تعلیمخیالاتزبان

تعلیم و تربیت اور مفکرینِ اسلام- فن تعلیم و تربیت-باب ۳۵

اسلامی مفکرین، علما اور دانش وروں نے تعلیم و تربیت کی اہمیت، علم کے حصول، کردار سازی اور نئی نسل کی رہنمائی کے حوالے سے نہایت قیمتی خیالات پیش کیے ہیں۔ اس مضمون میں حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ، امام غزالیؒ، امام ابوحنیفہؒ، مولانا اشرف علی تھانویؒ، علامہ اقبالؒ اور مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ سمیت مختلف مفکرین کے اقوال اور آرا پیش کی گئی ہیں، جو تعلیم کے حقیقی مقصد، بچوں کی تربیت، اساتذہ کی ذمہ داری اور اسلامی نظامِ تعلیم کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔

تعلیم و تربیت اور مفکرینِ اسلام

ذیل میں مختلف مفکرینِ اسلام کے اقوال و آراء اختصار سے دیے جا رہے ہیں۔

  • علم پیغمبروں کی میراث ہے اور مال کفار، فرعون و قارون وغیرہ کا ہے۔ (حضرت ابو بکرؓ)

  • طالبِ دنیا کو علم سکھانا ڈاکو کے ہاتھ تلوار فروخت کرنے کے مترادف ہے۔ (حضرت عمرؓ)

  • ضائع ہے وہ علم جس پر عمل نہ کیا جائے۔ (حضرت عثمانؓ)

  • شرافت عقل و ادب سے ہے نہ کہ مال و نسب سے۔ (حضرت علیؓ)

  • میں نے پوچھنے والی زبان اور سوچنے والے دل و دماغ سے علم حاصل کیا۔ (بلسانِ سائلٍ وبقلبٍ عقول) (حضرت ابن عباسؓ)

  • جب میں کوئی بات سمجھ لیتا اور اس کی باریکی اور حکمت سے واقف ہو جاتا تو الحمدللہ کہا کرتا، اس لیے میرے علم میں ترقی ہو گئی۔ (امام ابو حنیفہؒ)

  • تنہائی میں نصیحت کرنا اور سمجھانا شرافت کی دلیل اور اصلاح کی ضامن ہے۔ (امام شافعیؒ)

  • میں نے علم اس طرح حاصل کیا کہ دوسروں کے استفادے سے باز نہیں رہا اور دوسروں کو فائدہ پہنچانے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ (امام ابو یوسفؒ)

  • ہمارا یہ کام (علمی مشغلہ) بچپن سے موت تک ہے۔ جو شخص اس کو ایک گھڑی بھر بھی چھوڑنا چاہے، اس کو وہ گھڑی ہی چھوڑ دے (یعنی مر جائے تو بہتر ہے)۔ (امام محمدؒ)

  • خدا کی قسم! مجھ کو کھانے کے وقت علمی مشاغل کے چھوٹ جانے پر افسوس ہوتا ہے، کیونکہ فرصتِ وقت بہت عزیز چیز ہے۔ (امام رازیؒ)

  • اساتذہ مبتدیوں کے لیے چھوٹی چھوٹی، عام فہم اور ایسی کتابیں تجویز کیا کرتے تھے جن میں وہ باتیں ہوتی تھیں جن کا انسان کو اکثر اتفاق پڑتا رہتا ہے۔ (امام شرف الدین عقیلیؒ)

  • سبق کی مقدار شروع میں اس قدر ہونی چاہیے جو صرف دو مرتبہ کہہ لینے سے یاد ہو جائے۔ (امام زرنجیؒ)

امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ

  • بچے کی تعلیم و تربیت ایک نہایت اہم فریضہ ہے۔ وہ والدین کے پاس امانت ہے۔ اس کا قلب ایک جوہرِ نفسِ سادہ، ہر نقش و صورت سے خالی، ہر ایک نقش کے قابل ہے۔ جس طرف مائل کرو، اس طرف میلان کے لائق ہوتا ہے۔ مثلاً اگر خیر کی تعلیم پائے اور اس کا عادی بنایا جائے تو بڑا ہو کر بھی ایسا ہی رہے گا اور فلاحِ دارین سے بہرہ ور ہو گا، اور اس اجر میں والدین، اساتذہ اور مربی سب شریک رہیں گے۔ اور اگر شر کا عادی بنے گا اور جانوروں کی طرح بے غور و پرداخت چھوڑ دیا جائے گا تو تباہ و برباد ہو جائے گا اور اس کا وبال اس کے مربی پر ہوگا۔

