تعلیمخیالات
تدریس کے معاون سامان اور تدابیر – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۹ – حصہ 7
درسی کتاب تدریس کے عمل میں ایک اہم ذریعہ ہے، لیکن ایک اچھی کتاب کا انتخاب اور اس کا درست استعمال اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔ اس مضمون میں بچوں کی عمر، ذہنی کیفیت، دلچسپی اور روزمرہ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے موزوں درسی کتب کے انتخاب کے اصول اور انہیں مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے طریقے بیان کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ کتاب کے ساتھ مشاہدے، تجربے، سوالات اور عملی سرگرمیوں کو بھی تدریس کا حصہ بنایا جائے۔

۸۔ درسی کتب
تدریس کے کام میں موزوں درسی کتب کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔
ان کی وجہ سے معلم کا کام بہت آسان ہو جاتا ہے، کیونکہ اسے اسباق کے لیے بہت زیادہ نوٹس لینے اور مشقیں تیار کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ کم صلاحیت کے اساتذہ بھی ان کی مدد سے کام چلا لیتے ہیں۔ مشق و اعادہ کے لیے طلبہ کے پاس درسی کتب کی شکل میں پورا مواد ہر وقت موجود رہتا ہے۔
موزوں کتب کا انتخاب
بازار میں درسی کتب تو طرح طرح کی ملتی ہیں، لیکن مختلف حیثیتوں سے موزوں کتابیں ان میں بہت کم ہوتی ہیں۔ بچوں کے لیے وہی کتب منتخب کی جائیں:
-
جو تعصب، تنگ نظری اور کفر و شرک سے پاک ہوں۔
-
جن سے اعلیٰ نصب العین اور پاکیزہ نظریۂ حیات پیدا کرنے، سیرت کو سنوارنے اور خیالات کو بلند کرنے میں مدد ملے۔
-
جن کی زبان سلیس و بامحاورہ، طرزِ بیان شگفتہ اور بچوں کے لیے دلچسپ اور قابلِ فہم ہو۔
-
جو بچوں کی عمر، نفسی کیفیات، میلانات و رجحانات اور فطری دلچسپیوں کو ملحوظِ خاطر رکھ کر لکھی گئی ہوں۔
-
جن کا کاغذ مضبوط، ٹائٹل جاذبِ نظر، طباعت صاف اور صحیح، حروف واضح اور جلی ہوں۔ قیمت کم ہو، سائز و حجم ایسا ہو کہ بچوں کو مدرسے لانے لے جانے میں زحمت نہ ہو اور وہ آسانی سے دستیاب بھی ہو سکیں۔
-
جو نصاب میں منظور شدہ عنوانات پر حتی الامکان حاوی ہوں، تاکہ باہر سے مدد لینے کی کم ہی ضرورت پڑے۔
-
جو خوش رنگ مناظر اور ضروری شکلوں، خاکوں وغیرہ سے مزین ہوں۔
-
جو موزوں مشقوں اور طریقۂ تعلیم وغیرہ سے متعلق ضروری ہدایات سے بھرپور ہوں۔
-
جن کی تیاری میں حالات و ضروریات کا پورا لحاظ رکھا گیا ہو اور جن کا مواد بچوں کے تجربات و مشاہدات اور روزمرہ زندگی سے متعلق اور مربوط کرکے پیش کیا گیا ہو۔
-
جن کے اسباق بچوں کا تجسس ابھارنے، انہیں پڑھنے پر آمادہ کرنے، ان کی توجہ کھینچنے اور ان کی دلچسپی برقرار رکھنے میں معاون ہوں۔
درسی کتب کا استعمال
-
صرف درسی کتب پڑھا دینے پر اکتفا نہ کیا جائے، بلکہ ضروری معلومات اپنی طرف سے بھی فراہم کی جائیں۔
-
ہر کتاب کے تمام اسباق یکساں ضروری اور مفید نہیں ہوتے۔ اس لیے پوری کتاب سبقاً سبقاً پڑھانے اور رٹانے کی کوشش نہ کی جائے، بلکہ بعض خود سمجھ میں آنے والے، غیر ضروری یا کم مفید اسباق حذف کرکے ان کی جگہ علیحدہ سے ضروری مواد فراہم کیا جائے، اور بعض آسان اسباق کا کچھ جز پڑھا کر باقی طلبہ پر چھوڑ دیا جائے۔
-
مشقیں اور طریقۂ تعلیم سے متعلق ہدایات عموماً درسی کتب کی جان ہوتی ہیں، لیکن بہت کم اساتذہ ان سے پورا فائدہ اٹھاتے ہیں اور بعض تو انہیں بالکل نظر انداز کر دیتے ہیں۔ یہ صحیح نہیں ہے۔ ان سے پورا فائدہ اٹھانا چاہیے اور انہیں زبانی یا تحریری طور پر حل کرانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔
-
پڑھاتے وقت اپنی طرف سے بھی سوالات اور مشقیں دے کر بچوں کو طبع آزمائی کا موقع دینا چاہیے۔
-
کوشش کی جائے کہ کم سے کم درسی کتب سے کام چل جائے۔
-
جغرافیہ، عام سائنس اور دیگر معلوماتی مضامین کی تدریس میں درسی کتب کے ساتھ مشاہدے اور تجربے پر پوری توجہ دی جائے۔




One Comment