خیالات

تدریس کے معاون سامان اور تدابیر – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۹ – حصہ 2

طلبہ کے جوابات

سوالات سے پورا پورا فائدہ اسی وقت پہنچ سکتا ہے، جب طلبہ کے جوابات کے سلسلے میں مناسب طرز عمل اختیار کیا جائے۔ اس ضمن میں مندرجہ ذیل امور کا لحاظ رکھا جائے۔

بچوں کے جوابات خندہ پیشانی سے سنے جائیں۔ انہیں جواب دینے پر اکسایا جائے۔ صحیح جوابات پر شاباشی دی جائے۔ غلط یا احمقانہ جوابات پر طنز و تعریض سے گریز کیا جائے۔ لایعنی اور غیر متعلق جوابات نظر انداز کر دیے جائیں۔

طلبہ کے بعض غلط لیکن دلچسپ جوابات سے درجے میں شگفتگی اور مسرت کی لہر دوڑانے کا کام لیا جا سکتا ہے۔ البتہ ایسا کرتے وقت جواب دینے والے بچے کے جذبات کا پورا لحاظ رکھنا چاہیے۔

صرف ان جوابات کو بالکل ٹھیک شمار کیا جائے جو:

1- زبان اور قواعد کی رو سے بالکل ٹھیک ہوں۔
2- سوال سے متعلق ہوں۔
3- جتنی بات پوچھی گئی ہے اس سے کم ہوں نہ زیادہ۔
4- پورے جملے میں دیے گئے ہوں لیکن اس پر ہمیشہ اصرار نہیں کرنا چاہیے کیونکہ کبھی کبھی فطری جواب ادھورے جملوں ہی میں ہو جاتا ہے۔
5- پوری آواز سے دیا گیا ہو تاکہ پورا درجہ باآسانی سن سکے۔ اگر ان پہلوؤں سے نقص ہو تو قبول کرنے سے پہلے اس کی اصلاح کرا دی جائے۔

حتی الامکان بچوں ہی کے جوابات جزوی رد و بدل کے بعد قبول کر لیے جائیں۔ اگر پورا جواب صحیح نہ ہو تو جتنا ٹھیک ہو اتنا ہی قبول کر لیا جائے، باقی حصہ مزید سوالات کر کے یا وقت کم ہو تو خود بتا کر مکمل کر لیا جائے۔ اس سے بچوں کی ہمت افزائی ہوتی ہے۔

ٹھیک جوابات کو دوسرے طلبہ سے دہروا دیا جائے۔ کبھی کبھی طلبہ کے اچھے جوابات کو درجے کے سامنے بطور نمونہ پیش کیا جائے۔

ٹھیک جواب فوراً قبول کر لینے کے بجائے بعض اور طلبہ سے پوچھ لینے کے بعد قبول کیا جائے تاکہ دوسرے بچوں کی معلومات کے بارے میں بھی اندازہ ہو سکے۔

جواب سوچتے وقت بولا نہ جائے اور نہ جواب کے درمیان مداخلت کی جائے۔ اگر مدد کی ضرورت ہو تو کسی دوسرے بچے سے دلوا دی جائے۔

بچہ اگر غلط جواب دے یا جواب ہی نہ دے سکے تو فوراً بتا نہ دیا جائے بلکہ یا تو مزید سوالات کر کے جواب کی طرف رہنمائی کی جائے یا دوسرے بچوں سے صحیح جواب حاصل ہونے کے بعد اس سے دہروا دیا جائے۔

طلبہ کے سارے غلط جوابات قابل اعتنا نہیں ہوتے لیکن وہ جوابات جن سے اندازہ ہو کہ بچہ بات سمجھ ہی نہیں سکا ہے، اس کی ضرور اصلاح کی جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا جائے کہ اس کا جواب کیوں غلط ہے۔

لا پروائی یا گستاخی سے دیے گئے جوابات پر کبھی کبھی ہمدردی و دلسوزی سے سرزنش مفید ہوتی ہے۔

اجتماعی جوابات عام طور پر نہ مانگے جائیں اور نہ قبول کیے جائیں۔ البتہ اعادہ یا مشق کی صورت میں وقت بچانے کے لیے کبھی کبھی ایسا کیا جا سکتا ہے۔

