تعلیم کے پردے میں چھپا عالمی منصوبہ – جان ٹیلر گیٹو – حصہ دوم

تدریس سے نفسیاتی نگرانی تک
اسکولوں کو تجربہ گاہوں میں تبدیل کرنے کے عمل کو ایک عجیب رجحان نے تقویت دی، جو 1960 کی دہائی کے وسط سے آخر تک نمایاں طور پر سامنے آیا۔ اس زمانے میں اسکولوں کے اندر تشدد اور عمومی بد نظمی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس صورت حال کی جڑ ایک ایسے پالیسی فیصلے میں تھی جو اب تقریباً فراموش ہو چکا ہے، اور جسے Ford Foundation میں مرتب کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت یہ طے کیا گیا کہ بچوں کو نظم و ضبط میں رکھنے کا عمل عدالتوں میں رائج اصولوں کے مطابق انجام دیا جائے گا۔
اس تبدیلی کے نتیجے میں اساتذہ اور منتظمین سے وہ مؤثر اختیارات یکایک چھین لیے گئے جن کے ذریعے وہ فوری طور پر نظم قائم رکھتے تھے۔ چونکہ عدالتی طریقۂ کار اپنی فطرت کے اعتبار سے سست، محتاط اور مرحلہ وار ہوتا ہے، اس لیے وہ بچوں کی اچانک پیدا ہونے والی شرارتوں کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ شرارتیں، چاہے بہترین سمجھے جانے والے اسکولوں ہی میں کیوں نہ ہوں، یکدم شدت اختیار کر لیتی ہیں۔
تاریخی طور پر اسکولوں میں نظم برقرار رکھنے کا انحصار فوری، موقع پر کیے جانے والے اور غیر رسمی فیصلوں پر رہا ہے۔ جب اس بنیاد کو ختم کر دیا جائے تو نظم و ضبط کی پوری عمارت ڈھہ جاتی ہے اور اس کی جگہ ایسی افراتفری جنم لیتی ہے جسے بجا طور پر سیلاب سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
قدیم اور موقع پر مبنی تادیبی طریقوں کے ذخیرے تک رسائی سے محروم کر دیے جانے کے بعد، کلاس رومز تیزی سے انتشار کا شکار ہو گئے۔ بد نظمی اس حد تک بڑھ گئی کہ وہ قابو سے باہر ہو کر ایک خطرناک صورت اختیار کر گئی، حالانکہ پہلے یہ محض معمولی جھنجھلاہٹ تک محدود ہوا کرتی تھی۔ جب طلبہ میں یہ بات پھیل گئی کہ اساتذہ کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں تو جوش میں آئے ہوئے بچوں کے ہجوم راہداریوں میں امڈ آئے۔ وہ چیختے، چلاتے، دروازوں پر دھمکیاں دیتے اور ایک دوسرے پر حملہ آور ہوتے پھرتے تھے۔
یہاں تک کہ علانیہ جنسی حرکات کے مظاہر بھی نایاب نہ رہے، کم از کم میرے اپنے تجربے میں تو ایسا ہی تھا، جب میں Intermediate School 44 میں تعینات تھا، جو Community School District 3 کے تحت Upper West Side میں واقع ہے، جو ملک کی امیر ترین آبادیوں میں شمار ہوتا ہے۔ لیکن جب مدد کے لیے بالا حکام سے رجوع کیا گیا تو کوئی جواب نہ ملا۔
بدکاروں، آتش زنوں، لٹیروں اور دوسرے اوباش عناصر کو زبردستی روکنے کے بجائے، جیسا کہ ہمیں بار بار متنبہ کیا جاتا تھا کہ ایسا کرنے سے اساتذہ قانونی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں، نئی پالیسی کے تحت اساتذہ کو پابند کیا گیا کہ وہ صرف سرکاری شکایتی فارموں پر تحریری شکایت درج کریں۔
اس کے بعد سماعت کی ایک تاریخ مقرر کی جاتی۔ اور اگر ملزم پیش ہو جاتا تو دونوں فریقوں کو یہ حق حاصل ہوتا کہ وہ وکیل کے ذریعے اپنی نمائندگی کروائیں، گواہ طلب کریں اور جرح کریں۔ جب یہ پورا مرحلہ مکمل ہو جاتا تو مقررہ منصف کی جانب سے فیصلہ سنایا جاتا، مگر فوراً نہیں بلکہ ایک خاص مدت کے بعد۔ اگر طالب علم کو قصوروار قرار دیا جاتا تو اسے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا بھی حق حاصل ہوتا، اور یوں یہ پورا عمل دوبارہ شروع ہو جاتا۔یہ سب کچھ ایک ایسی دنیا میں ہو رہا تھا جہاں بارہ سے چودہ سال کے بارہ سو بچے موجود تھے۔