  • بچہ جب کوئی عمدہ کام کرے تو اس کو کچھ انعام دینا چاہیے تاکہ وہ خوش ہو، اور لوگوں کے سامنے اس کی تعریف کرنی چاہیے۔ اور اگر کبھی کوئی غلطی سرزد ہو تو اس سے چشم پوشی کرنی چاہیے اور اس کا پردہ نہیں کھولنا چاہیے، خاص کر ایسی صورت میں جب خود بچہ اس کام کو چھپائے اور اسے پوشیدہ رکھنے کی جدوجہد کرے، کیونکہ اگر اس کو معلوم ہو جائے گا کہ اس کا بھانڈا پھوٹ جانے سے کچھ نہیں ہوتا تو آئندہ برائیوں پر جری ہو جائے گا اور بھید کھلنے کی پروا نہ رہے گی۔ دوبارہ غلطی سرزد ہو تو تنہائی میں اس پر عتاب کرنا چاہیے اور تاکید سے کہنا چاہیے کہ خبردار! آئندہ ایسا مت کرنا، اگر پھر کرو گے تو سب کے سامنے ذلیل کیے جاؤ گے۔

  • بچے کو ہر وقت ڈانٹنا ڈپٹنا نہیں چاہیے، کیونکہ اس سے وہ لعنت ملامت کا خوگر ہو جاتا ہے اور مذموم حرکات کھلم کھلا کرنے لگتا ہے اور نصیحت کا کوئی اثر نہیں لیتا۔

  • بچے کو مکتب میں بھیج کر قرآن، حدیث اور صلحاء کی حکایتیں سکھانی چاہئیں تاکہ صالحین کی محبت اس کے دل میں پیدا ہو۔

  • نشست و برخاست کے آداب سکھانے چاہئیں۔ بہت زیادہ بولنے سے منع کرنا چاہیے۔

  • اس کا عادی بنانا چاہیے کہ سب سے پہلے نہ بولے۔ دوسرا شخص کوئی بات کہے تو غور سے سنے، اپنے بڑے کی اُٹھ کر تعظیم کرے اور اس کے لیے جگہ خالی کر دے۔

  • مکتب سے آنے کے بعد بچے کو اچھے کھیل کا موقع دینا چاہیے تاکہ مکتب کی مشقت سے راحت ملے، لیکن کھیل ایسا نہ ہو جو تھکا کر چور چور کر دے۔ اگر کھیل سے محروم کر دیا جائے اور ہمیشہ تعلیم میں لگائے رکھا جائے تو بچے کا دل مر جاتا ہے، اس کی ذکاوت ماند پڑ جاتی ہے، زندگی اجیرن ہو جاتی ہے، یہاں تک کہ وہ تعلیم سے بھاگنے اور خلاصی و فرار کی صورت نہیں سوچنے لگتا ہے۔

  • یہ بھی ضروری ہے کہ اسے ماں باپ اور معلم و مربی کی اطاعت کا عادی بنایا جائے اور ان اشخاص کا ادب و احترام کرنا سکھایا جائے جو عمر میں اس سے بڑے ہوں، خواہ وہ اپنے ہوں یا بیگانے۔

  • حاصلِ کلام یہ کہ بچے کی تربیت ابتدا میں بہت ضروری ہے، کیونکہ بچپن میں اس کا جوہرِ قلبی ہر طرح کی صلاحیت رکھتا ہے۔ خیر و شر دونوں سیکھ سکتا ہے اور اس کا اختیار ماں باپ کو ہے، جس طرف چاہیں بآسانی مائل ہو سکتا ہے۔

  • اگر ایک طبیب تمام بیماریوں کا ایک ہی نسخہ لکھے اور ایک ہی دوا سے علاج کرے تو اکثر کی ہلاکت کا باعث ہوگا۔ بالکل یہی حال معلم و مربی کا ہے۔ اگر وہ اپنے زیرِ تربیت لڑکوں کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکے گا تو انہیں برباد کر دے گا، ان کے قلوب پر موت طاری کر دے گا۔ معلم و مربی کا فرض ہے کہ زیرِ تربیت لڑکوں میں سے ہر ایک کے حال، عمر اور مزاج کے مطابق ان کے لیے راستہ تجویز کرے اور ان کے لیے وہی ریاضت تجویز کرے جس کے وہ متحمل ہو سکیں۔

احنف بن قیس کی حضرت امیر معاویہؓ کو نصیحت

  • "بچے ہمارے ستون ہیں جن سے ہماری عمارت سہارا لیتی ہے۔ وہ ہمارے دلوں کے مرغوب پھل ہیں۔ وہ ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک ہیں۔ انہیں کو لے کر ہم دشمنوں پر حملہ کرتے ہیں، وہی ہمارے بعد ہماری جگہ لیتے ہیں۔ پس تجھے چاہیے کہ بچوں کے لیے نرم و ملائم زمین بن جا۔ اگر وہ تجھ سے مانگیں تو انہیں دے، وہ تیری خوشنودی چاہتے ہیں تو ان سے خوش رہ، انہیں اپنی محبت سے محروم نہ رکھ، ورنہ وہ تیرے قرب سے بھڑکیں گے، تیری زندگی سے کھٹکیں گے اور تیری موت کی آرزو کریں گے۔”

مولانا اشرف علی تھانویؒ

  • اس میں ذرا شبہ نہیں کہ اس وقت علومِ دینیہ کے مدارس کا وجود مسلمانوں کے لیے ایسی بڑی نعمت ہے کہ اس سے بڑھ کر کوئی نعمت متصور نہیں۔ دنیا میں اگر اس وقت اسلام کی بقا کی کوئی صورت ہے تو یہ مدارس ہیں۔ لیکن ساتھ ہی ان مدارس میں ایسے امور پائے جاتے ہیں جن کی اصلاح بہت ضروری ہے اور یہ اصلاح نہ ہونے سے اہلِ علم کی جماعت ہدفِ ملامت بھی بنتی ہے اور ان مدارس کے قائم کرنے کی خود جو روح و غایت ہے، یعنی عمل بالدین، وہ بھی ضعیف ہو جاتی ہے اور لوگ علومِ دینیہ سے متوحش و نفور ہو جاتے ہیں۔ تو اس طرح یہ جماعتِ علم گویا یصدون عن سبیل اللہ (خدا کی راہ سے روکنے) کا سبب بن جاتی ہے۔

  • اب ایک طریقہ یہ ہے کہ پہلے طالب علم عبارت پڑھتا اور مدرس مطلب بیان کر دیتا ہے۔ اگر کسی کو کچھ شبہ ہوا، دریافت کر لیا، ورنہ آگے چل پڑے۔ یہ طریق مبتدیوں بلکہ متوسطین کے لیے بھی غیر نافع ہے۔ اس میں اصلاح کی ضرورت یہ ہے کہ خود طلبہ کی استعداد سے کام لیا جائے، بلا ضرورت ان کی امداد نہ کی جائے، خود انہی سے مطلب کی تقریر کرائی جائے، نیز ہر قاعدہ و مسئلہ کی کثرتِ امثلہ سے مشق کرائی جائے۔

  • مدارس میں یہ انتظام ہونا ضروری ہے کہ دس دس، بیس بیس لڑکوں پر ایک محرم نگران مقرر ہو، جو ان امور کی نگرانی رکھے کہ کسی بڑے طالب علم سے نہ ملنے دے۔ نگران سے الگ ہو کر آپس میں باتیں نہ کریں، ان کے نام جو خطوط آئیں وہ بھی دیکھ کر دے، ان کے سر منڈاتا رہے، پان نہ کھانے دے، لباس سادہ ہو، نماز و جماعت میں ان کی حاضری کی فکر رکھے۔ تفریح یا کسی ضرورت سے بازار وغیرہ جائیں تو ان کے ساتھ رہے۔

