۶۔ دیگر امدادی سامان
مندرجہ بالا اشیا کے علاوہ، اگر استطاعت ہو تو مندرجہ ذیل اشیا سے بھی تدریس کو مؤثر اور دلچسپ بنانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے اور طلبہ کو متنوع معلومات ان کی مدد سے بآسانی بہم پہنچائی جا سکتی ہیں۔
-
ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ذریعے وہ پروگرام جو بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے نشر ہوتے ہیں۔
-
گراموفون کے وہ ریکارڈ جو تلفظ وغیرہ سکھانے کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔
-
ٹیپ ریکارڈنگ مشین کی مدد سے فراہم کیا جانے والا مواد۔
-
میجک لینٹرن کے ذریعے دکھائی جانے والی تصاویر اور مناظر۔
-
بچوں کی فلمیں جو تعلیم و تربیت کے لیے تیار کی جاتی ہیں۔
-
ویو ماسٹر کی مدد سے پیش کی جانے والی تصاویر اور مناظر۔
-
رسائل و اخبارات جو بچوں ہی کے لیے نکلتے ہیں۔
۷۔ ہوم ورک
لکھنے پڑھنے یا عملی و اخلاقی تربیت سے متعلق وہ کام جو طلبہ کو گھر پر کرنے کے لیے دیا جاتا ہے، ہوم ورک کہلاتا ہے۔
بچوں میں اپنی عمر کے لحاظ سے کافی توانائی ہوتی ہے۔ وہ ہر وقت کوئی نہ کوئی مصروفیت چاہتے ہیں۔ چونکہ مدرسے میں وہ صرف چند گھنٹے گزارتے ہیں، گھر کی ذمہ داریاں بھی ان پر برائے نام ہی ڈالی جاتی ہیں، اس لیے ان کے پاس فاضل توانائی بھی ہوتی ہے اور فرصت کے لمحات بھی۔ لیکن مناسب رہنمائی اور مفید مصروفیات نہ ہونے کی صورت میں اکثر ان کی قوتیں غلط رخ پر پڑ جاتی ہیں اور بیش قیمت لمحات فضول اور مضر کاموں میں ضائع ہونے لگتے ہیں۔ بچوں کی فاضل توانائی اور فرصت کے اوقات کو کارآمد بنانے اور مفید کاموں میں لگانے کے لیے ہوم ورک نہایت ضروری ہے۔
ہوم ورک دینے کا عام طور پر جو رواج چلا آ رہا ہے، وہ یہ ہے کہ لکھنے پڑھنے، الفاظ کے معنی یاد کرنے، انشا و ترجمہ اور قواعد کی مشقیں یا ریاضی کے سوالات حل کرنے کا جو خشک کام دن بھر مدرسے میں ہوتا ہے، اس کا باقی ماندہ حصہ گھر سے پورا کر کے لانے کے لیے دے دیا جاتا ہے۔ اسے مکمل کرانے کی ذمہ داری سرپرست کی سمجھی جاتی ہے۔ چنانچہ وہ طلبہ بڑے سعادت مند کہلاتے ہیں جو بروقت کام کر لاتے ہیں اور وہ سرپرست بہت اچھے سمجھے جاتے ہیں جو اس ضمن میں پورا تعاون کرتے ہیں، خواہ اس کے لیے انہیں ٹیوشن ہی کیوں نہ رکھنا پڑے۔ اس کے برعکس ان طلبہ کو سزا کا مستحق سمجھا جاتا ہے جو ہوم ورک پورا نہیں کرتے اور ان سرپرستوں کو موردِ الزام ٹھہرایا جاتا ہے جو کام پورا کرنے کا معقول بندوبست نہیں کرتے۔
ہوم ورک کے اس روایتی انداز میں متعدد خرابیاں ہیں، اس لیے اس پر سخت تنقید کی جاتی ہے۔ مثلاً:
-
بچوں پر کام کا بہت زیادہ بوجھ پڑ جاتا ہے، جس سے ان کی صحت متاثر ہوتی ہے۔
-
