تعلیمخیالاتماحولیاتی سائنسزبانسائنسریاضی

مختلف مضامین کے تدریسی طریقے- فن تعلیم و تربیت-باب ۳۴

اس مضمون میں اسلامیات، مادری زبان (اردو)، ریاضی، جغرافیہ اور عام سائنس جیسے اہم مضامین کی مؤثر تدریس کے بنیادی اصولوں اور عملی طریقوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں بچوں کی ذہنی استعداد، دلچسپی اور روزمرہ زندگی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم دینے، ان میں مشاہدے، غور و فکر، اظہارِ خیال اور عملی مہارتوں کو فروغ دینے کے مفید طریقے بیان کیے گئے ہیں۔ یہ مضمون اساتذہ کے لیے تدریسی عمل کو زیادہ بامقصد، مؤثر اور دلچسپ بنانے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

مختلف مضامین کے تدریسی طریقے

تدریس اور طریقۂ تدریس پر اصولی بحثوں کے بعد مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اہم مضامین کے تدریسی طریقوں پر اختصار سے کچھ ضروری معلومات فراہم کر دی جائیں۔

۱۔ اسلامیات

یہ مضمون اسلامی نظامِ تعلیم کی جان ہے اور تمام مضامین و مشاغل کے لیے روحِ رواں کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے پورے ادارے کو مجموعی حیثیت سے اور ہر معلّم کو اپنے طور پر تمام نصابی و غیر نصابی مصروفیات میں اس مضمون کو مرکزی مقام دینا چاہیے اور ادارے کو اپنے معمولات، نیز اساتذہ کو اپنے قول و عمل اور سیرت و کردار سے اس کی سچی شہادت پیش کرنی چاہیے۔ درس گاہ، اقامت گاہ اور قریبی ماحول میں ایسی فضا بنانے اور اسے قائم رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے جس سے اسلامی اقدار کو استحکام اور بالاتری حاصل ہو اور طلبہ کو شعوری اور غیر شعوری تقلید کے لیے اچھے نمونے مل سکیں۔ پسندیدہ عادات و اطوار ڈلوانے اور ناپسندیدہ عادات کو ترک کرانے کا پورا اہتمام ہونا چاہیے اور اس بات کی فکر کرنی چاہیے کہ ماحول میں معروف کو فروغ حاصل ہو اور منکرات کی بیخ کنی ہو۔

ابتدائی درجات میں اسلامیات مندرجہ ذیل مضامین و مشاغل پر مشتمل ہوگی:

  • قرآنِ حکیم ناظرہ، مخارج کی صحت کے ساتھ پورا کلامِ پاک پڑھنا، منتخب سورتیں اور رکوع حفظ کرنا۔

  • اختصار سے سیرت النبی ﷺ، انبیائے کرام، صلحائے امت اور مشاہیرِ ملت کے اہم واقعات، نیز تاریخی و اخلاقی کہانیاں اور عقائد و عبادات کے متعلق ضروری معلومات۔

  • اخلاقی و معاشرتی تربیت۔

  • وضو، نماز، روزہ وغیرہ کی عملی تربیت۔

ان کی تعلیم میں یہ مقصد پیشِ نظر ہوگا کہ بچوں کے قول و فعل، علم و عمل اور عقائد و افکار اسلامی تعلیمات کے مطابق ہوں۔ اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے، اس کی مرضی کے مطابق انفرادی، عائلی اور اجتماعی زندگی گزارنے کا سلیقہ آئے اور اس ضمن کی ذمہ داریوں کو انجام دینے کی عملی تربیت ہو۔ علم پر خود عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی تحریک پیدا ہو۔

طریقۂ تعلیم سے متعلق ہدایات

  • عام قرآنی قاعدوں سے ابتدا نہ کی جائے، کیونکہ یہ قاعدے بچوں کے لیے عموماً خشک ہوتے ہیں۔ حروفِ تہجی کی شناخت، جوڑ پیوند، حرفوں کی ملاوٹ اور نسخ میں لکھی ہوئی آسان اور رواں عبارتیں پڑھانے کے جدید طریقے اختیار کیے جائیں۔ الفاظ اور عبارتیں اردو کی ہوں تاکہ بچوں کے لیے قابلِ فہم رہیں۔

  • تہجی چارٹ، منی کتاب اور قاعدہ نسخ (مکتبہ جماعت اسلامی ہند، دہلی) سے ابتدا کرائی جائے۔ ان میں دی گئی ہدایات کا لحاظ رکھا جائے اور تختۂ سیاہ کا استعمال کیا جائے۔ اس طرح بچے نہایت آسانی اور دلچسپی سے اردو بھی پڑھنے لگتے ہیں اور خطِ نسخ سے بھی بخوبی واقف ہو جاتے ہیں۔ نیز ابتدا ہی سے اردو کے لیے الگ اور قرآنِ مجید کے لیے الگ دو قاعدوں کا بوجھ نہیں پڑتا۔

  • حروف اور الفاظ کی ادائیگی میں مخارج کی صحت کا ابتدا ہی سے پورا لحاظ رکھا جائے۔

  • سالِ دوم میں یسرنا القرآن یا اس طرز پر لکھے ہوئے کسی اور دل چسپ قاعدے کی مدد سے وہ اہم قواعد بھی تختۂ سیاہ کے ذریعے ذہن نشین کرا دیے جائیں جو روانی سے ناظرہ پڑھنے کے لیے ضروری ہیں۔ تمام قواعد اسی مرحلے پر بتا دینا ضروری نہیں۔ اب پارۂ عم سے ابتدا کرائی جائے اور مخصوص قواعد، رسم الخط اور رموزِ اوقاف وغیرہ رواں پڑھاتے وقت حسبِ ضرورت و موقع بتائے جائیں۔

