نظم و ضبط کہاں سے آتا ہے؟

"افراتفری کو نظم و ضبط میں بدلنے والا پل مؤثر تدریس ہے۔”
جیوف پیٹی
نظم و ضبط کا مسئلہ
کسی بھی اسکول کے اسٹاف روم میں جائیں اور صرف "نظم و ضبط” کا ذکر چھیڑ دیں، گفتگو فوراً شروع ہوجاتی ہے۔ اکثر اس میں بے چینی، کبھی مایوسی، اور ہمیشہ اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ کلاس کو قابو میں رکھنے کے لیے کتنی مسلسل کوشش کرنی پڑتی ہے۔
روایتی طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ تعلیم کی بنیاد نظم و ضبط ہے۔ پہلے کلاس میں نظم قائم کیا جائے، پھر تدریس ممکن ہوتی ہے۔
لیکن اگر معاملہ اس کے برعکس ہو تو؟
اگر نظم و ضبط سیکھنے کی پیشگی شرط نہ ہو، بلکہ مؤثر تعلیم کا نتیجہ ہو تو؟
نظم و ضبط: محض قابو پانے سے آگے
کلاس روم میں نظم و ضبط کو عموماً ان چیزوں سے تعبیر کیا جاتا ہے:
• خاموش رہنا
• حکم کی تعمیل کرنا
• قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا
لیکن حقیقی زندگی میں نظم و ضبط کی حقیقت اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔
جو طالب علم امتحان کی تیاری کے دوران اپنی توجہ منتشر ہونے سے بچاتا ہے، جو شخص پابندی کے ساتھ ورزش جاری رکھتا ہے، یا جو پیشہ ور ہر حال میں اپنی ذمہ داری وقت پر پوری کرتا ہے، وہ دراصل خود نظم و ضبط کا مظاہرہ کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ رویے کسی بیرونی دباؤ یا نگرانی کا نتیجہ نہیں ہوتے، بلکہ واضح مقصد، اندرونی تحریک، اور اپنے کام سے بامعنی وابستگی سے جنم لیتے ہیں۔
اگر ہم نظم و ضبط کو صرف کلاس پر قابو رکھنے یا طلبہ کے رویوں کو قابو میں رکھنے تک محدود کر دیں، تو ہم اس کی اصل حقیقت کو نظر انداز کر بیٹھتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ نظم و ضبط کسی تعلیمی عمل کی ابتدائی شرط نہیں، بلکہ ایک کامیاب اور بامعنی تعلیمی تجربے کا قدرتی ثمر ہے۔
طلبہ کا رویہ ہمیں کیا بتاتا ہے؟
طلبہ کا رویہ کبھی بھی تنہائی میں وجود نہیں پاتا، بلکہ وہ اس بات سے گہرا تعلق رکھتا ہے کہ وہ سیکھنے کے عمل کو کس طرح محسوس کر رہے ہیں۔
ذرا اس تسلسل پر غور کیجیے:
دل چسپی اور انہماک → تعاون
محض تعمیل → بے دلی اور ناگواری
عدم دل چسپی → بغاوت
اکثر طلبہ کے رویے میں آنے والی تبدیلی دراصل سیکھنے کے ماحول اور تعلیمی تجربے میں آنے والی تبدیلی کی عکاس ہوتی ہے۔
اگر کوئی سرگرمی مبہم یا بے مقصد ہو تو وہ اکتاہٹ پیدا کرتی ہے، اور یہی اکتاہٹ آگے چل کر بے نظمی اور خلل کا سبب بن جاتی ہے۔
اسی طرح، اگر کوئی کام طلبہ کی استعداد سے کہیں زیادہ مشکل ہو تو وہ مایوسی کو جنم دیتا ہے، اور بالآخر طالب علم اس سے کنارہ کش ہونے لگتا ہے۔
ایک معلم کی حیثیت سے ہمیں خود سے یہ زیادہ اہم سوال پوچھنا چاہیے:
آخر وہ کیسا تعلیمی تجربہ ہے جو طلبہ میں اس قسم کا رویہ پیدا کر رہا ہے؟
خود سیکھنے کے عمل پر دوبارہ غور
اکثر سیکھنے کو صرف معلومات کی منتقلی سمجھ لیا جاتا ہے، حالانکہ حقیقی اور بامعنی تعلیم اس سے کہیں زیادہ وسیع عمل ہے۔ اس میں شامل ہیں:
• غور و فکر کرنا
• سیکھے ہوئے علم کو عملی زندگی میں برتنا
• ضرورت کے وقت علم کو یاد کر کے استعمال کرنا
• مختلف تصورات کے درمیان ربط قائم کرنا
جب طلبہ محض معلومات وصول کرنے والے بن جاتے ہیں تو نظم و ضبط ایک بیرونی مطالبہ بن جاتا ہے، جسے نافذ کرنا پڑتا ہے۔
لیکن جب وہ سیکھنے کے عمل میں فعال شریک بن جاتے ہیں تو نظم و ضبط ان کے اندر سے ابھرنے لگتا ہے اور وہ اپنی ذات کو خود منظم کرنے لگتے ہیں۔
یہی ہمیں ایک نہایت اہم نتیجے تک پہنچاتا ہے:
نظم و ضبط، بامعنی تعلیم کا ایک فطری ثمر ہے۔
جب نظم و ضبط بیرونی نگرانی سے نکل کر اندرونی خود احتسابی میں تبدیل ہوتا ہے تو اس کے اثرات حقیقی کلاس روم کی زندگی میں نمایاں طور پر نظر آنے لگتے ہیں۔
اس بات کو مزید واضح کرنے کے لیے میں اپنے تعلیمی سفر کا ایک واقعہ بیان کرنا چاہوں گا۔
میں ایک ایسے اسکول کا پرنسپل تھا جہاں شعوری طور پر یہ کوشش کی جاتی تھی کہ طلبہ میں ہندوستانی اقدار کو محض ایک مضمون کے طور پر نہیں، بلکہ ایک زندہ ثقافت کے طور پر پروان چڑھایا جائے۔
ایک دن دوپہر کے کھانے کے وقفے کے دوران چار طالبات گھبرائی ہوئی مگر پُرعزم انداز میں میرے دفتر میں داخل ہوئیں۔ ان کی سانسیں تیز چل رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کھیلتے ہوئے ان سے غیر ارادی طور پر پارک کی ہوئی ایک گاڑی کی نمبر پلیٹ ٹوٹ گئی ہے۔
جس چیز نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا، وہ حادثہ نہیں بلکہ ان طالبات کا ردِعمل تھا۔
وہ چاہتی تھیں کہ میں گاڑی کے مالک کی شناخت میں ان کی مدد کروں۔ اس سے بھی بڑھ کر، ان کا اصرار تھا کہ وہ نقصان کا ازالہ اپنی طرف سے کریں گی۔
ذرا ٹھہر کر اس واقعے پر غور کیجیے۔ یہ لمحہ ہمیں کیا بتاتا ہے؟
• انہیں اپنی غلطی تسلیم کرنے سے خوف نہیں تھا۔
• وہ اسکول کے ماحول کو محفوظ اور اعتماد پر مبنی سمجھتی تھیں۔
• انہوں نے حقیقت چھپانے کے بجائے دیانت داری کا راستہ اختیار کیا۔
• وہ اپنے عمل کی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے پوری طرح آمادہ تھیں۔
متعلقہ معلمہ نے ان کی معذرت قبول کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو خود سنبھال لیں گی۔
نہ کسی سزا کی ضرورت پیش آئی، نہ ڈانٹ ڈپٹ کی۔
اس کے باوجود، اس ایک لمحے میں ہم نے نظم و ضبط کی حقیقی روح کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔
یہی وہ مقام ہے جہاں نظم و ضبط بیرونی نگرانی اور کنٹرول سے نکل کر اندرونی احساسِ ذمہ داری میں تبدیل ہو جاتا ہے، اور اس کی جھلک حقیقی کلاس روم کی زندگی میں نمایاں ہونے لگتی ہے۔
بامعنی تعلیم کے ذریعے نظم و ضبط کی تشکیل
اگر نظم و ضبط سیکھنے کے عمل کا فطری نتیجہ ہے، تو پھر معلم کا کردار بھی بدل جاتا ہے۔ اس کی ذمہ داری صرف کلاس کو قابو میں رکھنا نہیں رہتی، بلکہ ایسے تعلیمی تجربات کی تشکیل بن جاتی ہے جو طلبہ میں خود نظم و ضبط پیدا کریں۔