بچوں کو اس کا عادی بنایا جائے کہ جس سے سوال کیا جائے وہی جواب دے، دوسرے نہ بول پڑیں کیونکہ اکثر ذہین بچوں کے بول پڑنے کی وجہ سے دھوکا ہو جاتا ہے کہ سب کو آتا ہے اور بعد میں پتہ چلتا ہے کہ اکثریت سمجھی ہی نہیں۔

اگر پورا درجہ یا زیادہ طلبہ بار بار غلط جواب دیں تو سبب کا پتہ لگا کر ازالہ کیا جائے۔ اسباب عموماً یہ ہو سکتے ہیں:

1- سوالات طلبہ کی لیاقت سے اونچے ہوں۔
2- تدریس کے طریقے میں خامی ہو اور سبق سمجھ میں نہ آ رہا ہو۔
3- درجے کا نظم و ضبط ٹھیک نہ ہو۔
4- بچے تھک گئے ہوں۔
5- سبق خشک، بے جان اور غیر دلچسپ ہو۔

بیان

تدریس میں بیان کو بھی بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ نئی معلومات فراہم کرتے وقت معلم کو اکثر اس سے کام لینا پڑتا ہے۔ خصوصاً تاریخ، جغرافیہ، سیرت و سیر، اسباق الاشیاء اور کہانیاں سنانے کے ضمن میں معلم کو کبھی کوئی واقعہ سنانا، کبھی کسی شخص، چیز یا جگہ کے بارے میں کچھ بتانا ہوتا ہے۔ اکثر کہانیاں سنانی پڑتی ہیں۔ اس لیے جب تک اسے بیان پر قدرت نہ ہو اور اس کا اندازِ بیان مؤثر نہ ہو وہ کامیاب معلم ہرگز نہیں بن سکتا۔

الف، کسی شخص، جگہ یا چیز کے بارے میں بیان

کسی شخص، جگہ، جانور، چیز یا واقعہ کے متعلق کچھ بیان کرنا ہو تو مندرجہ ذیل امور پیشِ نظر رہنے چاہئیں۔

معلم کے ذہن میں اس کا اتنا واضح تصور ہو گویا اس نے خود غور سے دیکھا ہے۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب اس نے اس کا گہرا مطالعہ یا مشاہدہ کیا ہو۔

آسان الفاظ اور موزوں زبان میں واضح نقشہ کھینچا جائے تاکہ بچوں کے ذہن میں صحیح تصورات قائم ہوں۔

حتی الامکان اختصار سے کام لیا جائے۔ بہت زیادہ تفصیلات سے بچوں کا ذہن الجھ جاتا ہے۔ البتہ جتنا کچھ بتایا جائے اس کی اتنی واضح منظر کشی کی جائے کہ پورا نقشہ آنکھوں کے سامنے پھر جائے۔

پہلے کل کا ایک اجمالی خاکہ پیش کیا جائے۔ پھر ایک خاص ترتیب سے تفصیلات بیان کی جائیں۔

زبانی بیان کر دینے ہی پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ حسبِ موقع ماڈل، تصویر، چارٹ اور نقشے وغیرہ سے مدد لی جائے۔

ان دیکھی اور نامعلوم چیزوں کے متعلق بتاتے وقت دیکھی ہوئی یا معلوم چیزوں سے مقابلہ و موازنہ کیا جائے تاکہ فرق و مماثلت بخوبی سمجھ میں آ جائے۔

جو کچھ بیان کرنا ہو اس کا مختصر خاکہ پہلے سے مرتب کر لیا جائے اور بیان میں اس ترتیب کا لحاظ رکھا جائے تاکہ کڑی سے کڑی ملتی جائے۔

جو کچھ بیان کرنا ہو اسے مسلسل اور ایک ہی دور میں نہ بیان کیا جائے بلکہ دو یا تین مناسب اجزاء میں تقسیم کر کے باری باری ایک ایک جز پیش کیا جائے۔ ہر جز کے اختتام پر سوالات کر کے اعادہ کرا دیا جائے اور پھر خلاصہ نوٹ کرا دیا جائے۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close