  • معلّم کو صحیح مخارج اور والہانہ انداز سے پڑھنے کا خود نمونہ پیش کرنا چاہیے اور بچوں سے بھی اجتماعی و انفرادی طور پر اسی طرح ادا کرانا چاہیے۔ ہجے پر زیادہ زور دینے سے روانی جاتی رہتی ہے، اس لیے جہاں بچے غلطی کریں، صرف وہیں روک کر ہجے کرائے جائیں۔

  • قرآنِ مجید کے احترام کے ضمن میں بھی ابتدا ہی سے توجہ دلائی جائے اور خود قابلِ تقلید نمونہ پیش کیا جائے۔

  • قرآنِ مجید کی تعلیم کے دوران درجے کی فضا نہایت خوش گوار رکھی جائے، شفقت و محبت کا مظاہرہ کیا جائے۔ سختی، ڈانٹ پھٹکار وغیرہ سے قطعی گریز کیا جائے تاکہ اس کتاب کے ساتھ خوش گوار جذبات وابستہ ہوں۔

  • دینی معلومات کے ضمن میں تدریجاً اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کا واضح تصور دلایا جائے اور اس کے احسانات بتائے جائیں۔ اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا طریقہ سمجھایا جائے اور اس ضمن میں آنحضرت ﷺ، صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور صلحائے امت کے اسوے پیش کیے جائیں۔

  • عبادات و معاملات یا اخلاق و معاشرت سے متعلق زبانی تقریر کرنے یا مجرد اصول سمجھانے کے بجائے انہیں عملاً برتنے کے طریقے سکھائے جائیں۔ تاریخی و اخلاقی کہانیوں کا سہارا لیا جائے، نیز عمل کے کافی مواقع فراہم کیے جائیں۔ جسم و لباس پاک کرنے، غسل یا وضو کرنے اور نماز پڑھنے کا مکمل طریقہ عملاً سکھایا جائے۔ ان کے اجزا کو فرائض، واجبات، سنن و مستحبات وغیرہ میں تقسیم کرکے ان کی طویل فہرست رٹنے پر بچوں کو مجبور نہ کیا جائے، ورنہ طلبہ پر قبل از وقت غیر معمولی بوجھ بھی پڑے گا اور بددلی بھی پیدا ہوگی۔ یہ طویل فہرستیں عموماً بچوں کو اس مضمون سے متنفر کر دیتی ہیں۔ مکمل طریقہ عملاً بتانے سے وہ بآسانی اور شوق سے سیکھ لیں گے اور اسے ٹھیک ٹھیک انجام دیں گے۔ نماز کے اذکار و دعائیں وغیرہ یاد کرانے کے لیے ابتدائی دو تین جماعتوں میں طلبہ سے پوری نماز بلند آواز سے باجماعت کسی ایسے بچے کی امامت میں ادا کرائی جایا کرے جسے نسبتاً زیادہ یاد ہو اور معلّم تعدیلِ ارکان اور مخارج کی صحت کا لحاظ رکھے۔

درس گاہ میں سنجیدہ دینی فضا بنانے کے لیے مندرجہ ذیل ذرائع سے کام لیا جائے:

۱۔ مختلف مواقع کے اسلامی آداب سمجھا کر ان کی پابندی کرائی جائے۔

۲۔ نماز اور مسجد کو تربیت کا ذریعہ بنایا جائے۔ سنجیدگی کا ماحول، اجتماعی روح، پاکیزگی اور خشوع و خضوع کی کیفیت پیدا کرنے میں ان سے بڑی مدد ملے گی۔

۳۔ اجتماعی حاضری میں بلند آواز سے ایسی حمد و نعت کا اہتمام کیا جائے جن کا بحر مترنم، الفاظ آسان اور اشعار قابلِ فہم ہوں۔ ایک ہی حمد یا نعت مسلسل نہ پڑھی جائے۔

۴۔ اجتماعات و مذہبی تقریبات منانے کا اہتمام کیا جائے۔ ان کے ذریعے دینی معلومات میں اضافہ اور دین سے جذباتی لگاؤ پیدا کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

۵۔ آیات و احادیث، اقوالِ زریں، دینی پوسٹرز وغیرہ سلیقے سے جگہ جگہ آویزاں ہوں، جن کی زبان آسان اور بلیغ، خط جلی اور خوب صورت، اور انداز دل کش اور جاذبِ نظر ہو۔

۶۔ مذاکرات کی مجالس منعقد کی جائیں یا توسیعی تقاریر کا بندوبست کیا جائے۔

۷۔ دینی کتب، اخبارات و رسائل کا بندوبست کیا جائے۔

۸۔ دینی و تبلیغی جلسوں میں شرکت کے مواقع دیے جائیں۔

۹۔ رفاہی کاموں اور خدمتِ خلق کے پروگرام بنائے جائیں اور ان پر عمل کرایا جائے۔

۱۰۔ معروف کے قیام اور منکرات کے ازالے کے لیے ہفتے منائے جائیں۔

۲۔ مادری زبان (اردو)