1۔ گولڈی لاکس اصول (Goldilocks Principle)
تعلیمی سرگرمی نہ اتنی آسان ہونی چاہیے کہ طالب علم اکتا جائے، اور نہ اتنی مشکل کہ وہ مایوسی کا شکار ہو جائے۔
• اگر کام بہت آسان ہو تو دل چسپی ختم ہونے لگتی ہے۔
• اگر کام حد سے زیادہ مشکل ہو تو طالب علم ہمت ہارنے لگتا ہے۔
لیکن جب چیلنج طالب علم کی صلاحیت کے مطابق، یعنی بالکل مناسب ہوتا ہے، تو اسے ابتدا ہی میں کامیابی کا احساس ملتا ہے۔ یہی ابتدائی کامیابیاں اس کے اندر سیکھنے کا شوق، اعتماد اور مسلسل آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔
2۔ تدریجی رہنمائی اور بروقت فیڈ بیک
موثر سیکھنے کے لیے طلبہ کو تین چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے:
• مرحلہ وار اور منظم رہنمائی
• آغاز ہی میں کامیابی کے مواقع
• مسلسل اور تعمیری فیڈ بیک
یہ تینوں عناصر طلبہ کی بے چینی اور خوف کو کم کرتے ہیں، ان کے اعتماد کو مضبوط بناتے ہیں، اور انہیں سیکھنے کے عمل سے مسلسل وابستہ رکھتے ہیں۔ یہی وہ بنیادیں ہیں جن پر دیرپا دل چسپی، خود اعتمادی اور اندرونی نظم و ضبط پروان چڑھتا ہے۔
3۔ غلطی کو سیکھنے کا موقع سمجھنے کی ثقافت
جب غلطیوں کو ناکامی نہیں بلکہ سیکھنے کے مواقع سمجھا جاتا ہے، تو طلبہ زیادہ اعتماد کے ساتھ:
• سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
• نئے تجربات کرنے اور خطرہ مول لینے سے نہیں گھبراتے۔
• مشکل پیش آنے پر بھی ثابت قدمی کے ساتھ کوشش جاری رکھتے ہیں۔
ایسے کلاس روم میں خوف کا ماحول نہیں، بلکہ تجسس، جستجو اور سیکھنے کا شوق نمایاں ہوتا ہے۔ طالب علم اس فکر میں نہیں رہتا کہ کہیں غلطی نہ ہو جائے، بلکہ وہ یہ جاننے کی کوشش کرتا ہے کہ غلطی سے کیا سیکھا جا سکتا ہے۔
4۔ تعلق پر مبنی نظم و ضبط
نظم و ضبط کا ایک اہم سرچشمہ معلم اور طالب علم کے درمیان اعتماد، احترام اور مثبت تعلق ہے۔
جب طالب علم اپنے استاد پر اعتماد کرتا ہے اور خود کو محفوظ محسوس کرتا ہے، تو وہ زیادہ امکان کے ساتھ:
• تعاون کرتا ہے۔
• اپنے رویے کو خود منظم کرتا ہے۔
• سیکھنے کے عمل میں پوری دل چسپی کے ساتھ شریک رہتا ہے۔
اس طرح نظم و ضبط حکم، سزا یا نگرانی سے نہیں، بلکہ مضبوط انسانی تعلقات اور بامعنی تعلیمی تجربات سے جنم لیتا ہے۔
جب طلبہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ:
• انہیں دیکھا جا رہا ہے۔
• ان کی بات سنی جا رہی ہے۔
• ان کا احترام کیا جا رہا ہے۔
تو ان میں تعاون، خود نظم و ضبط، اور سیکھنے سے وابستگی خود بخود پروان چڑھنے لگتی ہے۔
تدریس اور ٹیکنالوجی کا کردار
تدریسی طریقہ، مضمون کے علم، اور ٹیکنالوجی کا باہم مربوط استعمال (TPACK) تعلیم میں غیر معمولی امکانات پیدا کرتا ہے۔
ذرا اس فرق پر غور کیجیے:
روایتی تدریس میں استاد خلیے (Cell) کی ساخت کی وضاحت کرتا ہے اور طلبہ سے اس کا خاکہ بنا کر مختلف حصوں کے نام لکھواتا ہے۔
