بہترین اسکول کا وہم
آج کے دور میں اسکولوں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں بہتر یا کم تر قرار دینے کا رجحان غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ سروے رپورٹس، رسائل اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بڑے اہتمام سے جاری کی جانے والی یہ فہرستیں ایک پیچیدہ تعلیمی منظرنامے کو سادہ بنا کر پیش کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں۔ بہترین اسکول کی تلاش میں سرگرداں والدین کے لیے، اور اپنی شناخت مستحکم کرنے کے خواہاں اداروں کے لیے، یہ پیمانے اب وقار اور برتری کی علامت بن چکے ہیں۔ لیکن ان چمکتی دمکتی فہرستوں اور جشن جیسے ماحول کے پیچھے ایک ایسی حقیقت بھی موجود ہے جو زیادہ گہرے غور و فکر کی متقاضی ہے۔
یہ طریقۂ کار بذاتِ خود مسئلہ نہیں۔ اصل مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب اسے بغیر سیاق و سباق اور گہرائی کو سمجھے تعلیمی معیار کا حتمی پیمانہ مان لیا جائے۔ اس صورت میں یہ رجحان نہ صرف اسکولوں بلکہ والدین اور پالیسی سازوں کی ترجیحات کو بھی ایک غیر متوازن رخ پر ڈال دیتا ہے۔
اسکولوں کی درجہ بندی کے مثبت پہلو
اپنی بہترین صورت میں، اسکولوں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں پرکھنے کا یہ عمل وضاحت اور تقابل کا موقع فراہم کرتا ہے۔ خاص طور پر اُن والدین کے لیے جو کسی نئے شہر یا تعلیمی نظام سے وابستہ ہو رہے ہوں، یہ ایک ابتدائی رہنمائی کا کام دیتا ہے۔ اس کے ذریعے ایسے ادارے نمایاں ہو جاتے ہیں جو مسلسل اچھی تعلیمی کارکردگی دکھا رہے ہوں، طلبہ کی فلاح و بہبود پر توجہ دے رہے ہوں یا نئے اور مؤثر طریقے اپنا رہے ہوں۔ خود اسکولوں کے لیے بھی یہ ایک آئینہ بن جاتا ہے، جو انہیں اپنے نتائج، سہولیات اور طریقۂ کار پر نظرثانی کرنے کا موقع دیتا ہے۔
یہ رجحان جوابدہی کو بھی فروغ دیتا ہے۔ جب اسکولوں کو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی کارکردگی کو پرکھا جا رہا ہے تو وہ اپنے نظام کو بہتر بنانے، نتائج کو واضح طور پر سامنے لانے اور اپنے تعلیمی نقطۂ نظر کو زیادہ صاف انداز میں بیان کرنے کی طرف مائل ہوتے ہیں۔ اس طرح یہ عمل معیار اور بہتری کے حوالے سے صحت مند گفتگو کو جنم دیتا ہے۔
جہاں چمک حقیقت کو دھندلا دینے لگتی ہے
اصل مسئلہ وہاں جنم لیتا ہے جہاں اس سارے عمل میں ایک گہرے انسانی اور تعلق پر مبنی تعلیمی عمل کو محض نمبروں اور درجوں میں سمیٹ دیا جاتا ہے۔ تعلیم کو اس طرح سیدھی سادی فہرستوں میں قید کرنا آسان نہیں۔ استاد کی دلجمعی، طلبہ کا تجسس، جذباتی تحفظ اور کلاس روم کا ماحول ایسی چیزیں ہیں جنہیں ناپنا مشکل ضرور ہے، مگر یہی عناصر بامعنی تعلیم کی اصل بنیاد ہوتے ہیں۔
