے براہِ راست ’’کوانٹم میکانکس سے متعلق تصورات پیش نہیں کئے‘ لیکن:

  • روشنی کے ذرے (ابن الہیثم اور ابن سینا)
  • علم کی محدودیت اور قطعیت پر سوال (ابو البرکات اور ابن رشد)
  • ریاضیاتی ماڈلز (طوسی)
  • کائنات کی ذرّاتی تشکیل پر غور (ابن خلدون)

یہ سب وہ فکری اور سائنسی بنیادیں ہیں جن پر آگے چل کر مغربی ویورپی سائنس نے دریافت وایجادات کی بلند وبالاعمارتیں کھڑی کیں اور بالآخر بیسویں صدی میں کوانٹم فزکس کی صورت میں ایک نیا انقلاب برپا ہوا۔

اختتامیہ

کوانٹم سائنس اور ٹیکنالوجی آج کے دور کاایک اہم تحقیقی میدان ہے۔ یہ محض ایک نظری علم نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت سائنسی تحریک ہے جس نے طبعیات‘ کیمیا‘ حیاتیات‘ کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ کو بالکل نئے زاویوں سے روشناس کرایا ہے۔اس کے بنیادی تصورات بظاہر پیچیدہ اور عقلِ عام سے ماورا محسوس ہوتے ہیں لیکن یہی تصورات مستقبل کی سائنسی و صنعتی ترقی کی بنیاد ثابت ہوں گے۔ آنے والے وقت میں علاج و معالجہ، توانائی، مواصلات اور کمپیوٹنگ‘زندگی کا ہر شعبہ کوانٹم اصولوں کی روشنی میں ایک نئی جہتیں اختیار کرے گا۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ کوانٹم سائنس دراصل انسانی تہذیب کے اگلے دور کی بنیاد ڈال رہی ہے جہاں علم‘ ٹیکنالوجی اور کائنات کی تفہیم ایک نئے افق پر جا پہنچے گی۔

مزید مطالعہ کے لئے کتب

  • Planck, M. The Theory of Heat Radiation. (1906)
    • توانائی کے کوانٹم نظریے کا بنیادی ماخذ۔
  • Einstein, A. On a Heuristic Point of View Concerning the Production and Transformation of Light. (1905)
    • فوٹون اور روشنی کے ذرّاتی تصور پر آئن اسٹائن کا تحقیقی مقالہ۔
  • Bohr, N. On the Constitution of Atoms and Molecules. (1913)
    • ایٹم کا بوہر ماڈل اور توانائی کی سطحوں کی وضاحت۔
  • Heisenberg, W. The Physical Principles of the Quantum Theory. (1930)
    • اصولِ عدم تعیین (Uncertainty Principle) پر بنیادی کتاب۔
  • Schrödinger, E. What Is Life? (1944)
    • لہر-ذرے کی دوہری فطرت اور حیاتیات میں کوانٹم فزکس کے اثرات۔
  • Dirac, P. A. M. The Principles of Quantum Mechanics. (Oxford University Press, 1930)
    • کوانٹم میکینکس کا کلاسیکی درسی ماخذ۔
  • Griffiths, D. J. Introduction to Quantum Mechanics. (Pearson, 2018, 3rd Edition)
    • طلبہ کے لیے نہایت مفید اور معیاری نصابی کتاب۔
  • Nielsen, M. A., & Chuang, I. L. Quantum Computation and Quantum Information. (Cambridge University Press, 2010)
    • کوانٹم کمپیوٹر اور کوانٹم انفارمیشن سائنس پر مستند کتاب۔
  • International Year of Quantum Science and Technology – UNESCO Official Website (2025)
    • https://quantum2025.org

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے