بامقصد تعلیم کے بیج بونا

الیخیا بیلاپو
میں پرائمری سے لے کر اعلیٰ جماعتوں تک کے بچوں کو پڑھاتی ہوں، لیکن پری پرائمری کی کلاسیں ہمیشہ سے میری خاص دلچسپی کا مرکز رہی ہیں۔ میرے نزدیک ان کلاسوں کے اساتذہ ان مالیوں کی مانند ہیں جو بیج بوتے ہیں۔ ان ابتدائی برسوں میں وہ بچوں کے اندر جو عادتیں اور رجحانات پروان چڑھاتے ہیں، جس طرح ان کی تربیت کرتے ہیں اور اپنے عمل سے جو نمونہ پیش کرتے ہیں، وہی آگے چل کر بچوں کے مستقبل کی بنیاد بنتا ہے۔
جب ہمارے اسکول میں بین الاقوامی نصاب متعارف کرانے کا آغاز ہوا تو مجھے پری پرائمری کے اساتذہ کی تربیت اور تدریس و تعلم کے اس نئے تجربے سے ہم آہنگ ہونے میں ان کی رہنمائی کی ذمہ داری سونپی گئی۔ میں نے فیصلہ کیا کہ تربیت کا آغاز کرنے سے پہلے چند پری پرائمری کلاسوں کا مشاہدہ کروں، تاکہ تربیت کی سمت اور انداز متعین کرنے میں مدد ملے۔
ایک دن مجھے سوتاپا داس کی ایل کےجی کی کلاس میں جانے کا موقع ملا۔ وہاں میں نے جو کچھ دیکھا، وہ بے حد متاثر کن تھا۔
ایک مختلف انداز کا اسنیک بریک
جب میں کلاس میں داخل ہوئی تو سوتاپا نے بتایا کہ بچے اس وقت اسنیک بریک یعنی ہلکی غذا کھانے کے وقفے میں ہیں۔ یہ میرے لیے اچھا موقع تھا۔ میں آرام سے بیٹھ سکتی تھی، بچوں کو دیکھ سکتی تھی اور بچوں کو بھی میری موجودگی کا عادی ہونے کا وقت مل سکتا تھا۔ جیسے ہی میں بیٹھنے لگی، بچوں کی ننھی ننھی آوازیں آئیں:
“گڈ مارننگ میم!”

مجھے فوراً محسوس ہوا کہ کلاس میں ایک خوش گوار اور پُرسکون ماحول ہے۔ بچے آپس میں باتیں تو کر رہے تھے، ایک دوسرے کے ساتھ کھانا بھی بانٹ رہے تھے اور ہنس بھی رہے تھے، لیکن پھر بھی کوئی شور یا ہڑبڑی نہیں تھی۔ سب کچھ بہت آرام اور قدرتی انداز میں ہو رہا تھا۔ ایک بچہ اپنا ٹفن باکس لانا بھول گیا تھا۔ استاد نے فوراً اسٹاف سے کہا کہ اس بچے کے لیے کینٹین سے کچھ کھانا لے آئیں۔ بچے کی اس چھوٹی سی ضرورت کا خیال رکھنے کا یہ انداز میرے دل کو چھو گیا۔
سوتاپا نے بچوں سے بہت نرمی سے کہا:
“دوستو! پانچ منٹ میں اپنا کھانا ختم کر لیتے ہیں، لیکن یاد رکھو، کھانا آہستہ آہستہ کھانا ہے۔”
کچھ ہی دیر بعد بچے خود اپنی جگہ صاف کرنے لگے۔ جیسے انھیں معلوم ہو کہ انھیں کیا کرنا ہے۔ کسی کو بار بار یہ نہیں کہنا پڑا کہ صفائی کرو۔ بچوں کو معلوم تھا کہ اپنی جگہ صاف کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ استاد نے انہیں سمجھاتے ہوئے کہا:
“اگر ہم اپنی جگہ صاف نہیں کریں گے تو ہمارے مدد کرنے والے لوگوں کو مشکل ہوگی۔”
یہاں بچوں کو ڈانٹ کر یا زبردستی نظم و ضبط نہیں سکھایا جا رہا تھا، بلکہ انہیں اس کام کی وجہ سمجھائی گئی تھی، اسی لیے انہوں نے اسے اپنی ذمہ داری سمجھ لیا تھا۔
روزمرہ کے کام، لیکن ایک مقصد کے ساتھ
کھانا ختم کرنے کے بعد بچوں نے اپنے باسکٹ ترتیب سے رکھے۔ پھر وہ ہاتھ دھونے کے لیے قطار میں کھڑے ہوئے اور اس کے بعد چٹائی پر بیٹھ گئے، جبکہ ان کی میزیں صاف کی جا رہی تھیں۔ ان کاموں کے لیے کسی کو ڈانٹنے یا زبردستی کرنے کی ضرورت نہیں تھی؛ بچوں میں یہ سب عادتیں اب فطری ہو گئی تھیں۔
جب بچے قطار بنا رہے تھے تو سوتاپا نے یہ نہیں کہا:
“سیدھے کھڑے ہو جاؤ!” یا “ادھر اُدھر مت ہلو!”
اس کے بجائے انہوں نے کہا:
“ہمارے دوسرے دوست بھی قطار میں شامل ہو رہے ہیں۔ آئیے، سب کے لیے جگہ بناتے ہیں تاکہ سب آرام سے ساتھ چل سکیں۔”
ان کی بات کرنے کا انداز بہت نرم، احترام والا اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا تھا۔
بچوں کو اپنے کام کے بارے میں سوچنا سکھانا
کلاس میں واپس آنے کے بعد بچوں نے اپنے سیکھے اور کیے گئے کاموں کے بارے میں بات کی۔ عام طور پر ہمیں لگتا ہے کہ اتنے چھوٹے بچے اپنے کام کے بارے میں خود سوچ کر بتانے کے قابل نہیں ہوتے، لیکن سوتاپا نے اسے بہت آسان بنا دیا۔ انہوں نے بچوں سے پوچھا:
“آج تم نے کیا اچھا کیا؟”
بچے فوراً جواب دینے لگے۔ ایک بچے نے کہا: “میں نے گنتی اچھی کی۔” دوسرے بچے نے کہا: “مجھے یہ کام مشکل لگا۔” یہ دراصل ایک عکس تھا جس کے لیے مشکل الفاظ استعمال نہیں کیے گئے تھے۔ بچوں نے بہت آسان اور سچے الفاظ میں اپنی بات بتائی۔
توجہ حاصل کرنے کے لیے کھیل کھیلنا
اس کے بعد سوتاپا نے بچوں کے ساتھ ایک دلچسپ کھیل کھیلا۔ انہوں نے کہا:
“اپنے ہاتھ پیٹ پر رکھو!”
لیکن خود انہوں نے اپنے ہاتھ سر پر رکھ لیے۔ بچے فوراً سمجھ گئے کہ استاد انہیں آزما رہی ہیں اور سب ہنسنے لگے۔ بعد میں سوتاپا نے بچوں سے پوچھا:
“ہم نے یہ کھیل کیوں کھیلا؟”
ایک بچے نے فوراً جواب دیا: “توجہ کے لیے!” یہ بات میرے لیے بہت حیران کن تھی۔ صرف پانچ سال کے بچے کو بھی معلوم تھا کہ کھیل کا مقصد صرف ہنسنا یا مزہ کرنا نہیں تھا بلکہ اپنی توجہ اور دھیان کو بہتر بنانا تھا۔ یہ صرف کھیل نہیں تھا بلکہ کھیل کے ذریعے سیکھنا تھا۔
کلاس میں بچے بار بار آواز دیتے: “مس سوتاپا! مس سوتاپا!” وہ اپنی کہانیاں اور باتیں سنانا چاہتے تھے۔ سوتاپا نے انہیں ڈانٹنے کے بجائے بہت سکون سے کہا:
“اپنی کہانیاں ابھی کے لیے روک کر رکھ لیتے ہیں۔ لنچ کے وقت ہمارے پاس بات کرنے کے لیے کافی وقت ہوگا۔”
بچوں میں اچھے اخلاق اور جذباتی سمجھ بوجھ پیدا کرنا
کلاس کی ہر چھوٹی بات میں بچوں کو دوسروں کے ساتھ اچھے طریقے سے رہنا اور اپنے جذبات کو سمجھنا سکھایا جا رہا تھا۔ مثلاً:
-
بات کرنے کے لیے اپنے ہاتھ اوپر کرنا۔
-
دوسرے بچوں کے جواب کا احترام کرنا۔
-
کسی سے جگہ بدلنے کے لیے دوسرے کی اجازت لینا۔
-
ہر بچے کو اپنی بات کہنے کا موقع دینا۔
-
اچھی عادت پر انگوٹھا اوپر کرنا اور بری عادت پر انگوٹھا نیچے کرنا۔
جو بچے بہت زیادہ شرارتی یا متحرک تھے، انہیں بھی ڈانٹا نہیں جاتا تھا۔ استاد انہیں کوئی ایسا کام دے دیتی تھیں جس میں ان کی توانائی صحیح جگہ استعمال ہو سکے، مثلاً بچوں میں کتابیں بانٹنا۔ جب کوئی بچہ دوسرے بچوں کو کتابیں دیتا تو پوری کلاس مل کر کہتی: “تھینک یو!” یعنی “شکریہ!” اس طرح بچوں کی زیادہ توانائی کو دبانے کے بجائے اسے مفید کام میں استعمال کیا جا رہا تھا۔

کلاس کا سب سے روشن رنگ: استاد
