تعلیمخیالاتسماجی علوم

مورّخ کی طرح سوچنا اور تنقیدی فہم: ڈیجیٹل ذرائع اور سوشل میڈیا کے دور میں تاریخ کی تعلیم و تدریس

محمد جاوید حسین، طارق انور

تلخیص

یہ نظریاتی و تنقیدی مقالہ اس سوال کا جائزہ لیتا ہے کہ طلبہ تاریخ کو اکثر مشکل، غیر دلچسپ اور غیر متعلق مضمون کیوں سمجھتے ہیں۔ اس میں استدلال کیا گیا ہے کہ مسئلہ تاریخ کے مضمون میں کم اور اسے پڑھانے، جانچنے اور عوامی مباحث میں پیش کرنے کے طریقوں میں زیادہ ہے۔ سام وائنبرگ، جان ڈیوی اور ای۔ ایچ۔ کار کے افکار سے استفادہ کرتے ہوئے، مقالہ طلبہ میں ’’مورّخ کی طرح سوچنے‘‘ کی صلاحیت پیدا کرنے کی وکالت کرتا ہے۔ اس کی بنیاد ثانوی علمی لٹریچر کے مطالعے اور مصنفین کے مطالعاتی و تدریسی تجربات پر ہے۔ مصنوعی ذہانت کے زیرِ اثر موجودہ عہد میں، یہ مضمون تاریخی فہم کے مسائل پر تنقیدی غور و فکر کی دعوت دیتا ہے۔ مقالہ اس امر پر زور دیتا ہے کہ تاریخ کی تدریس تنقیدی سوچ، میڈیا خواندگی اور جمہوری شہریت کو فروغ دے، تاکہ طلبہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کا مقابلہ کر سکیں، متنوع بیانیوں کو سمجھ سکیں اور ماضی کو جامد حقائق کے بجائے ایک پیچیدہ، متنازع اور انسانی داستان کے طور پر دیکھ سکیں۔

کلیدی الفاظ: تاریخ کی تدریسی حکمتِ عملیاں؛ تاریخ کی تدریس اور مورّخ کی طرح سوچنا؛ تاریخی فہم؛ ڈیجیٹل دور اور تنقیدی سوچ۔

تعارف

میرے درجے میں آؤ گے تو دانتوں پسینہ آئے گا۔ جب الجبرا اور جیومیٹری کے لوہے کے چنے چبانے پڑیں گے اور انگلستان کی تاریخ پڑھنی پڑے گی! بادشاہوں کے نام یاد رکھنا آسان نہیں۔ آٹھ آٹھ ہینری گزرے ہیں۔ کون سا واقعہ کس ہینری کے زمانے میں ہوا، کیا یہ یاد کر لینا آسان سمجھتے ہو؟ ہینری ساتویں کی جگہ ہینری آٹھواں لکھا اور سب نمبر غائب! صفاچٹ۔ صفر بھی نہ ملے گا، صفر بھی! ہو کس خیال میں! درجنوں تو جیمز ہوئے ہیں، درجنوں ولیم، کروڑوں چارلز۔ دماغ چکر کھانے لگتا ہے۔ آندھی روگ ہو جاتا ہے۔ ان ابھاگوں کے نام بھی نہ جڑتے تھے۔ ایک ہی نام کے پیچھے دوئم، سوئم، چہارم، پنجم لگاتے چلے گئے۔ مجھ سے پوچھتے، تو دس لاکھ نام بتا دیتا۔   (منشی پریم چند، 2009)

منشی پریم چند کی مشہور کہانی ’’بڑے بھائی صاحب‘‘ میں بڑے بھائی اپنے چھوٹے بھائی کو اسکولی تعلیم کی دشواریوں سے آگاہ کرتے ہوئے نصیحت کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک انگریزی تاریخ میں نام اور کارنامے یاد رکھنا تقریباً ناممکن ہے۔ ان کا یہ مزاحیہ وعظ سننے میں تو بڑا دلچسپ لگتا ہے، لیکن اس میں ایک گہری حقیقت بھی پوشیدہ ہے: نہ جانے کتنی نسلوں سے طلبہ تاریخ کو مشکل ترین اور بوریت سے بھرپور مضامین میں شمار کرتے آئے ہیں۔ پریم چند کے اس طنزیہ منظر میں تاریخ کے اس تصور پر بھی سوال اٹھتا ہے جس میں طلبہ سے دور دراز ملکوں کے بادشاہوں، جنگوں، تاریخوں اور کارناموں کو محض یاد رکھنے کی توقع کی جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اردو کے معروف شاعر اکبر الہ آبادی نے بھی اپنے طنزیہ کلام میں نوآبادیاتی عہد کی تعلیم کے ایسے ہی کچھ پہلوؤں کو نشانہ بنایا تھا۔ ان کے ہاں مسئلہ محض یہ نہیں کہ تاریخ مشکل ہے، بلکہ یہ بھی ہے کہ تعلیم کا مقصدِ آخر کیا رہ گیا ہے: علم اور فہم پیدا کرنا، یا صرف ایسی قابلیت حاصل کرنا جو انسان کو نوکری کے قابل بنا دے؟ ان کا معروف شعر ہے:

چھوڑ لٹریچر کو اپنی ہسٹری کو بھول جا
شیخ و مسجد سے تعلق ترک کر اسکول جا
چار دن کی زندگی ہے، کوفت سے کیا فائدہ
کھا ڈبل روٹی، کلرکی کر، خوشی سے پھول جا

(اکبر الہ آبادی)

پریم چند کے بڑے بھائی صاحب ہوں یا اکبر الہ آبادی، دونوں کے ہاں نوآبادیاتی عہد کی تعلیم کے بارے میں ایک بنیادی بے اطمینانی محسوس کی جا سکتی ہے: ایسا علم جو طالب علم کی اپنی دنیا سے کٹ جائے، محض یاد کرنے کا بوجھ بن جائے یا کسی عملی مقصد کے لیے مقررہ معلومات کے حصول تک محدود ہو جائے، آخر کس کام کا؟ تاریخ کی تعلیم کے بارے میں یہ سوال آج بھی اپنی اہمیت برقرار رکھتا ہے۔

واقعی، بادشاہوں اور جنگوں کی نہ ختم ہونے والی فہرستیں، پیچیدہ تاریخیں اور بار بار دہرائے جانے والے نام تاریخ جیسے زندہ اور متحرک مضمون کو محض بے رنگ حقائق کی ایک فہرست میں بدل سکتے ہیں۔ لیکن یہ شکایت، اپنی جگہ بجا ہونے کے باوجود، ایک زیادہ بنیادی سوال کو جنم دیتی ہے: آخر ہم تاریخ پڑھتے ہی کیوں ہیں؟ نوجوان طلبہ کے لیے اس کی کیا اہمیت ہے؟