جو کام بچے دن بھر اسکولوں میں کرتے ہیں اور جن سے وہ اکتا چکے ہوتے ہیں، وہی کام جب ان پر گھر میں بھی لاد دیا جاتا ہے تو وہ اسے بیگار سمجھتے ہیں اور اسے خوشی سے کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ چنانچہ ہوم ورک پورا کرنے کے لیے انہیں اکثر سزا دینی پڑتی ہے، جس کے نتیجے میں بچے رفتہ رفتہ تعلیم ہی سے بھاگنے لگتے ہیں۔
-
آزادی کے ساتھ اپنی دلچسپی کے مشاغل و مصروفیات میں حصہ لینے کا بچوں کو وقت ہی نہیں ملتا۔
-
بچوں کی گھریلو زندگی تباہ ہو جاتی ہے۔ وہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھیلنے، مل جل کر پیار و محبت سے رہنے سہنے، گھر کے کام کاج میں ہاتھ بٹانے، والدین کی خدمت کرنے اور معاشرتی روابط قائم کرنے کے لیے وقت ہی نہیں پاتے، حالانکہ یہ تمام چیزیں بھی ان کی تعلیم و تربیت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
-
کتنے بچے ایسے ہوتے ہیں جن کے گھریلو حالات اس طرح کے کاموں کی اجازت نہیں دیتے یا وہ اپنے طور پر کر ہی نہیں سکتے۔ وہ سزا کے ڈر سے دوسروں کی نقل کرنے اور معلم کو دھوکا دینے کی عادت کا شکار ہو جاتے ہیں۔
-
معلم اپنی ذمہ داری سے بچتے کتراتے اور اسے زبردستی سرپرستوں پر ڈالتے ہیں اور اس ضمن میں طلبہ کو پریشان کرتے ہیں۔
اہمیت و افادیت
لیکن یہ اعتراضات دراصل ہوم ورک کی نوعیت، مقدار اور اس ضمن میں مروجہ رویے پر ہیں۔ ہوم ورک کی اہمیت و افادیت سے کسی کو انکار نہیں ہو سکتا۔ ہوم ورک اگر سلیقے سے کیا جائے اور ہمدردی سے جانچا جائے تو یہ تعلیم کا بہت ہی مؤثر ذریعہ ہے اور اس سے مندرجہ ذیل فوائد متوقع ہیں:
-
بچے فرصت کے اوقات کو آوارہ گردی یا شرارت میں ضائع کرنے کے بجائے گھر ہی پر مفید کاموں میں صرف کرتے ہیں۔
-
کسی کی مدد یا مداخلت کے بغیر خود خاکہ بنا کر کام انجام دینے کا انہیں سلیقہ آتا ہے اور آزاد مطالعہ کی عادت پڑتی ہے۔
-
درجے میں کیے ہوئے کاموں میں مشق و مہارت حاصل کرنے اور پڑھے ہوئے مواد کو برتنے یا اس کا اعادہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔
-
غیر نصابی مصروفیات اور مشاغل، جو نصاب ہی کا اہم جز شمار ہوتے ہیں، ان کی تکمیل میں مدد ملتی ہے۔ نیز جس مضمون یا مشغلے سے انہیں زیادہ لگاؤ ہوتا ہے، اس پر مزید توجہ صرف کرنے کا موقع ہاتھ آتا ہے۔
-
بعض ایسے کام جو بچے اپنے طور پر کر سکتے ہیں، ان میں معلم کا وقت ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے۔ چنانچہ وہ بچے ہوئے وقت کو تدریس کے دوسرے ضروری کاموں پر صرف کر سکتا ہے۔
-
نصابِ تعلیم، جو معاشرے کی پیچیدگی اور وسعت میں اضافے کے ساتھ دن بدن پھیلتا جا رہا ہے، اس کی تکمیل ہوم ورک کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
-
