تعلیم

تدریس کے معاون سامان اور تدابیر – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۹ – حصہ 1

تدریس کے جہاں چند بنیادی اصول اور ضابطے ہیں، جن کا لحاظ کامیاب تدریس کے لیے ضروری ہے، وہیں کچھ تدابیر اور امدادی سامان ہیں جن کو حسبِ ضرورت استعمال کرنا چاہیے۔ مثلاً:

1- سوال و جواب

2- بیان

3- تختہ سیاه

4- توضیح و تشریح

5- نقشے، ماڈل، چارٹ، تصاویر وغیرہ

6- ہوم ورک (گھر پر کرنے کے لیے کام)

7- درسی کتب

8- امدادی سامان (گراموفون، ریڈیو، میجک لینٹرن، فلمیں وغیرہ)

9- دار المطالعہ اور لائبریری

10- امتحانات، جانچ اور جائزہ۔

سوال و جواب

تدریس میں سوالات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ جو اساتذہ مسلسل بولے جاتے ہیں، نہ خود سوال کرتے اور نہ طلبہ کو سوال کرنے کا موقع دیتے، ان کی تدریس سے طلبہ کو بہت کم فائدہ پہنچتا ہے۔ ایسے اسباق میں بچے بہت کم عملی دلچسپی لیتے ہیں۔

سوالات کی اہمیت و افادیت

موزوں سوالات کی بڑی اہمیت و افادیت ہے۔ ان کے ذریعے:

تجسس کو بیدار کر کے بچوں کو سبق پر آمادہ کیا جا سکتا ہے۔

سبق میں ان کی توجہ و دل چسپی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔

غیر متوجہ طلبہ کو متوجہ کرنے اور سست رفتار طلبہ کو چونکانے اور ہمت بندھانے کا کام لیا جا سکتا ہے۔

طلبہ کو غور و فکر اور مشاہدہ و مطالعہ پر اکسایا جا سکتا ہے۔

ان کی صلاحیت کی جانچ کی جا سکتی ہے۔

طلبہ کو ان کی غلطیاں محسوس کرائی جا سکتی ہیں۔

اسباق کو آگے بڑھانے میں مدد لی جا سکتی ہے۔

اسباق کا اعادہ کرایا جا سکتا ہے۔

اغراض

پڑھاتے وقت معلم کو طرح طرح کے سوالات کرنے پڑتے ہیں، کچھ سبق کی ابتدا میں، کچھ درمیان میں، اور کچھ اختتام پر۔

(الف) تمہیدی سوالات: یہ سبق کے شروع میں کیے جاتے ہیں۔ تعداد میں تھوڑے اور بہت ہی آسان ہوتے ہیں۔ نیز موضوع سے ان کا قریبی تعلق ہوتا ہے۔ ان کی غرض یہ ہوتی ہے:

بچوں کی سابقہ لیاقت کا پتہ چل جائے تا کہ اسی بنیاد پر مزید معلومات فراہم کی جائیں۔

بچوں کے ذہن کو سبق کے لیے تیار اور یکسو کیا جائے۔

سبق کی غرض و غایت اور ضرورت و افادیت ان پر بخوبی واضح ہو جائے۔

(ب) درمیانی سوالات: سبق کے بیچ میں متعدد سوالات کیے جاتے ہیں جن کی غرض و غایت یہ ہوتی ہے کہ:

معلم اندازہ کر سکے کہ بچے سبق کو بخوبی سمجھ رہے ہیں۔

سبق میں بچوں کی دلچسپی اور توجہ برقرار رہے۔

سبق کو آگے بڑھانے میں طلبہ عملی حصہ لیں۔

سبق کے مشکل حصے واضح اور ذہن نشین ہوتے جائیں۔

غور و فکر کا موقع ملے اور معلومات میں تسلسل رہے۔

نئی معلومات کا سابقہ معلومات سے ربط قائم ہو۔

بچوں کے روزمرہ کے واقعات، تجربات و مشاہدات وغیرہ سے جدید معلومات کا مقابلہ و موازنہ ہو سکے۔

کچھ مشاہدہ کرانے یا کسی چیز پر توجہ مرکوز کرانے میں مدد ملے۔

غیر متوجہ طلبہ کو متوجہ کیا جا سکے اور سست رفتار طلبہ کو ساتھ لیا جا سکے۔

(ج) اختتامی سوالات: سبق کے آخر میں کچھ سوالات اس غرض سے کیے جاتے ہیں کہ:

پورے سبق کا اعادہ ہو جائے۔

سبق کے ذریعے جو کچھ بتایا اور سکھایا گیا ہے، بچوں کو اسے استعمال کرنے کا موقع مل جائے۔