جب تاریخ ہمیں واٹس ایپ فارورڈز، انسٹاگرام ریلز یا کسی فلم کے ذریعے پہلے سے تیار شدہ اور بظاہر آسان صورت میں مل سکتی ہے، تو پھر ہم ہینری، جیمز اور چارلس، یا موریہ، مراٹھوں اور مغلوں کے ناموں میں کیوں الجھیں؟ ایک نوعمر طالب علم کو ایسے نام، زمانی ترتیبیں اور اصطلاحات کیوں یاد کرنی پڑیں جو بظاہر اس کی اپنی زندگی سے کوئی تعلق نہیں رکھتیں؟

روایتی تدریس کی خامیاں

سب سے پہلے یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ تاریخ کی بہت سی درسی کتابیں واقعی بے حد خشک اور غیر دلچسپ ہوتی ہیں۔ اگرچہ بعض کتابوں کا اسلوبِ تحریر نسبتاً بہتر ہوتا ہے، لیکن بہت سی کتابیں ایک سنسنی خیز جاسوسی کہانی—جس میں سراغ، شواہد اور بحث و تمحیص شامل ہوں—کو محض یاد کر لیے جانے والے حقائق کی ایک فہرست میں بدل دیتی ہیں۔ طلبہ کو شاذ و نادر ہی یہ بتایا جاتا ہے کہ تاریخ دراصل سوال اٹھانے، ماخذ کی جانچ پڑتال کرنے اور مختلف تعبیرات و تشریحات کو سمجھنے اور ان کا تقابلی جائزہ لینے کا نام ہے۔ اس کے برعکس، ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کسی ’’مستند‘‘ یا ’’سرکاری‘‘ بیانیے کو رٹ لیں اور امتحان میں اسے من و عن دہرا دیں۔ نتیجتاً، طلبہ تاریخ سے اکتا جاتے ہیں اور اسے ایک بوجھ سمجھنے لگتے ہیں۔

مزید برآں، مختلف اشاعتی اداروں کی جانب سے شائع کیے جانے والے اضافی مطالعاتی مواد، کنجیوں اور گائیڈز وغیرہ میں ’’اہم‘‘، ’’انتہائی اہم‘‘ اور امتحان میں آنے والے ’’متوقع سوالات‘‘ کی فہرستیں بھی شامل ہوتی ہیں۔ اس طرح طلبہ کو تاریخ کا مطالعہ منتخب اور محدود انداز میں کرنے اور پورے مضمون کو محض امتحان کے نقطۂ نظر سے دیکھنے کی ترغیب ملتی ہے۔ عموماً سوال نامے تیار کرنے والے اساتذہ بھی گزشتہ برسوں کے امتحانی پرچوں کے نمونوں کا جائزہ لے کر سوالات مرتب کرتے ہیں۔ ظاہر ہے، ایسے سوالات زیادہ تر رٹائے ہوئے جوابات کا تقاضا کرتے ہیں؛ ان میں نہ تنقیدی تبصرے کی زیادہ گنجائش ہوتی ہے اور نہ ہی تنقیدی فکر (Critical Thinking) کے استعمال کی خاص ضرورت پیش آتی ہے۔ چنانچہ اکثر امتحانات طلبہ کی حقیقی فہم و ادراک کو جانچنے کے بجائے ان کی حافظے کی صلاحیت اور رٹنے کی مہارت کا اندازہ لگانے تک محدود ہو جاتے ہیں۔

مطالعہ جاتی مواد اور جانچ کے نظام کے مسائل کے علاوہ، تاریخ کی رائج تدریسی روشیں بھی کم مسئلہ خیز نہیں ہیں۔ وقت کی قلت اور بہتر امتحانی نتائج کے دباؤ میں اساتذہ اکثر تاریخ کی کلاس کو ایک بوجھل بلند خوانی اور غیر فعال طور پر سننے کے عمل میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ بعض اوقات استاد باب کے اہم نکات کی وضاحت کرنے کے بعد طلبہ سے املا لکھواتے ہیں یا سوال و جواب کرواتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ایسے طرزِ تدریس میں طلبہ فعال قاری اور غور و فکر کرنے والے سیکھنے والوں کے بجائے محض غیر فعال لکھنے والے بن کر رہ جاتے ہیں۔ اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں کہ تاریخ انھیں بے جان، حال سے غیر متعلق اور اپنی حقیقی زندگی سے کٹی ہوئی محسوس ہونے لگتی ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا اور جھوٹی کہانیاں

ایسے حالات میں طلبہ کی اسکول سے باہر کی زندگی میں کچھ ’’نئے اساتذہ‘‘ اپنی جگہ بنا لیتے ہیں: واٹس ایپ گروپس، یوٹیوب انفلوئنسرز، ٹوئٹر (ایکس) تھریڈز اور پرائم ٹائم ٹی وی کے مباحث۔ یہ ’’نئے اساتذہ‘‘ تاریخ کا ایسا روپ پیش کرتے ہیں جو فوری، جذباتی، حد درجہ سادہ اور اکثر انتہائی جانب دارانہ ہوتا ہے۔

کوئی وائرل ویڈیو سوال اٹھاتی ہے: ’’کیا آپ جانتے ہیں کہ اسکول میں آپ کو کیا کچھ نہیں پڑھایا گیا؟‘‘ اس کے بعد ایک سازشی انداز کی کہانی سنائی جاتی ہے کہ کس طرح ’’اشرافیہ کے مورّخین‘‘ نے ہم سے ’’اصل تاریخ‘‘ چھپا رکھی ہے۔ ایسی کہانیوں پر یقین کرنا پُرکشش محسوس ہوتا ہے، کیونکہ ان سے ہمیں یہ احساس ہوتا ہے کہ ہم کسی ایسے راز یا سچائی تک پہنچ رہے ہیں جسے اب تک پوشیدہ رکھا گیا تھا۔ لیکن اکثر جو کچھ پھیلایا جا رہا ہوتا ہے، وہ تاریخ نہیں بلکہ گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا ہوتا ہے۔

اس قسم کا مواد مختلف واٹس ایپ گروپس میں مسلسل گردش کرتا رہتا ہے۔ ہمارے ملک میں اس نوعیت کی غلط معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی جانچ، تردید یا اس کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے فی الحال کوئی مضبوط اور منظم نظام موجود نہیں ہے۔ جب تک کسی کی نظر اس پر نہ پڑے اور وہ اسے ایک مسئلے کے طور پر سامنے نہ لائے، عموماً اس کا کوئی مؤاخذہ نہیں ہوتا۔ بھارت میں اس ’’واٹس ایپ گیان‘‘ یا ’’واٹس ایپ یونیورسٹی‘‘ کے اثرات خاص طور پر گہرے اور دور رس ہیں۔

نصاب سے متعلق اصلاحات اور این سی ای آر ٹی کی درسی کتابیں

2005 میں تاریخ کی تعلیم کے میدان میں بعض اہم نصابی اور تعلیمی اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔ قومی درسیات کا خاکہ 2005 (NCF-2005) کے تحت تیار کی گئی تاریخ کی درسی کتابیں اس تصور پر مبنی تھیں کہ تاریخ کو جامد حقائق کے ذخیرے کے طور پر نہیں، بلکہ سوال، تحقیق اور جستجو کے ایک مسلسل عمل کے طور پر پڑھایا جانا چاہیے (National Council of Educational Research and Training [NCERT], 2005)۔

ان کتابوں میں طلبہ کو بنیادی ماخذ (Primary Sources) سے روشناس کرانے، انھیں تصور و تخیل کی گنجائش دینے، سوالات اٹھانے اور ماضی کے بارے میں خود غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرنے کی نہایت قابلِ ستائش کوشش کی گئی تھی۔ تاریخ نویسی کے طریقۂ کار سے بھی طلبہ کو ابتدائی مرحلے ہی میں متعارف کرایا گیا، تاکہ وہ درسی کتاب کو رٹنے کے لیے کسی ’’مقدس گرنتھ‘‘ کے طور پر نہ دیکھیں بلکہ اسے تنقیدی نظر سے پڑھنا سیکھیں۔ ان کتابوں کی ایک بڑی کامیابی یہ تھی کہ انھوں نے ان گروہوں کی آوازوں کو بھی تاریخ کے صفحات میں جگہ دی جو طویل عرصے تک حاشیے پر رہے تھے، مثلاً خواتین، آدیواسی برادریاں، کسان اور دلت طبقات۔ اس نقطۂ نظر نے طلبہ کو ماضی کی متعدد اور متنوع تعبیرات کا تصور کرنے کا موقع فراہم کیا۔ یوں تاریخ کو ایک یک رخی بیانیے کے بجائے مختلف تجربات، نقطہ ہائے نظر اور آوازوں کے مجموعے کے طور پر سمجھنے کی راہ ہموار ہوئی (NCERT, 2005)۔

ان درسی کتابوں میں مورّخ E. H. Carr کے اس معروف تصور کی بازگشت سنائی دیتی ہے کہ تاریخ محض حقائق کا مجموعہ نہیں، بلکہ حقائق اور مورّخ کے درمیان جاری رہنے والے ایک مسلسل مکالمے کا نام ہے۔ (Carr, 1961)

لیکن حالیہ نصابی مباحث میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ماضی کے صرف ایک مخصوص دھارے کو غیر معمولی اہمیت اور عظمت بخشی جا رہی ہے۔ قدیم ہندوستان کی کامیابیوں کو فخر و مباہات کے ساتھ پیش کرنے کی پُرزور کوششوں کے درمیان، قرونِ وسطیٰ کے مسلم حکمرانوں کو ’’بیرونی‘‘ اور ’’حملہ آور‘‘ کے طور پر پیش کرنا بچوں کے ذہنوں میں فرقہ وارانہ تعصبات اور نفرت کو جنم دے سکتا ہے۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ ایسے سادہ اور سطحی بیانیوں میں مکالمے، تنقیدی غور و فکر اور متبادل تعبیرات کے لیے بہت کم گنجائش باقی رہ جاتی ہے۔

تاریخ کی اس طرح کی بند، محدود اور یک رخی (Linear) پیش کش آنے والی نسلوں کو اس بات پر آمادہ کر سکتی ہے کہ وہ تاریخ کو ایسے واحد اور ناقابلِ چیلنج سچ کے طور پر دیکھیں جسے محض یاد کرنا ہو، اور جس میں صرف ایک ’’درست‘‘ اور ایک ’’غلط‘‘ روایت موجود ہو۔ یہاں جان ڈیوی (John Dewey) کی تعلیمی فکر بھی اہم معلوم ہوتی ہے، جس میں تاریخ کے مطالعے کو محض معلومات منتقل کرنے کے بجائے تجربے، جستجو اور فکری نمو سے جوڑنے کی کوشش نظر آتی ہے (Fallace, 2010)۔

اگر تاریخ کو محض حقائق کی فہرست کے طور پر پڑھایا جائے تو وہ طلبہ کے لیے بے رنگ، غیر دلچسپ اور غیر متعلق بن جائے گی، اور تاریخ سے ان کی دوری اور بے زاری مزید بڑھتی چلی جائے گی۔

این سی ای آر ٹی کی سطح پر سماجی علوم کی درسی کتابوں میں حالیہ ترامیم پر تنقیدی تبصرہ کرتے ہوئے Das Gupta (2025) لکھتے ہیں کہ یہ معاملہ محض چند ابواب یا تاریخی حقائق کے حذف و اضافے تک محدود نہیں، بلکہ ایک گہرے نظریاتی اور تعلیمی مباحثے سے متعلق ہے۔ ان کے مطابق، اگرچہ ان تبدیلیوں کا اعلان شدہ مقصد طلبہ پر تعلیمی بوجھ کم کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا بتایا جاتا ہے، لیکن درحقیقت یہ تاریخ کی پیچیدگیوں کو ہموار کرکے اسے اقتدار کے ایک مخصوص نظریاتی زاویۂ نگاہ سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔

مثال کے طور پر، Das Gupta (2025) اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ نئی تاریخ کی درسی کتابوں میں قرونِ وسطیٰ کے مسلم حکمرانوں کی ’’ظالمانہ کارروائیوں‘‘ کو خاص طور پر نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ بیشتر ہندوستانی مورّخین کا موقف ہے کہ مندروں کی مسماری یا جنگی تشدد اس دور کی عمومی سیاسی حکمتِ عملیوں کا حصہ تھے اور یہ صرف مسلم حکمرانوں تک محدود نہیں تھے۔ اس تاریخی تناظر کو نظر انداز کرکے واقعات کو ایک خاص زاویے سے پیش کرنا مسئلہ پیدا کرتا ہے، کیونکہ اس سے طلبہ کے ذہنوں میں ماضی کے بارے میں یک طرفہ اور غیر متوازن تصور تشکیل پا سکتا ہے۔ یوں تاریخ کی ایسی تعبیر، جو مختلف نقطۂ ہائے نظر اور تاریخی سیاق و سباق کو خاطر میں نہ لائے، طلبہ کو تاریخ کی پیچیدہ حقیقتوں کو سمجھنے کے بجائے ایک سادہ، قطعی اور پہلے سے طے شدہ بیانیے کو قبول کرنے کی طرف مائل کر سکتی ہے۔

