تعلیمخیالات

تدریس کے معاون سامان اور تدابیر – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۹ – حصہ 9

اس مضمون میں تعلیمی اداروں میں امتحانات کی اہمیت، طلبہ کی تعلیمی و ذہنی صلاحیتوں کی جانچ اور ان کی ہمہ جہت ترقی کے جائزے پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں مروجہ امتحانی نظام کی خامیوں کی نشان دہی کرتے ہوئے امتحانات کو زیادہ بامقصد، منصفانہ اور مفید بنانے کے طریقے پیش کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی مختلف جماعتوں کے لیے مجوزہ نمبر، نتائج کے اصول اور طلبہ کی جسمانی، اخلاقی، معاشرتی اور تعلیمی حالت کا جائزہ لینے کے طریقے بھی بیان کیے گئے ہیں، تاکہ تعلیم و تربیت کا عمل محض امتحان میں کامیابی تک محدود نہ رہے بلکہ طلبہ کی شخصیت کی متوازن نشوونما کا ذریعہ بن سکے۔

10۔ امتحانات، جائزے اور ترقیاں

مدرسے کے بنیادی فرائض میں سے ایک اہم فریضہ یہ بھی ہے کہ وقتاً فوقتاً طلبہ کی لیاقت و صلاحیت کی جانچ کی جائے اور ان کی رفتارِ ترقی کا جائزہ لیا جاتا رہے، تاکہ:

  • اساتذہ کو اپنی کوششوں کے اثرات کا اندازہ ہو سکے اور وہ حسبِ ضرورت نظام الاوقات، رفتارِ کار اور طریقۂ تعلیم میں مناسب تبدیلی کر سکیں۔

  • طلبہ کو اپنی محنت و توجہ اور لیاقت و صلاحیت کے متعلق صحیح رائے قائم کرنے میں مدد ملے۔

  • والدین کو اپنے بچوں کی رفتارِ ترقی کا اندازہ ہوتا رہے۔

  • ذمہ دارانِ ادارہ کو اساتذہ کی کارکردگی اور ان کی کوششوں کے نتائج کا علم ہو سکے۔

  • طلبہ اور اساتذہ دونوں کو محنت کی ترغیب ملے اور سابقہ کام کے اعادے اور جانچ کے برابر مواقع فراہم ہوں۔

  • جماعت بندی کرنے، ترقی دینے یا آئندہ تعلیم کے سلسلے میں مناسب رہنمائی ہو سکے۔

  • طلبہ کا مقام اور حیثیت متعین کرنے نیز آئندہ انہیں کوئی ذمہ داری سپرد کرنے کے لیے سماج کو اسناد کی شکل میں کوئی کسوٹی فراہم ہو سکے۔

امتحانات

جانچ اور جائزے کے لیے مدتوں سے امتحانات کا طریقہ رائج ہے۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں، امتحانات میں طلبہ کو دورانیے کے مطابق سوالات کا پرچہ دے دیا جاتا ہے۔ مقررہ وقت، عموماً تین گھنٹے میں، ان سے ان سوالات کے جواب لکھوائے جاتے ہیں۔ اس دوران طلبہ کی اچھی طرح نگرانی کی جاتی ہے۔ وقت ختم ہونے پر کاپیاں لے کر ممتحن کے حوالے کر دی جاتی ہیں۔ وہ انہیں جانچ کر نمبر دیتا ہے۔ انہی نمبروں کی بنیاد پر کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ یہ امتحانات عموماً دو طرح کے ہوتے ہیں:

1۔ داخلی یا اندرونی امتحانات۔

2۔ خارجی یا بیرونی امتحانات۔

1۔ داخلی یا اندرونی امتحانات: وہ امتحانات ہیں جن کا سارا انتظام ادارہ اپنے طور پر خود کرتا ہے۔ ان میں پرچے بنانے، کاپیاں جانچنے اور کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ کرنے کا سارا اختیار اساتذہ کو ہوتا ہے۔ یہ امتحانات عموماً ششماہی اور سالانہ ہوتے ہیں، لیکن بعض اداروں میں ماہانہ اور سہ ماہی امتحانات بھی لیے جاتے ہیں۔