بچوں کو کسی ہوم ورک یا عملی کام پر آمادہ کیا جا سکے یا حل طلب مسئلہ کی شکل میں انہیں کوئی کام دیا جا سکے۔

سوالات کیسے ہوں؟

سوالات سے مذکورہ بالا اغراض و مقاصد اسی وقت حاصل ہو سکتے ہیں جب ان میں مندرجہ ذیل خصوصیات پائی جاتی ہوں:

سوالات کی زبان صاف، شگفتہ، عام فہم اور زوائد سے پاک ہو تاکہ بچوں کی سمجھ میں بخوبی آ سکے کہ آپ کیا معلوم کرنا چاہتے ہیں۔ زبان کی شگفتگی ان کی توجہ کھینچنے اور جواب سوچنے پر آمادہ کر دے۔ بعض لوگ سوالات میں بلا وجہ غیر ضروری الفاظ کا اضافہ کر دیتے ہیں۔ مثلاً پوچھنا ہے: آنحضرتؐ کس سن میں پیدا ہوئے؟ تو پوچھیں گے: کیا تم بتا سکتے ہو، یا تم میں کون جانتا ہے کہ آنحضرتؐ کس سن میں پیدا ہوئے؟ اس طرح کے زوائد سے سوالات کی زبان پاک ہونی چاہیے۔

زبانی سوالات چھوٹے اور ان کی عبارت بہت مختصر ہو تاکہ پورا سوال باآسانی بچوں کے ذہن میں محفوظ رہ سکے۔ مثلاً "حضورؐ نے ہجرت کیوں فرمائی؟” ایک موزوں زبانی سوال ہے۔ اسی کو اگر ان الفاظ میں پوچھا جائے: "حضورؐ نے مکہ چھوڑ کر، جو آپ کا وطن بھی تھا اور عرب کا مرکزی شہر بھی، مدینہ کیوں ہجرت فرمائی، جب کہ وہ شہر آپؐ کے لیے اجنبی بھی تھا اور مکہ سے کافی دور بھی؟” تو یہ سوال ناقص ہوگا۔

طلبہ کی صلاحیت کا لحاظ رکھ کر بنائے گئے ہوں، نہ اتنے آسان ہوں کہ طلبہ ان پر توجہ دینے یا غور کرنے کی ضرورت ہی نہ سمجھیں اور نہ اتنے مشکل ہوں کہ بچے جواب دینے کی ہمت ہی نہ کر سکیں۔

سبق کے دوران جتنے سوالات کیے جائیں وہ آپس میں اتنے مربوط ہوں کہ وہ ایک دوسرے کا لازمی جز معلوم ہوں اور سب کا بحیثیت مجموعی اصل سبق سے قریبی تعلق ہو۔ اس طرح خیالات میں بھی تسلسل رہتا ہے اور غیر متعلق باتوں پر وقت ضائع نہیں ہوتا۔

دو یا زائد سوالات ملا کر نہ پوچھے جائیں۔ مثلاً: نماز کے اوقات، رکعتیں اور فوائد سے بناؤ۔ محمود غزنوی نے کہاں کہاں اور کیوں حملہ کیا؟

سوالات واضح، معین اور غیر مبہم ہوں تاکہ بچوں کا ذہن اصل جواب کی طرف منتقل ہو۔ ایسے سوالات ہرگز نہ کیے جائیں جن کے ایک سے زیادہ جواب ہو سکتے ہوں۔ مثلاً:

سامنے کیا نظر آ رہا ہے؟ یا نقشے میں کیا دکھائی دے رہا ہے؟ دونوں صورتوں میں متعدد جوابات ممکن ہیں۔

سوالات صرف یادداشت یا حافظہ سے متعلق نہ ہوں بلکہ فکر انگیز بھی ہوں تاکہ بچوں کو سوچنے اور غور و فکر کرنے پر آمادہ کر سکیں۔

ابتدائی درجات میں سوالات عموماً سیدھے سادے اور ایسے ہوں جن میں بچوں کو خوب بولنا پڑے، البتہ اونچی جماعتوں میں قدرے پیچیدہ ہوں تا کہ بچوں کو غور و فکر اور استدلال سے کام لینا پڑے۔

خبردار کیے بغیر دھوکے، وہم اور مغالطے میں ڈالنے والے سوالات نہ کیے جائیں۔ مثلاً: ایک لڑکا ایک گھنٹے میں تین میل جاتا ہے تو پانچ لڑکے ایک گھنٹے میں کتنے میل جائیں گے؟