کلاس روم بہت خوب صورت اور رنگ برنگا تھا۔ دیواروں اور اردگرد بچوں کے لیے دلچسپ اور خوب صورت چیزیں موجود تھیں، لیکن مجھے لگا کہ کلاس کا سب سے روشن اور خوب صورت رنگ خود استاد تھیں۔ ان کا بات کرنے کا انداز، آواز میں نرمی اور اتار چڑھاؤ، سب بچوں کو ساتھ لے کر چلنا اور ہر کام کے پیچھے ایک مقصد رکھنا، کلاس روم کو خاص بنا رہا تھا۔
یہ کلاس صرف اس لیے اچھی نہیں لگ رہی تھی کہ میں وہاں موجود تھی اور مشاہدہ کر رہی تھی۔ صاف نظر آ رہا تھا کہ بچوں نے یہ سب عادتیں پہلے سے ہی سیکھی ہوئی تھیں۔ یہ ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی تھیں۔ اسی وجہ سے بچے اسکول میں نظم و ضبط اور مقصد کے ساتھ کام کرنا سیکھ رہے تھے۔
کلاس روم سے ملنے والا سبق
جب میں کلاس سے باہر نکلی تو میں اس تجربے کے بارے میں سوچتی رہی۔ اس کلاس نے مجھے یاد دلایا کہ بچوں کو سکھانے میں صرف کتابیں اور سبق ہی اہم نہیں ہوتے۔ استاد کا اپنا عمل، سب کو ساتھ لے کر چلنا اور ہر کام کے پیچھے مقصد بتانا بھی بہت اہم ہے۔
پری پرائمری کلاسیں صرف ABC اور 123 سکھانے کی جگہ نہیں ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں بچوں میں اچھی عادتیں، اچھے اخلاق، دوسروں کا احترام، ذمہ داری اور زندگی گزارنے کا صحیح طریقہ پیدا ہوتا ہے۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں آگے چل کر بچے کی پوری زندگی پر اثر ڈال سکتی ہیں۔
سوتاپا کی کلاس میں ہر کام کے پیچھے ایک مقصد تھا۔ استاد کا ہر لفظ اہم تھا۔ اور سب سے بڑھ کر، ہر بچے کو یہ احساس تھا کہ اس کی بات سنی جا रही ہے اور اسے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ سوتاپا کو پڑھاتے دیکھنا ایسا تھا جیسے کسی زرخیز زمین میں بیج بوئے جا رہے ہوں۔ یہ بیج آج چھوٹے ہیں، لیکن وقت کے ساتھ اپنی جگہ بنائیں گے، پودے بنیں گے اور ایک دن خوب صورت پھولوں کی شکل میں سامنے آئیں گے۔ اسی طرح آج پری پرائمری میں بچوں کو دی جانے والی اچھی عادتیں اور اچھی اقدار مستقبل میں ان کی شخصیت کو خوب صورت بنائیں گی۔
مصنفہ : الیخیا بیلاپو
مترجم : علما خان
مصنفہ کے بارے میں
الیخیا بیلاپو ایک تعلیمی رہنما اور ایک ایسی استاد ہیں جو بچوں کے سوالات کو نئی دریافتوں میں بدلتے دیکھنا پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے CBSE اور کیمبرج، دونوں نصاب کے ساتھ کام کیا ہے۔ وہ ایسی تعلیم پر یقین رکھتی ہیں جس میں بچے صرف کتاب پڑھنے کے بجائے خود کام کریں، سوال پوچھیں، چیزوں کو سمجھنے کی کوشش کریں اور نئی باتیں دریافت کریں۔ ان کے نزدیک ہر لمحہ بچے کے اندر حیرت اور تجسس پیدا کر سکتا ہے، ہر گفتگو اسے کچھ نیا سوچنے کا موقع دے سکتی ہے اور ہر بچہ سچ کو تلاش کرنے والا بن سکتا ہے۔
مصنفہ سے اس ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: [email protected].
ماخذ: ٹیچر پلس میگزین
اصل انگریزی مضمون کے لیے اس لنک پر کلک کریں