2۔ بیرونی یا خارجی امتحانات: وہ مخصوص امتحانات ہیں جو کسی امتحانی بورڈ کے زیرِ اہتمام ہوتے ہیں۔ ان میں پرچہ جات بنانے، کاپیاں جانچنے اور کامیابی و ناکامی کا فیصلہ کرنے کے سارے اختیارات بیرونی حضرات کے ہاتھ میں ہوتے ہیں۔

امتحانات کی خامیاں

امتحانات کے مروجہ نظام میں بعض ایسی بنیادی خامیاں ہیں جن کے باعث تعلیم و تربیت کے پورے نظام کو سخت نقصان پہنچتا ہے اور وہ مقاصد بھی حاصل نہیں ہوتے جن کے لیے یہ امتحانات لیے جاتے ہیں۔ مثلاً:

– امتحانات ہی تعلیم کا مقصود بن گئے ہیں اور تعلیم و تربیت کا بنیادی مقصد نظروں سے اوجھل ہو گیا ہے۔ طلبہ، ان کے سرپرستوں، اساتذہ اور ذمہ دارانِ ادارہ، سب کی یہی خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ کسی طرح امتحان کا نتیجہ اچھا آئے۔ چنانچہ ان تمام مصروفیات، مشاغل اور اوصاف و خصوصیات کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے جن کا امتحان سے براہِ راست تعلق نہ ہو، خواہ تعلیم و تربیت کے نقطۂ نظر سے ان کی کتنی ہی اہمیت و افادیت کیوں نہ ہو۔ مضامین، مشاغل اور کتابوں کے انہی حصوں پر زور دیا جاتا ہے جو امتحان کے نقطۂ نظر سے ضروری سمجھے جاتے ہیں۔ صرف منتخب حصوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ خلاصوں اور گائیڈوں سے کام چلایا جاتا ہے۔ کامیابی کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے ہیں۔ امتحانی سوالات کا پتہ لگانے، دھوکا دینے، پرچہ آؤٹ کرنے، نقل کرنے، پوزیشن لانے کے لیے مدِمقابل کو زک پہنچانے، سفارشیں کرانے، یہاں تک کہ بعض صورتوں میں رشوتیں دینے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا۔

– مروجہ امتحانات انتہائی ناقابلِ اعتماد ہیں۔ ان سے طلبہ کی لیاقت و صلاحیت کا ٹھیک ٹھیک اندازہ ہرگز نہیں ہو سکتا، کیونکہ:

1۔ سوالات عموماً ایسے پوچھے جاتے ہیں جن کا تعلق حافظے اور یادداشت سے ہوتا ہے۔ چنانچہ بے سمجھے بوجھے رٹ کر بھی اچھے نمبر مل سکتے ہیں۔ اس طرح دوسری ذہنی صلاحیتوں کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں ہو پاتا۔

2۔ معلومات خواہ ناقص ہوں، اظہارِ خیال، انشا پردازی اور لفاظی پر اگر قدرت ہو تو کافی نمبر مل جاتے ہیں اور اچھی معلومات کے باوجود اظہارِ خیال پر قدرت نہ ہونے کی وجہ سے اچھے نمبر نہیں ملتے۔

3۔ نمبر دینے کا کوئی ہمہ گیر معیار نہیں ہوتا۔ سارا انحصار ممتحن کے مزاج، موڈ اور پسند پر ہوتا ہے، جب کہ ان کا حال یہ ہے کہ کوئی نمبر دینے میں بہت بخیل ہوتا ہے اور کوئی نہایت سخی۔ کوئی سختی سے کاپیاں جانچتا ہے تو کوئی نرمی سے۔ تجربہ شاہد ہے کہ ایک ہی کاپی پر مختلف ممتحنین کے دیے ہوئے نمبروں میں کم و بیش پچاس فی صد تک تفاوت رہا ہے۔ کاپیاں جانچتے وقت ممتحن خوش و خرم اور ہشاش بشاش رہا یا طالب علم کی کوئی بات پسند آ گئی تو اچھے نمبر مل گئے، اور صورتِ حال اس کے برعکس ہوئی تو خیر نہیں۔ ظاہر ہے کہ اس کا اثر پڑ کر رہے گا۔

4۔ جن جن سوالات کے جواب طالب علم نے تیار کیے تھے، خوش قسمتی سے وہی امتحان میں آ گئے تو چاندی ہے، ورنہ سارا کیا دھرا اکارت۔