علامہ اقبالؒ

مقصود ہو گر تربیتِ لعلِ بدخشاں
بے سود ہے بھٹکے ہوئے خورشید کا پرتو

سیرتِ فرزند ہا ارم مہات
جوہرِ صدق و صفا از اجهات

شکایت ہے مجھے یارب خداوندانِ مکتب سے
سبق شاہیں بچوں کو دے رہے ہیں خاکبازی کا

شیخِ مکتب ہے اک عمارت گر
جس کی صنعت ہے روحِ انسانی

مدرسہ عقل کو آزاد تو کرتا ہے مگر
چھوڑ جاتا ہے خیالات کو بے ربط و نظام

از رموزِ جز و کل آگہ بود
در جہاں قائم بامر اللہ بود

مدرسے نے تری آنکھوں سے چھپایا جن کو
خلوتِ کوہ و بیاباں میں وہ اسرار ہیں فاش

ہم سمجھتے تھے کہ لائے گی فراغت تعلیم
کیا خبر تھی کہ چلا آئے گا الحاد بھی ساتھ

تجھے کتاب سے ممکن نہیں فراغ کہ تو
کتاب خواں ہے مگر صاحبِ کتاب نہیں

تہذیبِ فرنگی ہے اگر مرگِ امومت
ہے حضرتِ انسان کے لیے اس کا ثمر موت

جس علم کی تاثیر سے زن ہوتی ہے نازن
کہتے ہیں اسی علم کو اربابِ نظر موت

بیگانہ رہے دیں سے اگر مدرسۂ زن
ہے عشق و محبت کے لیے علم و ہنر موت

وہ علم کم بصری، جس میں ہم کنار نہیں
تجلیاتِ کلیم و مشاہداتِ حکیم

سبق پھر پڑھ صداقت کا، شجاعت کا، عدالت کا
لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا

مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ

  • امامت کا دامن ہمیشہ علم سے وابستہ رہے گا۔ انسان کی بحیثیت ایک نوع کے زمین کی خلافت علیٰ صرف علم ہی کی وجہ سے ہے۔ اس کو سمع، بصر اور فؤاد تین چیزیں ایسی دی گئی ہیں جو دوسری مخلوقاتِ ارضی کو یا تو نہیں دی گئیں یا اس کی نسبت کمتر دی گئی ہیں۔ اس لیے وہ اس بات کا اہل ہوا کہ دوسری مخلوقات پر خداوندِ عالم کا خلیفہ بنایا جائے۔ اب خود اس نوع میں سے جو طبقہ یا گروہ علم کی صفت میں دوسرے طبقوں اور گروہوں سے آگے بڑھ جائے گا، وہ اسی طرح ان سب کا امام بنے گا جس طرح انسان من حیث الانواع دوسری انواعِ ارضی پر اسی چیز کی وجہ سے خلیفہ بننے کا اہل ہوا ہے۔

  • سمع سے مراد دوسروں کی فراہم کردہ معلومات حاصل کرنا ہے۔ بصر سے مراد خود مشاہدہ کر کے واقفیت بہم پہنچانا ہے اور فؤاد سے مراد ان دونوں ذرائع سے حاصل کی ہوئی معلومات کو مرتب کر کے نتیجہ اخذ کرنا ہے۔ یہی تین چیزیں مل کر وہ علم بنتا ہے جس کی قابلیت انسان کو دی گئی ہے۔ جو انسان ان تینوں قوتوں سے کم کام لیتے ہیں وہ پست اور مغلوب رہتے ہیں، انہیں تابع اور مطیع بن کر رہنا پڑتا ہے، ان کا کام پیچھے چلنا ہوتا ہے۔ بخلاف ان کے جو ان تینوں سے زیادہ کام لیتے ہیں، وہ برتر و غالب ہوتے ہیں، متبوع اور مطاع بنتے ہیں۔ رہنمائی اور پیشوائی انہی کے حصے میں آتی ہے۔

  • جو گروہ خیالات کے میدان میں امام بنتا ہے اور کائناتِ فطرت کی طاقتوں کو اپنے علم سے مسخر کر کے ان سے کام لیتا ہے، اس کی امامت صرف خیالات ہی کے عالم تک محدود نہیں رہتی بلکہ زندگی کے پورے دائرے پر چھا جاتی ہے۔ زمین پر اس کا تسلط ہوتا ہے۔ رزق کی کنجیاں اس کے قبضے میں ہوتی ہیں۔ حاکمانہ اختیارات اسے حاصل ہوتے ہیں۔ اس لیے انسانی حیاتِ اجتماعی کا سارا کاروبار اس ڈھنگ اور اس نقشے پر چلنے لگتا ہے جس پر وہ گروہ اپنی ذہنیت اور اپنے زاویۂ نظر کے مطابق اسے چلانا چاہتا ہے۔ اب یہ ظاہر ہے کہ اگر وہ گروہ جس کو یہ تسلط اور اس کے معاملات پر اختیار حاصل ہے، خدا سے پھرا ہوا ہو تو اس کے حیطۂ اقتدار میں رہتے ہوئے کوئی ایسا گروہ پنپ نہیں سکتا جو خدا کی طرف پھرنا چاہتا ہو۔

  • انقلابِ امامت کے لیے انقلابِ تعلیم ناگزیر ہے۔

  • ناخدا شناس امامت میں رہ کر خدا شناسی و خدا پرستی کا مسلک زندہ نہیں رہ سکتا، لہٰذا جو کوئی اس مسلک پر اعتقاد رکھتا ہو، اس کے عین ایمان کا اقتضا یہ ہے کہ اس امامت کو مٹانے اور خدا شناس امامت کو دنیا میں قائم کرنے کے لیے تیار ہو جائے۔

  • جو نظامِ تعلیم محض پرانے سمعی علوم کی حد تک محدود رہے، اس میں ہرگز یہ طاقت نہیں کہ امامت میں اتنا بڑا انقلاب کرنے کے لیے آپ کو تیار کر سکے۔

  • جو نظامِ تعلیم تمام علوم کو اسی ترتیب اور اسی زاویۂ نظر سے لیتا ہے جو ناخدا شناس لوگوں کی ترتیب اور ان کا زاویۂ نظر ہے اور جو اس تمدنی مشین کا پرزہ بننے کے لیے انسانوں کو تیار کرتا ہے جو ائمۂ ضلال نے بنائی ہے، وہ دراصل ارتداد کا مجرب نسخہ ہے۔

  • اصلاحِ تعلیم کا یہ لائحۂ عمل کہ علومِ اسلامی کے ساتھ نئے علوم کا جوڑ لگایا جائے، یہ بھی امامت میں انقلاب کرنے کے لیے آپ کو تیار نہیں کر سکتا۔ اس لیے کہ فلسفہ، سائنس، تاریخ، سیاسیات، معاشیات اور دوسرے علوم جو اس وقت تک مدون و مرتب صورت میں آپ کو ملتے ہیں، وہ سب کے سب ناخدا شناس لوگوں کی فکر و تحقیق کا نتیجہ ہیں اور ان کی ترتیب و تدوین میں اس گروہ کا نقطۂ نظر اس طرح پیوست ہے کہ حقائقِ واقعیہ کو نظریات اور اوہام و تعصبات اور اہواء و رجحانات سے الگ چھانٹ لینا اور خدا پرستی کے نقطۂ نظر سے بطورِ خود مرتب کر کے دوسرے نظریات قائم کرنا ہر طالب علم کے بس کی بات ہے نہ ہر استاد کے بس کی۔

موجودہ نظامِ تعلیم کی خصوصیات

  • دینی و دنیوی علوم کی انفرادیت مٹا کر دونوں کو ایک جان کر دیا جائے۔

  • علوم کو دینی و دنیوی دو الگ الگ قسموں میں منقسم کرنا دراصل دین اور دنیا کی علیحدگی کے تصور پر مبنی ہے اور یہ تصور بنیادی طور پر غیر اسلامی ہے۔ اسلام جس چیز کو دین کہتا ہے وہ دنیا سے الگ کوئی چیز نہیں ہے بلکہ دنیا کو اس نقطۂ نظر سے دیکھنا کہ یہ اللہ کی سلطنت ہے اور اپنے آپ کو یہ سمجھنا کہ ہم اللہ کی رعیت ہیں اور دنیوی زندگی میں ہر طرح سے وہ رویہ اختیار کرنا جو اللہ کی رضا اور اس کی ہدایت کے مطابق ہو، اس چیز کا نام دین ہے۔ اس تصورِ دین کا اقتضا یہ ہے کہ تمام دنیوی علوم کو دینی علوم بنا دیا جائے۔

  • ابتدائی مراحل میں تو کوئی دوسرا نقطۂ نظر طالب علم کے سامنے آنے ہی نہیں دینا چاہیے، البتہ بعد کے مراحل میں تمام علوم اس کے سامنے اس طرح آنے چاہئیں کہ معلومات کی ترتیب، حقائق کی توجیہہ اور واقعات کی تعبیر تو بالکلیہ اسلامی نقطۂ نظر سے ہو، مگر اس کے مخالف تمام دوسرے نظریات بھی پوری تنفیذ و تنقیح کے ساتھ اس حیثیت سے اس کے سامنے رکھ دیے جائیں کہ یہ ضالین اور مغضوب علیہم کے نظریات ہیں۔

  • ہر طالب علم کو مجموعۂ علم بنانے اور تکمیل کے بعد ہر ایک کو "مولانا” اور ہر ایک کو جملہ مسائل میں فتویٰ کا مجاز قرار دینے کا وہ طریقہ جو اب تک رائج ہے، ختم کر دیا جائے اور اس کی جگہ اختصاصی تعلیم کا وہ طریقہ اختیار کیا جائے جو سالہا سال کے تجربات کے بعد دنیا میں مفید پایا گیا ہے۔ انسان کا علم اب اتنی ترقی کر چکا ہے اور اتنے شعبے اس میں پیدا ہو گئے ہیں کہ کسی ایک شخص کا ان سب کو پڑھنا محال ہے اور اگر تمام علوم میں محض معمولی شد بد اسے کرا دی جائے تو وہ کسی شعبۂ علم میں بھی کامل نہیں ہو سکتا۔ اس کے بجائے بہتر یہ ہے کہ پہلے آٹھ یا دس سال کا کورس ایسا رکھا جائے کہ ایک بچے کو دنیا اور انسان اور زندگی کے متعلق جتنی معلومات کم سے کم حاصل ہونی ضروری ہیں، وہ اس کو خالص اسلامی نقطۂ نظر سے دے دی جائیں۔ اس کے ذہن میں کائنات کا وہ تصور بیٹھ جائے جو مسلمان کا تصور ہونا چاہیے۔ زندگی کا وہ خاکہ جم جائے جو ایک مسلمان کی زندگی ہونی چاہیے۔ عملی زندگی کے متعلق وہ تمام معلومات اسے حاصل ہو جائیں جن کی ایک آدمی کو ضرورت ہوتی ہے اور وہ ان سب چیزوں کو ایک مسلمان کے طریقے پر برتنے کے لیے تیار ہو جائے۔ اسے اپنی مادری زبان بھی آ جائے۔ عربی زبان بھی وہ اتنی جان لے کہ آگے مزید مطالعے میں اسے مدد مل سکے اور کسی ایک یورپین زبان سے بھی واقف ہو جائے تاکہ معلومات کے اس وسیع ذخیرے سے فائدہ اٹھا سکے جو ان زبانوں میں موجود ہے۔ اس کے بعد اختصاصی تعلیم کے الگ کورس ہوں جن میں چھ یا سات سال کی محققانہ تربیت حاصل کر کے ایک طالب علم اس شعبۂ علم کا ڈاکٹر قرار دیا جائے جس کی تعلیم اس نے حاصل کی ہے۔

  • اس نئے نظام میں وہ بے مقصد تعلیم نہیں ہوگی جو آج کل ہندوستان میں دی جا رہی ہے بلکہ اس میں تعلیم دینے والے اور تعلیم پانے والے دونوں کے سامنے ایک متعین اور واضح مقصدِ زندگی اور منتہائے سعی و عمل ہوگا۔ یعنی یہ کہ ان سب کو مسلکِ خدا پرستی کی امامت دنیا میں قائم کرنے کے لیے جہادِ کبیر کرنا ہے۔ یہ مقصد اس نظام کی ہر چیز میں اس طرح کارفرما ہوگا جس طرح انسانی جسم کی ہر رگ اور ہر ریشے اور ہر حرکت میں اس کی روح کام کرتی ہے۔ طلبہ کی شخصی زندگی، ان کے باہمی اجتماعات، ان کے کھیل کود اور تفریحات اور ان کے درس و تدریس اور مطالعہ و تحقیق کے تمام مشاغل میں اسی مقصد کی کارفرمائی ہو، اسی کے مطابق ان کی سیرت و کردار کی تعمیر کی جائے۔ اسی پر ان کے اخلاق ڈھالے جائیں اور تمام ماحول ایسا بنایا جائے کہ ہر شخص کو ایک مجاہد فی سبیل اللہ میں تبدیل کر دے۔

مصنف:- افضل حسین خان

افضل حسین خان (1918ء–1990ء) ممتاز ماہرِ تعلیم، بچوں کے مصنف اور جماعتِ اسلامی ہند کے رہنما تھے۔ آپ نے تعلیم و تربیت کے میدان میں طویل خدمات انجام دیں اور 1972ء سے 1989ء تک جماعتِ اسلامی ہند کے سکریٹری جنرل رہے۔ آپ نے بچوں اور نوجوانوں کی اخلاقی و تعلیمی تربیت کے لیے متعدد کتابیں تصنیف کیں، جن میں فنِ تعلیم و تربیت، ہماری دنیا، آئینۂ تاریخ اور موتیوں کا ہار خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔

ماخذ: فن تعلیم تربیت

ایڈیشن نمبر: تیسرا ایڈیشن

ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، نئی دہلی

سنِ اشاعت: ۱۹۶۹ء

اس سلسلے کی دیگر حصوں کے لیے یہاں کلک کریں۔

Related Articles

یہ بھی چیک کریں
Close