سرپرستوں کو اپنے بچوں کی رفتارِ ترقی کا اندازہ ہو سکے گا اور وہ معلم کے تعاون و مشورے سے مناسب اقدام کر سکیں گے۔ اس طرح ہوم ورک سرپرستوں سے روابط کے قیام اور گھر اور مدرسے میں تعاون کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
-
بچوں میں خود اعتمادی پیدا ہو گی اور وہ اپنی معلومات نیز مشق و مہارت میں اضافے کے لیے پابندی سے محنت و مشقت کرنے کے عادی بنیں گے۔
-
ہوم ورک کے ذریعے طلبہ میں بعض ایسے مستقل ذوق پروان چڑھائے جا سکتے ہیں جن سے ان کے لمحاتِ فرصت زندگی بھر مفید کاموں میں صرف ہو سکیں۔
قابلِ لحاظ امور
ہوم ورک دینے میں بچوں کی عمر، ان کی ذہنی و جسمانی حالت، ان کے گھریلو حالات، ان کی صلاحیت و استعداد اور ان کی دلچسپیاں پیشِ نظر رہنی چاہئیں۔ بچوں کے کھانے کھیلنے کے دن ہوتے ہیں، انہیں اس کے پورے مواقع ملنے چاہئیں۔ چھ سات سال کی عمر تک تو انہیں کوئی ہوم ورک نہ دینا چاہیے۔ دس سال کی عمر تک بھی جو کچھ درجے میں ہو جائے، اسی پر بھروسہ کرنا چاہیے۔
البتہ مدرسے کے عجائب گھر کے لیے پھول پتیاں، چڑیوں کے پر، پھلوں کے بیج، گھونگھے، شیشے اور چینی کے خوب صورت ٹکڑے، ٹکٹ، تصویریں وغیرہ جمع کرنے، مشاہدات و معلومات میں اضافہ کے لیے منظم پروگرام کے تحت سیر پر جانے، پھول بوٹے لگانے، کبوتر، بکری، خرگوش وغیرہ پالنے، کوئی ماڈل یا ایسی چیز تیار کرنے، گھر کے کام کاج میں والدین کا ہاتھ بٹانے، والدین کی خدمت، غریبوں اور معذوروں کی امداد، چھوٹے بھائی بہنوں کو بہلانے، مسجد کی صفائی وغیرہ کے کام دیے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح پڑھنے کے لیے آسان زبان میں لکھی ہوئی دلچسپ مصور کہانیاں، مشاہیر کے کارنامے، جہانِ سفرنامے اور آسان نظموں کے مجموعے وغیرہ دیے جائیں۔ بعد کے درجات میں بھی طلبہ کی انفرادی دلچسپی، استعداد، گھریلو حالات اور گھر میں بچے کی ذمہ داریوں، والدین کی مصروفیات، علالت، معاشی حالت وغیرہ کا پورا لحاظ رکھنا چاہیے اور اتنا ہی کام دینا چاہیے جتنا دوسروں کی مدد کے بغیر، محدود وقت میں، خود بہ آسانی انجام دے سکتے ہوں۔
مختلف مضامین کے اساتذہ کو مل کر ہوم ورک کا ایسا نظام الاوقات مرتب کرنا چاہیے جس سے ان کے دیے ہوئے کاموں میں ہم آہنگی رہے، بچوں پر کام کا بوجھ بھی نہ ہونے پائے اور ہر معلم اپنی باری پر ضروری ہوم ورک دے سکے۔ صدرِ مدرس کو اس طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے، ورنہ ہر معلم اپنے ہی مضمون کا زیادہ سے زیادہ کام لینا چاہتا ہے اور بچے بلاوجہ پستے ہیں۔
نظام الاوقات کے ذریعے پابند کر دیا جائے کہ کوئی معلم محدود اور متعین وقت سے زیادہ کام نہ لے۔
تعطیلات کا ہوم ورک
-