اس کے برعکس، ایک بامعنی تدریسی سرگرمی میں طلبہ خلیے کے مختلف حصوں کو کرداروں کی صورت میں پیش کر سکتے ہیں، ان پر مختصر ویڈیوز تیار کر سکتے ہیں، یا باہمی تعاون سے نباتاتی اور حیوانی خلیوں کا تقابلی جائزہ پیش کر سکتے ہیں۔
ایسی صورت میں ٹیکنالوجی صرف تعلیم کو دلکش بنانے کا ذریعہ نہیں بنتی، بلکہ سیکھنے کے عمل کو زیادہ گہرا، بامعنی اور مؤثر بنا دیتی ہے۔
اطاعت سے خود ذمہ داری تک
بیرونی دباؤ کے ذریعے قائم کیا گیا نظم و ضبط عموماً صرف:
• وقتی اطاعت پیدا کرتا ہے۔
• محدود مدت تک کلاس پر قابو رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
اس کے برعکس، جب سیکھنے کا عمل طلبہ کے اندر سے تحریک پیدا کرتا ہے تو ان میں:
• اپنے سیکھنے کی ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
• جواب دہی اور احساسِ فرض مضبوط ہوتا ہے۔
• اپنے رویے اور سیکھنے کو خود منظم کرنے کی صلاحیت پروان چڑھتی ہے۔
اس لیے اصل تبدیلی بے نظمی سے نظم و ضبط کی طرف نہیں، بلکہ بیرونی کنٹرول سے اندرونی احساسِ ذمہ داری کی طرف ہوتی ہے۔
زاویۂ نظر میں تبدیلی
ایسا کوئی طے شدہ نسخہ موجود نہیں جس کے مطابق استاد کا ہر عمل لازماً طلبہ کے ایک خاص ردِعمل کو جنم دے۔ کلاس روم کی فضا بہت سے عوامل سے تشکیل پاتی ہے، مثلاً:
• استاد کا رویہ اور طرزِ فکر
• تدریس کا معیار
• ہمدردی اور طلبہ کو سمجھنے کی صلاحیت
• طلبہ کے لیے استاد کا قابلِ رسائی اور دوستانہ ہونا
اس لیے نظم و ضبط کا تعلق محض سخت اصولوں یا مقررہ حکمتِ عملیوں سے نہیں، بلکہ اس تدریس سے ہے جو طلبہ کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے لچک اور بصیرت کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔
اختتامیہ: نظم و ضبط تک پہنچنے والا پل
اگر ہم دوبارہ جیوف پیٹی کے اس خیال کی طرف لوٹیں تو معلوم ہوتا ہے کہ افراتفری سے نظم و ضبط تک پہنچنے والا پل سخت قوانین سے نہیں، بلکہ مؤثر اور بامعنی تدریسی منصوبہ بندی سے تعمیر ہوتا ہے۔
جب کلاس روم طلبہ کے اندر تجسس کو بیدار کرتا ہے، ان کی صلاحیت کے مطابق چیلنج فراہم کرتا ہے، مثبت تعلقات استوار کرنے میں مدد دیتا ہے، اور انہیں بامعنی سیکھنے کے تجربات سے جوڑتا ہے، تو نظم و ضبط کسی بیرونی دباؤ سے نافذ نہیں کرنا پڑتا، بلکہ وہ سیکھنے کے عمل کا ایک فطری اور دیرپا نتیجہ بن کر خود بخود سامنے آتا ہے۔
مصنفہ :ڈاکٹر (مسز) پرمیلا نریندر کڈوا
مترجم : سلمان خان
مصنفہ کے بارے میں:
ڈاکٹر (مسز) پرمیلا نریندر کڈوا ایک ممتاز ماہرِ تعلیم، سابق آئی سی ایس ای اسکول کی پرنسپل، معلمین کی تربیت کار، مصنفہ اور مقرر ہیں۔ اسکولی قیادت اور اساتذہ کی تربیت میں کئی دہائیوں کے تجربے کی حامل ڈاکٹر کڈوا جامع تعلیم، پائیدار ترقی، اور ہندوستانی علمی و تہذیبی روایات کو جدید تدریسی نظریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے جیسے موضوعات پر لکھتی ہیں۔
ان سے اس ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: [email protected]
ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں



