
۴۔ توضیحات و تشریحات
پڑھاتے وقت متعدد ایسے مواقع آتے ہیں جب معلم کو کسی مشکل، نامانوس، غیر واضح یا مبہم بات کی توضیح و تشریح کرنی پڑتی ہے، تاکہ:
- اشکال دور ہو جائے۔
- تصورات واضح ہوں۔
- بات بخوبی ذہن نشین ہو جائے۔
توضیحات و تشریحات دو طرح کی ہوتی ہیں:
- ۱۔ زبانی
- ۲۔ مرئی، یعنی نظر آنے والی، مثلاً تصاویر، نقشہ جات، گلوب، چارٹ وغیرہ۔
زبانی توضیحات
زبانی تشریح کرتے وقت حسبِ ضرورت و موقع مختلف تدابیر اختیار کی جاتی ہیں، مثلاً:
- مشکل الفاظ کا مفہوم سمجھانے کے لیے یا تو آسان مترادفات دے دیے جاتے ہیں یا ان کی ضد بتا دی جاتی ہے یا انہیں جملوں میں استعمال کرکے مفہوم واضح کردیا جاتا ہے اور محلِ استعمال بتا دیا جاتا ہے۔ تلمیحی الفاظ ہوں تو اختصار سے واقعہ سنا دیا جاتا ہے۔ اصطلاحی الفاظ ہوں تو ان کی تعریف بیان کرکے مثالوں سے وضاحت کردی جاتی ہے۔
- نامانوس چیزوں کا صحیح تصور دلانے کے لیے کسی مانوس چیز سے تشبیہ دی جاتی ہے یا اس سے موازنہ و مقابلہ کرکے مماثلت اور فرق واضح کردیا جاتا ہے۔
- حکایت، روایت اور ضرب المثل وغیرہ کی مدد سے کسی مجرد تصور کی توضیح کردی جاتی ہے۔
- مشکل عبارت کا مفہوم اپنے آسان الفاظ اور سادہ انداز میں بیان کردیا جاتا ہے۔
قابلِ لحاظ امور
- توضیح و تشریح سے پہلے اس کی ضرورت محسوس کرائی جاتی ہے، تاکہ بچے غور سے سنیں۔ تشریح سے پہلے اگر بچوں ہی کو اشکالات حل کرنے کی دعوت دی جائے تو وہ تشریح کی ضرورت آسانی سے محسوس کرلیں گے۔
- بچوں ہی کی زبان اور اندازِ بیان میں تشریح کی جائے، تاکہ بات بخوبی سمجھ میں آجائے اور بچے حسبِ ضرورت خود بھی تشریح کرسکیں۔
- وضاحت کرتے وقت سبق کی اصل غرض و غایت پیشِ نظر رہے اور حتی الامکان اختصار سے کام لیا جائے، تاکہ غیر متعلقہ تفصیلات میں وقت ضائع نہ ہو۔
- تشریح کے ضروری نکات اگر تختۂ سیاہ پر نوٹ کردیے جائیں تو افادیت بڑھ جاتی ہے۔
- زبانی بتا دینے ہی پر اکتفا نہ کریں، بلکہ ممکن ہو تو تختۂ سیاہ پر شکلیں اور گراف وغیرہ کھینچ کر مزید وضاحت کی جائے۔
- تشریح و توضیح کے دوران طلبہ کو زیادہ سے زیادہ پوچھنے کا موقع دیا جائے۔
۵۔ تصاویر، ماڈل، چارٹ وغیرہ
ابتدائی درجات میں مؤثر تدریس کے لیے مختلف چیزوں، ان کے ماڈل، تصاویر اور چارٹ وغیرہ کا استعمال نہایت مفید اور ضروری ہے، کیونکہ ان کی مدد سے:
- نئی معلومات بآسانی بہم پہنچائی اور ذہن نشین کی جاسکتی ہیں۔
- بچوں کے تصورات صحیح اور واضح بنتے ہیں۔
- سبق میں دلچسپی پیدا ہوتی ہے اور بچے توجہ دیتے ہیں۔
