خیالات

ڈیجیٹل عہد میں استاد کا بدلتا ہوا کردار

ریاستی محکمۂ تعلیم نے "خوراک کا ضیاع اور عالمی بھوک” کے موضوع پر مضمون نویسی کے ایک مقابلے کا اعلان کیا۔ ریاست بھر کے اسکولوں کو اس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

ایک بڑے شہر میں رہنے والی، ٹیکنالوجی سے بخوبی واقف طالبہ ریا نے خود کبھی بھوک کا تجربہ نہیں کیا، لیکن اس نے اس موضوع پر پڑھا ہے اور اس سے متعلق ویڈیوز بھی دیکھی ہیں۔ وہ تمام نکات کو سامنے رکھتے ہوئے Textero، AI Writer، Grammarly، ChatGPT جیسے مصنوعی ذہانت کے اوزاروں کی مدد سے اپنا مضمون لکھتی ہے۔ چند ہی منٹوں میں ایک بہترین مضمون تیار ہو جاتا ہے۔

دوسری طرف سیا اسی موضوع پر غور کرتی ہے، اہم نکات لکھتی ہے اور اپنے استاد اور والدین سے اس پر گفتگو کرتی ہے، جس سے بحث و مباحثہ بھی ہوتا ہے۔ اس کا استاد اسے ہدایت دیتا ہے کہ پہلے مستند ویب سائٹس سے حقائق کی تصدیق کرے، متعلقہ مضامین پڑھے اور اس کے بعد اپنا مضمون تحریر کرے۔ اس طرح سیا کا مضمون تین سے چار دن میں مکمل ہوتا ہے۔

تصویر بشکریہ: اشونی پاٹھک

ایک دور دراز گاؤں میں مہادو بھی اسی موضوع پر مضمون لکھ رہا ہے۔ اس کے والدین دیہاڑی مزدور ہیں۔ مہادو جانتا ہے کہ بھوک کیا ہوتی ہے۔ اس نے دیکھا ہے کہ اس کے والدین کو گھر میں کھانا مہیا کرنے کے لیے کتنی سخت محنت کرنا پڑتی ہے۔ وہ خوراک کی اہمیت سے بھی واقف ہے اور اسے ضائع ہونے سے بچانے کے طریقے بھی جانتا ہے۔ وہ اپنے استاد سے اس بات پر گفتگو کرتا ہے کہ اپنے خیالات کو مؤثر انداز میں کیسے پیش کرے۔ استاد اس کی رہنمائی کرتا ہے اور یوں وہ اپنے ذاتی تجربات کی بنیاد پر مضمون لکھتا ہے۔

یہ سوال نہیں کہ ان تینوں میں سے بہتر مضمون کس نے لکھا، بلکہ اصل بات یہ ہے کہ آج کے طلبہ کس انداز سے سوچتے ہیں، اپنے کام کیسے انجام دیتے ہیں، ان کے پاس کون سے وسائل موجود ہیں، اور کیا وہ ان وسائل کی صداقت اور اعتبار پر بھی غور کرتے ہیں۔

کیا وہ اپنے کام پر پوری توجہ مرکوز رکھ پاتے ہیں؟ کیا کام کرتے ہوئے ان کی توجہ بٹ جاتی ہے؟ کیا وہ آزادانہ طور پر سوچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں؟ یا وہ محض کاپی پیسٹ کرکے اپنا کام مکمل کر لیتے ہیں؟ کیا انہیں استاد کی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے؟ ان کی سیکھنے اور سمجھنے کی سطح کیا ہے؟ اور کیا ہم، بطور استاد، واقعی ان کے سیکھنے کے عمل میں کوئی مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں؟ اگر ہاں، تو اسے مزید بہتر کیسے بنایا جا سکتا ہے؟

ڈیجیٹل دور کے استاد کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان تمام سوالات کے واضح جواب رکھتا ہو۔

آج کی ڈیجیٹل دنیا میں معلومات تک رسائی نہایت آسان ہو گئی ہے۔ ویڈیوز، سمیولیشنز، تعلیمی ایپس اور دیگر ڈیجیٹل وسائل کی مدد سے سیکھنے کے عمل کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ طلبہ اپنی پسند کی زبان میں تعلیمی مواد منتخب کر سکتے ہیں اور اپنی رفتار کے مطابق ویڈیوز کو بار بار دیکھ کر سیکھ سکتے ہیں۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ استاد کا کردار کیا ہونا چاہیے؟

طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی اوزار مسلسل ترقی کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں استاد کا کردار بھی پہلے سے زیادہ متحرک ہو گیا ہے۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ اس موقع سے کشادہ ذہنی کے ساتھ فائدہ اٹھائیں۔

سب سے پہلے اساتذہ کو نئی تدریسی تکنیکوں اور جدید اوزاروں سے خود واقف ہونا چاہیے، تاکہ وہ اپنے طلبہ کے سیکھنے کے عمل کو بہتر بنا سکیں۔ انہیں حکومت یا اسکول کی جانب سے تربیت کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ خود آگے بڑھ کر سیکھنا چاہیے۔ اور اگر اپنے طلبہ سے بھی کچھ سیکھنے کا موقع ملے تو اس میں بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

استاد کا کردار وقت کے ساتھ مسلسل بدلتا رہا ہے۔ کبھی وہ گرو تھا، پھر راہنما بنا اور اب سہولت کار (Facilitator) کی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن آج اس سہولت کار کے لیے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ اس کے طلبہ کی نشوونما کے لیے کون کون سے وسائل دستیاب ہیں اور ان سے مؤثر انداز میں کیسے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

مثلاً ریاضی کی مشق کے لیے آن لائن وسائل سے سوالات دینا، پیچیدہ سائنسی تجربات کے لیے ورچوئل لیبارٹریوں کا استعمال، ستاروں، سیاروں اور مختلف ممالک کو ورچوئل انداز میں دیکھنا، یا دل کے اندر جا کر اس کے کام کرنے کے طریقے کو سمجھنا۔ ایسے امکانات کی کوئی حد نہیں۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ ان ڈیجیٹل وسائل سے بھرپور استفادہ کریں۔

کہا جاتا ہے کہ تعلیم کا مقصد انسان کے ذہن، دل اور ہاتھ تینوں کی متوازن نشوونما ہے۔ اگر ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اوزار دستیاب ہیں تو ان سے ضرور فائدہ اٹھانا چاہیے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ، خصوصاً اس ڈیجیٹل دور میں، بچوں کی جذباتی، سماجی اور جسمانی نشوونما پر بھی پوری توجہ دینا ضروری ہے۔

استاد کو اپنے طلبہ کے جذبات، صلاحیتوں، حدود، توجہ بٹانے والے عوامل، سماجی و معاشی پس منظر اور نشوونما سے متعلق مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کے سیکھنے کے عمل میں رہنمائی کرنی چاہیے۔ اسے اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ اس تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل دور میں کوئی بھی طالب علم پیچھے نہ رہ جائے۔

استاد کو چاہیے کہ وہ اپنے طلبہ کی رہنمائی کرے، انہیں دستیاب وسائل کے فوائد، نقصانات، حدود اور امکانات سے آگاہ کرے۔ لیکن ان سب کے باوجود ایک چیز ایسی ہے جس کی جگہ کوئی ٹیکنالوجی نہیں لے سکتی، اور وہ ہے استاد کا انسانی لمس۔ بچے کی پیٹھ پر حوصلہ افزائی سے رکھا گیا ہاتھ، اور یہ احساس دلانا کہ "میں تمہارے ساتھ ہوں”، وہ کردار ہے جو صرف ایک استاد ہی ادا کر سکتا ہے۔

طلبہ کے لیے ہمدردی اور محبت، وسیع تجربہ، اور نئی چیزیں سیکھنے اور انہیں اختیار کرنے کا کھلا ذہن، یہی وہ اوصاف ہیں جن کے ساتھ ایک استاد کو ہمیشہ طلبہ کے لیے بھی اور طلبہ کے ساتھ مل کر بھی کام کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

مصنفہ :اشونی پاٹھک

مترجم : سلمان خان

مصنفہ کے بارے میں:

اشونی پاٹھک ڈی ایس کے اسکول، دھایری، پونے میں کیمیا کی معلمہ اور شعبۂ کیمیا کی سربراہ ہیں۔ وہ اپنے طلبہ کی تعلیمی نشوونما اور ہمہ جہت فلاح و بہبود کے لیے نہایت سنجیدہ اور سرگرم رہتی ہیں۔ انہوں نے اپنے طلبہ کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کیا ہے اور ان کے ساتھ تعاون بھی کیا ہے۔ ان سے اس ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: [email protected]

ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close