تعلیم

کہانی اور تدریس: سیکھنے کا فطری راستہ – حصہ اول

میں آج بھی وہ دن نہیں بھولی جب نویں جماعت میں ہماری فزکس کی معلمہ نے نیوٹن کے قوانین کا سبق ایک سادہ سی کہانی سے شروع کیا تھا۔ ایک ہٹ دھرمی کمہار، اس کا گدھا اور تین بھاری مٹکے۔ بس وہی لمحہ تھا جب میری جمود کی کیفیت ٹوٹ گئی، بات دل میں اتر گئی اور ذہن سوالوں سے بھر اٹھا۔ ایسے ہی لمحوں نے مجھے سولہ برس پہلے تعلیم میں کہانی کے استعمال کی طرف مائل کیا۔ وہ سبق آگے بڑھتے ہوئے نیوٹن کے تینوں قوانین کو اس قدر جاندار اور یادگار انداز میں سامنے لایا کہ آج تک ذہن میں تازہ ہے۔ اب جب میں خود کہانی کے ذریعے پڑھانے والی معلمہ ہوں تو میں نے اسی تجربے کو ایک ساتھی کے ساتھ مل کر ایک مکمل سبق کی شکل دے دی ہے، جس کی تفصیل ضمیمے میں شامل ہے۔ اب سوچتی ہوں تو حیرت نہیں ہوتی کہ وہ کلاس مجھے اتنی شدت سے کیوں یاد ہے، کہانیاں واقعی ذہن میں ٹھہر جاتی ہیں۔ یہی بات مجھے اس بڑے سوال تک لے گئی کہ ایسے اسباق کم کیوں ہوتے ہیں اور ہمارے اسکولوں کو ان کی کتنی ضرورت ہے۔

میں اکثر وہی چمک بچوں کی آنکھوں میں دیکھتی ہوں جو کبھی میرے اندر جاگی تھی، جب سبق کہانی کے ذریعے سمجھایا جاتا ہے۔ نویں جماعت میں جب ہم قوت اور چیزوں کے گرنے کے بارے میں پڑھ رہے تھے تو ہم نے کہانی کارڈز استعمال کیے۔ ان میں گلیلیو کے مشاہدات اور نیوٹن کے خیالات کو ایک مربوط اور آسان انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ سیشن کے بعد ایک بچے نے کہا، ہم ہر چیز پر سوال کرنے لگے اور ہمیں واقعی سمجھنے میں مزہ آنے لگا کہ چیزیں کیوں گرتی ہیں۔ اس لمحے نے میرے لیے یہ بات بالکل واضح کر دی کہ جب بچے کسی تصور کو کہانی کے بہاؤ میں سمجھتے ہیں تو وہ صرف یہ نہیں جانتے کہ کیا ہے بلکہ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ کیوں ہے اور کس نے اسے دریافت کیا، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ان کے اندر تجسس زندہ رہتا ہے۔

چندی گڑھ کے ایک سی بی ایس ای اسکول میں اسٹوری ٹیلنگ اور ریڈنگ لیڈ(Reading Lead) کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے میں نے خود دیکھا ہے کہ کہانی سنانا طلبہ اور اساتذہ دونوں میں کتنی توانائی اور دلچسپی پیدا کرتا ہے۔ ساتھ ہی میں نے یہ بھی محسوس کیا ہے کہ کچھ رکاوٹیں ایسی ہیں جو اسے روزمرہ تدریس کا مستقل حصہ بننے نہیں دیتیں۔ بہت سے اسکولوں میں خاص طور پر ابتدائی جماعتوں میں کہانی سنانے کی ورکشاپس ہوتی ہیں، لیکن یہ کوششیں عموماً زیادہ دیر قائم نہیں رہتیں کیونکہ ٹائم ٹیبل، امتحانات اور سخت نصاب کے دباؤ میں یہ پیچھے رہ جاتی ہیں۔