5۔ پرچہ کرتے وقت بچے کی صحت ٹھیک رہی، امتحان کا خوف سوار نہ ہوا، موڈ ٹھیک رہا اور عین موقع پر تمام باتیں ترتیب سے یاد آ گئیں تو اچھے نمبر مل گئے، ورنہ ساری محنت پر پانی پھر گیا۔

6۔ محدود وقت میں امتحان لیا جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ اتنے قلیل وقت میں لیاقت و صلاحیت کی ٹھیک ٹھیک جانچ ممکن ہی نہیں ہے۔ مروجہ امتحانات سے صرف علمی و فنی صلاحیت کا کچھ اندازہ ہوتا ہے، وہ بھی ناقص اور دھندلا سا۔ شخصیت کے دوسرے تمام پہلوؤں کے بارے میں ان سے کوئی اندازہ نہیں ہوتا۔

  • طلبہ صرف امتحان کے زمانے میں محنت کرنے، وہ بھی زیادہ تر رٹنے کے عادی بن جاتے ہیں۔ چنانچہ جو کچھ یاد کرتے ہیں، امتحان کے بعد ہی بھول جاتے ہیں۔

  • بعض طلبہ امتحان کی خاطر جان توڑ محنت کرتے ہیں، یہاں تک کہ ہمیشہ کے لیے اپنی صحت برباد کر لیتے ہیں۔

  • امتحانات کا چکر طلبہ کو خارجی مطالعے کا موقع ہی نہیں دیتا۔ ان کی ساری توجہ درسی کتب تک محدود رہتی ہے۔

  • بیرونی امتحانات میں ممتحن عموماً ایسے لوگ ہوتے ہیں جو خواہ اپنے فن میں ماہر ہوں، لیکن بچوں کی تعلیم کا تجربہ نہیں رکھتے۔ چنانچہ وہ ٹھیک اندازہ نہیں کر پاتے۔

عرض یہ کہ مروجہ امتحانات کا پورا نظام انتہائی ناقص ہے، مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ امتحانات کو سرے سے ختم کر دیا جائے، بلکہ غرض یہ ہے کہ انہیں کارآمد بنانے کی پوری فکر کی جائے۔

امتحانات کو کارآمد بنانے کی صورتیں

  • امتحانات کو مقصود ہرگز نہ بننے دیا جائے، بلکہ انہیں ان مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنایا جائے جن کے لیے یہ منعقد ہوتے ہیں۔

  • شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کی کوشش کی جائے۔

  • درجے اور گھر کے کام کو بھی امتحانات کا جزو بنایا جائے اور ان کے لیے بھی کچھ نمبر مخصوص کیے جائیں، تاکہ سال بھر کام کی طرف توجہ رہے۔

  • امتحان کو بہت بڑا مسئلہ بنانے یا اس کے نام سے بچوں کو ڈرانے کے بجائے اسے مدرسے کے معمولات کا ایک جزو بنایا جائے۔

  • سوالات ایسے منتخب کیے جائیں جن سے صرف حافظے اور یادداشت ہی کی نہیں، بلکہ سوجھ بوجھ، استدلال، نتائج اخذ کرنے اور معلومات کو کام میں لانے کی صلاحیت کا بھی اندازہ ہو سکے۔

  • سوالات پورے مضمون پر پھیلے ہوں، تاکہ منتخب مطالعے کی عادت نہ پڑے۔

  • کچھ نمبر زبانی امتحانات (Viva Voce) کے لیے بھی مخصوص کیے جائیں، تاکہ طرزِ گفتگو، تقریری صلاحیت اور زبانی اظہارِ خیال کا بھی اندازہ ہو سکے۔

  • ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے امتحان قسمت کا کھیل نہ بنے۔ متعلقہ اساتذہ کی رائے، روزانہ کام کا ریکارڈ، ترقی چارٹ، ہفتہ وار اور ماہانہ جانچ، میقاتی امتحانات کے نتائج اور امتحان کے وقت جسمانی و ذہنی حالت کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے۔

  • معلوماتی مضامین کے پرچے ایسے بنائے جائیں جن میں انشا پردازی اور مضمون نگاری کے کم سے کم مواقع ہوں۔ مثلاً ایسے سوالات دیے جائیں جن میں خالی جگہیں پُر کرکے، غلط و صحیح کا نشان لگا کر یا متعدد جوابات میں سے صحیح کا انتخاب کرکے کام چل جائے اور بہت زیادہ لکھنا نہ پڑے۔

  • ممتحن ایسے لوگوں کو بنایا جائے جن میں احساسِ ذمہ داری، انصاف پسندی اور طلبہ سے ہمدردی ہو اور جو تدریسی تجربہ رکھتے ہوں۔ خاص کر اس عمر اور جماعت کے طلبہ کو پڑھانے کا تجربہ جن کے وہ ممتحن بنائے جا رہے ہیں۔

  • پرچے کے ہر سوال کے بارے میں اطمینان کر لیا جائے کہ سوال طلبہ کی سمجھ میں بخوبی آ جائے گا اور وہ ان کی عمر اور فہم و استعداد کے مطابق ہے۔ نیز تعلیم کے بنیادی مقصد سے بھی ہم آہنگ ہے۔

  • چھوٹے بچوں کا امتحان زیادہ تر زبانی ہو اور ایسا شخص امتحان لے جس سے بچے بخوبی مانوس ہوں یا جو انہیں اپنا مانوس بنا لے۔

  • امتحان یہ جاننے کے لیے لینا چاہیے کہ طلبہ کو کیا کیا آتا ہے اور ان کی صلاحیت و استعداد کیا ہے، نہ کہ یہ دیکھنے کے لیے کہ انہیں کیا کیا نہیں آتا۔ ظاہر ہے کہ یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہر رجحان اور صلاحیت کے طلبہ کا لحاظ کرکے پرچے بنائے جائیں اور انتخاب کی کافی آزادی دی جائے۔

  • پرچوں میں سوالات صرف درسی کتب تک محدود نہ رہیں، بلکہ ایسے غیر درسی سوالات بھی دیے جائیں جن سے طلبہ کی عام معلومات اور اس مضمون میں ان کی عمومی استعداد کا اندازہ لگایا جا سکے۔

  • امتحانات خوش گوار فضا میں لیے جائیں، تاکہ بچے ہمت اور حوصلے کے ساتھ جواب دیں۔ امتحانات کا نام ہی بچوں کو ہراساں کر دینے کے لیے کافی ہوتا ہے۔ اگر طلبہ کسی وجہ سے ہمت ہار بیٹھیں تو جواب کیا دے سکیں گے؟

  • فیل ہونے والے طلبہ کو مایوسی اور بددلی سے بچانے کی پوری کوشش کی جائے اور ان پر مزید توجہ صرف کرکے آئندہ کامیابی کا یقین پیدا کرایا جائے۔

امتحانات کے متعلق دیگر ضروری باتیں

طلبہ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ اور ان کی رفتارِ ترقی کی جانچ، نیز ترقی چارٹ پر نتائج کا بروقت اندراج، یہ سب کام تو برابر ہوتے رہنے چاہییں، البتہ باقاعدہ امتحانات سال میں دو بار کافی ہیں:

1۔ ششماہی امتحان: تعلیمی سال کے وسط میں۔

2۔ سالانہ امتحان: تعلیمی سال کے اختتام پر۔

مضامین کی اہمیت و افادیت کے پیشِ نظر ہر مضمون کے نمبر درجہ وار تجویز کیے جا رہے ہیں۔ ان میں سے کم از کم بیس فی صد نمبر روزمرہ کے کام اور ماہانہ جانچ وغیرہ کے لیے مخصوص ہونے چاہییں۔

درجۂ اول و دوم میں اردو، نقل، املا، خالی جگہوں میں موزوں حروف یا الفاظ پُر کرنے اور تحریری حساب کے علاوہ باقی چیزوں کا امتحان زبانی یا عملی ہونا چاہیے۔ زبانی امتحانات میں طلبہ کے سامنے واضح الفاظ میں سوال رکھ دینے کے بعد تھوڑی دیر سوچنے کا موقع دے کر جواب حاصل کرنا چاہیے۔ چھوٹے بچے جھجک کی وجہ سے جانتے ہوئے بھی ٹھیک جواب نہیں دے پاتے۔ ان کی جھجک دور کرکے اور ہمت بندھا کر جواب حاصل کرنا چاہیے۔ زبانی امتحانات کے سوالات، چھوٹے، عبارتِ عام فہم اور آسان ہونے چاہییں۔

سوم و چہارم میں اردو انشا، املا، نقل، فارسی املا، نقل اور حسابِ تحریری کے سوا تمام مضامین کا امتحان زبانی یا عملی ہونا چاہیے۔ معلوماتی مضامین کا پرچہ تحریری ہو سکتا ہے، بشرطیکہ جوابات بہت مختصر لکھنے ہوں اور پرچہ حتی الامکان ایسا بنایا جائے جس میں مضمون نگاری اور انشا پردازی کی کم سے کم ضرورت پیش آئے۔

پانچویں اور اس کے بعد کی جماعتوں میں امتحانات تحریری ہونے چاہییں۔

البتہ ناظرہ، قرأت، حفظ، زبانی حساب اور مختلف زبانوں میں پڑھنے اور بولنے کی صلاحیت کا اندازہ صرف زبانی امتحان ہی سے ہو سکتا ہے۔ آرٹ کرافٹ کا امتحان عملی ہوگا۔ اخلاق و معاشرت کوئی امتحانی مضمون نہیں ہے، بلکہ اس کے نمبر روزمرہ کی عملی زندگی کے جائزے کے نتیجے میں ملیں گے۔ تفصیل آگے جائزے کے تحت لکھی جائے گی۔

اول و دوم کے مجوزہ نمبر

1۔ اسلامیات: 100 نمبر

  • اخلاق و معاشرت: 25

  • قرآنی قاعدہ: 25

  • وضو، نماز (عملی)، سورتیں اور اذکار (زبانی): 25

  • نبیوں کے حالات اور آنحضرت ﷺ کے متعلق قصے: 25

2۔ اردو: 100 نمبر

  • پڑھنا: 50

  • کہانیاں اور نظمیں (زبانی): 20

  • نقل، املا وغیرہ: 30

3۔ حساب: 100 نمبر

  • تحریری: 50

  • زبانی: 50

4۔ معلومات: 50 نمبر

  • جغرافیہ: 25

  • عام سائنس: 25

5۔ آرٹ کرافٹ: 50 نمبر

میزان: 400 نمبر

سوم و چہارم کے مجوزہ نمبر

1۔ اسلامیات: 150 نمبر

  • اخلاق و معاشرت: 50

  • قرآنِ حکیم: 30

  • فقہ و عقائد: 20

  • سیرتِ رسول ﷺ: 50

2۔ اردو: 100 نمبر

  • درسی: 50

  • انشا: 50

3۔ ہندی: 50 نمبر

  • درسی: 25

  • انشا: 25

4۔ ریاضی: 100 نمبر

  • تحریری: 75

  • زبانی: 25

5۔ معلومات: 50 نمبر

  • جغرافیہ: 25

  • عام سائنس: 25

6۔ آرٹ کرافٹ: 50 نمبر

میزانِ کل: 500 نمبر

پنجم و ششم کے مجوزہ نمبر

1۔ اسلامیات: 200 نمبر

  • قرآنِ مجید: 50

  • فقہ و عقائد: 50

  • سیرت و سوانح: 50

  • اخلاق و معاشرت: 50

2۔ اردو: 100 نمبر

  • درسی: 50

  • انشا: 50

3۔ عربی: 50 نمبر

  • درسی: 25

  • انشا: 25

4۔ ہندی: 50 نمبر

  • درسی: 25

  • انشا: 25

5۔ انگریزی: 50 نمبر

  • درسی: 25

  • انشا: 25

6۔ ریاضی: 100 نمبر

  • تحریری: 75

  • زبانی: 25

7۔ معلومات: 100 نمبر

  • تاریخ و تمدن: 40

  • جغرافیہ: 30

  • عام سائنس: 30

8۔ آرٹ کرافٹ: 50 نمبر

میزانِ کل: 700 نمبر

ہفتم اور اس کے بعد کے درجات

ان درجات میں اسلامیات اور عربی زبان بنیادی مضامین ہوں گے۔ ان پر زیادہ وقت اور توجہ صرف کی جائے گی۔ قرآن و حدیث کے اقتباسات عربی زبان کے تحت پڑھائے جائیں گے۔ باقی مضامین کو ثانوی حیثیت حاصل ہوگی۔