اب اکثر ایسا ہوتا جا رہا ہے کہ وہ پہلو نمایاں کیے جاتے ہیں جو دکھانے اور پیش کرنے میں آسان ہوں، جیسے وسیع کیمپس، جدید عمارتیں، ٹیکنالوجی کی نمائش، بین الاقوامی روابط اور ادارے کی پہچان۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ چمک دمک اور دلکش سہولیات اُن خاموش مگر نہایت اہم عوامل پر غالب آ جاتی ہیں، جیسے اساتذہ کی قابلیت، رہنمائی کا نظام، نصاب کی ہم آہنگی اور سب کے لیے یکساں مواقع۔
خوبصورت انداز میں سجی ہوئی عمارت اس بات کی ضمانت نہیں کہ تعلیم متاثر کن ہوگی۔ اسی طرح جدید کلاس روم بھی خود بخود تنقیدی سوچ یا ہمدردی پیدا نہیں کرتا۔ جب ظاہری تاثر تعلیم کے اصل جوہر پر حاوی ہو جائے تو صورت حقیقت پر سبقت لے جاتی ہے۔
تعلیمی اخراجات اور معیار کا مغالطہ
اس پورے رجحان کے ساتھ ایک اور عام تصور بھی جڑا ہوا ہے کہ زیادہ تعلیمی اخراجات کا مطلب بہتر تعلیم ہے۔ بلاشبہ زیادہ وسائل رکھنے والے اسکول بہتر سہولیات یا ہم نصابی مواقع فراہم کر سکتے ہیں، لیکن صرف اخراجات کو تعلیمی معیار کا پیمانہ سمجھ لینا درست نہیں۔ بہترین تدریس، بصیرت افروز قیادت اور مضبوط تعلیمی فضا ہمیشہ زیادہ اخراجات کے ساتھ جڑی نہیں ہوتیں۔
حقیقت یہ ہے کہ بہت سے ایسے اسکول بھی ہیں جو محدود وسائل کے باوجود طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما، اساتذہ کی تربیت اور معاشرے سے مضبوط تعلق قائم رکھنے میں غیر معمولی سنجیدگی اور لگن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ جب ایسے پیمانے اپنائے جائیں جو بالواسطہ طور پر زیادہ اخراجات یا ظاہری خوشحالی کو اہمیت دیں تو یہ اس غلط خیال کو تقویت دیتے ہیں کہ معیاری تعلیم خریدی جا سکتی ہے، جبکہ حقیقت میں اسے محنت اور پرورش کے ذریعے پروان چڑھایا جاتا ہے۔
اثر و رسوخ، نمایاں موجودگی اور درجہ بندی کا پورا نظام
تمام درجہ بندی کے عمل ایک جیسے معیار اور دیانت کے ساتھ انجام نہیں پاتے۔ کچھ زیادہ تر خود فراہم کردہ معلومات، تاثر پر مبنی جائزوں یا ادائیگی کے عوض شرکت کے طریقوں پر انحصار کرتے ہیں۔ جن اسکولوں کے پاس تشہیر کے لیے زیادہ وسائل ہوتے ہیں وہ تعلقات عامہ، دیدہ زیب پیشکشوں اور مسلسل نمایاں رہنے کی مہمات پر زیادہ سرمایہ لگا سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے بعض اوقات فہرستوں میں شمولیت، اعزازات یا بہترین اسکول جیسے اعزاز حاصل کرنا محض تدریسی حقیقت سے زیادہ اثر و رسوخ اور برانڈ سازی کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے۔
یہ بات تمام درجہ بندیوں کو غلط ثابت نہیں کرتی، مگر احتیاط کی ضرورت ضرور ظاہر کرتی ہے۔ طریقہ کار کی شفافیت، آزادانہ جانچ اور جانچ کے پیمانوں کی واضح وضاحت ناگزیر ہے، تاکہ ایسے نظام اپنی ساکھ برقرار رکھ سکیں۔
والدین کا کردار: آن لائن معلومات سے آگے
آج کے زمانے میں، جب سرچ انجن اور سوشل میڈیا کے تبصرے ہر وقت دسترس میں ہیں، والدین اکثر اپنی تلاش کو انہی ذرائع تک محدود کر لیتے ہیں۔ یہ معلومات یقیناً مددگار ہوتی ہیں، مگر تصویر کا صرف ایک رخ دکھاتی ہیں۔ اسکول کا انتخاب ایسا فیصلہ ہے جسے محض فہرستوں، ویب سائٹس یا تشہیری ویڈیوز کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا۔