نیشنل کریکولم فریم ورک 2023 ہمیں ایک نیا موقع دیتا ہے کہ ہم اس صورتحال کو بدل سکیں۔ اس میں واضح طور پر کہانی پر مبنی تدریس کو ایک اہم تجرباتی طریقہ مانا گیا ہے۔ اس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ کہانیاں صرف دلچسپ چیز نہیں ہیں بلکہ سیکھنے کے لیے ضروری ہیں۔

کلاس روم میں کہانی کو واقعی مؤثر طریقے سے شامل کرنے کے لیے صرف پالیسی دستاویزات کافی نہیں ہیں جو لائبریری کے ریفرنس سیکشن میں سجی رہتی ہیں۔ ہمیں سوچ میں تبدیلی، نظامی تعاون اور ایسے عملی ہندوستانی نمونے درکار ہیں جو دکھا سکیں کہ کہانیاں مضبوط تعلیمی معیار کو کیسے سہارا دیتی ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق (Dwivedi اور Sarangapani، 2023) میں یہ بات سامنے آئی کہ اگرچہ ثانوی درجے کے اساتذہ کہانی کو اہم سمجھتے ہیں، لیکن بہت سے اساتذہ کو یہ سمجھ نہیں آتا کہ اسے نام نہاد سنجیدہ مضامین یا بڑی کلاسوں میں کیسے استعمال کیا جائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مسئلہ طریقے کو رد کرنا نہیں بلکہ سمجھ اور عمل کے درمیان خلا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ کہانیاں ہر عمر کے بچوں کے لیے فطری طور پر مؤثر ہوتی ہیں۔ فرق اس بات میں ہوتا ہے کہ ہم انہیں کس سطح پر اور کتنی ذہنی گہرائی کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔ میں نے خود دیکھا ہے کہ کہانیاں تاریخ کی کلاس میں تقسیم ہند جیسے موضوع پر بھی اتنی ہی مؤثر ہوتی ہیں جتنی فزکس میں قوت جیسے موضوع پر۔ اصل چیز سوچ سمجھ کر منصوبہ بندی کرنا ہے۔

لیکن زیادہ تر اساتذہ کہانی سے صرف ورکشاپس میں واقف ہوتے ہیں، جہاں تربیت دینے والے دلچسپ انداز میں کہانیاں تو سناتے ہیں مگر یہ نہیں بتاتے کہ کہانی پر مبنی سبق کیسے تیار کیا جائے۔ اساتذہ متاثر ہو کر واپس تو آتے ہیں، مگر پیر تک پھر وہی نصابی کتاب غالب آ جاتی ہے۔ یعنی ورکشاپ اور کلاس روم کے درمیان ایک خلا رہ جاتا ہے۔

آئیے اسے ذرا اور واضح طور پر سمجھتے ہیں:

ورکشاپ کے بعد عام صورتحال اصل وجہ کیا مددگار ہو سکتا ہے
اساتذہ کہتے ہیں: "ہمارے پاس وقت نہیں ہے” بھرا ہوا ٹائم ٹیبل اور سخت منصوبہ بندی، نصاب سے بندھے ہونا موجودہ سبق میں ہی کہانی کو شامل کریں
بڑی جماعتوں میں کہانی کو غیر تعلیمی سمجھا جاتا ہے امتحانات میں صرف یاد کرنا اہم ہوتا ہے، سمجھنا نہیں کہانی پر مبنی سوالات اور اسسمنٹ تیار کریں
جو اساتذہ شوق سے شروع کرتے ہیں وہ تھک جاتے ہیں کوئی رہنمائی، فالو اپ یا ساتھیوں کا تعاون نہیں ہوتا اسکول میں ایک ذمہ دار کردار بنایا جائے جیسے اسٹوری ٹیلنگ لیڈ

ہمارے اسکول میں ایک مؤثر قدم یہ رہا ہے کہ ہم نے اسٹوری ٹیلنگ اینڈ ریڈنگ لیڈ (SRL) کا باقاعدہ کردار متعارف کروایا ہے۔ یہ کوئی صرف ادبی یا سرگرمیوں کو سنبھالنے والا عہدہ نہیں ہے، بلکہ ایک تعلیمی ماہر کا کردار ہے جو مختلف جماعتوں اور مضامین کے اساتذہ کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے تاکہ وہ اپنے نصاب میں کہانی کو مؤثر طریقے سے شامل کر سکیں۔ بطور SRL، میں خود کہانیاں پڑھانے پر زور نہیں دیتی بلکہ اساتذہ کی رہنمائی کرتی ہوں کہ وہ اپنی تدریس میں کہانی کو کیسے استعمال کریں۔

