تعلیمماحولیاتی سائنسسائنس

جسامت کا ادراک : فاصلے کی آنکھ سے

اشیا اپنی اصل جسامت سے چھوٹی یا بڑی دکھائی دے سکتی ہیں۔ طلبہ کے ذہن میں اصل اور ظاہری جسامت کے بارے میں کیا تصورات پائے جاتے ہیں؟ ان تصورات کو سمجھنے کے لیے ہم بیرونی ماحول اور سادہ اوزاروں سے کس طرح مدد لیتے ہیں؟

پری اسکول کے نصاب میں شامل بہت سی سرگرمیوں کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ بچوں میں سیکھنے کی مختلف صلاحیتیں نشوونما پائیں۔ این سی ای آر ٹی 2020 میں بتایا گیا ہے کہ ان سرگرمیوں میں وہ کام بھی شامل ہیں جو بچوں کی نظر اور سمجھ کو بہتر بناتے ہیں۔ انہی میں ایک اہم صلاحیت یہ ہے کہ بچہ کسی شے کے اصل سائز کو سمجھ سکے، چاہے وہ شے دور ہو یا پاس اور اس کا دکھائی دینے والا حجم بدل جائے۔ جب کوئی چیز ہم سے دور ہوتی ہے تو اس کی تصویر ہمارے دیکھنے کے پردے پر چھوٹی محسوس ہوتی ہے، لیکن بچہ سمجھ لیتا ہے کہ اس کا اصل سائز بدلا نہیں۔ جیسے، اسکول کی عمارت قریب کھڑے ہو کر بھی اتنی ہی بڑی ہوتی ہے اور دور جا کر بھی اتنی ہی۔ بچوں کو اس طرح کے تجربات دینے سے وہ اپنے اردگرد کی چیزوں کو زیادہ صحیح طرح دیکھنا، سمجھنا اور ایک دوسرے سے ملا کر پہچاننا سیکھتے ہیں۔

مجھے مدھیہ پردیش کے ضلع ہوشنگ آباد کے ایک دور دراز گاؤں میں واقع سرکاری پرائمری اسکول (جماعت اول تا پنجم) جانے کا موقع ملا۔ وہاں ایک استاد سے گفتگو کے دوران میں نے خواہش ظاہر کی کہ میں جماعت پنجم کے بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے بہت فراخ دلی سے مجھے اجازت دے دی۔ میں نے یہ طے کیا کہ بچوں سے رسمی انداز میں کلاس روم کے اندر بات کرنے کے بجائے ہم سب کھلے میدان میں چل کر کچھ مشاہدہ کریں۔ میں اکثر اپنے ساتھ ایک نہایت سادہ سا خوردبین رکھتا ہوں جسے فولڈ اسکوپ کہا جاتا ہے۔ موقع ملے تو میں اسے بچوں کے ساتھ استعمال کرتا ہوں تاکہ وہ اپنے آس پاس موجود، مگر آنکھ سے نہ دکھائی دینے والی دنیاؤں کا مشاہدہ کر سکیں—باریک جانداروں سے لے کر پودوں کے خلیوں تک۔ اس مشاہدے کی فضا بنانے کے لئے میں نے چند سادہ مگر سوچ اُبھارنے والے سوالات سے بات شروع کی: “جو چیزیں دور ہوتی ہیں وہ کیسی دکھائی دیتی ہیں؟ اور جب وہی چیزیں پاس ہوں تو کیسی لگتی ہیں؟ کیا تم نے کبھی اس فرق کو غور سے دیکھا ہے؟” چونکہ ہم کھلے آسمان تلے کھڑے تھے، میں نے بچوں سے کہا کہ ذرا ان ستاروں کا خیال کرو جو رات کو چمکتے ہیں: “وہ ستارے جو آسمان میں جگمگاتے ہیں… اگر وہ اتنے دور نہ ہوں تو کیتنے بڑے دکھائی دیتے؟” پھر میں نے ایک درخت کی طرف اشارہ کیا: “یہ درخت یہاں سے ہمیں کتنا اونچا نظر آتا ہے؟ اگر تم اس کے قریب چلے جاؤ تو کیا اس کا اصل قد بھی اتنا ہی رہے گا جتنا یہاں سے لگ رہا ہے، یا وہ اس سے زیادہ ہوگا؟” بچوں نے پورے یقین سے کہا کہ درخت کا اصل قد وہی ہے جو یہاں سے نظر آ رہا ہے۔ میں نے مثال بدلی۔ ہمارے پاس کچھ گملے رکھے تھے۔ میں نے ایک پھول کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پوچھا: “یہ پھول کتنا بڑا ہے؟ اگر میں اس گملے کو میدان کے دوسرے کنارے رکھ دوں تو کیا یہ پھول تمہیں چھوٹا دکھائی دے گا یا بڑا؟” بچوں کا خیال تھا کہ پھول کا حجم وہی رہے گا، چاہے گملا کہیں بھی رکھا جائے۔ یہاں آ کر بات میرے لئے بالکل واضح ہو گئی۔ بچے کسی شے کے دکھائی دینے والے سائز اور اس کے اصل سائز کے فرق کو سمجھ نہیں پا رہے تھے۔

شکل نمبر 1 : میں نے طلبہ کو قطار میں کھڑا کیا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ ایک ایک قدم پیچھے ہٹتے جائیں اور اُس وقت رک جائیں جب وہ میرے ہاتھ میں پکڑی ہوئی گھاس کی پتّی کو دیکھ نہ سکیں۔

جو ہم دیکھتے ہیں اسے سمجھ کی سطح تک لانا

جماعت پنجم کی ماحولیاتی مطالعہ کی کتاب’ سنیتا ان سپیس’ (این سی ای آر ٹی، دو ہزار چوبیس دو ہزار پچیس) میں ایک دلچسپ نکتہ بیان ہوا ہے کہ کس طرح فاصلے کی تبدیلی سے چیزوں کا دکھائی دینے والا حجم بدل جاتا ہے۔ اس سبق میں شاہ میر اور عزیرہ نامی دو کردار چاند کے ظاہری سائز کا موازنہ ایک سکے سے کرتے ہیں اور بچوں کو یہ تجربہ خود کرنے کی دعوت دی جاتی ہے کہ آخر کتنی دوری پر رکھا ہوا سکہ چاند کو نظروں سے اوجھل کر دیتا ہے۔ یہ ممکن تھا کہ بچوں نے یہ سرگرمی اپنی جماعت میں کبھی نہ کبھی ضرور کی ہو، لیکن محسوس ہوتا تھا کہ انہیں اس کا روزمرہ مشاہدات سے ربط ابھی تک پوری طرح سمجھ نہیں آیا۔ میں نے سوچا کہ کیوں نہ ایک نہایت سادہ سا تجربہ یہیں میدان میں کرا لیا جائے تا کہ بات دل و دماغ میں بیٹھ جائے۔ اردگرد نظر دوڑائی تو گھاس کے چند ننھے تنکے دکھائی دیے۔ میں نے ایک تنکا توڑا، بچوں کے سامنے اٹھا کر پوچھا،
“کیا سب کو یہ گھاس کا تنکا صاف نظر آ رہا ہے؟” سب نے فوراً ہاں میں جواب دیا۔ وہ چند قدم کے فاصلے پر کھڑے تھے اور تنکا بالکل واضح دکھائی دے رہا تھا۔ اب میں نے انہیں کہا کہ آہستہ آہستہ پیچھے ہٹتے جائیں، ایک ایک قدم چلتے ہوئے، اور جیسے ہی وہ لمحہ آئے جب یہ باریک سا تنکا ان کی نظروں سے اوجھل ہو جائے، وہ وہیں رک جائیں۔ جوں جوں بچے پیچھے ہٹتے گئے، ان کا اشتیاق بڑھتا گیا۔ سب کی نظریں اسی باریک تنکے پر جمی تھیں۔ کچھ تھوڑا سا دور جا کر رک گئے، کچھ ذرا اور پیچھے گئے۔ چند لمحوں میں ایک لمبی لکیر بن گئی جہاں جا کر بچوں کی نظر میں تنکا بالکل غائب ہو چکا تھا۔ یہ منظر خود اُن کے لئے بھی بڑا حیرت انگیز تھا، کہ چند قدموں کے فرق سے کوئی چیز دکھائی دینا بند بھی ہو سکتی ہے، جبکہ اس کی اصل جسامت تو وہی رہتی ہے۔

اب میں سرگرمی کے دوسرے حصے کی طرف متوجہ ہوا۔ بچوں سے کہا کہ اب آہستہ آہستہ میری جانب بڑھیں، ایک ایک چھوٹا قدم رکھتے ہوئے، یہاں تک کہ گھاس کا وہ باریک تنکا دوبارہ ان کی نظر میں آ جائے۔ جیسے ہی وہ دکھائی دے، فوراً رک کر آواز دیں۔ بچے نہایت شوق سے یہ مرحلہ کرنے لگے۔ کچھ ہی دیر میں ایک ایسی لکیر واضح ہو گئی جہاں کھڑے ہو کر تنکے کو دوبارہ دیکھا جا سکتا تھا۔ یوں بچوں کی پوزیشنوں سے آسانی سے اندازہ ہو رہا تھا کہ کس فاصلے پر یہ تنکا نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ ہم ایک دائرے میں بیٹھ گئے۔ میں نے پوچھا، “کیا تنکا کسی خاص مقام پر اچانک غائب ہو گیا تھا، یا رفتہ رفتہ اتنا چھوٹا ہوتا گیا کہ آخرکار دکھائی دینا بند ہو گیا؟” بچوں نے بتایا کہ جتنی دور جاتے گئے، تنکا اتنا ہی چھوٹا اور مدھم دکھائی دینے لگا، یہاں تک کہ بالکل ہی نظر آنا بند ہو گیا۔ ان کے لئے یہ لمحہ نہایت حیرت انگیز تھا۔ میں ان کی سمجھ میں آنے والی تبدیلی کو صاف طور پر محسوس کر سکتا تھا۔ میں نے دوبارہ ان کی توجہ آسمان کے دور دراز ستاروں اور میدان کے دوسرے کنارے پر کھڑے درخت کی طرف دلائی۔ “تو کیا واقعی یہ چیزیں اتنی ہی چھوٹی ہیں جتنی یہاں سے نظر آتی ہیں؟” اس مرتبہ بچے خاموش ہو گئے۔ گھاس والے تجربے نے ان پر گہرا اثر ڈالا تھا۔ چند بچے مسکرا اٹھے، جیسے کوئی بات ان کے دل میں واضح ہو گئی ہو، مگر بولنے میں ہچکچا رہے تھے۔
بالآخر ایک بچی نے اپنے بازو پھیلا کر بتایا کہ ستارہ اصل میں اس سے کہیں زیادہ بڑا ہو گا جتنا آسمان میں دکھائی دیتا ہے۔ کچھ بچوں نے کہا کہ دور کھڑے درخت کی اصل جسامت بھی یقیناً اتنی نہیں جتنی یہاں سے معلوم ہوتی ہے بلکہ اس سے زیادہ ہے۔

شکل نمبر ۲ : مائکروسکوپ (Foldscope) کے ذریعے یہ مشاہدہ کرنا کہ کوئی چیز اصل سائز سے کہیں بڑی دکھائی دے سکتی ہے۔ ریتیلے کرسٹل میں موجود باریک تفصیلات دیکھ کر طلبہ حیران رہ گئے کہ یہ آلہ کتنی معلومات ظاہر کر دیتا ہے۔