دیگر رپورٹس کے مطابق، جماعت ششم سے بارہویں تک کی نئی این سی ای آر ٹی تاریخ کی درسی کتابوں کے ایڈیشنز میں وسیع پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ این سی ای آر ٹی کی نصابی ترمیمات 2025 کے تحت دہلی سلطنت کے قیام اور اس کے پھیلاؤ، مغل شہنشاہوں، مثلاً اکبر، شاہ جہاں اور اورنگ زیب، کے ادوارِ حکومت، نیز مغلیہ دور کی انتظامی اور ثقافتی کامیابیوں سے متعلق ابواب کو یا تو مکمل طور پر حذف کر دیا گیا ہے یا خاصا مختصر کر دیا گیا ہے (Outlook, 2025؛ Deepika, 2025)۔ اس کے نتیجے میں دہلی سلطنت کی سیاسی اور ثقافتی اہمیت، مغلیہ طرزِ تعمیر، انتظامی ڈھانچے اور ان سے وابستہ مختلف تاریخی و تہذیبی خدمات، نیز مغل اور دہلی سلطنت کے حکمرانوں کی اہم جنگوں اور پالیسیوں پر پہلے کے مقابلے میں کم توجہ دی جا رہی ہے۔

درحقیقت، دائیں بازو کے سیاسی بیانیے میں اکثر ہندوستانی تاریخ کو ’’ایک ہزار سالہ غلامی‘‘ کی مسلسل داستان کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، جس میں مسلم حکمرانوں کو بنیادی طور پر حملہ آور اور ہندو تہذیب و ثقافت کے تباہ کنندگان کے روپ میں دکھایا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ مقبول ثقافت (Popular Culture) بھی اس بیانیے کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔

The Kashmir Files اور The Kerala Story جیسی فلمیں ’’حقیقت سامنے لانے‘‘ کا دعویٰ کرتی ہیں، لیکن مضمون کے مطابق، یہ اکثر منتخب شواہد، ڈرامائی مبالغہ آرائی اور جذباتی اثر اندازی کے ذریعے ایک مخصوص سیاسی پیغام کو تقویت دیتی ہیں۔ اسی طرح، پرائم ٹائم ٹی وی کے مباحث پیچیدہ تاریخی سوالات کو ایک ایسی ’’چیخ و پکار کی مقابلہ آرائی‘‘ میں بدل دیتے ہیں، جہاں شواہد اور تحقیق کے بجائے شور و غوغا زیادہ اہمیت اختیار کر لیتا ہے۔

واٹس ایپ پر گردش کرنے والے پیغامات، میمز اور ویڈیوز میں اکثر جواہر لعل نہرو، ٹیپو سلطان، اورنگ زیب یا وینایک دامودر ساورکر کے بارے میں ایسے ’’حقائق‘‘ پیش کیے جاتے ہیں جو یا تو من گھڑت ہوتے ہیں یا انھیں ان کے اصل سیاق و سباق سے کاٹ کر بیان کیا جاتا ہے۔ ان کے ساتھ جعلی تصاویر اور غلط منسوب اقوال بھی شامل کر دیے جاتے ہیں، تاکہ یہ مواد مزید مستند معلوم ہو۔ نتیجتاً، اہم تاریخی شخصیات کو یا تو مکمل ہیرو بنا دیا جاتا ہے یا سراسر ولن۔ اس عمل میں رائے کو حقیقت کا درجہ دے دیا جاتا ہے اور تاریخ ماضی کو سمجھنے کے ایک فکری وسیلے کے بجائے ایک سیاسی ہتھیار میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

اس تناظر میں Das Gupta (2025) کا استدلال ہے کہ درسی کتابوں میں محض حقائق کی درستگی یا ترمیم کافی نہیں ہوگی؛ ہمیں طلبہ کو یہ بھی سکھانا ہوگا کہ قدیم اور قرونِ وسطیٰ کے ادوار کے اخلاقی تصورات اور سماجی اقدار جدید جمہوری اصولوں اور قدروں سے مختلف تھے۔ تاریخ کا مقصد نہ تو ماضی کے کسی دور کو ’’تاریک عہد‘‘ قرار دینا ہے اور نہ ہی کسی بادشاہ یا تاریخی شخصیت کو مثالی ہیرو یا مطلق ولن میں تبدیل کر دینا ہے۔

اس لیے ضروری ہے کہ تاریخ کی تعلیم طلبہ میں پیچیدگیوں کو سمجھنے، مختلف نقطۂ ہائے نظر کا جائزہ لینے اور تاریخی واقعات کو ان کے مخصوص حالات اور سیاق و سباق میں دیکھنے کی صلاحیت پیدا کرے۔ اسی صورت میں طلبہ ماضی کو اس کے اپنے زمانے اور ماحول کے تناظر میں سمجھ سکیں گے، بجائے اس کے کہ وہ اسے موجودہ دور کے پیمانوں سے ناپیں یا سادہ اور یک رخی بیانیوں تک محدود کر دیں۔

علمی تاریخ اور عوامی فہم

عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ پیشہ ور مورّخین اپنی تحریریں عام قارئین یا غیر ماہر افراد کے لیے نہیں لکھتے۔ نتیجتاً، تاریخ کی تشریح اور اس کے بیانیے کی تشکیل کا میدان اکثر ایسے لوگوں کے لیے کھلا رہ جاتا ہے جو اس شعبے کے ماہر نہیں ہوتے، لیکن مقبول ذرائعِ ابلاغ پر تاریخ کو نہایت سادہ، پُرکشش اور بسا اوقات حیران کن انداز میں پیش کرتے ہیں۔

اتنی ہی حیرت کی بات یہ بھی ہے کہ بہت سے اہلِ علم برسوں تک اپنے علمی حلقوں اور تحقیقی ’’گوداموں‘‘ (Silos) میں اپنے جیسے ماہرین کے درمیان کام کرتے رہتے ہیں۔ پھر اس وقت تعجب کا اظہار کرتے ہیں جب انھیں احساس ہوتا ہے کہ جس چیز کو وہ تاریخی ’’عام فہم‘‘ (Common Sense) سمجھتے ہیں، وہ بڑی تعداد میں عام لوگوں کے درمیان موجود ہی نہیں۔ حالانکہ اس کی وجہ صرف لوگوں کی ذاتی دلچسپی یا ترجیحات کا فقدان نہیں، بلکہ اس کے پسِ پشت سماجی اور پالیسی کی سطح پر موجود رکاوٹیں بھی کارفرما ہوتی ہیں، جن کے باعث عام افراد کو سنجیدہ تاریخی تحقیق، علمی مباحث اور معتبر تحقیقی مواد تک رسائی حاصل نہیں ہو پاتی۔

اس طرح ایک خلا پیدا ہو جاتا ہے: ایک طرف علمی دنیا میں پیچیدہ اور باریک بین تاریخی تحقیق موجود ہوتی ہے، اور دوسری طرف عوامی سطح پر تاریخ کی تفہیم ہوتی ہے، جو اکثر سادہ، جذباتی اور بعض اوقات گمراہ کن بیانیوں سے تشکیل پاتی ہے۔ یہی خلا تاریخ کے بارے میں غلط فہمیوں، تعصبات اور سطحی تصورات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تعقل پسندی کی مخالفت (Anti-Intellectualism) اور تخصص و مہارت کی سماجی اہمیت کو کم تر سمجھنے کا رجحان تاریخ کے مضمون اور تاریخی علم و فہم، دونوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ جو لوگ تاریخ کے تحقیقی طریقۂ کار، اصولوں اور تنقیدی زاویۂ نظر میں خود کو تربیت دینے کی زحمت نہیں کرتے، وہ اکثر یہ گمان کر لیتے ہیں کہ وہ بھی اتنے ہی باصلاحیت اور معتبر ہیں جتنے وہ ماہرین جنھوں نے اپنی زندگیاں بنیادی ماخذ اور ثانوی علمی لٹریچر کے مطالعے، تجزیے اور تشریح میں صرف کی ہیں۔

