فرشی کھیل: تفریح کے ساتھ مؤثر تعلیم

فرشی کھیل (Floor Games) بچوں کو حرکت، سرگرمی اور تفریح کے ذریعے سیکھنے کا ایک نہایت دلچسپ اور مؤثر ذریعہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسا خوشگوار اور فعال تعلیمی ماحول پیدا کرتے ہیں جہاں بچے جسمانی حرکت کے ذریعے مختلف تصورات کو سمجھتے ہیں، اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سیکھتے ہیں اور اپنی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ ہاپ اسکاچ (Hopscotch)، نمبر اسٹیپنگ ٹریکس (Number Stepping Tracks)، بصری الفاظ کے راستے (Sight Word Pathways) اور “مرر می” (Mirror Me) جیسی سرگرمیاں سیکھنے کے عمل کو مزید پرلطف، جاندار اور دلچسپ بنا دیتی ہیں، اور بچوں کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لینے کی ترغیب دیتی ہیں۔

مثال کے طور پر، ہاپ اسکاچ (Hopscotch) بچوں میں توازن برقرار رکھنے، جسمانی حرکات کی بنیادی مہارتوں (Gross Motor Skills) کو بہتر بنانے اور اعداد کی پہچان پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے، کیونکہ بچے ایک خانے سے دوسرے خانے تک حرکت کرتے ہیں۔ فرش پر کھیلے جانے والے عددی کھیل بچوں کو گنتی، نمونوں (Patterns) اور ترتیب (Sequencing) کو عملی اور دلچسپ انداز میں سیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ جب بچے بصری الفاظ (Sight Words) پر قدم رکھتے ہیں یا ان پر کودتے ہیں تو ان کی روانی سے پڑھنے کی صلاحیت، ذخیرۂ الفاظ اور بصری یادداشت مضبوط ہوتی ہے۔ اسی طرح “مرر می” (Mirror Me) کھیل بچوں میں سننے، نقل کرنے، توجہ مرکوز رکھنے اور جسمانی ہم آہنگی جیسی مہارتوں کو فروغ دیتا ہے، کیونکہ اس میں بچے ایک دوسرے کی حرکات کی پیروی کرتے ہیں۔
جسمانی نشوونما اور ہم آہنگی: تعلیمی فرشی کھیل(Floor Games) بچوں میں قدرتی طور پر جسمانی حرکات کی بنیادی مہارتوں (Gross Motor Skills) جیسے کودنا، توازن قائم رکھنا، رینگنا اور اچھلنا جیسی صلاحیتوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ یہ کھیل ہاتھ اور آنکھ، نیز پاؤں اور آنکھ کے درمیان ہم آہنگی، جسمانی آگہی اور حرکت کے دوران اعتماد میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ اس طرح کی جسمانی نشوونما بچوں کو لکھنے، کھیلوں میں حصہ لینے اور روزمرہ سرگرمیوں کے لیے بہتر طور پر تیار کرتی ہے۔
اس کے علاوہ فرشی کھیل(Floor Games) حرکی اندازِ سیکھ (Kinaesthetic Learning)، باہمی تعاون، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور مؤثر ابلاغ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ یہ بچوں کے اسکرین کے استعمال کے وقت کو کم کرتے ہیں اور سیکھنے کے عمل کو زیادہ فعال، پُرجوش اور خوشگوار بنا دیتے ہیں۔

ایک پری پرائمری معلمہ ہونے کے ناطے میں نے مشاہدہ کیا ہے کہ فرشی کھیل (Floor Games)بچوں میں جسمانی ہم آہنگی اور سماجی مہارتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ فرشی کھیل متعارف کروانے کے بعد میں نے محسوس کیا کہ بچے زیادہ متحرک، پُرجوش اور سیکھنے کے عمل میں زیادہ دلچسپی لینے لگے۔ فرشی کھیلوں (Floor Games)کا ایک اہم فائدہ جسمانی حرکات کی بنیادی مہارتوں (Gross Motor Skills) کی نشوونما ہے۔ رینگنے، کودنے، اچھلنے اور توازن قائم رکھنے جیسی سرگرمیاں بچوں کے عضلات کو مضبوط بنانے اور ان کی جسمانی ہم آہنگی کو بہتر کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ ابتدائی عمر میں یہ حرکات ایک مضبوط جسمانی بنیاد قائم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
فرشی کھیل(Floor Games) سماجی روابط کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ جب بچے مل جل کر کھیلتے ہیں تو وہ چیزیں بانٹنا، اپنی باری کا انتظار کرنا اور سادہ اصولوں کی پیروی کرنا سیکھتے ہیں۔ اس سے ان میں باہمی تعاون اور اجتماعی کام کرنے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ ساتھ ہی انہیں ایک محفوظ اور حوصلہ افزا ماحول میں اپنے خیالات اور جذبات کے اظہار اور نئی دوستیاں قائم کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
ایک اور اہم پہلو جذباتی نشوونما کا ہے۔ کھیل کے ذریعے بچے چھوٹے چھوٹے چیلنجز کا سامنا کرنا، اپنے جذبات پر قابو پانا اور خود اعتمادی پیدا کرنا سیکھتے ہیں۔ جب وہ کسی سادہ کھیل یا سرگرمی کو کامیابی سے مکمل کرتے ہیں تو انہیں کامیابی کا احساس ہوتا ہے، جو ان کے اعتماد میں اضافہ کرتا ہے اور ان کی خود اعتمادی کو مضبوط بناتا ہے۔

اس کے علاوہ فرشی کھیل بچوں کی ذہنی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بہت سے کھیلوں میں ہدایات پر عمل کرنا، نمونوں کی پہچان اور سادہ مسائل کو حل کرنا شامل ہوتا ہے۔ اس طرح یہ سرگرمیاں بچوں کی سوچنے کی صلاحیت اور توجہ برقرار رکھنے کی مدت کو خوشگوار اور دلچسپ انداز میں بہتر بناتی ہیں۔ فرشی کھیلوں کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ انہیں بہت کم وسائل کے ساتھ آسانی سے ترتیب دیا جا سکتا ہے۔
والدین کو بھی ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ روزانہ چند منٹ اپنے بچوں کے ساتھ ایسی سرگرمیوں میں گزاریں۔ اس سے نہ صرف والدین اور بچوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوتا ہے بلکہ بچوں کی ہمہ جہت نشوونما بھی خوشگوار انداز میں ممکن ہوتی ہے۔
مجموعی طور پر تعلیمی فرشی کھیل سیکھنے اور کھیل کے درمیان ایک خوشگوار توازن پیدا کرتے ہیں، جو بچوں کی تعلیمی، جسمانی اور سماجی نشوونما کو ایک دلچسپ، مؤثر اور یادگار تجربہ بنا دیتے ہیں۔
مصنفہ : سنیتا اہوجا
مترجم : سلمان خان
مصنفہ کے بارے میں:
سنیتا اہوجا (Sunita Ahuja) ایک تجربہ کار پری پرائمری معلمہ ہیں، جنہیں ابتدائی بچپن کی تعلیم کے شعبے میں سترہ برس سے زائد کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ ننھے ذہنوں کی تخلیقی، محبت بھرے اور حوصلہ افزا ماحول میں پرورش کی پُرجوش حامی ہیں، اور بچوں میں مضبوط بنیادی مہارتوں کی نشوونما کو نہایت اہمیت دیتی ہیں۔