اس وقت تک جتنی مثالیں ہم نے دیکھیں تھیں، سب میں دور کی چیز اپنے اصل سے چھوٹی نظر آتی تھی۔ اس کے برعکس ایک تجربہ دکھانے کے لئے میں نے انہیں بڑھا ہوا منظر دکھانے والی عدسی یعنی میگنیفائنگ گلاس سے روشناس کرایا۔ سب بچے دائرے میں بیٹھے بیٹھے ہی مختلف چیزیں دیکھنے لگے۔ پہلے کاغذ پر لکھا ہوا ایک حرف، پھر کنکریاں، اور آخر میں ریت کے باریک دانے۔ انہوں نے دیکھا کہ عدسی سے دیکھنے پر ہر چیز اصل سے کہیں بڑی دکھائی دیتی ہے۔ اسی موقع پر میں نے انہیں فولڈسکوپ بھی دکھایا۔ ہم نے مل کر ریت کے ان باریک ذرات کی ایک سلائیڈ تیار کی جو بچوں کی دلچسپی کا باعث بنے تھے۔ جب بچوں نے باری باری فولڈسکوپ میں جھانک کر ان ریت کے ذرات کو دیکھا تو ان پر حیرت کی ایک نئی دنیا کھل گئی۔ اتنا باریک نقشہ اور اتنی باریک تفصیل انہوں نے پہلے کبھی نہ دیکھی تھی۔ گفتگو کے اختتام پر میں نے بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی نوٹ بک میں ان ذرات کی وہ شکلیں بنا لیں جو انہوں نے فولڈسکوپ میں دیکھیں تھیں، تا کہ ان کا مشاہدہ مزید پختہ ہو جائے۔

اختتامی کلام

رابندر ناتھ ٹیگور اس بات پر بہت زور دیتے تھے کہ تعلیم کی اصل روح تب ہی بیدار ہوتی ہے جب بچے فطرت کے ساتھ ہم آہنگی میں سیکھیں، اور دنیا سے براہ راست ربط میں رہتے ہوئے اپنی سمجھ پیدا کریں۔ میرے اپنے تجربے نے ایک بار پھر یہ حقیقت واضح کر دی کہ جب ہم کلاس روم کی چار دیواری سے باہر آتے ہیں تو بدلتا صرف منظر نہیں ہوتا، ہماری تدریسی سوچ کا زاویہ بھی گہرائی سے تبدیل ہو جاتا ہے۔

کھلے آسمان کے نیچے روایتی کرداروں کی سخت حد بندی مٹ گئی۔ میں محض علم دینے والا نہیں رہا، اور بچے بھی خاموش سامعین نہیں رہے۔ ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ ایک تحقیق کے شریک مسافر بن گئے۔ یہ کھلی فضا بچوں کو زیادہ بے تکلفی سے شریک ہونے کا حوصلہ دے رہی تھی۔ وہ چلتے پھرتے رہے، چیزوں کی طرف اشارے کرتے رہے اور سوال کرنے میں خود کو زیادہ آزاد محسوس کر رہے تھے۔ یوں محسوس ہوا جیسے کھلی ہوا میں آیا ہوا معمولی سا تغیر سیکھنے کے عمل کو تازگی اور زندگی عطا کر دیتا ہے۔

اس تجربے نے مجھے یاد دلایا کہ کبھی کبھی سب سے مؤثر کلاس روم وہ ہوتا ہے جو کسی کمرے میں نہیں بلکہ دروازے کے باہر پوری دنیا کی صورت میں موجود ہوتا ہے۔ ٹیگور کا ماننا تھا کہ تدریسی طریقے ہمیشہ کتابوں سے نہیں اُبھرتے؛ کئی دفعہ مشاہدہ اور تجربہ مل کر خود اپنا راستہ روشن کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر بچوں نے سائز اور فاصلے کی باتیں صرف سنیں نہیں، بلکہ خود دیکھیں، سمجھیں اور محسوس کیں۔

جدّو کرشن مورتی تعلیم کو ذہن کی بیداری کا ذریعہ سمجھتے تھے۔ ان کے نزدیک سیکھنے کا عمل خوف، جمود اور اندھی پیروی سے آزادی کا نام ہے۔ باہر کا ماحول اپنے ساتھ ایسی آزادی لاتا ہے جو فطری طور پر تجسس کو اُبھارتی ہے۔ میں نے دیکھا کہ بچے میرے سمجھانے کا انتظار نہیں کر رہے تھے۔ وہ اس سرگرمی میں خود محقق بن گئے تھے۔ کچھ بچوں نے گھاس والے تجربے کی اپنی چھوٹی چھوٹی صورتیں بنائیں اور مسکراتے ہوئے دوستوں کو ہاتھ ہلا کر یہ جاننے کی کوشش کی کہ کتنی دور جا کر چہرے کے نقوش دھندلا جاتے ہیں۔