- بیان کی بخوبی وضاحت ہوجاتی ہے۔
- زبانی تشریح کے مقابلے میں ان کی بدولت ذہن پر زیادہ گہرے نقوش بنتے ہیں، چنانچہ بات زیادہ دنوں تک یاد رہتی ہے۔
- مشاہدے کی تربیت ہوتی ہے اور قابلِ توجہ پہلوؤں پر بچوں کی نظریں جمنے لگتی ہیں۔
قسمیں
مرئی توضیحات کی درجِ ذیل اقسام ہوتی ہیں:
۱۔ اصل اشیا
۲۔ ماڈل، سینڈ پر مناظر، گلوب وغیرہ
۳۔ تصاویر، فوٹو، سلائیڈز، پوسٹرز وغیرہ
۴۔ نقشے، خاکے، گراف، چارٹ وغیرہ۔
۱۔ اصل اشیا
پڑھاتے وقت اگر اصل اشیا بچوں کے سامنے پیش کی جاسکیں اور بچوں کو انہیں دیکھنے اور چھونے کا موقع ملے، اور اگر کھانے پینے کی چیزیں ہوں تو سونگھنے اور چکھنے کا بھی موقع مل سکے، تو معلومات نہایت واضح ہوں گی اور تصورات صحیح قائم ہوں گے۔ اس لیے جو چیزیں بآسانی حاصل ہوسکتی ہوں اور درجے میں لائی بھی جاسکتی ہوں، یا جن تک بآسانی پہنچا جاسکے، ان کے بارے میں معلومات اسی انداز سے بہم پہنچائی جائیں۔ چھوٹے بچوں کے ضمن میں تو ایسا کرنا بہت ضروری ہے، کیونکہ ان کے تجربات و مشاہدات ناقص اور محدود ہوتے ہیں اور تصاویر، نقشہ جات اور چارٹوں وغیرہ کی مدد سے وہ بخوبی سمجھ نہیں پاتے۔ اصل اشیا کو حتی الامکان ان کے پس منظر ہی میں دکھانا چاہیے۔ مشاہدے کے وقت اہم پہلوؤں کی طرف بچوں کو متوجہ کرنا چاہیے، ورنہ بہت سی اہم باتیں وہ اپنے طور پر دیکھ نہیں پاتے اور نہ قوتِ مشاہدہ کی تربیت ہوپاتی ہے۔
۲۔ ماڈل
جغرافیہ، تاریخ اور عام سائنس میں متعدد ایسے مناظر اور اشیا کے بارے میں معلومات بہم پہنچانی ہوتی ہیں جن تک رسائی مشکل ہے، یا جو بہت بڑی ہوتی ہیں، یا کسی اور وجہ سے درجے میں لائی نہیں جاسکتیں۔ مجبوری میں ان کے ماڈلوں سے کام چلانا پڑتا ہے۔ ماڈل سستے مگر معیاری اور صحیح بنانے یا حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ماڈل اشیا کے بھی ہوتے ہیں اور مناظر و نقشہ جات کے بھی، جو ٹھوس ہونے کی وجہ سے بچوں کے لیے قابلِ فہم بھی ہوتے ہیں اور جاذبِ نظر بھی۔ لیکن چونکہ اصل کے مقابلے میں عموماً نہایت چھوٹے ہوتے ہیں، اس لیے ان کو دیکھ کر غلط تصورات قائم ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ مناسب یہ ہے کہ ماڈل کے ساتھ اس کی اصل تصویر بھی دکھائی جائے، تاکہ سائز اور پس منظر وغیرہ کے متعلق صحیح تصورات قائم ہوں۔
۳۔ تصاویر، پوسٹر وغیرہ
بچے کہانیوں کی طرح تصاویر کے بھی بڑے دلدادہ ہوتے ہیں۔ کوئی تصویر سامنے آتی ہے تو اسے غور سے دیکھنے اور اس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ چنانچہ خوش رنگ پوسٹرز اور تصاویر کی وجہ سے سبق بہت دلچسپ بھی ہوجاتا ہے اور قابلِ فہم بھی۔ واضح تصورات قائم کرانے میں ان سے بڑی مدد ملتی ہے۔ ان کے ضمن میں درجِ ذیل امور پیشِ نظر رکھنے چاہییں:
- شکلیں بہت بڑی، خوش نما، رنگین اور جاذبِ نظر ہوں اور ان میں صرف وہی تفصیلات نمایاں طور پر دکھائی گئی ہوں جن کے لیے انہیں بچوں کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔
- خود بنائی جائیں یا ساتھی اساتذہ کی مدد سے تیار کی جاسکیں تو بہتر ہے۔
- ہر معلم کو ایک البم تیار کرنا چاہیے، جس میں اپنے مضامین سے تعلق رکھنے والی تصویریں برابر اکٹھی کی جاتی رہیں، تاکہ بروقت دکھائی جاسکیں۔ پرانے انگریزی رسائل وغیرہ سے خاصا ذخیرہ اکٹھا ہوسکتا ہے۔
- پوسٹرز وغیرہ تیار کرنے میں بڑے بچوں سے بھی مدد لی جائے۔
- ہر معلم کو جدید طرز کی سادہ شکلیں بنانے کی مشق کرلینی چاہیے۔ یہ نہایت آسانی سے اور بہت کم وقت میں تیار ہوجاتی ہیں۔ اس کے باوجود بڑی مؤثر ہوتی ہیں۔ بچے انہیں زیادہ پسند کرتے ہیں۔
۴۔ نقشے، چارٹ، گراف وغیرہ
نو دس سال کے بچے اصل اشیا یا ان کے ماڈلوں اور تصویروں کی جگہ نقشوں اور خاکوں کی مدد سے بھی بخوبی سمجھ سکتے ہیں، اس لیے رفتہ رفتہ ان سے پورا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ تاریخ میں نقشہ جات اور ٹائم چارٹ سے، جغرافیہ اور عام سائنس میں مختلف طرح کے خاکوں، نقشہ جات، گلوب، گراف اور چارٹوں وغیرہ سے مدد لینی چاہیے۔
۵۔ عمل، تجربہ، مشاہدہ
زبانی سمجھانے کے مقابلے میں اگر بچوں کے سامنے کرکے دکھا دیا جائے، مثلاً نماز پڑھنے کا پورا طریقہ، تو بات بآسانی سمجھ میں آجاتی ہے۔ ایسے تمام مواقع پر زبانی وضاحت سے زیادہ عملی مظاہرہ مناسب ہوتا ہے۔ اسی طرح عام سائنس اور جغرافیہ وغیرہ کے ضمن میں تجربہ کرکے دکھانا یا بچوں کو تجربے اور مشاہدے کا موقع فراہم کرنا بھی معلومات کو واضح کرنے میں بہت معاون ہوتا ہے۔ ان سے بھی پورا فائدہ اٹھانا چاہیے۔
قابلِ لحاظ امور
- توضیحات کے انتخاب میں بچوں کی عمر، ذہنی استعداد اور دلچسپیوں کو ملحوظ رکھا جائے، تاکہ بچوں کے لیے جاذبِ توجہ بھی ہوں اور قابلِ فہم بھی۔ اس طرح بات بھی بخوبی سمجھ میں آجائے گی اور یادداشت میں بآسانی محفوظ ہوجائے گی۔
- جس چیز کی وضاحت کے لیے استعمال کی جارہی ہے، اس سے براہِ راست متعلق ہو اور حتی الامکان صرف ان تفصیلات پر مشتمل ہو جن کی واقعی ضرورت ہے۔ غیر متعلق یا غیر ضروری تفصیلات سے بات واضح ہونے کے بجائے اور گنجلک ہوجاتی ہے۔
- درجے کے سامنے سلیقے سے پیش کی جائیں، تاکہ ہر بچہ بخوبی دیکھ سکے۔ قابلِ توجہ پہلوؤں کی طرف مناسب سوالات یا ہدایات کے ذریعے متوجہ کیا جائے، تاکہ ضروری امور مشاہدے سے رہ نہ جائیں۔
- توضیحات کے ضمن میں بچوں کو زیادہ سے زیادہ حواس سے کام لینے کا موقع دیا جاسکے تو اتنا ہی مفید ہوتا ہے۔ مثلاً دیکھنے، چھونے، سونگھنے اور چکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں، اور اگر آواز نکلتی ہو تو سننے کا موقع بھی دیا جائے۔ اس طرح زیادہ صحیح اور واضح تصورات بن سکیں گے۔
- ابتدائی درجات میں اصل اشیا یا ان کے ماڈل دکھائے جائیں، پھر بتدریج تصاویر، نقشہ جات اور گراف وغیرہ سے کام لیا جائے۔
- تمام توضیحی سامان ایک ساتھ بچوں کے سامنے نہیں لانا چاہیے، بلکہ آڑ میں رکھنا چاہیے اور حسبِ موقع و ضرورت ایک ایک کو درجے کے سامنے پیش کرنا چاہیے، ورنہ بچوں کی توجہ بٹ جاتی ہے اور دلچسپی بھی باقی نہیں رہتی۔
- بچوں کے سامنے پیش کرکے فوراً ہٹا نہیں لینا چاہیے، بلکہ اتنی دیر سامنے رکھا جائے کہ انہیں تسکین ہوجائے اور ضروری امور کا وہ بخوبی مشاہدہ کرلیں۔
- ہر درس گاہ میں نقشہ جات، گلوب، ماڈل، مختلف قسم کے پوسٹرز، تصاویر اور چارٹ وغیرہ زیادہ سے زیادہ اکٹھے اور تیار کرنے چاہییں، تاکہ تدریس کو مؤثر اور دلچسپ بنانے میں اساتذہ ان سے مدد لے سکیں۔ آج کل اس طرح کی متعدد فرمیں کام کررہی ہیں، جن کے یہاں سے طرح طرح کا تعلیمی سامان کفایت سے حاصل ہوسکتا ہے۔
۶۔ تعلیمی سیر و سیاحت اور پکنک
سماجی اور فطری ماحول سے متعلق متعدد ایسے عنوانات نصاب میں شامل ہوتے ہیں جن کے بارے میں واضح تصورات نہ تو کتابوں کے ذریعے ممکن ہیں اور نہ درجے میں بٹھا کر روایتی تدریس سے، بلکہ بچوں کو خود موقع پر لے جاکر گہرا مشاہدہ کرانے ہی سے صحیح معلومات بہم پہنچائی جاسکتی ہیں۔ مثلاً کارخانوں، منڈیوں، ندی نالوں، فصلوں اور فطری مناظر وغیرہ کے متعلق۔ اسی طرح متعدد ایسے اجتماعی، انفرادی اور معاشرتی اوصاف ہیں جن کی تربیت کے فطری مواقع درجے میں ہاتھ نہیں آتے، جبکہ ان کے لیے باہر نکلنا ضروری ہوتا ہے۔
روایتی تدریس سے جہاں بچے عموماً گھبراتے اور چھٹیوں کا بے چینی سے انتظار کرتے رہتے ہیں، وہاں سیر و تفریح میں انہیں بڑا مزہ آتا ہے۔ وہ پوری دلچسپی اور گہرے انہماک سے ان میں شریک ہوتے ہیں اور اس ضمن کی متعدد مشکلات اور پریشانیوں کو بخوشی جھیل لیتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ تعلیم و تربیت کے ایسے مفید و مؤثر ذرائع سے فائدہ اٹھانے کی حتی الامکان کوشش ضرور کرنی چاہیے۔