مادری زبان ہونے کی وجہ سے اردو کو نصاب میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ اپنی بات سمجھانے اور دوسروں کی بات سمجھنے کا یہ فطری اور مؤثر ترین ذریعہ ہے۔ ہمارا بیشتر علمی و ادبی سرمایہ اور دینی لٹریچر اسی زبان میں ہے۔ دوسری زبانوں کے مقابلے میں قرآن و سنت سے استفادے میں بھی یہی زبان زیادہ معاون ہوتی ہے، کیونکہ رسم الخط، متعدد الفاظ و تراکیب، محاورات و ضرب الامثال، تلمیحات و تشبیہات، خیالات و جذبات، شعائر و آداب وغیرہ سے طلبہ اسی کے ذریعے بہت حد تک مانوس ہو جاتے ہیں۔ اپنی مادری زبان اور اس کے ادب سے طلبہ کو طبعاً جو والہانہ لگاؤ ہوتا ہے، وہ کسی اور زبان سے ہرگز نہیں ہو سکتا۔ مادری زبان ہونے کی وجہ سے تمام مضامین کے لیے یہی ذریعۂ تعلیم بھی ہوتی ہے، چنانچہ اسی میں استعداد پر دوسرے تمام مضامین کی ترقی کا انحصار ہوتا ہے۔

اس کی تدریس میں مندرجہ ذیل مقاصد پیشِ نظر ہونے چاہئیں:

  • طلبہ کو زبانی و تحریری اظہارِ خیال و جذبات پر قدرت حاصل ہو۔ دوسروں کے خیالات و جذبات، خواہ وہ زبانی ہوں یا تحریری، طلبہ بآسانی سمجھ سکیں۔ ان کے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ ہو۔

  • مادری زبان کی تعلیم میں بولنے، پڑھنے اور لکھنے، تینوں میں ہم آہنگی کے ساتھ لیاقت پیدا کرنا شامل ہے۔ زبان کی تدریس نامکمل ہوگی اگر ان میں سے کسی ایک کی طرف بھی لاپروائی برتی گئی یا کسی ایک پہلو کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

بولنا سکھانے کا طریقہ

زبان کا سب سے اہم جز یہی ہے۔ اظہارِ خیال و جذبات کے لیے ہر فرد کو سب سے زیادہ اسی ذریعے سے کام لینا پڑتا ہے، اس لیے اسے سکھانے کی طرف بہت زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ ہمارے مدارس میں عموماً اس طرف سے بہت غفلت برتی جاتی ہے اور صرف پڑھنا لکھنا سکھا دینے ہی کو کافی سمجھا جاتا ہے، حالاں کہ سب سے پہلے اور سب سے زیادہ اسی پہلو پر توجہ دینی چاہیے۔ اس ضمن میں مندرجہ ذیل امور پیشِ نظر رہیں:

  • بچے کو اتنا مانوس کر لیا جائے کہ وہ بے جھجک اظہارِ خیال کر سکے۔

  • اس کے والدین، بھائی بہن، محلہ پڑوس، گھریلو زندگی، اس کے پسندیدہ کھیل کھلونوں، غذا، لباس، گھریلو اور پالتو جانوروں وغیرہ کے متعلق بات چیت کی جائے تو وہ بہت جلد مانوس ہو جاتا ہے۔ لیکن ان کے ضمن میں زیادہ تفصیلات میں نہ جائیں بلکہ صرف ان پہلوؤں پر بات چیت کی جائے جن سے بچے کو لگاؤ اور دلچسپی ہو۔

  • اپنی جگہ کھڑے ہو کر، درجے کے سامنے آکر اور مجمع کے سامنے کھڑے ہو کر کچھ کہنے پر اکسایا جائے۔ مثلاً کسی سوال کا مختصر جواب دینا، سوال کرنا، کوئی اعلان کرنا یا پیغام پہنچانا، نظم، قرأت، رٹے ہوئے مربوط جملے سنانا۔ جانوروں کی بولیوں اور حرکات کی نقل وغیرہ جھینپ اور جھجک دور کرنے میں معاون ہوتی ہیں۔

  • مختلف نصابی و غیر نصابی مصروفیات و مشاغل، خصوصاً آرٹ کرافٹ، وضو، نماز، کہانیاں اور کھیل وغیرہ، بات چیت کے کافی مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ان سے فائدہ اٹھایا جائے۔

  • بچوں سے گفتگو میں اس بات کا لحاظ رہے کہ بات چیت زیادہ سے زیادہ غیر رسمی اور فطری ہو اور انداز دل کش، شائستہ اور خوش گوار ہو، واضح اور صحت کے ساتھ بولنے، پورا جواب دینے اور مناسب طرزِ ادا اختیار کرنے کی طرف توجہ دلائی جائے۔

  • دورانِ گفتگو بچوں کی غلطیوں کی اصلاح کی جائے، لیکن احساسِ کمتری پیدا نہ ہونے دیا جائے۔ بہتر ہو کہ غلط لفظ، جملے یا طرزِ ادا کی اصلاح کے لیے خود صحیح انداز سے ادا کرکے کہلوایا جائے۔

  • پھر گرد و پیش کی اشیا، حیوانات، روزمرہ کے واقعات و مشاہدات وغیرہ پر بتدریج مربوط گفتگو کرائی جائے۔ اس سے انشا میں بھی مدد ملے گی۔

  • آخر میں کہانیاں، مکالمے، لطیفے اور مختصر مربوط جملے بطورِ تقریر رٹ کر اجتماعات میں پیش کرنے کی مشق کرائی جائے۔ انداز کتاب پڑھنے کا نہیں بلکہ تقریر کا ہو۔

پڑھنا سکھانے کے طریقے

طریقۂ تہجی کے بجائے، جو آج عموماً رائج ہے، مخلوط طریقے سے پڑھنا شروع کرایا جائے۔ تفصیلی ہدایات کے لیے منی کتاب اور قاعدہ نسخ دیکھیں اور ان سے مدد لیں۔ نظم و نثر پڑھانے کے لیے ہماری کتاب کے سیٹ میں دی گئی ہدایات اور مشقوں سے فائدہ اٹھائیں۔

ابتدائی درجات میں قواعد الگ سے نہ پڑھائے جائیں بلکہ بولنے یا لکھنے میں جو غلطیاں ہوں، ان کی اصلاح کے ضمن میں صحیح زبان بولنے یا لکھنے کے جس قاعدے کی خلاف ورزی ہوتی ہو، اس کی نشاندہی کریں۔

لکھنا سکھانے کا طریقہ

ابتدا ڈرائنگ سے کرائی جائے۔ سادہ لکیروں، چوکور، تکونی اور گول شکلوں میں جزوی تبدیلی کرکے تصاویر اور دلچسپ رنگین مشاغل کے ذریعے گرفت، اعصاب پر قدرت اور آنکھ، دماغ اور ہاتھ سے بیک وقت کام لینے کی مشق کرائیں۔ یہ کام رنگین بتیوں سے سلیٹ پر یا رنگین چاک سے تختۂ سیاہ اور کالی تختیوں پر شروع کرایا جائے۔

پھر رفتہ رفتہ حروف اور الفاظ کی ڈرائنگ کی طرف لائیں۔ جتنا پڑھائیں، ابتدا میں اس کی نقل بھی کرائیں۔ اس طرح ہجے اور املا میں بھی مدد ملے گی اور سبق یاد بھی ہو جائے گا۔ لکھتے وقت قلم کی گرفت اور صحیح طرزِ نشست کا پورا خیال رکھیں۔ پھر تختی پر سیٹھے کے قلم سے مشق کرائیں۔ املا صرف ان حصوں کا ہو جن کی وہ کافی مشق کر چکے ہوں تاکہ غلطیاں کم سے کم ہوں۔ ابتدا میں صرف صاف اور واضح لکھنے پر زور دیں۔ بعد میں صحیح اور خوش خط لکھنے، بسم اللہ کہہ کر شروع کرنے، مناسب حاشیہ چھوڑنے، ڈیش لگانے اور صاف ستھرا لکھنے وغیرہ کا لحاظ رکھوائیں۔ انگلیاں سیاہی سے بھرنے، یا اِدھر اُدھر سیاہی چھڑکنے، دیواروں یا کاپیوں، کتابوں پر بلا ضرورت لکھنے کی ابتدا ہی سے روک تھام کی جائے۔

طریقۂ تعلیمِ انشا

  • متعلقہ عنوان پر تحریر سے قبل زبانی اظہارِ خیال اور بحث و مباحثے کا کافی موقع دیا جائے۔ عنوان کے انتخاب میں بچوں کی دلچسپی کا لحاظ رکھا جائے۔

  • ابتدا میں صرف ان عنوانات پر انشا کا کام کرایا جائے جن سے متعلق تجربات و مشاہدات کے کافی مواقع ملے ہوں تاکہ واضح تصورات قائم ہو چکے ہوں۔

  • انشا پروازی کے مثالی نمونے بھی دکھائے جائیں۔

  • انشا کا کام مناسب مقدار اور مناسب وقفے سے دیا جائے۔

  • عبارت میں ربط اور اظہارِ خیال میں نظم و ترتیب کا لحاظ رکھوایا جائے۔

  • مختصر اور عنوان سے متعلق باتیں لکھنے کی طرف توجہ دلائی جائے۔

  • ابتدائی درجات میں خالی جگہیں پُر کرنا، الفاظ کو استعمال کرکے جملے بنانا اور موزوں الفاظ کے انتخاب وغیرہ کی مشقیں ہوں۔ پھر دیے ہوئے عنوانات پر چند مربوط جملے لکھنا سکھائیں اور رفتہ رفتہ مربوط عبارتیں لکھوائیں۔ طویل انشا پروازی کی بچوں سے توقع نہ رکھی جائے۔

  • تحریری کام کی بروقت اصلاح کی جائے، لیکن تمام غلطیوں کی ایک ساتھ اصلاح نہ کی جائے بلکہ بتدریج غلطیاں درست کرائی جائیں۔ بھونڈی غلطیاں پہلے لی جائیں اور معمولی بعد میں۔

  • غلطیاں زیادہ ہوں تو دوبارہ لکھوایا جائے۔ کمیت سے زیادہ کیفیت پر زور دیا جائے۔

  • اچھے انشا پر نمبر کے ساتھ موزوں ریمارک بھی دیتے جائیں۔ ہر انشا پر کچھ ضروری ہدایات دی جائیں۔

خطوط نویسی

خطوط نویسی کی بھی مشق کرائی جائے۔ طلبہ کو ہدایت کیجیے کہ بسم اللہ سے ابتدا کریں اور اوپر باسمہٖ سبحانہٗ لکھ دیا کریں۔ اوپر دائیں طرف مختصر پتہ اور بائیں طرف تاریخ ڈالیں۔ مختصر القاب سے مخاطب کریں۔ القاب کے ساتھ سلامِ مسنون یا السلام علیکم لکھیں اور نئے پیراگراف سے مدعا لکھیں۔ خاتمے پر اپنے تعلق کو ظاہر کرنے والے الفاظ کے ساتھ اپنا نام لکھ دیا کریں۔ غصے کی حالت میں خط نہ لکھیں۔ خطوط کے جواب ضرور دیں۔ خط مختصر لکھا کریں۔ ہر خط پر اپنا پتہ ضرور لکھ دیا کریں۔ مصیبت میں ہمدردی اور خوشی میں مبارک باد کا خط لکھیں۔ بغیر اجازت دوسروں کے خط نہ پڑھیں۔ پتہ خوش خط لکھا کریں اور روانہ کرنے سے پہلے دوبارہ پڑھ لیں۔ غیر متعلق آدمیوں سے جواب طلب باتوں کے لیے جوابی کارڈ یا ٹکٹ بھیج دیا کریں۔ ڈاک میں ڈالنے کے لیے کوئی خط دے تو ضرور ڈال دیا کریں۔

۳۔ ریاضی

ہماری روزمرہ زندگی میں ریاضی کی بہت اہمیت ہے۔ کوئی فرد خواہ کسی پیشے سے تعلق رکھتا ہو، ریاضی کے بغیر اس کا کام نہیں چل سکتا۔ سودا سلف، خسرو زکوٰۃ، لین دین، وراثت و فرائض، سب میں اس کی ضرورت پڑتی ہے۔ اسلامیات اور مادری زبان کے بعد نصاب کا سب سے اہم مضمون یہی ہے۔ دوسرے مضامین کی کمزوریاں تو معمولی توجہ سے بعد میں بھی رفع ہو سکتی ہیں، لیکن پڑھنے لکھنے یا حساب میں اگر بعض بنیادی خامیاں رہ جائیں تو ان کی تلافی مشکل ہے، بلکہ ان کی موجودگی میں آگے بڑھنا بھی محال ہو جاتا ہے۔ مثلاً گنتیوں کے لکھنے پڑھنے پر اگر قدرت نہ ہو تو جمع گھٹانا نہیں سکھایا جا سکتا۔ چاروں مفرد قواعد پر بخوبی عبور نہ ہو تو بعد کے قواعد ہرگز نہیں سکھائے جا سکتے۔ اس لیے ابتدا ہی سے اس کی باقاعدہ تدریس اور بنیاد مضبوط کرنے کی فکر ہونی چاہیے۔

قابلِ لحاظ امور

  • ابتدائی درجات میں ریاضی کی تدریس کا مقصد دراصل روزمرہ کی زندگی اور مختلف مضامین و مشاغل میں پیش آنے والے ریاضی سے متعلق مسائل کو سمجھنے اور صحت و سرعت کے ساتھ انہیں حل کر لینے کی طلبہ میں لیاقت پیدا کرانا ہے۔ اس لیے اعداد و شمار اور مسائل وغیرہ بچوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق و مربوط ہی ہونے چاہئیں۔

  • بچوں کو ایسی صورتِ حال سے دوچار کرنے کی کوشش کریں کہ ریاضی کا جو قاعدہ یا ضابطہ انہیں سکھانے جا رہے ہیں، اس کی افادیت و ضرورت خود بچے بھی بخوبی محسوس کرنے لگیں۔ اس سے دلچسپی بھی پیدا ہوگی اور وہ پوری توجہ سے اسے سمجھنے اور یاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔

  • اعداد کا تصور دلانے یا گنتی، جمع، گھٹاؤ وغیرہ سکھانے کے لیے محسوس سے مجرد کی طرف چلیں۔ یعنی بال فریم، گولیوں، املی کے بیجوں، انگلیوں، استعمال کی چیزوں اور کھلونوں وغیرہ کی مدد سے سمجھائیں، پھر تنہا اعداد کے ذریعے مشق کرائیں۔

  • نئے نئے قاعدے اور ضابطے سکھانے میں جلد بازی سے کام نہ لیں۔ جب تک ایک قاعدے پر بخوبی عبور نہ ہو، دوسرا ہرگز نہ شروع کرائیں۔

  • ہر قاعدے کی بار بار مشق کرائیں۔ اعادے ہی سے صحت و سرعت کے ساتھ سوالات حل کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ ریاضی بہت ریاض چاہتی ہے۔ بغیر کافی مشق کے ریاضی نہیں آتی، البتہ بیزاری اور اکتاہٹ سے محفوظ رکھنے کے لیے تجسس، تحریک اور آمادگی کا پورا لحاظ رکھیں۔ ایک نشست میں اعادے کے لیے بہت مختصر وقت لیا کریں۔

  • صحت و صفائی کے ساتھ اعداد لکھنے پر شروع ہی سے توجہ دیں۔ دو یا زائد ہندسوں کے اعداد میں ہر ہندسے کی مقامی قیمت کا تصور بخوبی واضح رہے۔ مثلاً ستائیس میں دو دہائیاں اور سات اکائیاں ہیں۔ لکھنے میں بھی دو یا زائد ہندسوں کے اعداد بائیں سے دائیں لکھوائیں۔ مثلاً ۲۷ لکھنا ہے تو پہلے دو، پھر سات لکھنے کی عادت ڈلوائیں۔

  • ابتدائی درجات میں متعدد مثالیں دے کر قاعدے اخذ کرائیں۔ قاعدہ بخوبی ذہن نشین ہونے کے بعد بھی مشق کے کافی مواقع دیں۔

  • رفتہ رفتہ اتنی مشق کرائیں کہ جمع کرنے، گھٹانے یا پہاڑے پڑھنے میں بچے ایک مرتبہ میں مطلوبہ جواب دے سکیں۔ انہیں پورا نہ گننا پڑے۔ مثلاً سات اور پانچ بارہ، آٹھ ستے چھپن وغیرہ، نہ کہ انگلیوں کی مدد سے آٹھ، نو، دس، گیارہ، بارہ گننا یا آٹھ ایکم آٹھ سے آٹھ ستے تک گننا۔

  • ضربی پہاڑے وغیرہ یاد کرانے سے پہلے یہ ضرور سمجھا دیا کریں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔

  • مشقوں میں اتنے بڑے اعداد ہرگز نہ دیں جن کی زندگی میں شاذ و نادر ہی ضرورت پیش آتی ہے یا چھوٹی عمر میں جن کا تصور بھی ناممکن ہے، جیسا کہ عموماً رائج رہا ہے کہ ابتدائی درجات میں مہا سنکھ تک کی مشقیں ہوتی تھیں۔

  • ایک ہی حقیقت کو متعدد طریقوں سے ذہن نشین کرائیں، مثلاً تین دو پانچ، پانچ تین آٹھ، تین سے پانچ بقدر دو کم ہے، یا تین سے پانچ بقدر دو زیادہ ہے، یا ۵ + ۳ = ۳ + ۵۔

  • سوالات دے کر حل کر لینے ہی پر اکتفا نہ کریں بلکہ صحیح حل کی جانچ کا طریقہ بھی سکھائیں اور طلبہ سے جانچ کرایا کریں۔ کبھی کبھی خود طلبہ سے بھی سوال بنانے کو کہیں۔

  • تحریری کے ساتھ زبانی سوالات حل کرانے پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ روزمرہ کی زندگی میں عام افراد کو حساب کتاب کے ایسے مسائل سے کم ہی سابقہ پیش آتا ہے جن کے لیے انہیں کاغذ قلم لے کر بیٹھنا پڑے۔ عام طور پر زبانی کام چلانا پڑتا ہے، اس لیے مسائل کو عموماً زبانی حل کر لینے کی اچھی صلاحیت بہم پہنچائیں۔ زبانی سوالات کی مشق تحریری سوالات کو بھی صحت و سرعت سے حل کرنے اور عبارتی سوالات سمجھنے میں بہت معاون ہوتی ہے۔ ہر سبق کے ابتدائی چند منٹ زبانی سوالات ہی کے لیے مخصوص رکھیں اور کبھی کبھی اس کے لیے پورے گھنٹے لیے جائیں۔ ابتدائی درجات میں تو زبانی سوالات پر تقریباً نصف وقت صرف کرنا چاہیے۔

  • عبارتی سوالات میں عبارت آسان اور قابلِ فہم رکھیں تاکہ بچے تھوڑی جدوجہد سے حل کر سکیں۔ پیچیدگی بتدریج لائی جائے۔

گنتی سکھانا

  • مدرسے میں آنے سے پہلے بچوں کو محدود گنتیاں بے ربط یاد ہوتی ہیں۔ وہ عموماً چیزوں کی مقدار کا اندازہ کرتے ہیں۔ کسی چیز کے بارے میں کم یا زیادہ کا تصور ہوتا ہے اور اسی پر وہ مطمئن ہوتے ہیں۔

  • گنتی کی ابتدا ان اشیا سے کی جائے جنہیں بچے چھو سکیں یا اِدھر اُدھر کر سکیں، مثلاً املی کے بیج، گولیاں وغیرہ۔

  • گنتی کی نظموں سے بھی مدد لی جائے، مثلاً ایک دو تین، قائم کر دیں؛ تین دو ایک، بن جائیں نیک وغیرہ۔

  • پہلے پانچ تک، پھر دس تک سیدھا اور الٹا گننا اور لکھنا سکھائیں۔ بتدریج آگے بڑھیں۔ ترتیب سے لکھوانے کے بعد بے ترتیب گنتی کی بھی خوب مشق کرائیں۔

چاروں مفرد قواعد

  • گنتیاں سکھانے کے ساتھ ساتھ رفتہ رفتہ جمع و تفریق کا بھی تصور دلائیں اور اتنی مشق کرائیں کہ بچے اشیا کی مدد کے بغیر بھی گننے لگیں، مثلاً تین سے دو ایک کم ہے اور دو سے تین ایک زیادہ۔

  • جمع و تفریق میں انگلیوں سے گننے کا کام لیا جائے، لیکن کچھ عرصے بعد اس عادت کو ترک کرادیں۔

  • تیلیوں کے بنڈل یا سلائی کے خالی ڈبوں میں املی کے دس دس بیجوں سے دہائی کا تصور دلائیں اور ایک ایک کے اضافے سے اگلے اعداد سکھائیں۔ بال فریم کی مدد سے بھی اکائی اور دہائی کا تصور دلایا جائے اور ان کو اعداد میں ظاہر کرنے کا طریقہ سکھایا جائے۔

  • بیس تک گنتیاں سکھانے کے بعد جوڑے جوڑے رکھ کر دو کا ضربی پہاڑا بھی بنا دیں اور متعدد مثالوں سے سمجھا دیں کہ جمع کا آسان طریقہ پہاڑے سے مدد لینا ہے۔

  • دس یا کم چیزوں کے گروہ بنا کر (مثلاً ۲، ۲؛ ۳، ۳؛ ۴، ۴) ڈھیریاں لگا کر یا اتنے بچوں میں تقسیم کرکے تقسیم کا تصور دلائیں، مگر اعداد ایسے ہوں جو پورے پورے تقسیم ہو سکیں۔

  • سالِ اول میں اس طرح ۵۰ تک گنتی، ۵ تک ضربی پہاڑے اور اسی کے اندر جمع و تفریق کے سوالات کی خوب مشق کرائیں۔ جمع کے سوالات میں دہائی حاصل لے سکتے ہیں، لیکن تفریق کے سوالات میں دہائی سے ادھار نہ لینا پڑے۔

  • جمع کے بیس کے اندر کے اور تفریق کے باقی دس کے اندر کے ٹیبل بنا کر یاد کرادیں، مثلاً ایک ایک دو، ایک دو تین، ایک تین چار وغیرہ، یا ایک میں سے ایک گئے کچھ نہیں، دو میں سے ایک گئے ایک وغیرہ۔

  • چاروں مفرد قواعد سالِ دوم میں اچھی طرح سکھا دیں، لیکن مشق کا سلسلہ آگے بھی جاری رہے۔

کسروں کا تصور

  • پھل، کاغذ کے گول اور چوکور ٹکڑے، چھڑیاں وغیرہ کاٹ کر ۱/۲، ۱/۴، ۳/۴ وغیرہ کا تصور بآسانی دیا جا سکتا ہے۔ رفتہ رفتہ دس تک ان کے کسری پہاڑے بھی بنوائے جائیں۔

  • کاغذ پر چوکور شکلیں بنا کر انہیں ۱/۲، ۱/۴ اور ۱/۸ خانوں میں تقسیم کریں، اور پھر ان خانوں کی مدد سے درج ذیل کا تصور دلائیں:

          ۱۔ ۱/۲ + ۱/۴ = ۳/۴

          ۲۔ ۱/۲ = ۲/۴ = ۴/۸

          ۳۔ ۱/۲ کا ۱/۲ = ۱/۴

          ۴۔ ۱/۴ کا دو گنا = ۱/۲

۴۔ جغرافیہ

اللہ ساری کائنات کا خالق، رازق اور مالک ہے۔ اس نے اپنی بے پایاں مملکت کے ایک حقیر حصے، زمین، پر انسان کو اپنا خلیفہ بنایا ہے۔ اسی کی مٹی سے انسان کی تخلیق ہوئی ہے۔ اس پر وہ ساری زندگی رہتا بستا ہے، اس کے وسائل و ذرائع سے فائدہ اٹھاتا ہے، طرح طرح کے تصرفات کرتا ہے اور مرنے کے بعد اسی میں دفن ہوتا ہے۔ غرض، بحیثیتِ خلیفہ یہی زمین اس کے میدانِ کار ہے۔ اس لیے اس کے متعلق معلومات ہر فرد کے لیے ضروری ہیں۔

جغرافیہ وہ علم ہے جس کے ذریعے روئے زمین کا حال معلوم ہوتا ہے، خصوصاً کسی خاص ماحول میں انسان کے رہن سہن کا علم۔ انسان کے رہن سہن پر اس کا طبعی ماحول، زمین کی ساخت، آب و ہوا، نباتات، پیداوار، حیوانات وغیرہ بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ جغرافیہ سے ان کا بھی علم حاصل ہوتا ہے۔

مختلف علوم و فنون کی مدد سے انسان نے اپنے ماحول میں طرح طرح کی تبدیلیاں کرکے اسے اپنے لیے سازگار بنایا ہے۔ انسان کے رہن سہن پر اس کے ماحول اور ماحول پر اس کی کوششوں کے اثرات کا علم جغرافیہ ہی کے ذریعے ہوتا ہے۔ اس لیے جغرافیہ کی تدریس ضروری ہے۔

ابتدائی درجات میں بتدریج مقامی، ضلعی، صوبائی اور ملکی جغرافیہ کا مختصر علم، دنیا کے مختلف ماحول میں رہنے والے بچوں کی شکل و صورت، لباس، رہن سہن وغیرہ کے متعلق معلومات اور سیاحوں کے سفرناموں اور مہمات کے ذریعے دنیا کا مختصر علم شاملِ نصاب ہوتا ہے۔

طریقۂ تعلیم

  • گرد و پیش کے جغرافیائی حالات، زمین پر فطرت کے کارفرما عوامل، نیز ماحول کو سازگار بنانے کے ضمن میں انسانی کوششوں کا علم بہم پہنچانے کے لیے کبھی کبھی باہر لے جا کر ندی نالوں، کھیتوں کھلیانوں، بازار، منڈیوں، ملوں، کارخانوں وغیرہ کا مشاہدہ کرائیں۔

  • تصورات کو واضح کرنے کے لیے تصاویر، چارٹس، گلوب اور نقشہ جات، غباروں کی کشتیوں پر مناظر، ماڈل اور اگر دستیاب ہو سکیں تو ویو ماسٹر اور میجک لینٹرن سے مدد لیں۔

  • دنیا کے مختلف خطوں کے بچوں کے متعلق معلومات جغرافیائی کہانیوں کے ذریعے فراہم کریں۔

  • سفرناموں اور بری، بحری، فضائی اور کوہ پیمائی سے متعلق مہمات کا تذکرہ بیانیہ انداز سے کریں۔

  • آپ بیتی کے انداز میں مختلف مصنوعات، مظاہرِ فطرت، ندی، پہاڑ، زمین وغیرہ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کریں۔ آخر میں خطہ وار بنیاد پر تمام دنیا کے متعلق اختصار سے معلومات بہم پہنچائیں۔

  • مختلف معدنیات، اناجوں، بیجوں اور مختلف پیداوار کے نمونے اور دیس دیس کے ٹکٹ جمع کرنے کا اہتمام کریں۔

  • کمرے کو جغرافیہ سے متعلق تصاویر، مناظر، چارٹس، نقشہ جات وغیرہ سے آراستہ کریں اور حسبِ ضرورت ان سے مدد لیں۔

۵۔ عام سائنس

اس مضمون میں (۱) حفظانِ صحت، (۲) وظائفِ اعضا، (۳) مطالعۂ قدرت، (۴) طبیعیات، (۵) ارضیات، (۶) فلکیات، (۷) کیمیا وغیرہ کی وہ ضروری معلومات شامل ہیں جو بچوں کو اپنے جسم، فطری ماحول، مظاہرِ قدرت، صحت مند عادات اور احتیاطی تدابیر وغیرہ کے ضمن میں بہرحال ہونی چاہئیں۔

مقاصد

اس مضمون کی تدریس میں مندرجہ ذیل مقاصد پیشِ نظر ہونے چاہئیں:

۱۔ فطری ماحول میں بکھری ہوئی متعدد نشانیوں کا مشاہدہ کرا کے خالقِ کائنات کی ذات و صفات کا طلبہ کے ذہن میں بتدریج واضح تصور بٹھانا۔

۲۔ گرد و پیش کے حیوانات، نباتات، جمادات، مناظرِ فطرت و مظاہرِ قدرت کے مشاہدے کی عادت ڈلوانا اور ان کے متعلق ضروری معلومات بہم پہنچانا۔ صانعِ فطرت کے مقرر کردہ ان قوانین و ضوابط سے طلبہ کو روشناس کرانا جو ان کی پشت پر کام کرتے ہیں، تاکہ وہ توہمات اور جاہلی عقائد سے محفوظ رہیں۔

۳۔ جسم کی بناوٹ، اعضا کے کام، حفظانِ صحت کے اصول، ابتدائی طبی امداد اور احتیاطی تدابیر سے طلبہ کو واقف کرانا۔

۴۔ خالقِ کائنات کے عطا کردہ بے پایاں خزانوں کی قدر و قیمت سمجھنے اور ان کو استعمال کرکے انسانیت کو نفع یا نقصان پہنچانے کی انسانی کوششوں کا اجمالی جائزہ لینے کے قابل بنانا۔

۵۔ طلبہ کی جبلتِ تحسین کو ابھارنا اور اس کی تسکین کے مواقع فراہم کرنا تاکہ وہ مختلف چیزوں کے متعلق کیا، کیوں اور کیسے جیسے سوالات سے واقف ہو سکیں۔

طریقۂ تعلیم

  • عام سائنس کے اسباق میں حتی الامکان مشاہدات و تجربات یا خود کرکے کسی نتیجے پر پہنچنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جائیں۔ زبانی سبق پڑھا دینے پر اکتفا نہ کیا جائے۔

  • جن چیزوں کا مشاہدہ یا تجربہ ممکن نہ ہو، ان کے ماڈل، چارٹس، تصاویر وغیرہ فراہم کی جائیں تاکہ تصورات واضح ہوں۔

  • مشاہدے کے لیے طلبہ کو کبھی کبھی باہر کھیتوں، باغوں، تالابوں وغیرہ کی سیر کے لیے لے جائیں اور قابلِ مشاہدہ پہلوؤں پر توجہ دلائیں۔

  • جسم کی بناوٹ، اعضا کے کام اور حفظانِ صحت کے اصول بخوبی ذہن نشین کرانے کے بعد صحت مند عادات کا پابند بنانے، احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے اور ابتدائی طبی امداد سے متعلق طلبہ کی عملی تربیت کریں۔

  • ہر مدرسے کو اپنا ایک مختصر عجائب خانہ بنانا چاہیے، جس میں رفتہ رفتہ طلبہ کی مدد سے سیپ، گھونگھے، چڑیوں کے پر، پھول پتیاں، طرح طرح کے بیج، دھاتوں کے ٹکڑے یا جانوروں کے ڈھانچے، اشیا کے ماڈل، پوسٹرز، تصاویر وغیرہ فراہم کرکے سلیقے سے ترتیب دیے جائیں۔

  • عجائب خانے کے لیے کوئی الگ کمرہ ہو سکے تو اچھا ہے، ورنہ درجے ہی کے طاقوں، الماریوں وغیرہ میں یہ چیزیں ترتیب دی جائیں تاکہ مشاہدے میں آسانی ہو۔

  • اگر امکان ہو تو ہر مدرسے کا ایک مختصر چمن ہونا چاہیے جس میں طرح طرح کے پھول اور پودے لگے ہوں اور پالتو جانوروں اور پرندوں کو رکھنے کا بھی بندوبست ہو۔ ان کی دیکھ بھال کا بیشتر کام خود طلبہ سے لیا جائے۔

  • تجربات کے لیے سستے اور مختصر آلات و سامان بھی فراہم کرنے کی فکر کی جائے۔

دورانِ تعلیم میں طلبہ کو مارنا پیٹنا نامناسب ہے۔ خاص طور پر چھوٹی عمر کے بچوں پر تو بالکل سختی نہیں کرنی چاہیے۔ جو شخص بچوں پر سختی کرتا ہے، وہ ان کی دل کی خوشی چھین لیتا ہے، انہیں نکما اور ناکارہ بنا دیتا ہے، انہیں دروغ گو اور بدباطن کر دیتا ہے۔ (ان کے اندر عیاری اور نفاق کے جراثیم پلنے لگتے ہیں۔) اور وہ ایسی باتیں ظاہر کرنے لگتے ہیں جو ان کے باطن کے خلاف ہوتی ہیں، کیونکہ اگر ایسا نہ کریں تو قہر و غضب کا شکار بنیں۔ وہ مکر و فریب کے عادی بن جاتے ہیں، کیونکہ اس کے بغیر کام نہیں چل سکتا۔ پھر یہی عادات اور طور طریقے ان کی سیرت و کردار کا جزو بن جاتے ہیں۔

پس معلّم کو چاہیے کہ اپنے شاگرد پر اور باپ اپنے بیٹے پر قہر و استبداد کا مظاہرہ نہ کریں اور نہ جور و ستم کے بل پر تربیت کریں۔

(ابن خلدون)

مصنف:- افضل حسین خان

افضل حسین خان (1918ء–1990ء) ممتاز ماہرِ تعلیم، بچوں کے مصنف اور جماعتِ اسلامی ہند کے رہنما تھے۔ آپ نے تعلیم و تربیت کے میدان میں طویل خدمات انجام دیں اور 1972ء سے 1989ء تک جماعتِ اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل رہے۔ آپ نے بچوں اور نوجوانوں کی اخلاقی و تعلیمی تربیت کے لیے متعدد کتابیں تصنیف کیں، جن میں فنِ تعلیم و تربیت، ہماری دنیا، آئینۂ تاریخ اور موتیوں کا ہار خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔

ماخذ: فن تعلیم تربیت

ایڈیشن نمبر: تیسرا ایڈیشن

ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی

سنِ اشاعت: ۱۹۶۹ء

اس سلسلے کی دیگر حصوں کے لیے یہاں کلک کریں۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close