1۔ اسلامیات: 250 نمبر

  • فقہ و عقائد: 50

  • تاریخِ اسلام: 50

  • سیرت و تعلیمات: 50

  • اخلاق و معاشرت: 100

2۔ عربی: 100 نمبر

  • درسی: 50

  • انشا و ترجمہ: 50

3۔ اردو: 100 نمبر

  • نثر مع مضمون نگاری: 50

  • نظم مع تشریح: 50

4۔ انگریزی: 100 نمبر

  • درسی: 50

  • انشا و ترجمہ: 50

5۔ ریاضی: 100 نمبر

  • حساب: 50

  • الجبرا و جیومیٹری: 50

6۔ معلوماتی مضامین: 150 نمبر

  • تاریخ و تمدن: 50

  • جغرافیہ: 50

  • عام سائنس: 50

پیشہ ورانہ تعلیم اور عملی کاموں پر صرفِ نظر نہیں کیا جائے گا۔

میزانِ کل: 800 نمبر

نتائج

1۔ پرائمری درجات میں 40 فی صد مجموعی نمبر پانے والے طلبہ پاس شمار کیے جائیں، بشرطیکہ کسی مضمون میں حاصل شدہ نمبر 20 فی صد سے کم نہ ہوں۔ بعد کے درجات میں پاس ہونے کے لیے ہر مضمون میں 30 فی صد نمبر لانا ضروری ہیں۔

2۔ مجموعی طور پر 44 فی صد تک نمبر پانے والے طلبہ تیسرے ڈویژن، 45 تا 59 فی صد نمبر پانے والے دوسرے ڈویژن اور 60 فی صد یا اس سے زیادہ نمبر پانے والے پہلے ڈویژن میں پاس کیے جائیں۔

3۔ پرائمری درجات کے جو طلبہ قرآنِ حکیم ناظرہ، اردو یا ریاضی میں کمزور ہوں، انہیں ترقی نہ دی جائے اور بعد کے درجات کے جو طلبہ اسلامیات اور عربی میں کمزور ہوں، انہیں آگے نہ بڑھایا جائے۔

4۔ جو طلبہ بیماری یا کسی معذوری کے باعث امتحان میں شریک نہ ہو سکیں، انہیں دوبارہ امتحان دینے کا موقع دیا جائے۔

5۔ ابتدائی درجات کے وہ بچے جن کا سال بھر کا ریکارڈ اچھا ہو اور وہ سالانہ امتحان میں کسی وجہ سے کامیاب نہ ہو سکیں، ان کا سال ضائع نہ ہونے دیا جائے، بلکہ سابقہ ریکارڈ کی بنیاد پر ترقی دے دی جائے۔ البتہ کمزور بچوں کو آگے بڑھانے میں بڑی احتیاط کرنی چاہیے۔

نتیجہ فارم

نتیجہ دو طرح کے فارموں پر تیار کیا جاتا ہے۔ ایک پورے درجے کا مجموعی فارم، جو دفتر میں بطورِ ریکارڈ محفوظ رہتا ہے، دوسرا طلبہ کا الگ الگ فارم، جو ان کے سرپرستوں کو بھیج دیا جاتا ہے یا ان کے ترقی چارٹ پر درج کر دیا جاتا ہے۔ نمونے اگلے صفحات پر ملاحظہ ہوں۔

جائزہ، جانچ اور ترقی چارٹ

متوازن تعلیم و تربیت کے لیے طلبہ کی شخصیت کے تمام پہلوؤں پر برابر نظر رکھنی چاہیے اور وقتاً فوقتاً تفصیل سے جائزہ لے کر طلبہ کے ترقی چارٹ پر اندراج ہونا چاہیے، تاکہ اساتذہ اور سرپرست سب بچے کی حالت اور رفتارِ ترقی سے باخبر رہیں اور حسبِ ضرورت اصلاحِ حال کی طرف توجہ دیں۔

جسمانی حالت کا جائزہ

داخلے کے وقت اور ہر تعلیمی سال کے شروع میں مندرجہ ذیل باتوں کا جائزہ لے کر ترقی چارٹ پر اندراج کر لینا چاہیے:

1۔ قد

2۔ وزن

3۔ بصارت

4۔ سماعت

5۔ کوئی عارضہ یا متعدی بیماری

6۔ عام جسمانی حالت

7۔ چیچک کا ٹیکہ

8۔ ضروری ہدایات

صحت کی جانچ کے لیے اگر وقتاً فوقتاً کسی طبی ماہر کی خدمات حاصل ہو سکیں تو وہ زیادہ بہتر ہے۔

کم از کم ہر تیسرے مہینے عام جسمانی حالت، کھیل کی پابندی، ورزش یا جسمانی محنت کی عادت اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی کا جائزہ لے کر ترقی چارٹ میں اندراج کر دینا چاہیے۔

عملی، اخلاقی اور معاشرتی حالت کا جائزہ

تعلیمی سال کے شروع اور آخر میں مفصل اور ہر سہ ماہی میں اجمالی طور پر اپنے مشاہدے اور سرپرستوں کی رپورٹ سے مندرجہ ذیل باتوں کا اندراج کر لیا جائے:

  • پسندیدہ عادات و اطوار: نماز کی پابندی، سچ بولنا، عام شائستگی وغیرہ۔

  • ناپسندیدہ عادات: جھوٹ، چوری، بدتمیزی، سگریٹ نوشی وغیرہ۔

  • صفائی و سلیقہ: جسم، لباس اور پڑھنے لکھنے کے سامان وغیرہ کے ضمن میں۔

  • مختلف مواقع کے آداب کا لحاظ: مسجد کے آداب، درجے کے آداب، اجتماعات کے آداب، کھانے پینے، چلنے پھرنے، ملنے جلنے اور بات چیت کرنے کے آداب۔

  • اساتذہ، والدین، بہن بھائیوں، درجے اور مدرسے کے ساتھیوں نیز ہم جولیوں کے ساتھ برتاؤ۔

  • احساسِ ذمہ داری، محنت اور انہماک: خاص کر حاضری اور وقت کی پابندی، پڑھنے لکھنے اور ہوم ورک میں دلچسپی، درجے کی صفائی و آرائش اور گھر نیز مدرسے کے کام کاج میں ہاتھ بٹانے، غیر نصابی مصروفیات اور مدرسے کے مختلف پروگراموں میں شرکت کے ضمن میں۔

تعلیمی حالت کا جائزہ

اوائلِ میقات میں مندرجہ ذیل باتوں کا جائزہ لے کر اندراج کیا جائے:

1۔ عام ذہنی کیفیت۔

2۔ مضامین جن میں اچھا چلتا ہے۔

3۔ مضامین جن میں کمزور ہے۔

4۔ کمزوریاں دور کرنے کے لیے مشورے۔

پھر روزمرہ کے تحریری و زبانی کام اور جانچ کے نتائج کی روشنی میں ماہانہ رپورٹ اور ششماہی و سالانہ امتحانات کے نتائج کا اندراج ہو۔

خارجی مطالعہ، خصوصاً لائبریری اور دارالمطالعہ سے استفادے کی بھی سہ ماہی رپورٹ تیار ہونی چاہیے۔ ان جائزوں کے نتائج سے سرپرستوں کو باخبر رکھنا چاہیے، تاکہ وہ بھی تعاون کر سکیں۔

مصنف:- افضل حسین خان

افضل حسین خان (1918ء–1990ء) ممتاز ماہرِ تعلیم، بچوں کے مصنف اور جماعتِ اسلامی ہند کے رہنما تھے۔ آپ نے تعلیم و تربیت کے میدان میں طویل خدمات انجام دیں اور 1972ء سے 1989ء تک جماعتِ اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل رہے۔ آپ نے بچوں اور نوجوانوں کی اخلاقی و تعلیمی تربیت کے لیے متعدد کتابیں تصنیف کیں، جن میں فنِ تعلیم و تربیت، ہماری دنیا، آئینۂ تاریخ اور موتیوں کا ہار خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔

ماخذ: فن تعلیم تربیت

ایڈیشن نمبر: تیسرا ایڈیشن

ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی

سنِ اشاعت: ۱۹۶۹ء

اس سلسلے کی دیگر حصوں کے لیے یہاں کلک کریں۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close