تعلیمی سیاحتوں میں تعلیمی مقصد مقدم ہونا چاہیے اور پکنک میں تربیتی مقصد۔
لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ درجے کی فضا یہاں بھی طاری رہے، بلکہ جائز حدود میں بچوں کو آزادی، دلچسپی اور تفریح کی پوری گنجائش دی جائے۔
تعلیمی اغراض کا مطلب یہ ہے کہ جس چیز کا مشاہدہ کرانا مقصود ہے، بچے اس کا بخوبی مشاہدہ کرسکیں۔ ان کی قوتِ مشاہدہ کی تربیت ہو، ان کے تصورات واضح ہوں، معلومات میں اضافہ ہو، سبق کا مقصد حسن و خوبی سے پورا ہو، فطری و سماجی ماحول اور اس کی اشیا کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کرنے کا ذوق ابھر آئے۔
تربیتی اغراض سے مراد یہ ہے کہ بچے چلنے پھرنے، کھانے پینے، ملنے جلنے کے آداب سیکھیں، سفر اور اس کے انتظامات کا تجربہ حاصل کریں، مل بانٹ کر کھائیں پئیں، ایک دوسرے کی مدد کریں، گھر کے باہر کی محنت و مشقت کی زندگی کا تجربہ حاصل کریں اور سفر میں کھانے پینے، نماز اور آرام وغیرہ سے متعلق ضروری انتظامات کرنے کا انہیں سلیقہ آئے۔
ابتدائی درجات میں یہ پروگرام بہت بڑے نہیں ہونے چاہییں۔ چھوٹے بچوں کے لیے عام طور پر ایک دو گھنٹے کے اور مدرسے یا آبادی کے قریب ہی، جبکہ بڑے بچوں کے لیے عموماً تین چار گھنٹے کے اور قدرے فاصلے پر پروگرام ہونے چاہییں۔ اس طرح کے مختصر پروگرام وقفے سے متصل گھنٹوں یا آخری گھنٹوں میں ہوسکتے ہیں۔ البتہ کبھی کبھی دن بھر کا پروگرام ہونا چاہیے، تاکہ تعلیمی و تربیتی دونوں اغراض حاصل ہوسکیں۔ اس طرح کا پروگرام ہفتے کے آخری دن یا چھٹیوں میں مناسب ہوتا ہے، تاکہ واپسی پر آرام کا کچھ موقع مل سکے۔
قابلِ لحاظ امور
ان سیاحتوں سے پورا فائدہ اسی وقت حاصل ہوسکتا ہے جب درجِ ذیل امور کا لحاظ رکھا جائے:
- طلبہ کی تعداد اتنی ہو کہ سنبھالنے میں زیادہ دشواری نہ ہو۔
- روانگی سے قبل سیاحت کی غرض بچوں پر اچھی طرح واضح کردی جائے۔
- سفر کا پورا خاکہ ان کے مشورے سے مرتب کیا جائے۔ ضروری سامان کی فہرست تیار کرلی جائے اور اس کی فراہمی نیز نگرانی کا کام طلبہ کی ٹولیوں سے انجام دلایا جائے۔
- جس جگہ لے جانا ہو، مدرس ایک بار وہاں جاکر تفصیلی معلومات خود حاصل کرآئے۔
- کم سے کم وقت اور کم سے کم پیسہ خرچ کیا جائے، تاکہ یہ سیاحتی تعلیم میں حرج یا جیب پر بار نہ ہوں۔
- سارے کام حتی الامکان بچوں ہی سے انجام دلاتے جائیں۔
- جائز حدود میں بچوں کو پوری آزادی دی جائے۔