تعطیلات اس لیے ملتی ہیں کہ بچے مدرسے کی فکروں سے آزاد ہو کر کچھ دوسری نوعیت کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ لیکن اساتذہ عموماً تعطیلات میں بھی علمی انداز ہی کا بہت سا ہوم ورک دے دیتے ہیں، جو بچوں کی طبیعت پر بار ہوتا ہے اور دیگر دلچسپ اور ضروری مصروفیات کے باعث وہ اسے کر بھی نہیں پاتے اور بلاوجہ سزا کے مستحق ہوتے ہیں۔
-
تعطیلات بچوں کی صحت و صفائی، جسمانی، اخلاقی، مذہبی و معاشرتی تربیت کے لیے بہت مناسب مواقع فراہم کرتی ہیں۔ اس لیے ہوم ورک ان سرگرمیوں سے مناسبت رکھنے والا اور ایسا ہونا چاہیے جس میں گھر کے دوسرے افراد بھی دلچسپی لے سکیں۔
-
خفگی کے موڈ میں یا سزا کے طور پر ہوم ورک ہرگز نہ دیا جائے اور نہ اس انداز سے کہ بچے اسے بہت ہی مشکل اور ناقابلِ حل شمار کرنے لگیں، بلکہ انہیں آمادہ کیا جائے اور دیتے وقت یہ یقین دلایا جائے کہ تھوڑی سی جدوجہد سے وہ اسے حل کر لیں گے۔ کام بھی اسی معیار کا ہونا چاہیے کہ بچے کوشش کر کے خود پورا کر سکیں۔ اس طرح مزید کام کے لیے ان میں رغبت پیدا ہوگی۔ اگر کام اتنا مشکل ہو کہ باوجود کوشش کے حل ہی نہ کر سکیں تو مایوسی طاری ہو گی اور مزید کام کے لیے ان کی طبیعت آمادہ نہ ہو گی۔
-
جو کام بھی دیا جائے، اس کے بارے میں یہ یقین کر لیا جائے کہ اس سے بچوں کے فرصت کے اوقات کو ان کی تعلیم و تربیت کے لیے کارآمد بنانے میں مدد ملے گی اور وہ اپنے طور پر مطالعہ یا کسی اور مفید مشغلے میں لمحاتِ فرصت صرف کرنے کے عادی بنیں گے۔
-
اصول سمجھانے اور اس کا استعمال بتانے نیز ابتدائی مشق کرانے کا کام درجے میں کر لیا جائے، پھر مزید مشق و مہارت کے لیے ایسا کام دیا جا سکتا ہے جسے بچے اپنے طور پر محنت کر کے حل کر سکتے ہوں۔
-
ہوم ورک کی بروقت جانچ اور اصلاح ہونی چاہیے، ورنہ بچوں کا جوش ٹھنڈا پڑ جائے گا اور ان میں ڈھیل پیدا ہو گی۔
تحریری کام کی جانچ اور اصلاح
بچوں سے درجے میں یا گھر پر جو تحریری کام بھی لیا جائے، اس کی اصلاح اگرچہ مشکل کام ہے، لیکن نہایت ضروری ہے، کیونکہ اسی طرح بچے اپنی غلطیوں سے واقف ہو کر اپنی اصلاح کر سکیں گے۔
اس ضمن میں مندرجہ ذیل امور پیشِ نظر رہیں:
-
کام کی تکمیل کے بعد جلد از جلد اصلاح کر دی جائے۔ اصلاح اگر رہنمائی کر کے خود بچے کے ذریعے کرائی جا سکے تو بہت اچھا ہو، ورنہ حتی الامکان اس کے سامنے ہونی چاہیے۔ اس طرح بچے کی سمجھ میں اپنی غلطی بخوبی آ جائے گی اور وہ اس سے بآسانی چھٹکارا پا سکے گا۔
-
تحریری کام سے قبل زبانی مشق کرائی جائے تو غلطیاں کم ہوں گی اور اصلاح میں زیادہ دشواری نہ ہو گی۔
-
تصحیح کے لیے علامات مقرر کر کے طلبہ کو ان سے مطلع کر دینا چاہیے۔ اس طرح وقت کم صرف ہو گا۔
-
مشترک غلطیوں کی اصلاح اجتماعی طور پر ہونی چاہیے تاکہ وہی بات ہر ایک کو علیحدہ نہ سمجھانی پڑے۔
-
اچھے کام پر موزوں ریمارک اور ناقص کام پر ضروری ہدایات دی جائیں۔ اس سے آگے کے کام میں مدد ملے گی۔
One Comment