میں نے ابھی آدھا منٹ بھی عدسی کی وضاحت نہ کی تھی کہ بچوں نے خود ہی کنکریوں کی سطح، کتابوں کے حروف اور آس پاس کی ہر چھوٹی چیز کو غور سے دیکھنا شروع کر دیا۔ یہ سارا عمل اب ایک کھلی جستجو کی صورت اختیار کر چکا تھا۔ حیرت ہوتی تھی یہ دیکھ کر کہ چند لمحے پہلے جو بچے ایک عام غلط فہمی میں مبتلا تھے، اب وہی سوالات کا پیچھا کرتے پھر رہے تھے۔

ایسے لمحات یہ حقیقت باور کراتے ہیں کہ جب بچوں کو تلاش کا موقع دیا جائے تو وہ اپنے اندر کے تجسس کے سہارے دور تک جا سکتے ہیں۔ ان کے سوال گہرے ہو جاتے ہیں، مشاہدات نکھر جاتے ہیں اور جواب تلاش کرنے کا اعتماد بڑھ جاتا ہے۔ میں نے صرف اتنا کیا کہ ایک قدم پیچھے ہٹا، اور انہوں نے کئی قدم آگے بڑھ کر سیکھنے کی ذمہ داری خود سنبھال لی۔
ان چند منٹوں میں وہ اپنے لئے اور ایک دوسرے کے لئے علم تخلیق کرتے رہے۔ منظم سبق سے چند لمحوں کی دوری نے انہیں سوال کی لذت، اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے اعتماد، اور اپنی پچھلی سوچ کو بدل دینے کی ہمت عطا کی۔

ستاروں کے حجم کے بارے میں ان کی ہچکچاہٹ اب صرف ذہنی تبدیلی نہیں تھی، بلکہ اس آزادی کی ایک جھلک تھی جو پرانی شرطی سوچ سے نکلنے پر ملتی ہے۔ یہ ایک چھوٹا مگر روشن قدم تھا، آزاد ذہن کے سفر کی جانب۔


اہم نکات (Key Takeaways)

  • بنیادی مرحلے کے نصاب میں بہت سی تحقیقی اور عملی سرگرمیاں شامل ہیں جو بچوں کو اپنے ماحول میں مختلف چیزوں کے حجم کا مشاہدہ کرنے اور ان کا تقابل کرنے کی دعوت دیتی ہیں۔ لیکن اکثر بچے اشیا کے ظاہری سائز اور اصل سائز کو آپس میں گڈ مڈ کر دیتے ہیں۔
  • ایسی سرگرمیاں جن میں بچے فاصلے کے اثرات کو خود دیکھ سکیں کہ کس طرح دوری چیزوں کے دکھائی دینے والے حجم کو بدل دیتی ہے، اس غلط فہمی کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
  • •کھلی فضا کو کلاس روم کے طور پر استعمال کرنا، اور بچوں کو یہ موقع دینا کہ وہ سادہ اوزار جیسے میگنیفائنگ گلاس یا کم خرچ خوردبین خود استعمال کریں، مشاہدے کے دائرے کو وسیع کرتا ہے اور سیکھنے کے عمل میں ان کی دلچسپی کو گہرا کرتا ہے۔

مصنف کا تعارف


اوانیش سنگھ ایک انجینیئر ہیں جنہوں نے بعد میں تعلیم کے شعبے میں تحقیق اور عملی کام کو اپنا میدان بنا لیا۔ وہ خرد بینی مشاہدے، دوربین کے ذریعے مطالعے اور فطرت میں چلنے پھرنے کو ایسے مؤثر طریقے سمجھتے ہیں جو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کی حقیقی تعلیمی تجربات تخلیق کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ وہ ان طریقہ کار پر مبنی ورکشاپس بھی کراتے ہیں اور اس وقت ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز (ٹی آئی ایس ایس) ممبئی، مہاراشٹر سے وابستہ ہیں۔

ان سے ایکس، انسٹاگرام اور لنكد ان پر Avanish Utsav کے نام سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کا ای میل پتا یہ ہے: [email protected]

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close