عملی طور پر اس کا مطلب یہ ہے:

نصاب کی منصوبہ بندی – سیکھنے کے اہداف کو مناسب کہانیوں کے خیالات کے ساتھ جوڑنا۔
نمونہ اسباق – مل کر سبق کی منصوبہ بندی کرنا اور کہانی کے ذریعے سبق کا آغاز کرنا۔
وسائل کی ترتیب – ہر موضوع کے مطابق آسان اور مفید کہانیوں کا ذخیرہ تیار کرنا۔
اساتذہ کی رہنمائی – مشاہدہ، سادہ رائے اور غور و فکر کے ذریعے تدریس کو بہتر بنانا۔
برادری کا اشتراک –مصنفین، قصہ گو اور ماہرین کو سیکھنے کے عمل میں شامل کرنا۔
تشخیص کی تشکیل – کہانی کے ذریعے طلبہ کی سمجھ کو جانچنے کے نئے طریقے اختیار کرنا۔

اگرچہ بہت سے اساتذہ اس کام کے لیے جوش رکھتے ہیں، لیکن کہانی کو باقاعدگی کے ساتھ اور نصاب کے مطابق پڑھانے کے لیے وقت، باہمی تعاون اور منصوبہ بندی کی سہولت درکار ہوتی ہے۔ ایک مصروف استاد کے لیے یہ سب نکالنا آسان نہیں ہوتا۔ اسی لیے SRL کا کردار اہم ہے۔ اس لیے نہیں کہ اساتذہ یہ کام نہیں کر سکتے، بلکہ اس لیے کہ انہیں یہ کام اکیلے نہیں کرنا چاہیے۔

فطری طور پر اساتذہ یہ سوال کرتے ہیں کہ ہم کہانی پر مبنی سبق کیسے تیار کریں۔ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ اس کے لیے ڈرامائی انداز یا خاص فنکارانہ صلاحیت چاہیے ہوتی ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ایسا نہیں ہے۔ کہانی پر مبنی سبق بنانا اداکاری نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے طریقے اور واضح ترتیب کا کام ہے۔ ایک طریقہ جو مجھے بہت مؤثر لگا وہ پانچ مرحلوں پر مبنی پنچ پدی طریقہ ہے، جس کا ذکر نیشنل کریکولم فریم ورک میں بھی ملتا ہے اور جس کی جڑیں سائنسی تدریس میں ہیں۔ اس کے پانچ مراحل یعنی آدیتی، بودھ، ابھیاس، پریوگ اور پرچار، کہانی کے ذریعے سبق تیار کرنے میں نہایت خوبصورتی سے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

یہ ایک سادہ اور آسان ٹول کٹ ہے جسے آپ اپنی تدریس میں بآسانی استعمال کر سکتے ہیں:

تصور طے کریں:
مثلاً نیوٹن کے قوانین، فوٹو سنتھیسس یا تقسیم ہند

کہانی منتخب کریں یا خود تیار کریں:
لوک کہانی، کوئی حقیقی واقعہ، مثال، کیس اسٹڈی، فلم یا نظم

اسے سیکھنے کے مقصد سے جوڑیں:
یہ کہانی کون سا تصور یا مہارت واضح کرتی ہے؟

سبق کو پانچ مرحلوں میں ترتیب دیں:

آدیتی (دلچسپی پیدا کرنا):
کسی سادہ اور متعلقہ سوال سے بچوں کی توجہ حاصل کریں

بودھ (سمجھ پیدا کرنا):
کہانی سنائیں یا بچوں سے پڑھوائیں

ابھیاس (سمجھ کو گہرا کرنا):
بچوں کو کہانی پر کام کروائیں، جیسے سوال جواب، تصویر بنانا یا کردار ادا کرنا