اب ذرا تصور کیجیے کہ سنجیدہ یا نیم سنجیدہ نوعیت کے واقعات ہر روز پیش آ رہے ہوں، ایک ہفتے میں سو، اور ایک سال میں چار ہزار۔ ہر ایک واقعہ کے ساتھ فارم بھرنے، بیانات لینے، سماعت کرنے، فیصلہ سنانے، سزا دینے یا نہ دینے، اور پھر اپیلوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ جڑا ہو۔
اسی پُر تشدد دور کے عروج پر Behavioral Science Teacher Education Project سامنے آیا، جس نے اساتذہ کی تربیت کے اداروں سے یہ مطالبہ کیا کہ وہ اپنے تمام فارغ التحصیل افراد کو محض اساتذہ نہیں بلکہ معالج اساتذہ کے طور پر تیار کریں، تاکہ وہ سماجی نفسیات کے اصولوں کو جماعت کے اندر عملی اقدامات کی صورت میں نافذ کر سکیں۔یوں نصاب کی تعریف پہلے ہی بدل چکی تھی، اور اب تدریس کا طریقہ بھی اسی کے مطابق بدلنے لگا۔
ذہن کی نہیں، تابع مزاج کی طلب
1896 سے 1920 کے درمیان صنعت کاروں اور مالیاتی سرمایہ داروں کے ایک مختصر گروہ نے، اپنی نجی خیراتی بنیادوں کے ساتھ مل کر، یونیورسٹیوں میں تدریسی مناصب، محققین اور اسکولی منتظمین کو بھاری مالی معاونت فراہم کی۔ حقیقت یہ ہے کہ لازمی تعلیم کے ابتدائی برسوں میں حکومت کے مقابلے میں ان لوگوں نے کہیں زیادہ سرمایہ خرچ کیا۔ یہاں تک کہ 1915 تک صرف دو افراد، Andrew Carnegie اور John D. Rockefeller، اکیلے ہی اس سے زیادہ خرچ کر رہے تھے۔
اسی بے قاعدہ اور غیر رسمی انداز میں ایک "جدید” تعلیمی نظام تشکیل دیا گیا، جس میں نہ عوام کی شرکت تھی اور نہ ہی انہیں اس کی زیادہ خبر تھی۔ اس کے محرکات پیچیدہ تھے، لیکن ذہن کو خوب صاف کرنے کے لیے یہ کافی ہے کہ دیکھا جائے کہ Rockefeller General Education Board خود اس مشن کو کیا سمجھتا تھا۔ اس کا بیان مختلف صورتوں میں ملتا ہے، اور یہاں جو اقتباس پیش کیا جا رہا ہے وہ 1906 کی ایک دستاویز Occasional Letter Number One سے لیا گیا ہے۔
“اپنے خوابوں میں ہم ایک ایسی قوم کا تصور کرتے ہیں جو خود کو مکمل فرمانبرداری کے ساتھ ہمارے سانچے میں ڈھلنے کے لیے ہمارے حوالے کر دے۔ موجودہ تعلیمی تصورات، جو فکری اور اخلاقی تربیت سے متعلق ہیں، ہماری نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں، اور روایت کی کسی پابندی کے بغیر ہم اپنی مرضی ایک سپاس گزار اور آمادہ قوم پر مسلط کرتے ہیں۔
ہم یہ کوشش نہیں کریں گے کہ ان لوگوں میں سے یا ان کی اولاد میں سے فلسفی، اہل علم یا سائنس دان پیدا کریں۔ نہ ہی ہمارا مقصد یہ ہے کہ ان میں سے ادیب، معلم، شاعر یا اہل قلم ابھریں۔ ہم یہ بھی نہیں دیکھیں گے کہ کہیں ان کے اندر عظیم فنکار، مصور، موسیقار، یا وکیل، ڈاکٹر، واعظ، سیاست دان یا مدبر بننے کی ابتدائی صلاحیتیں موجود ہیں، کیونکہ ایسے لوگوں کی ہمارے پاس پہلے ہی کمی نہیں ہے۔
جو کام ہم اپنے سامنے رکھتے ہیں وہ نہایت سادہ ہے۔ ہم بچوں کو منظم کریں گے اور انہیں یہ سکھائیں گے کہ وہ وہی کام نہایت خوبی کے ساتھ انجام دیں جو ان کے ماں باپ اب تک ادھورے طریقے سے کرتے آئے ہیں۔”
یعنی بات صاف یہ ہے کہ انہیں نہ ذہانت چاہیے تھی اور نہ کوئی غیر معمولی صلاحیت، بلکہ صرف فرمانبرداری مقصود تھی۔ مگر یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ “ہم” آخر کون ہیں؟ General Education Board کے اس منشور کو بار بار پڑھنے کی ضرورت ہے، یہاں تک کہ اسکول کے بارے میں وہ تصورات، جو نہایت سلیقے سے آپ کے ذہن میں بٹھا دیے گئے ہیں، یکے بعد دیگرے ٹوٹنے لگیں۔
مصنف :جان ٹیلر گیٹو
مترجم : سلمان وحید



