تعلیمخیالات

تدریس کے معاون سامان اور تدابیر – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۹ – حصہ 8

یہ مضمون مدرسے میں لائبریری اور دارالمطالعہ کی ضرورت و اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ درسی کتب کے ساتھ اضافی کتابوں، اخبارات اور رسائل کا مطالعہ طلبہ کے علم میں وسعت، ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ، کتب بینی کے ذوق اور اظہارِ خیال کی صلاحیت پیدا کرنے میں کس طرح مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مضمون میں لائبریری کے لیے مناسب کتابوں کے انتخاب، مختلف عمر کے بچوں کی ضروریات کے مطابق کتب کی فراہمی، لائبریرین کی ذمہ داریوں اور طلبہ میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے کے طریقوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ اساتذہ کے لیے ضروری حوالہ جاتی کتب اور رسائل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

9۔ لائبریری اور دارالمطالعہ

درسی کتب خواہ کتنی ہی معیاری اور مفید ہوں، بچوں کی معلومات میں وسعت، ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ، مطالعے کی صلاحیت، کتب بینی کا ذوق، خیالات کی بلندی، آدرش کی لگن، اظہارِ خیال پر قدرت، دوسروں کے خیالات و نظریات سمجھنے کی صلاحیت اور فرصت کے اوقات کے مناسب استعمال کے لیے مزید موزوں کتب، اخبارات، رسائل وغیرہ کا مطالعہ ضروری ہے۔

خود اساتذہ کو بھی اپنی تدریسی صلاحیت بڑھانے، اپنی معلومات کو اَپ ٹو ڈیٹ رکھنے، توضیح و تشریح میں مدد لینے نیز حوالہ جات کے لیے کتب و رسائل کی ضرورت پڑتی ہے۔ ظاہر ہے، طلبہ اور اساتذہ کی ان ضروریات کی تکمیل کے لیے ہر مدرسے کی اپنی لائبریری ہونی چاہیے۔ لائبریری میں اساتذہ اور ہر عمر، ذوق اور صلاحیت کے بچوں کے لیے مفید اور ضروری کتب کا ذخیرہ ہو، جس میں سال بہ سال اپنی بساط کے مطابق نئی کتب کا اضافہ ہوتا رہے۔

لائبریری کے ساتھ ایک دارالمطالعہ بھی ضروری ہے، جس میں بچوں اور بڑوں کی دلچسپی کے اچھے اخبارات و رسائل رکھے جائیں۔ اگر وسائل محدود ہوں تو کتب اور رسائل کی فراہمی میں پبلک سے تعاون بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ جو صاحبِ ذوق اخبارات و رسائل منگاتے یا کتابیں خریدتے ہیں، ان سے یہ چیزیں مدرسے کے لیے رعایتاً لی جا سکتی ہیں یا ان میں سے جو چیزیں پڑھنے کے بعد عموماً بے کار ہو جاتی ہیں اور وہ اِدھر اُدھر ڈال دیتے ہیں، انہیں مدرسہ مستقل طور پر حاصل کر سکتا ہے۔

بعض گھروں میں اچھی معیاری کتب کا ذخیرہ پڑا پڑا دیمک کی نذر ہو جاتا ہے یا بچوں کی پڑھی ہوئی کتابیں ماری ماری پھرتی ہیں۔ اگر فکر کی جائے تو یہ کتابیں مفت یا کم داموں پر مدرسے کے لیے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اخبارات و رسائل اور کتابوں کے ناشرین ویسے بھی اسکولوں اور لائبریریوں کے لیے خصوصی رعایت کرتے ہیں، اس سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ بحالتِ مجبوری اگر فیس یا فنڈ کا انتظام کرنا پڑے تو بھی لائبریری کی ضرورت و افادیت کے پیشِ نظر اس سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔

انتخاب

طباعت کی سہولتوں اور تعلیم کی توسیع کے باعث بری بھلی ہر طرح کی کتابیں چھپتی ہیں اور مفید و مضر ہر طرح کے اخبارات و رسائل شائع ہوتے ہیں، اس لیے ان کے انتخاب میں بڑی احتیاط کی ضرورت ہے۔ مدرسے میں وہی چیزیں آنی چاہییں جو پاکیزہ، معیاری اور مفید ہوں۔ ان کا انتخاب کسی ایک فرد پر نہیں ڈالنا چاہیے، بلکہ مطالعے کا ذوق اور انتخاب کی صلاحیت رکھنے والے مختلف اساتذہ کے مشورے سے ہونا چاہیے۔ انتخاب میں مختلف عمر، ذوق اور صلاحیت کے طلبہ کی دلچسپیاں اور ضروریات نیز مختلف مضامین پیشِ نظر رہنے چاہییں۔ بڑے بڑے کتب خانوں یا پبلشروں کی طرف سے سال بہ سال کتابوں کی مفصل فہرست شائع ہوتی ہے۔ انتخاب میں ان سے بڑی مدد ملتی ہے۔

لائبریری میں سبق آموز قصے کہانیوں اور پاکیزہ افسانوں اور نظموں کے مجموعے، تاریخی و اصلاحی ناول اور ڈرامے، انبیاء و صلحائے امت کی سیرت، مشاہیر کے کارنامے، ایجادات و اکتشافات کی داستانیں، سیاحوں کے سفرنامے، اسلامیات، ادب، جغرافیہ، تاریخ، عام سائنسی معلومات، صنعت و حرفت وغیرہ پر چھوٹی بڑی مختلف معیار کی کتابیں ہونی چاہییں۔ اساتذہ کے لیے مختلف زبانوں کی لغات، حوالہ جاتی کتب، بچوں کی نفسیات اور تعلیم پر کتابیں، انسائیکلوپیڈیا، دائرۃ المعارف (مخزن العلوم) وغیرہ فراہم کرنے کی فکر کرنی چاہیے۔