پریوگ (عملی استعمال):
سیکھے گئے خیال کو کسی نئی مثال پر لگوائیں

پرچار (اظہار):
بچے اپنی زبان میں کہانی سنائیں یا اسے آگے بڑھائیں

تخلیقی انداز میں جانچ کریں:
مباحثہ، خاکہ بنانا، تصویری کہانی یا کردار کی ڈائری کے ذریعے جانچ کریں

یہ طریقہ اس لیے خاص طور پر مؤثر ہے کیونکہ اس میں سیکھنے کے عمل کا مرکز خود طالب علم ہوتا ہے۔ کہانی کو صرف دلچسپی کے لیے نہیں بلکہ سمجھ بنانے کے ایک مضبوط ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

لیکن صرف اچھا طریقہ کافی نہیں ہوتا، اس کے لیے اسکول کی سطح پر بھی مدد ضروری ہے۔ اسکول کی قیادت کو چاہیے کہ وقت اور جگہ فراہم کرے، چاہے وہ ٹائم ٹیبل میں ہو، منصوبہ بندی کی میٹنگز میں ہو یا تدریس کے جائزے کے طریقے میں۔ اساتذہ کی تربیت مسلسل ہونی چاہیے اور اسکول کے ہفتہ وار نظام کا حصہ بننی چاہیے، نہ کہ صرف کبھی کبھار ہونے والی ورکشاپس تک محدود رہے۔ بجٹ میں بھی مختلف زبانوں میں بچوں کے لیے معیاری کہانیوں کی کتابیں شامل ہونی چاہئیں، صرف نصابی کتابیں کافی نہیں۔ اسی طرح اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کے معیار میں تخلیقی تدریس کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔

اساتذہ کو اس بات میں بھی مدد دی جانی چاہیے کہ وہ اسکول کے اندر اپنے سیکھنے کے گروپس بنائیں، جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ طریقے شیئر کریں، اپنی تدریس پر غور کریں اور مل کر نئے خیالات تیار کریں۔ یہ اس لیے ضروری ہے کیونکہ باہر سے آنے والے ماہرین ہر اسکول کی اندرونی ضروریات کو پوری طرح نہیں سمجھ سکتے۔ حقیقی ترقی تب ہی ممکن ہے جب اساتذہ خود اس عمل کا حصہ بنیں اور اندرونی رہنماؤں کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں۔ جب اساتذہ ایک دوسرے سے سیکھتے ہیں تو اس کا اثر زیادہ گہرا اور دیرپا ہوتا ہے۔

ہمیں یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ “کہانی” سے ہماری مراد کیا ہے۔ بہت سے اساتذہ خود کو صرف اخلاقی کہانیوں یا پرانی حکایتوں تک محدود رکھتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں کہانیاں ہمارے اردگرد ہر جگہ موجود ہیں۔ عدالت کی کاروائی، موسم کی رپورٹ، کرکٹ کی کمنٹری، سیاسی خاکے، یہاں تک کہ انسٹاگرام کی ویڈیوز بھی ایک طرح کی کہانی ہوتی ہیں۔ اگر کسی چیز میں کردار ہوں، کوئی مسئلہ ہو اور ایک ترتیب ہو، تو وہ بھی کہانی ہے۔

یہ چند مثالیں ہیں جو ہم نے اپنی تدریس میں مؤثر طریقے سے استعمال کی ہیں:

سائنس:
نویں جماعت میں ہم نے کہانی کارڈز کے ذریعے گلیلیو سے نیوٹن تک قوت اور حرکت کے تصورات کو ایک مسلسل کہانی کی شکل میں پیش کیا۔

ریاضی:
ساتویں جماعت میں سپیتی میں برفانی چیتے کے ایک حقیقی واقعے کو بنیاد بنا کر ایک کہانی تیار کی گئی۔ اس میں دو مہم جوؤں کے پہاڑ پر اوپر اور نیچے جانے اور درجہ حرارت میں تبدیلی کو مثبت اور منفی اعداد سمجھانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

تاریخ:
چھٹی اور ساتویں جماعت میں قدیم تہذیبوں کا تعارف کروانے کے لیے تصویری معلوماتی کتابوں جیسے People of the Indus اور India Through Archaeology کے اقتباسات شامل کیے گئے، تاکہ بچے کہانی کے ذریعے تاریخ کو سمجھ سکیں۔

اب جب کہ اے آئی ٹولز اساتذہ کی دسترس میں ہیں، کہانیاں بنانا، بدلنا یا مقامی انداز میں ڈھالنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔ اے آئی مثالیں دے سکتا ہے، مختلف عمر کے بچوں کے لیے مواد کو آسان بنا سکتا ہے اور لوک کہانیوں کو کلاس روم کے قابل بنا سکتا ہے۔ اگر کوئی استاد نیوٹن کے تیسرے قانون کو سمجھانے میں مشکل محسوس کرے تو وہ چند منٹوں میں کئی مثالیں حاصل کر سکتا ہے، کچھ مقامی زندگی سے جڑی ہوئی اور کچھ دنیا بھر کی مثالوں سے لی گئی۔

اگر صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے تو اے آئی تیاری کا بوجھ کم کرتا ہے اور کہانیوں کے ذرائع کو بڑھاتا ہے۔ لیکن اسے سمجھ داری کے ساتھ استعمال کرنا ضروری ہے۔ حد سے زیادہ انحصار کرنے سے انداز، آواز اور ثقافتی رنگت کمزور ہو سکتی ہے۔ مقصد یہ نہیں کہ تخلیقی کام اے آئی کے حوالے کر دیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ اس سے اپنی تخلیقی صلاحیت کو اور بہتر بنایا جائے اور استاد کو وقت ملے تاکہ وہ بچوں کے ساتھ جڑ کر سکھانے کا اصل کام بہتر طریقے سے کر سکے، جو کوئی مشین نہیں کر سکتی۔

جیسا کہ ڈاکٹر انوج کپور کہتے ہیں، جو اے آئی کے اثرات پر تحقیق کرتے ہیں، “اصل اہمیت آپ کی ہے، یعنی استاد کی۔”

این سی ایف 2023 صرف کہانی کی اجازت نہیں دیتا بلکہ اس کی مضبوط وکالت کرتا ہے۔ یہ ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم صرف نصاب پورا کرنے کے لیے نہیں بلکہ حقیقی سمجھ پیدا کرنے کے لیے پڑھائیں، صرف پڑھا دینے کے لیے نہیں بلکہ گہرائی کے ساتھ سکھائیں۔ اور یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ کہانیاں نصاب سے الگ کوئی چیز نہیں بلکہ اکثر اسی تک پہنچنے کا سب سے سیدھا راستہ ہوتی ہیں۔

اب ضرورت اس بات کی ہے کہ کہانیاں صرف زبان کی کلاس تک محدود نہ رہیں بلکہ ہر مضمون کے مرکز میں آئیں۔ وہ سائنس کی لیب میں بھی سنائی دیں، تاریخ کی بحث کو مضبوط بنائیں اور ریاضی کے سوالات کو سمجھنے کا نیا طریقہ دیں۔ “میں تمہیں ایک کہانی سناتی ہوں” صرف وقت گزارنے کے لیے نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا تدریسی طریقہ بننا چاہیے۔

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ کہاں سے شروع کریں، تو وہی کمہار، اس کا گدھا اور تین مٹکے آج بھی آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔

دیپتھا ویویکانند چندی گڑھ کے ایک نجی اسکول میں اسٹوری ٹیلنگ اور ریڈنگ لیڈ کے طور پر کام کرتی ہیں۔ ان کا کام کہانی پر مبنی سیکھنے کے تجربات تیار کرنا اور اساتذہ کو سوچ سمجھ کر اپنے طریقہ تدریس کو بہتر بنانے میں مدد دینا ہے۔ ان سے اس ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: [email protected]

مترجم : سلمان وحید

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے