تعلیمخیالاتماحولیاتی سائنسسماجی علومزبانآرٹ

واردھا (بیسک) اسکیم- فن تعلیم و تربیت – باب ۳۲

واردھا (بیسک) اسکیم ہندوستان میں بنیادی تعلیم کے فروغ کے لیے پیش کیا جانے والا ایک اہم تعلیمی منصوبہ تھا، جس کا تصور گاندھی جی نے پیش کیا تھا۔ اس اسکیم میں مادری زبان کے ذریعے تعلیم، دست کاری اور بنیادی حرفہ جات کو تدریس کا حصہ بنانے، عملی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے اور تعلیم کو زندگی سے مربوط کرنے پر زور دیا گیا۔ اس مضمون میں اسکیم کے تاریخی پس منظر، بنیادی اصولوں، مجوزہ نصاب، نظام الاوقات، خصوصیات اور اس پر ہونے والی تنقید کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

اس اسکیم کے محرک گاندھی جی تھے۔ موصوف نے اپنے اخبار ’’ہریجن‘‘ (1937ء) میں قومی بنیادی تعلیم کا ایک خاکہ پیش کیا، جس کا لبِ لباب یہ تھا کہ تعلیم کسی حرفے کی مدد سے مادری زبان میں دی جائے اور خود کفیل ہونی چاہیے۔ کانگریس اس وقت سات صوبوں میں برسراقتدار تھی۔ ان صوبوں کے وزرائے تعلیم نے 22/23 اکتوبر 1937ء کو واردھا میں گاندھی جی کی صدارت میں منعقدہ اپنی کانفرنس میں چند بنیادی اصول طے کیے اور ڈاکٹر ذاکر حسین خاں (نائب صدر جمہوریۂ بھارت) کی زیرِ صدارت ایک کمیٹی بنا دی گئی، جس نے اسکیم کا مفصل خاکہ تیار کیا۔ وزراء کے طے کردہ بنیادی اصول یہ تھے:

  • سات سے چودہ سال کی عمر تک تمام بچوں کے لیے مفت اور لازمی تعلیم کا بندوبست کیا جائے۔

  • ذریعۂ تعلیم مادری زبان ہو۔

  • کسی بنیادی حرفے کو مرکزی حیثیت دے کر تعلیم دی جائے اور دوسرے تمام مضامین حتی الامکان اس سے مربوط کرکے پڑھائے جائیں۔

  • تعلیم خود کفیل ہو۔ یعنی دورانِ تعلیم مختلف بنیادی حرفہ جات کے تحت بچوں کی محنت سے جو آمدنی ہو، اس سے تعلیم کے مصارف پورے ہو جائیں۔ یہاں تک کہ اساتذہ کی تنخواہیں بھی نکل آئیں اور سات سالہ تعلیم کی تکمیل کے بعد طلبہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں اور اپنی روزی خود کمانے کے قابل ہو جائیں۔

  • عدمِ تشدد کی روح کارفرما ہو۔

کمیٹی نے مفصل اسکیم میں ان امور کو پیشِ نظر رکھنے کے ساتھ مندرجہ ذیل پہلوؤں پر بھی توجہ دی:

  • تعلیم کے ذریعے ایسے کارآمد شہری بنائے جائیں جو سماج پر بوجھ بننے کے بجائے اپنی محنت سے اس کی خدمت کر سکیں اور جنہیں شہریت کے حقوق و فرائض کا پاس و لحاظ ہو۔

  • تعلیم بچوں کی روزمرہ زندگی سے مربوط ہو۔ ہر نئی بات حرفہ جات یا فطری و سماجی ماحول سے مربوط کرکے پیش کی جائے۔

  • اطفال کی تعلیم (سات سال سے قبل) سرپرستوں اور نجی اداروں کی صوابدید پر چھوڑ دی جائے۔ البتہ حکومت اطفال کے کچھ ماڈل اسکول قائم کرے۔

  • تعلیم کا معیار سات سال میں انگریزی کو حذف کرکے ہائی اسکول کے برابر ہو۔

  • طلبہ کی تیار کردہ اشیاء کی خرید و فروخت مملکت کے ذمے ہو۔

  • نظری پہلو کے بجائے عملی پہلو پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے۔

  • اس اسکیم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے لائق اساتذہ تیار کیے جائیں۔ تربیت کا کورس دو طرح کا ہو: ایک جونیئر اور ایک سینئر۔

  • امتحانات کا موجودہ نظام ختم کرکے ترقی چارٹ رکھے جائیں اور جدید طرز سے ٹیسٹ (Test) لیے جائیں۔

  • ایک تعلیمی بورڈ ہو جو نصاب، طریقۂ تعلیم اور جانچ کے مفید طریقوں وغیرہ پر تجربات کرے۔

  • موجودہ افسرانِ معائنہ کی جگہ ایسے سپروائزر مقرر کیے جائیں جو تعلیم کا ذوق رکھتے ہوں اور اساتذہ کی بروقت رہنمائی کر سکیں۔

اسے بیسک (بنیادی) اسکیم اس لیے کہا جاتا ہے کہ:

  • اتنی تعلیم تو ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے، جس سے بہرحال اسے بلا لحاظِ مذہب و ملت آراستہ ہونا چاہیے۔

  • اس میں بنیادی حرفہ جات سے مربوط کرکے تعلیم دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔

  • اس میں طلبہ کی بنیادی ضروریات اور دلچسپیوں کا لحاظ رکھا گیا ہے۔

مجوزہ نصاب و نظام الاوقات

سات سالہ مجوزہ نصاب مندرجہ ذیل مضامین و مشاغل پر مشتمل ہے:

۱۔ بنیادی حرفہ (کتائی، بنائی، باغبانی، دفتی یا چمڑے کا کام وغیرہ)۔

۲۔ مادری زبان۔

۳۔ ریاضی۔

۴۔ سماجی علوم (تاریخ، جغرافیہ اور علمِ تمدن)۔

۵۔ عام سائنس (مطالعۂ قدرت، حفظانِ صحت، وظائفِ اعضا، نباتیات، حیوانیات، علمِ کیمیا، علمِ طبیعیات وغیرہ کے مبادیات)۔

۶۔ آرٹ (پینٹنگ اور ڈرائنگ)۔

۷۔ میوزک (سرود و نغمہ)۔

۸۔ ہندوستانی (شمالی ہند میں بولی جانے والی عام فہم زبان، جو ناگری رسم الخط میں ہندی اور فارسی رسم الخط میں اردو کہلاتی ہے)۔

مجوزہ نصاب کے بعض اہم پہلو

  • انگریزی کو نصاب سے بالکل خارج کر دیا گیا ہے۔

  • ہندوستانی زبان کو ملک کی قومی زبان تسلیم کر لیا گیا ہے اور پانچویں، چھٹی جماعت میں اسے ان علاقوں میں بھی لازمی قرار دیا گیا ہے جہاں دوسری زبانیں بولی جاتی ہیں۔

  • گیارہ سال تک مخلوط تعلیم اور لڑکے لڑکیوں کے لیے ایک ہی نصاب تجویز کیا گیا ہے۔ البتہ آخری دو درجات میں لڑکوں کے لیے جنرل سائنس اور لڑکیوں کے لیے امورِ خانہ داری رکھا گیا ہے۔

  • مذہبی تعلیم کے لیے کوئی گنجائش نہیں رکھی گئی ہے۔ البتہ اس بات کی طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ اساتذہ تمام مذاہب کی ’’مشترکہ سچائیوں‘‘ کی جھلک اپنی عملی زندگی میں پیدا کریں، تاکہ طلبہ ان کی تقلید کر سکیں اور کتابوں کے بجائے اساتذہ کے عمل سے اس کی تعلیم حاصل کریں۔

نظام الاوقات

مجوزہ نظام الاوقات یہ ہے:

نمبر

مضمون یا سرگرمی

روزانہ کا وقت

۱۔

بنیادی حرفہ

۳ گھنٹے ۲۰ منٹ

۲۔

ریاضی، ڈرائنگ، میوزک

۴۰ منٹ

۳۔

مادری زبان

۴۰ منٹ

۴۔

سماجی علوم اور عام سائنس

۳۰ منٹ

۵۔

سماجی تربیت

۱۰ منٹ

۶۔

وقفہ

۱۰ منٹ

میزانِ کل

۵ گھنٹے ۳۰ منٹ

بیسک اسکیم میں تبدیلیاں

مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد اصل اسکیم میں مندرجہ ذیل تبدیلیاں آچکی ہیں:

  • اطفال کی تعلیم کو بھی اسکیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ چھ سال سے چودہ سال تک (آٹھ درجات پر مشتمل) تعلیم ہوتی ہے۔ پانچ سال کے بچوں کو بھی درجۂ اول میں داخل کیا جا سکتا ہے۔ اس مدت کو دو مراحل میں تقسیم کر دیا گیا ہے:

    ۱۔ اول تا پنجم: جونیئر بیسک اسکول۔

    ۲۔ ششم تا ہشتم: سینئر بیسک اسکول۔

  • تعلیم کا نظام ریاست اپنے مصارف سے چلاتی ہے۔ خود کفیل ہونے کی شرط ہٹا دی گئی ہے۔

  • چھٹی جماعت سے انگریزی کے لیے گنجائش نکالی گئی ہے۔

  • ہندوستانی زبان لازمی نہیں رہی ہے۔

  • ابتدائی درجات میں ایک سے زائد حرفہ جات کا انتظام کیا گیا ہے اور سینئر بیسک میں کسی ایک حرفے میں خصوصی مہارت حاصل کرنے کی گنجائش دی گئی ہے۔

خصوصیات

اس اسکیم کے مؤیدین اس میں مندرجہ ذیل خوبیاں بیان کرتے ہیں:

  • بچوں کو خود کرکے سیکھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع ملتے ہیں، اس لیے وہ تعلیم میں پوری دلچسپی لیتے ہیں اور جو کچھ سیکھتے ہیں اسے زندگی میں برت بھی سکتے ہیں۔ اس طرح ان کی معلومات ٹھوس اور مستحکم ہوتی ہیں۔

  • بچے نظری علم کے بجائے عملی طور پر کام کرنے والے انسان بنتے ہیں اور ہاتھ سے کام کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔

  • اس سے بیکاری و بے روزگاری کا مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔

  • اس سے اجتماعی اور شہری اوصاف پروان چڑھتے ہیں اور مل جل کر کام کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔

  • دل، دماغ، آنکھ اور ہاتھ، سب کی ایک ساتھ اور متوازن تربیت ہوتی ہے اور کوئی پہلو نظر انداز نہیں ہوتا۔

  • یہ اسکیم طلبہ کو اس لائق بناتی ہے کہ وہ اپنے آبائی پیشے یا کسی اور مفید مشغلے کے ذریعے قومی دولت میں اضافہ کر سکیں۔

  • یہ مملکت کی صنعتی ترقی میں معاون ہے۔

  • مادری زبان کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے، اس لیے تعلیم زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔

  • شہری اور دیہاتی تعلیم میں یکسانیت پیدا ہوتی ہے۔ بنیادی تعلیم کی حد تک پورے ملک میں ایک ہی تعلیمی نظام زیرِ عمل آتا ہے۔

  • ہاتھ کے کاموں کی قدر و قیمت کا اندازہ ہوتا ہے۔

  • یہ اسکیم بچوں کی نفسیات، اصولِ تعلیم اور قومی و ملکی امنگوں کے عین مطابق ہے، وغیرہ۔

تنقید

یہ اسکیم اب اگرچہ جزوی اختلاف کے ساتھ پورے ہندوستان میں رائج ہو چکی ہے اور ہر ریاست نے ابتدائی تعلیم کی حد تک اسے تسلیم کرکے عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے، لیکن ہمیشہ سے یہ تنقید کا غیر معمولی ہدف رہی ہے۔

اتنی تبدیلیوں کے باوجود اس پر اب بھی متعدد اعتراضات کیے جاتے ہیں، مثلاً:

  • بچے کو مرکزی حیثیت دینے کے بجائے اس میں حرفے کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔

  • مذہبی تعلیم کو نصاب سے خارج کرکے دین، مذہب اور اخلاق سے نئی نسلوں کا رشتہ کاٹ دیا گیا ہے۔

  • باقاعدہ مذہبی تعلیم کی تو گنجائش نہیں دی گئی ہے، لیکن کلچر کے نام سے ایک ہی فرقے کے معتقدات کو سب پر تھوپنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

  • اصل اسکیم کا یہ پہلو ناممکن العمل ہے کہ ابتدائی تعلیم خود کفیل ہو۔ اگر اس پر عمل کیا جائے تو طلبہ کا سارا وقت اساتذہ کے لیے روٹی پیدا کرنے پر صرف ہو جائے گا۔ بچوں پر اس طرح کا بوجھ ڈالنا بھی صحیح نہیں ہے۔

  • دستورِ ہند نے چودہ سال کی عمر تک مفت اور لازمی تعلیم کا انتظام ریاست کی ذمہ داری قرار دیا ہے۔ اس دفعہ کی موجودگی میں یہ جزو یوں بھی بے معنی سا ہے۔

  • اس اسکیم کی وجہ سے بچوں کے ذریعے خام اشیاء کی بہت زیادہ بربادی ہوتی ہے۔

  • مدارس کارخانوں میں تبدیل ہو گئے ہیں، کیونکہ حرفہ جات ہی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے اور مدارس کی کامیابی انہیں سے ناپی جاتی ہے۔ چنانچہ علمی پہلو بہت زیادہ نظر انداز ہو گیا ہے۔

  • اس کو بحسن و خوبی چلانے کے لیے موزوں اساتذہ اور درسی کتب کی فراہمی بہت مشکل ہوگی۔

  • بچوں کے انفرادی فرق کو اس اسکیم میں بھی نظر انداز کرکے سب کے لیے ایک ہی نصاب تجویز کیا گیا ہے۔

  • صنعت و حرفت کو غیر معمولی اہمیت دے کر مادہ پرستی کی چاٹ لگا دی گئی ہے اور تمدنی ارتقا نیز اخلاق و روحانیت کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

  • مشین کے اس دور میں گھریلو صنعتوں یا معمولی حرفہ جات کو اتنی اہمیت دینا صنعتی ترقی میں مانع ہو سکتا ہے اور دنیا کی ترقی یافتہ قوموں کے دوش بدوش چلنے میں ہم ناکام رہیں گے۔

  • وحدتِ ادیان اور عدمِ تشدد کو بطورِ عقیدہ و مسلک لازمی بنیادی تعلیم کی روح قرار دینا آزادیِ رائے اور آزادیِ ضمیر کے حق کے منافی ہے۔

مصنف:- افضل حسین خان

افضل حسین خان (1918ء–1990ء) ممتاز ماہرِ تعلیم، بچوں کے مصنف اور جماعتِ اسلامی ہند کے رہنما تھے۔ آپ نے تعلیم و تربیت کے میدان میں طویل خدمات انجام دیں اور 1972ء سے 1989ء تک جماعتِ اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل رہے۔ آپ نے بچوں اور نوجوانوں کی اخلاقی و تعلیمی تربیت کے لیے متعدد کتابیں تصنیف کیں، جن میں فنِ تعلیم و تربیت، ہماری دنیا، آئینۂ تاریخ اور موتیوں کا ہار خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔

ماخذ: فن تعلیم تربیت

ایڈیشن نمبر: تیسرا ایڈیشن

ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی

سنِ اشاعت: ۱۹۶۹ء

اس سلسلے کی دیگر حصوں کے لیے یہاں کلک کریں۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close