اسی وجہ سے آج جعلی تاریخ (Pseudo-history) بے شمار بلاگز، ویب سائٹس، یوٹیوب چینلز، پوڈکاسٹس، واٹس ایپ فارورڈز، نام نہاد نیوز چینلز، بلکہ بعض اخبارات اور کتابوں میں بھی ’’تاریخ‘‘ کا لبادہ اوڑھے گردش کر رہی ہے۔ جماعتی اور نظریاتی پروپیگنڈا کرنے والے افراد کو ’’مورّخ‘‘ تسلیم کیا جا رہا ہے، جبکہ حقیقی مورّخین کو ’’پروپیگنڈا کرنے والا‘‘ قرار دے کر مسترد کیا جا رہا ہے۔

اس ماحول میں اساطیر اور روایتی داستانوں کو اکثر ’’معروضی‘‘ تاریخی حقائق کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ تاریخ جیسے علمی اور تحقیقی شعبے کو محض ’’شخصی رائے‘‘ کہہ کر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ نتیجتاً، تحقیق، شواہد اور تنقیدی تجزیے کی جگہ جذبات، عقائد اور نظریاتی وابستگیاں لے لیتی ہیں اور تاریخ ماضی کو سمجھنے کے ایک سنجیدہ علمی وسیلے کے بجائے سیاسی، ثقافتی یا نظریاتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا ایک آلہ بن کر رہ جاتی ہے۔

ایک اور اہم مسئلہ یہ ہے کہ ہر مورّخ یا استاد یہ نہیں جانتا کہ تاریخ کو عام لوگوں کے لیے قابلِ فہم، دلچسپ اور مؤثر زبان میں کیسے لکھا جائے، یا اسے اس انداز میں کیسے پڑھایا جائے کہ طلبہ کی دلچسپی برقرار رہے۔ یہ کام خود کسی مورّخ یا معلم کے لیے بھی آسان نہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ بیشتر علمی مورّخین چاہتے ہیں کہ ان کا کام معروف اور معتبر علمی اشاعتی اداروں کے ذریعے شائع ہو، کیونکہ جامعات اور تحقیقی اداروں میں اسی نوعیت کی اشاعتوں کو ملازمت، ترقی اور نسبتاً مستحکم آمدنی کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔ اس کے برعکس، عام قارئین کے لیے لکھنا اور انھیں تاریخ کو دلچسپ انداز میں سمجھانا ایک الگ نوعیت کی مہارت اور فن کا تقاضا کرتا ہے۔

یہ کام صرف کسی مخصوص موضوع پر نئی تحقیق کرکے علمی ذخیرے میں اضافہ کرنے تک محدود نہیں ہوتا، جیسا کہ زیادہ تر مورّخین کرتے ہیں، بلکہ اس تحقیق کو اس انداز میں پیش کرنا بھی ضروری ہوتا ہے کہ وہ لوگ بھی اسے سمجھ سکیں جو اس شعبے کے ماہر نہیں ہیں۔ ایک ہی فرد کے لیے ایک طرف انتہائی تخصصی اور پیچیدہ تحقیق میں نیا علمی اضافہ کرنا اور دوسری طرف اسی تحقیق کو سادہ، درست اور دلکش زبان میں عام لوگوں تک پہنچانا ایک نہایت دشوار کام ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اکثر مورّخین عوام کے لیے نہیں لکھتے۔ ایسا کرنے کے لیے انھیں بیک وقت دو مختلف نوعیت کے کام انجام دینے پڑتے ہیں: ایک علمی تحقیق کا اور دوسرا عوامی ابلاغ کا؛ لیکن عموماً پیشہ ورانہ صلہ اور اعتراف صرف پہلے کام کی بنیاد پر ملتا ہے۔ اس طرح علمی دنیا کے ترغیبی ڈھانچے (Incentive Structures) بھی اکثر مورّخین کو عوامی سطح پر لکھنے اور مکالمہ کرنے سے دور رکھتے ہیں، حالانکہ تاریخ کو وسیع تر معاشرے تک پہنچانے کی ضرورت شاید پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

اس کے باوجود، بعض عوام پسند دعوؤں کے برعکس، تاریخ نہ تو حب الوطنی کی دشمن ہے اور نہ ہی کسی قوم کو اس کے وقار سے محروم کرنے کا ذریعہ۔ اچھی تاریخ نہ کسی قوم کو شرمندہ کرنے کے لیے لکھی جاتی ہے اور نہ ہی اس کی اندھی تعریف و توصیف کے لیے؛ اس کا بنیادی مقصد، حتی الامکان، یہ سمجھنا ہوتا ہے کہ حقیقت میں کیا پیش آیا تھا۔ (Appleby et al., 1994; Carr, 1961)

یہ فہم لازماً پیچیدہ ہوتی ہے، کیونکہ حقیقی تاریخ شاذ و نادر ہی ایسے صاف اور سادہ قصے کی شکل اختیار کرتی ہے جس میں صرف نیک ہیرو اور بدکردار ولن موجود ہوں۔ تاریخ کو سمجھنے کے لیے ماخذ کی محتاط جانچ پڑتال، حقائق کی تصدیق اور واقعات کے سماجی، معاشی اور سیاسی پس منظر کا باریک بینی سے جائزہ لینا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس عمل میں علمی انکساری بھی درکار ہوتی ہے، یعنی یہ تسلیم کرنے کا حوصلہ کہ اگر نئے شواہد سامنے آئیں تو ہماری موجودہ تعبیر و تشریح تبدیل ہو سکتی ہے (Wineburg, 2001; Carr, 1961)۔

ایسے دور میں، جب ماہر مورّخین اور عام لوگوں کے درمیان ایک واضح خلیج موجود ہے، اس فاصلے کو کم کرنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ ہمیں طلبہ اور عام قارئین کو ’’مورّخ کی طرح سوچنا‘‘ سکھانا ہوگا، تاکہ وہ ’’واٹس ایپ یونیورسٹی‘‘ کی ادھوری، گمراہ کن یا یک رخی کہانیوں سے متاثر ہونے کے بجائے شواہد اور دعووں کو تنقیدی نگاہ سے پرکھ سکیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم طلبہ اور عام لوگوں کو یہ سمجھائیں کہ وہ تاریخ کی پیچیدگی سے خوف زدہ ہونے کے بجائے اس کا سامنا کریں اور اسے سمجھنے کی کوشش کریں۔ پیچیدگی کا مطلب یہ ہے کہ تاریخی حقائق پیش کرتے وقت متعدد آوازوں، تجربات اور نقطہ ہائے نظر کو مدِ نظر رکھا جائے۔