سات آٹھ سال تک کی عمر کے بچے چونکہ روانی کے ساتھ پڑھ اور سمجھ نہیں سکتے، اس لیے ان کے واسطے تصویروں کی کتابیں یا آسان زبان اور موٹے خط میں چھپی ہوئی دلچسپ مختصر کہانیوں اور چھوٹی بحر میں بیانیہ نظموں کی ایسی کتابیں موزوں رہتی ہیں جن میں کافی تصویریں ہوں۔ تصویریں حتی الامکان بڑی اور خوش رنگ ہونی چاہییں۔

آٹھ نو سال سے گیارہ بارہ سال تک کے بچوں کے لیے قصے کہانیوں، ایجادات اور اختراعات، سیر و شکار وغیرہ سے متعلق واقعات پر مشتمل آسان، دلچسپ اور مصور کتابیں اور سفرنامے وغیرہ مناسب ہوتے ہیں۔

بارہ تیرہ سال سے سترہ اٹھارہ سال کی عمر تک کے طلبہ مہما تی داستانوں، مشاہیر کے کارناموں، بلند کردار کی شخصیتوں کے سوانح، پاکیزہ انسانوں، تاریخی و اصلاحی ناولوں، جوشیلی شاعری اور جذباتِ لطیف کی نشوونما کے لیے ادب کے پاکیزہ شہ پاروں سے پورا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کتب کے انتخاب میں ان سب کے ذوق کی رعایت رکھنی چاہیے۔

قابلِ لحاظ امور

  • لائبریری اور دارالمطالعے کے لیے ایک کمرہ مخصوص ہونا چاہیے، جس میں کتابوں کو حفاظت، ترتیب اور سلیقے سے رکھنے کے لیے الماریاں ہوں اور جس کی دیواریں مقولوں اور خوش رنگ پوسٹروں سے آراستہ کی جانی چاہییں۔

  • کتابوں کے شوقین کسی ایسے استاد کو لائبریرین بنانا چاہیے جو اس ضمن میں کافی وقت دے سکے اور کتابوں کو حفاظت، ترتیب اور سلیقے سے رکھنا جانتا ہو۔

  • لائبریرین کو چاہیے کہ وہ ہر کتاب کے بارے میں علم رکھے کہ وہ کہاں ہے، کس مضمون سے متعلق ہے اور کن کے لیے مفید ہے۔ کتب کے اجرا کے لیے ہر درجے کا دن اور وقت مقرر کر دے۔ بچے جب کتاب لینے آئیں تو خوش اخلاقی سے پیش آئے اور ان کی عمر، لیاقت، پسند اور ضرورت کے مطابق موزوں کتب کی نشاندہی کرے۔

  • بچوں کی تربیت کی جائے کہ وہ لائبریری کی کتابوں کو امانت سمجھیں، حفاظت سے رکھیں، گندہ ہونے، مڑنے اور پھٹنے سے بچائیں اور مقررہ وقت کے اندر واپس کر جائیں۔

  • بچوں میں کتب بینی کا ذوق پیدا کرنا کلاس ٹیچر کی ذمہ داری ہے کہ ہر درجے کے معیار کی کچھ کتابیں منتخب کرکے درجوں میں بھی رکھوائی جائیں، تاکہ ان کی مدد سے کلاس ٹیچر حضرات طلبہ میں خارجی مطالعے کا ذوق بھی پیدا کر سکیں اور حسبِ ضرورت و خواہش طلبہ کو ہر وقت کتابیں بھی مل سکیں۔ کلاس ٹیچر حضرات کو چاہیے کہ وہ درجے میں کبھی کبھی اچھی کتابوں کا تذکرہ کیا کریں، ان کے اقتباسات پڑھ کر سنائیں، ان کے مطالعے کی ضرورت و اہمیت واضح کریں اور طلبہ کو اپنے ساتھ لائبریری لے جا کر کتابیں دیکھنے اور پسندیدہ کتابیں حاصل کرنے میں مدد اور رہنمائی کریں۔

  • جو کتابیں طلبہ کو زیادہ پسند ہوں، ان کے کئی نسخے ہونے چاہییں، تاکہ بیک وقت کئی بچے فائدہ اٹھا سکیں۔ ہر بچے نے تعلیمی سال کے دوران کتنی کتابیں پڑھیں، اس کا ریکارڈ رکھنا اور مسابقت و مقابلے کی اسپرٹ پیدا کرنا بھی مطالعے کا اچھا محرک ہے۔

  • لائبریری سے کتابیں حاصل کرنے میں ہر ممکن سہولت بہم پہنچانی چاہیے، البتہ حوالہ جاتی کتب، لغات یا نایاب اور قیمتی کتابیں کسی کو گھر لے جانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

  • رسالوں کی فائل رکھنے کا اہتمام کرنا چاہیے، تاکہ جب ضرورت ہو ان کے مفید مضامین سے استفادہ کیا جا سکے۔

     مصنفہ:- فاکِحا طزین

     ماخذ: فن تعلیم تربیت

     اس سلسلے کی دیگر حصوں کے لیے یہاں کلک کریں۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close