تعلیمسماجی علوم

تدریس کے معاون سامان اور تدابیر – فن تعلیم و تربیت – باب ۲۹ – حصہ 4

تختۂ سیاہ تدریس کو آسان، واضح اور دلچسپ بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ اس مضمون میں بتایا گیا ہے کہ استاد تختۂ سیاہ کو بہتر انداز میں استعمال کرکے طلبہ کی توجہ، سمجھ اور دلچسپی کو کیسے بڑھا سکتا ہے۔

۳۔ تختۂ سیاہ (بلیک بورڈ)

تدریس کو آسان، مؤثر اور دلچسپ بنانے میں تختۂ سیاہ کو بھی بہت زیادہ دخل ہے۔ سبق کو واضح کرنے میں اس سے بہت مدد ملتی ہے۔ مگر نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس سے بہت کم اساتذہ کماحقہٗ فائدہ اٹھاتے ہیں۔

اہمیت و افادیت

  • سبق کے مشکل نکات کی توضیح و تشریح کے لیے تختۂ سیاہ بہت ہی سستی اور موزوں سطح ہے۔ حسبِ ضرورت اس پر نہایت واضح اور خوش رنگ تصاویر، چارٹس اور نقشے وغیرہ بنائے جا سکتے ہیں، جن میں وقت اور پیسے کی بھی بچت ہوتی ہے۔ اگر بنانے کا سلیقہ ہو تو پہلے سے بنی یا چھپی ہوئی چیزوں کے مقابلے میں یہ زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔
  • بچوں کے سامنے اس پر جو کچھ لکھا اور بنایا جاتا ہے، اسے بچے زیادہ غور اور توجہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کی سمجھ میں بات بخوبی آتی ہے اور ضرورت ہو تو وہ باآسانی اس کی نقل بھی اتار سکتے ہیں۔
  • اگر مسلسل زبانی پڑھاتے رہیں تو بچوں کو صرف کانوں سے کام لینے کا موقع ملتا ہے اور مسلسل سنتے رہنے سے وہ اکتا بھی جاتے ہیں۔ تختۂ سیاہ کی وجہ سے انہیں آنکھوں سے بھی کام لینے کا موقع ملتا ہے۔ جب معلم بولنا بند کرکے تختۂ سیاہ استعمال کرنے لگتا ہے تو کام کی نوعیت میں تبدیلی واقع ہونے کی وجہ سے اکتاہٹ بھی دور ہو جاتی ہے اور توجہ و دلچسپی پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔ مزید یہ کہ اس سے کام لینے کی وجہ سے سمجھنے، غور و فکر کرنے اور یاد رکھنے میں بھی سہولت ہوتی ہے۔
  • طلبہ کو زبانی کوئی ہدایت دی جائے یا حل کرنے کے لیے کوئی مسئلہ یا ہوم ورک دیا جائے تو کبھی کبھی وہ غلط فہمی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ کہا کچھ جاتا ہے اور بچے کرتے کچھ اور ہیں۔ تختۂ سیاہ پر نوٹ کر دینے سے کام متعین ہو جاتا ہے اور طلبہ بھٹکنے یا شبہ میں پڑنے سے محفوظ رہتے ہیں۔
  • تختۂ سیاہ کی بدولت سبق کا خلاصہ اور مختصر نوٹ مربوط و مرتب شکل میں طلبہ کو مل جاتا ہے، جسے وہ باآسانی یاد بھی کر سکتے ہیں اور اپنی کاپیوں پر صحت کے ساتھ نوٹ بھی کر سکتے ہیں۔ سبق کے خاص خاص نکات پر توجہ مرکوز کرانے میں بھی تختۂ سیاہ سے بڑی مدد ملتی ہے۔

استعمال

  • تختۂ سیاہ معلم کی بائیں جانب اس انداز سے لگایا جائے کہ اس کی سطح نہ جھکے اور پورا درجہ باآسانی اسے دیکھ سکے۔ نیز معلم کو اس تک پہنچنے اور لکھنے میں آسانی ہو۔
  • استعمال سے پہلے تختۂ سیاہ خوب صاف کر لیا جائے۔ جھاڑن اگر قدرے نم استعمال کیا جائے تو بہتر ہے، مگر بہت گیلا نہ ہو۔ کام ختم ہونے کے بعد جلد از جلد اسے صاف کر دیا جائے۔
  • تختۂ سیاہ پر جو کچھ لکھا یا بنایا جائے، وہ نہایت صاف، واضح، پیچیدہ خطوط سے پاک، سیدھی سطر میں، موٹے اور یکساں خط میں ہو۔
  • چاک کو اس کے سرے کے قریب پکڑا جائے اور تقریباً ۴۵ درجے کا زاویہ بناتے ہوئے تختۂ سیاہ پر لکھا جائے۔ موٹا لکھنا ہو تو چاک کا سرا گھسا لیا جائے۔ لکیر کھینچنی ہو تو دونوں سروں کے نقطے متعین کرکے انہیں ملا دیا جائے، اور رنگ بھرنا ہو تو تختۂ سیاہ کو پُر کر دیا جائے۔
  • لکھتے وقت چاک سے کھرکھراہٹ کی آواز نہیں نکلنی چاہیے، ورنہ بچوں کی توجہ بٹ سکتی ہے۔ بسا اوقات چاک پر کوئی کنکری آ جانے سے بھی آواز نکلتی ہے۔ ایسی صورت میں چاک کو توڑ کر کنکری نکال دینی چاہیے۔
  • پورے درجے کا خیال رکھ کر لکھا جائے اور کبھی کبھی پیچھے جا کر اطمینان کر لیا جائے کہ سب کو بخوبی دکھائی دے رہا ہے۔
  • درجے کی طرف پیٹھ کرکے نہیں بلکہ ایک پہلو یا جانب سے لکھا جائے۔ لکھتے وقت درجے کی طرف مڑ مڑ کر دیکھتے رہنا چاہیے اور کبھی کچھ بولتے یا پوچھتے بھی جانا چاہیے، تاکہ درجے کا نظم و ضبط برقرار رہے۔
  • لکھا ہوا یا تو خود بلند آواز سے پڑھ دیا جائے یا بچوں سے پڑھوا لیا جائے، تاکہ اگر کچھ چھوٹ گیا ہو یا پڑھنے میں دشواری ہو تو اس کی اصلاح کر دی جائے۔
  • صاف اور خوش خط لکھنے کی خوب مشق کر لی جائے۔ لائن ڈرائنگ بھی مؤثر ہوتی ہے اور معمولی مشق سے آ جاتی ہے۔ واضح رہے کہ غلط، بدخط اور گندا لکھنے سے نہ لکھنا بہتر ہے۔ اس سے بچوں پر خراب اثر پڑتا ہے، اس لیے صحت و صفائی کی طرف خصوصی توجہ دی جائے۔
  • ابتدائی درجات میں حتی الامکان رنگین چاک استعمال کی جائے۔ اس سے بچوں کی توجہ اور دلچسپی حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ البتہ اونچی جماعتوں میں عموماً سفید چاک استعمال کی جائے۔ اہم نکات، سرخیوں اور عنوانات کو رنگین چاک سے لکھنا چاہیے۔
  • سبق کا خلاصہ نہایت اختصار سے لکھا جائے۔ سبق کے ساتھ ساتھ خلاصہ نوٹ کرتے جانا چاہیے۔ اس طرح سبق ختم ہوتے ہوتے خلاصہ بھی تیار ہو جاتا ہے۔
  • کبھی کبھی طلبہ کو بھی تختۂ سیاہ استعمال کرنے کا موقع دیا جائے۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close