اصل فائدہ تب ہوتا ہے جب والدین خود آگے بڑھ کر اسکول کو قریب سے دیکھیں اور سمجھیں۔ اساتذہ سے براہ راست بات کریں، طلبہ کے ساتھ وقت گزاریں، کلاس روم کے ماحول کو محسوس کریں اور روزمرہ کے نظام کا مشاہدہ کریں۔ وہاں زیرِ تعلیم بچوں کے والدین سے گفتگو ایسے پہلو کھولتی ہے جو کسی بھی فہرست میں نظر نہیں آتے۔ کیا اساتذہ سے بات کرنا آسان ہے؟ کیا بچوں کی آواز کو اہمیت دی جاتی ہے؟ مختلف انداز سے سیکھنے والے طلبہ کے ساتھ کیسا برتاؤ کیا جاتا ہے؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب کسی سروے میں نہیں ملتے، مگر ایک اسکول کی اصل روح کو سمجھنے کے لیے یہی سب سے زیادہ معنی رکھتے ہیں۔
وقار سے زیادہ قربت کی اہمیت
ایک اور اہم مگر اکثر نظرانداز ہونے والا پہلو فاصلے کا ہے۔ کوئی بہت مشہور اور دلکش اسکول اگر گھر سے ڈیڑھ گھنٹے کی دوری پر ہو تو کاغذ پر وہ ضرور پرکشش لگتا ہے، مگر روزانہ کا طویل سفر بچوں اور خاندان دونوں پر واضح اثر ڈالتا ہے۔ تھکن، کھیل کے وقت میں کمی، مقامی تعلقات کا کمزور ہونا اور روزمرہ کا دباؤ آہستہ آہستہ بچوں کی مجموعی صحت اور خوش حالی کو متاثر کرنے لگتا ہے۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ گھر کے قریب کوئی اچھا اسکول، جو خاندان کی اقدار سے ہم آہنگ ہو اور ایک معاون ماحول فراہم کرے، بچے کے لیے کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوتا ہے بنسبت کسی دور دراز مگر نامور ادارے کے۔ مقامی ماحول سے واقفیت، پڑوس میں دوستیوں کا فروغ اور آرام و جستجو کے لیے زیادہ وقت ملنا ایسی نعمتیں ہیں جن کی اہمیت کم سمجھی جاتی ہے، حالانکہ یہی بچے کی متوازن نشوونما میں بڑا کردار ادا کرتی ہیں۔
ایک زیادہ متوازن اور زمینی نقطۂ نظر کی طرف
اسکولوں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں پرکھنے کا یہ رجحان نہ ختم ہونے والا ہے، اور نہ ہی اسے مکمل طور پر ختم ہونا چاہیے۔ اگر اسے سمجھ داری سے برتا جائے تو یہ رہنمائی بھی دے سکتا ہے اور سوچ کو جلا بھی بخشتا ہے۔ مگر اسے آخری فیصلہ نہیں بلکہ محض ایک اشارہ سمجھنا چاہیے۔
تعلیم کی اصل روح کسی فہرست میں نہیں ملتی، بلکہ تعلق میں پروان چڑھتی ہے ، استاد اور شاگرد کے رشتے میں، اسکول اور گھر کے باہمی اعتماد میں، اور سیکھنے کے عمل اور زندگی کے تجربے کے باہم جڑنے میں۔
مصنفہ کے بارے میں:
انورادھا سی نے آئی ٹی کی دنیا میں کئی برس کی محنت اور کمائی کے بعد اس راستے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ اب وہ بطور فری لانس کارپوریٹ ٹیکنیکل ٹرینر اور لکھاری سرگرم ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ لکھنے کا شوق اس انداز میں ڈھل جائے کہ خود ان کے لیے اطمینان کا ذریعہ بنے اور پڑھنے والوں کے لیے خوشی اور لطف کا باعث ہو۔ ان سے [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
مترجم : سلمان وحید