سوالات ایسے نہ ہوں جن کے جوابات صرف "ہاں”، "نہیں” یا ایک ہی لفظ میں پورے ہو جائیں۔ اگر اس طرح کے سوالات پوچھنے ہی پڑیں تو ساتھ ہی "کیوں” یا "کیسے” وغیرہ بھی ہونا چاہیے تا کہ جواب دینے میں کچھ جدوجہد کرنی پڑے اور معلم کو اطمینان ہو سکے کہ بچے نے سوچ سمجھ کر ہاں یا نہیں کہا ہے۔

سوالات ایسے بھی نہ ہوں جن کے اندر ہی جواب موجود ہو یا جو اپنے جواب کی طرف خود اشارہ کر رہے ہوں۔

مثلاً: کیا حضرت عیسیٰؑ نبی نہیں تھے؟ گینڈا گھاس چرنے والا جانور ہے یا پھاڑ کھانے والا؟ وغیرہ۔

کچھ بتاتے ہی الٹ کر سوال نہ کر لیا جائے۔ مثلاً: آنحضرتؐ 571ء میں پیدا ہوئے۔ حضورؐ کس سنہ میں پیدا ہوئے؟ البتہ اگر کوئی بچہ غیر متوجہ ہو یا کھویا کھویا سا نظر آئے تو اس سے اچانک اس طرح کا سوال کیا جا سکتا ہے، یا اس طرح کا سوال کہ فلاں بچے نے کیا جواب دیا؟ وغیرہ۔

سوالات کرنے کا طریقہ

جس طرح موزوں سوالات بنانا ایک فن ہے، جس میں کافی احتیاط، سوچ بوجھ اور مشق و مہارت کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح سوالات کرنا بھی فنی مہارت چاہتا ہے۔ سوالات پوچھتے وقت مندرجہ ذیل امور پیشِ نظر رہنے چاہئیں:

پورے درجے کو مخاطب کر کے سوال کیا جائے۔ کسی کی طرف اشارہ کر کے یا کسی کا نام لے کر سوال نہ کیا جائے۔ البتہ جواب کسی ایک ہی بچے سے مانگا جائے۔

سوال کرنے کے بعد جواب سوچنے کا کچھ موقع دیا جائے، فوراً جواب نہ مانگا جائے۔

چند مخصوص بچوں ہی سے سوالات نہ کیے جائیں بلکہ باری باری سب سے پوچھے جائیں۔ البتہ اس باری میں کوئی خاص ترتیب نہ ہو، ورنہ جن سے پوچھا جا چکا ہوگا یا جن کی باری نہ ہوگی وہ توجہ نہیں دیں گے۔

سوال کرتے وقت صاف بولا جائے تا کہ پورا درجہ بخوبی سن سکے اور سوال کا اصل مدعا ظاہر کرنے والے لفظ پر خاص طور سے زور دیا جائے۔

سوالات ہرگز نہ دہرائیں، الا یہ کہ کسی وجہ سے طلبہ سن یا سمجھ ہی نہ سکے ہوں۔ ایسی صورت میں پھر سے سوال کیا جائے یا کوئی آسان سوال کر کے اصل سوال کی طرف رہنمائی کر دی جائے۔

موقع ہو اور ضرورت سمجھیں تو تختہ سیاہ پر سوال لکھ دیا کریں۔ خصوصاً جانچ یا ہوم ورک کے لیے سوالات تختہ سیاہ پر لکھ دینا ہی بہتر ہوتا ہے۔

غیر متوجہ طلبہ سے اچانک سوال کیا جائے۔

سوالات کرنے کا لہجہ خوش گوار اور ہمدردانہ ہو تا کہ بچے خود اعتمادی کے ساتھ جواب دینے پر آمادہ ہو جائیں، خوف و ہراس یا جھجک محسوس نہ کریں۔

جواب نکلوانے میں بہت زیادہ وقت صرف نہ کیا جائے۔

اگر ایک بچہ ٹھیک جواب دے دے تو بھی بعض اور بچوں سے جواب منگوائے جائیں۔

کبھی کبھی بچوں کو بھی سوال کرنے کا موقع دیا جائے اور سوال کرنے پر انہیں اکسایا جائے۔ ساتھ ہی درجے کی فضا ایسی بنائی جائے کہ دورانِ تدریس جو بات سمجھ میں نہ آئے، طلبہ بے جھجک پوچھ سکیں۔ اس سے بچوں کے سمجھنے، بوجھنے، غور و فکر کرنے اور سبق میں پوری دل چسپی لینے میں مدد ملتی ہے۔ البتہ غیر متعلق سوالات کو نظر انداز کر دیا جائے۔ سوال اگر ضروری اور مفید ہو تو بعد میں علیحدہ سے اس کا جواب دے دیا جائے۔

سوالات اطمینان سے کیے جائیں۔ جلد بازی کرنا یا سوالات کی بوچھاڑ کر دینا ٹھیک نہیں۔ اس سے بچے گھبرا اور بوکھلا جاتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close