مثال کے طور پر، 1857 کی بغاوت (Indian Rebellion of 1857) کو بعض لوگ ’’جنگِ آزادی کا پہلا معرکہ‘‘ قرار دیتے ہیں، بعض اسے ’’مقامی بغاوتوں کا ایک سلسلہ‘‘ سمجھتے ہیں، جبکہ کچھ مورّخین ان دونوں تعبیرات کے امتزاج کی بات کرتے ہیں۔ ان مختلف زاویہ ہائے نظر سے ہماری سمجھ میں وسعت اور گہرائی پیدا ہوتی ہے۔ اچھے مورّخین کسی ایک بیانیے کو حتمی سچائی کے طور پر مسلط کرنے کے بجائے ان متنوع آرا کو سامنے لاتے اور ان کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

طلبہ اور عام قارئین کو اس فکری تنوع اور وسعت سے گھبرانا نہیں چاہیے، بلکہ اسے تاریخ کے ایک دلچسپ اور حوصلہ افزا پہلو کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ آخرکار، تاریخ صرف بادشاہوں، سلطنتوں اور جنگوں کی فہرست کا نام نہیں؛ یہ عام انسانوں کی زندگیوں، ان کی جدوجہد، محبتوں، مزاحمتوں اور خوابوں کی داستان بھی ہے۔ یہ اس پورے عمل کا ریکارڈ ہے جس کے ذریعے ہمارا موجودہ معاشرہ تشکیل پایا۔ اگر ہم اس معاشرے کو بہتر طور پر سمجھنا چاہتے ہیں اور گمراہ کن بیانیوں، افواہوں اور سطحی دعووں سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں، تو ہمیں طلبہ میں چند بنیادی صلاحیتیں پیدا کرنا ہوں گی۔

روایتی تدریس کی خامیوں کا تدارک

روایتی اندازِ تدریس کی ان خامیوں کا تدارک محض تدریسی تکنیکوں میں معمولی تبدیلیوں سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے یہ بنیادی سوال اٹھانا ضروری ہے کہ آخر تاریخ پڑھانے کا مقصد کیا ہے؟ اگر تاریخ کا مطالعہ صرف واقعات، تاریخوں اور شخصیات کو یاد رکھنے تک محدود نہ ہو، تو طلبہ کو ماضی کے بارے میں سوچنے، شواہد کو پرکھنے، مختلف توضیحات کا موازنہ کرنے اور کسی تاریخی دعوے کے جواز کو جانچنے کے مواقع بھی فراہم کرنا ہوں گے۔ دوسرے لفظوں میں، طلبہ کو صرف یہ نہیں سکھایا جانا چاہیے کہ مورّخین نے ماضی کے بارے میں کیا لکھا ہے، بلکہ یہ بھی کہ وہ ماضی کے بارے میں جانتے اور سوچتے کیسے ہیں۔

چنانچہ مسئلہ صرف یہ نہیں کہ تاریخ کس طرح پڑھائی جائے، بلکہ یہ بھی ہے کہ طلبہ کو تاریخ کے بارے میں کس طرح سوچنا سکھایا جائے۔ تاریخ کو یاد کیے جانے والے ماضی کے بجائے شواہد کی مدد سے تشکیل دی جانے والی تعبیر کے طور پر دیکھنے کا یہی زاویہ ہمیں ’’مورّخ کی طرح سوچنے‘‘ کے تصور تک لے جاتا ہے۔

ایک مورّخ کی طرح سوچنا

مورّخ Sam Wineburg تجویز کرتے ہیں کہ ہمیں طلبہ کو ’’مورّخ کی طرح سوچنا‘‘ سکھانا چاہیے۔ اس کا مطلب ہے ماخذ کو شک و تنقید کی نگاہ سے دیکھنا، شواہد کو پرکھنا، مختلف نقطۂ ہائے نظر کو سمجھنا، اور یہ تسلیم کرنا کہ ماضی کی تعبیر اکثر عارضی ہوتی ہے اور اس میں ترمیم کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے (Wineburg, 2001)۔

وائنبرگ بتاتے ہیں کہ مورّخین کسی دستاویز کو پڑھنے سے پہلے ہی اس کے مصنف، زمانے اور سیاق و سباق سے متعلق سوالات ذہن میں رکھتے ہیں۔ یہ سوالات مطالعے کے عمل کو محض غیر فعال طور پر معلومات قبول کرنے کے بجائے ایک فعال اور تنقیدی تجزیے میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ یہی طریقہ طلبہ کے لیے محض ’’تاریخ رٹنے‘‘ کے مقابلے میں کہیں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ طلبہ کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ مورّخین کیا سوچتے ہیں اور کیسے سوچتے ہیں۔(Wineburg, 2001)

اس مقصد کے لیے تدریس میں چند ایسی حکمتِ عملیاں شامل کی جا سکتی ہیں جو طلبہ کو تاریخی ماخذ کے ساتھ فعال اور تنقیدی انداز میں کام کرنے میں مدد دیں۔

۱۔ ماخذ کی تعیین (Sourcing): دستاویز کے مصنف اور اس کے مقصد کے بارے میں سوال اٹھانا: اسے کس نے لکھا، کب لکھا، کیوں لکھا، اور یہ کس حد تک قابلِ اعتماد ہو سکتی ہے؟

۲۔ سیاق بندی (Contextualizing): دستاویز اور اس میں بیان کیے گئے واقعات کو ان کے زمانی اور مکانی تناظر میں رکھنا۔

۳۔ گہرا مطالعہ (Close Reading): دستاویز کے الفاظ، زبان اور جزئیات پر توجہ دے کر اس کے معنی کو سمجھنا۔

۴۔ سابقہ علم کا استعمال (Using Background Knowledge): اپنے سابقہ تاریخی علم کی بنیاد پر دستاویز کو بہتر طور پر سمجھنا۔

۵۔ خاموشیوں کو پڑھنا (Reading the Silences): یہ دیکھنا کہ دستاویز میں کن آوازوں یا نقطۂ ہائے نظر کو شامل نہیں کیا گیا۔

۶۔ تصدیق و تقابل (Corroborating): متعدد ماخذ میں موجود بیانات کا باہمی موازنہ کرکے ان میں اتفاق اور اختلاف کے نکات کی نشاندہی کرنا۔

یہ حکمتِ عملیاں صرف بنیادی دستاویزات تک محدود نہیں ہیں؛ درسی کتابوں کا مطالعہ کرتے وقت بھی انھیں بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، طلبہ سے کہا جا سکتا ہے کہ وہ موجودہ درسی کتاب میں کسی تاریخی واقعے کی تشریح کا موازنہ پرانے ایڈیشنوں یا بنیادی ماخذ سے کریں۔

ڈیجیٹل دور اور تنقیدی سوچ

طلبہ کو یہ سکھانا کہ وہ کسی بھی تاریخی دعوے کو تنقیدی نظر سے پڑھیں، ماخذ پر سوال اٹھائیں اور پیش کیے گئے شواہد کا جائزہ لیں، انھیں ’’واٹس ایپ یونیورسٹی‘‘ جیسی ادھوری اور گمراہ کن معلومات کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ نہ صرف انھیں تاریخ کو سمجھنے کی ایک اہم کنجی فراہم کرے گا، بلکہ انھیں ایک باشعور اور بااختیار شہری بنانے میں بھی مدد دے گا۔

اچھی بات یہ ہے کہ یہ صلاحیتیں مشق کے ذریعے پیدا کی جا سکتی ہیں۔ کسی طالب علم کے لیے پیشہ ور مورّخ بننا ضروری نہیں؛ اسے صرف یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ شواہد کو کیسے پرکھا جائے۔ اسی لیے معتبر ذرائع سے آغاز کرنا بے حد اہم ہے، مثلاً مستند تاریخ کی کتابیں، پرانی مستند درسی کتابیں—اگر ممکن ہو تو ان کے اصل، غیر ترمیم شدہ ایڈیشن—آن لائن آرکائیوز اور عجائب گھروں کی ویب سائٹس۔ طلبہ ایک ہی واقعے کے مختلف بیانات کا مطالعہ کر سکتے ہیں اور دیکھ سکتے ہیں کہ وہ کہاں ایک دوسرے سے متفق ہیں اور کہاں اختلاف کرتے ہیں۔ رفتہ رفتہ ان کے اندر وہ بصیرت پیدا ہو سکتی ہے جسے ’’ماہرانہ نظر‘‘ کہا جا سکتا ہے، یعنی مبالغہ آرائی، خامیوں اور من گھڑت دعووں کو پہچاننے کی صلاحیت۔

یہ بات ہماری مصنوعی ذہانت سے متاثرہ دور میں اور بھی زیادہ اہم ہو جاتی ہے، جہاں ڈیپ فیک ویڈیوز اور الگورتھم سے تیار کردہ مواد نے حقیقت اور تخیل کے درمیان فرق کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ اگر ہم تاریخ کے سنجیدہ مطالعے سے منہ موڑ لیں تو ہم خود کو کسی بھی سیاست داں، پروپیگنڈا کرنے والے یا بااثر شخصیت کے ہاتھوں گمراہ ہونے اور آسانی سے ان کا ہدف بننے کے لیے غیر محفوظ چھوڑ سکتے ہیں۔ لیکن اگر ہم تنقیدی انداز میں تاریخ کا مطالعہ کرنا سیکھ لیں، تو ہم اپنے آپ کو ایک مضبوط حفاظتی ڈھال سے لیس کر لیتے ہیں: یعنی شواہد کا مطالبہ کرنے اور جھوٹ کو پہچاننے کی صلاحیت سے۔

آخرکار، تاریخ صرف ماضی کا بیان نہیں ہے؛ یہ ہمارے مستقبل کی سمت متعین کرنے میں بھی کردار ادا کرتی ہے۔ ہم اپنے ماضی کے بارے میں جو کہانیاں بیان کرتے ہیں، وہ ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہیں کہ ہم کون ہیں اور ہمیں کیا بننا ہے۔ اگر ہم یہ کہانیاں جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے حوالے کر دیں گے تو ہم کسی اور کی لکھی ہوئی کہانی کے قیدی بن جائیں گے۔ لیکن اگر ہم خود تاریخ پڑھنے کا چیلنج قبول کریں، بہترین ذرائع سے استفادہ کریں، مشکل سوالات اٹھائیں اور آسان جوابوں پر قناعت نہ کریں، تو ہم ایک باشعور شہری بننے کی اپنی صلاحیت دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ماحصل

زیرِ بحث نکات سے واضح ہوتا ہے کہ واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع و سوشل میڈیا نے تاریخ کے مطالعے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ کچھ نئے تدریسی تقاضے بھی سامنے لائے ہیں۔ اب ضرورت صرف اس امر کی نہیں کہ طلبہ کو درست تاریخی معلومات فراہم کی جائیں، بلکہ اس بات کی بھی ہے کہ وہ دستیاب معلومات کو پرکھ سکیں، ان کے ماخذ اور سیاق و سباق کو سمجھ سکیں اور ماضی کے بارے میں قائم کیے گئے دعووں کو تنقیدی نگاہ سے جانچ سکیں۔ اس پورے عمل میں استاد کا کردار فیصلہ کن ہے۔

لیکن اتنے پیچیدہ حالات میں تاریخ کا استاد کیا کر سکتا ہے؟ ایک دیانت دار اور حساس استاد، جو تاریخ کو کثیر زاویۂ نظر کا حامل مضمون سمجھتا یا سمجھتی ہے، خود کو مشکل صورتِ حال میں پاتا ہے۔ نصاب پر اس کا اختیار محدود ہوتا ہے اور تعلیمی امور سے متعلق فیصلہ سازی کے عمل میں وہ عموماً سب سے نچلی سطح پر کھڑا ہوتا ہے۔ سخت نصابی نظام الاوقات اور اچھے امتحانی نتائج کا دباؤ اس کی تدریسی خود مختاری کو مزید محدود کر سکتا ہے۔

اس کے باوجود، یہی استاد امید کی ایک اہم کرن ہے۔ اگر وہ تنقیدی مکالمے، سوالات اور مباحثے کی حوصلہ افزائی کرے تو وہ کلاس روم میں فکری یکسانیت کی مزاحمت کر سکتا ہے۔ اس کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ طلبہ کے سامنے ایک ہی واقعے کے مختلف نقطۂ ہائے نظر پیش کرے، کثیر الجہتی تاریخ پڑھائے اور انھیں فکری تکثیریت کی اہمیت سے آگاہ کرے۔ اگرچہ امتحان پر مبنی نظام میں اس کے فیصلہ سازی کے اختیارات محدود ہوتے ہیں، لیکن اس کا تدریسی نقطۂ نظر پھر بھی مزاحمت اور تبدیلی کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔

لہٰذا آگے بڑھنے کا ایک راستہ یہ ہے کہ استاد خود کو محض درسی کتاب کا قاری نہ سمجھے، بلکہ تنقیدی فکر کی رہنمائی کرنے والے ایک معلم کے طور پر اپنا کردار ادا کرے۔ وہ طلبہ کو یہ سکھائے کہ ایک ہی تاریخی واقعے کے کئی نقطۂ ہائے نظر ہو سکتے ہیں، انھیں ماخذ اور شواہد کی بنیاد پر استدلال کرنے کی ترغیب دے اور اس طرح جمہوری تعلیم کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں اپنا حصہ ادا کرے۔ تاہم، صرف استاد کی انفرادی کوششوں پر انحصار کافی نہیں۔ تاریخ کو محض یاد کرنے کے مضمون کے طور پر دیکھنے کی پرانی عادت سے آگے بڑھنے کے لیے اسکولوں اور جامعات میں کچھ ٹھوس اقدامات بھی ضروری ہیں۔

سب سے پہلے، درسی کتابوں کو اس انداز میں لکھا جانا چاہیے کہ وہ محض حقائق کی فہرست نہ ہوں، بلکہ طلبہ کے سامنے سوالات رکھیں، ان میں جوابات تلاش کرنے کا تجسس پیدا کریں اور انھیں شواہد کی بنیاد پر اپنی تعبیر تشکیل دینے کا موقع دیں۔ اسی طرح، اساتذہ کی تربیت کے پروگراموں میں تاریخ کی تدریس کے ایسے طریقوں کو رواج دینا چاہیے جن میں دستاویزات پر مبنی سوالات، بنیادی ماخذ کا تجزیہ، مختلف تاریخی تعبیرات کا تقابل اور بامعنی مباحثے شامل ہوں (NCERT, 2005, 2023)۔

دوسرا، ڈیجیٹل خواندگی اور میڈیا خواندگی کو تاریخ کی تعلیم کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے۔ آج طلبہ تاریخ سے متعلق معلومات صرف درسی کتابوں سے حاصل نہیں کرتے؛ انٹرنیٹ، سوشل میڈیا، ویڈیوز اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارم ان کے لیے معلومات کے بڑے ذرائع بن چکے ہیں۔ اس لیے انھیں یہ سکھانا ضروری ہے کہ وہ دستیاب مواد کی قابلِ اعتماد حیثیت کو کیسے جانچیں، ماخذ کی نوعیت اور اس کے مقصد کو کیسے سمجھیں اور غلط معلومات، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کی شناخت کیسے کریں۔

تیسرا، مقبول طرزِ تحریر اور عوامی تاریخ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جامعات اور تحقیقی اداروں کو ایسی حوصلہ افزائی کی اسکیمیں متعارف کرانی چاہییں جو مورّخین اور محققین کو اپنے علمی کام کو عام فہم زبان میں عوام تک پہنچانے کی ترغیب دیں۔ ایسے مورّخین کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے جو پیچیدہ تاریخی موضوعات کو سادہ، درست اور دلچسپ انداز میں عام لوگوں کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔ اس سے تاریخ کو صرف تعلیمی اداروں کی حدود میں مقید رکھنے کے بجائے ایک زندہ عوامی مکالمے کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔

چوتھا، خاندان اور وسیع تر معاشرے کا کردار بھی اہم ہے۔ گھروں اور عوامی مقامات پر تاریخ کے بارے میں کھلی، باخبر اور حقائق پر مبنی گفتگو کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ عجائب گھروں، آرکائیوز اور تاریخی مقامات کو بھی زیادہ سے زیادہ باہمی تعامل پر مبنی اور پُرکشش بنایا جا سکتا ہے، تاکہ نئی نسل کو یہ احساس ہو کہ تاریخ محض ماضی کے مردہ واقعات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک زندہ انسانی تجربہ ہے جس کے آثار ہمارے ارد گرد آج بھی موجود ہیں۔

آخرکار، تاریخ صرف امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کرنے کے لیے نہیں، بلکہ باشعور، تنقیدی اور صاحبِ فکر شہری پیدا کرنے کے لیے پڑھائی جانی چاہیے۔ کوئی معاشرہ اسی وقت بالغ اور پختہ سمجھا جا سکتا ہے جب وہ اپنے ماضی کو دیانت داری سے سمجھنے، اس کی پیچیدگیوں کو قبول کرنے اور اس سے سیکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

شاید بڑے بھائی صاحب صحیح ہی کہتے تھے کہ آٹھ آٹھ ہینری کو یاد رکھنے میں کسی کا بھی دماغ چکرا سکتا ہے۔ لیکن تاریخ سیکھنے کا مقصد صرف نام اور سن یاد کرنا نہیں ہے۔ اصل مقصد یہ سمجھنا ہے کہ کن عوامل نے ان کے عہدِ حکومت کو اہم بنایا، انھوں نے کون سے فیصلے کیے، ان فیصلوں کے پیچھے کیا محرکات تھے، اور ان کے کیا اثرات ہم تک پہنچے۔

تاریخ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ماضی نہ تو کسی ’’سنہری دور‘‘ کی پرستش کی چیز ہے اور نہ ہی محض شرمندگی کا باعث؛ یہ ایک پیچیدہ انسانی داستان ہے، جس سے ہمیں دیانت داری اور تنقیدی نظر کے ساتھ وابستہ ہونا چاہیے۔ اگر ہم طالبِ علم اور استاد کی حیثیت سے اس چیلنج کو قبول کریں، ماخذ پر سوال اٹھائیں، شواہد کا جائزہ لیں، مختلف نقطۂ ہائے نظر کو سمجھیں اور غور سے مطالعہ کریں، تو ہمیں معلوم ہوگا کہ تاریخ کوئی بوجھ نہیں، بلکہ ایک کنجی ہے۔ یہ کنجی نہ صرف ماضی بلکہ مستقبل کے دروازے بھی کھولتی ہے اور ہمیں غلط معلومات کے اس سیلاب سے بچانے میں بھی مدد دیتی ہے جو ہم سب کو اپنی زد میں لینے پر آمادہ ہے۔

حوالہ جات

۱۔ منشی پریم چند۔ (2009)۔ بڑے بھائی صاحب۔ ساہتیہ اکادمی۔

۲۔ اکبر الہ آبادی۔ (n.d.)۔ چھوڑ لٹریچر کو اپنی ہسٹری کو بھول جا۔ ریختہ (Rekhta)۔

۳۔ Appleby, J., Hunt, L., & Jacob, M. C. (1994). Telling the Truth About History. W. W. Norton & Company.

۴۔ Carr, E. H. (1961). What Is History? Macmillan.

۵۔ Das Gupta, K. (2025, July 22). From the Opinions Editor: NCERT Textbook Revisions—A Point-by-Point Counter Isn’t Enough. The Indian Express.

۶۔ Deepika. (2025, July 30). The White Lies Mughals: Changing Landscape of NCERT. Outlook India.

۷۔ Fallace, T. D. (2010). John Dewey on history education and the historical method. Education and Culture, 26(2), Article 4.

۸۔ National Council of Educational Research and Training. (2005). National Curriculum Framework for School Education 2005.

۹۔ National Council of Educational Research and Training. (2023). National Curriculum Framework for School Education 2023.

مصنفین کا تعارف

محمد جاوید حسین: اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ تعلیمی مطالعات، فیکلٹی آف ایجوکیشن، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی۔

طارق انور: اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ تربیتِ اساتذہ و نیم رسمی تعلیم، فیکلٹی آف ایجوکیشن، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی۔

(پئیر ریویوڈ ریفریڈ جرنل)

جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی – ۱۱۰۰۲۵

Related Articles